آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
’اٹلی اور فرانس جیسا احساس مگر ہجوم کے بغیر‘: وہ یورپی مقامات جہاں آج بھی ’سستی‘ سیاحت ممکن ہے
- مصنف, لنڈسے گیلووے
- عہدہ, بی بی سی ٹریول
- مطالعے کا وقت: 9 منٹ
یورپ جانے کے خواب تو سبھی دیکھتے ہیں لیکن امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ، آبنائے ہرمز کی بندش، تیل کی بڑھتی قیمتوں اور اس کی وجہ سے اخراجات میں اضافے نے سفر مزید مہنگا کر دیا ہے۔
امریکہ سے یورپ کے لیے جولائی کی پروازیں گذشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں پہلے ہی 11 فیصد سے زیادہ کم ہو چکی ہیں، جن میں پیرس، ڈبلن اور روم جیسے موسمِ گرما کے مقبول ترین مقامات کے لیے نمایاں کمی شامل ہے۔
اس کا مطلب یہ نہیں کہ مسافر یورپ سے دستبردار ہو رہے ہیں بلکہ اس حوالے سے ان کا انتخاب مزید کڑا ہو گیا ہے کہ کسی جگہ پر پہنچنے کے لیے کتنی رقم خرچ کی جائے، کتنی مشقت کی جائے اور کتنا ہجوم برداشت کیا جائے۔
روم ٹو ریو کی 2026 کی ٹریول اینڈ موبلٹی ٹرینڈز رپورٹ کے مطابق، دنیا بھر میں چھوٹے شہروں کے لیے مسافروں کی تلاش میں 35 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
مارچ میں یورپی ٹریول کمیشن نے یہ بھی رپورٹ کیا کہ طویل فاصلے سے آنے والے مسافر معروف دارالحکومتوں کے بجائے زیادہ مقامی اور کم ہجوم والے علاقے دیکھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
انٹرو ٹریول کے بانی برائس کولنز نے کہا: ’لوگ اب بھی اٹلی یا فرانس جیسا احساس چاہتے ہیں، مگر ہجوم کے بغیر۔‘
تو کیوں نہ آپ کو کچھ ایسے مقامات سے متعارف کرایا جائے جہاں کم قیمت میں یورپ کی سیاحت کی جا سکتی ہے۔
لٹویا سے بلقان کے ساحل تک، ان مقامات پر وہ سب ملے گا جس کی کوئی بھی سیاح خواہش کرتا ہے: خوبصورتی، ثقافت اور بہترین آب و ہوا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اور یہ سب میسر ہے زیادہ قیمت اور زیادہ ہجوم کے بغیر۔
کلاسک یورپ، مگر کلاسک اخراجات کے بغیر
سیاحوں کی یہ خواہش تو ہوتی ہی ہے کہ سفر ان کی جیب پر بھاری نہ پڑے، لیکن وہ یہ بھی چاہتے ہیں کہ سفر محفوظ ہو اور با آسانی کیا جا سکے۔ خاص طور پر ایسے وقت میں جب مشرق وسطیٰ میں بحران نے سفری منصوبے درہم برہم کر رکھے ہیں۔
یورپ کے لیے سفری خدمات فراہم کرنے والی کمپنی ٹینون ٹوئرز کے بانی اور چیف ایگزیکٹو برائن لیوس کہتے ہیں: ’بڑھتے اخراجات اور سفری تھکن کی وجہ سے امریکی شہری اب ایسے سفر میں زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں جہاں آمد و رفت کم ہو اور وہ زیادہ تجربات حاصل کر سکیں۔‘
یہی وجہ ہے کہ یورپ کے کئی چھوٹے ممالک اب پہلے سے زیادہ پرکشش لگ رہے ہیں۔ ایئر بی این بی، وربو اور بکنگ ڈاٹ کام سے عوامی طور پر دستیاب ڈیٹا جمع کرنے والے ادارے پرائس لیبز کے مطابق البانیا، لٹویا اور لیتھوانیا میں قلیل مدتی رہائش کی اوسط قیمت اب بھی 100 یورو (پاکستانی روپوں میں تقریباً 33 ہزار) فی رات سے کم ہے۔ خوراک، عجائب گھروں کے ٹکٹ اور سیاحتی ٹیکس بھی عموماً مغربی یورپ کے موسم گرما کے بڑے مراکز کے مقابلے میں کم ہوتے ہیں۔
سلووینیا میں اخراجات کا تخمینہ
- چار ستارہ ہوٹل کا کمرہ: 120 تا 160 یورو (40 سے 52 ہزار پاکستانی روپے)
- دو افراد کا کھانا: 50 تا 70 یورو (16 سے 23 ہزار پاکستانی روپے)
- پبلک ٹرانسپورٹ ٹکٹ: 1.30 یورو (تقریباً 450 پاکستانی روپے)
- عجائب گھر کا ٹکٹ: 8 تا 13 یورو (تقریباً ڈھائی ہزار سے ساڑھے چار ہزار پاکستانی روپے)
- کافی اور پیسٹری: 5 تا 8 یورو (تقریباً ڈیڑھ تا ڈھائی ہزار پاکستانی روپے)
سلووینیا اس موسمِ گرما میں یورپی کشش کی بہترین مثال ہو سکتا ہے۔ اس کے چھوٹے حجم (یہ تقریباً ویلز کے برابر ہے) کا مطلب ہے کہ اس کے نمایاں مقامات محض چند گھنٹوں کی ڈرائیو پر ہیں اور مسافر شہر کی سیر سے لے کر جھیلوں میں تیرنے اور پہاڑوں کے نظارے کرنے تک سبھی کچھ کر سکتے ہیں۔ سفری ماہرین اکثر اس کے نظاروں کا موازنہ سوئٹزرلینڈ اور شمالی اٹلی سے کرتے ہیں، مگر کم لاگت اور کم ہجوم کے ساتھ۔
سمجھ دار مسافر پہلے ہی یہ راز جان چکے ہیں۔ اَن فارگیٹ ایبل ٹریول کمپنی کے مطابق سلووینیا کے لیے بکنگ میں سال بہ سال 286 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
کمپنی کی گلوبل ڈائریکٹر برائے پروڈکٹ اینڈ آپریشنز، شارلٹ ویلز نے کہا: ’زیادہ مقبول مقامات کے مقابلے پر سلووینیا میں رہائش اور سفر کے اخراجات کہیں مناسب ہیں۔ یہ آسٹریا کے مقابلے میں تقریباً 15 فیصد اور سوئٹزرلینڈ کے مقابلے میں 25 فیصد زیادہ سستا ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا: ’خاندانوں کے لیے سلووینیا کو محفوظ اور آسان رسائی والا مقام سمجھا جاتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کم وقت میں قابل برداشت اخراجات کے ساتھ یہاں کا سفر کیا جا سکتا ہے۔‘
یہاں سے پڑوسی ممالک تک رسائی بھی آسان ہے۔ روم ٹو ریو کی نائب صدر برائے مارکیٹنگ، مونیا مانڈیچ نے کہا: ’یہاں سے بس اور ٹرین کے ذریعے زگریب اور ویانا جیسے قریبی بڑے شہروں تک رسائی آسان اور سستی ہے۔‘
وہ کہتی ہیں کہ اس کا دارالحکومت اپنے دریا کنارے پرانے شہر کے ساتھ وینس جیسا محسوس ہو سکتا ہے۔
چھٹی منائیں اور لطف بھی اٹھائیں
جہاں سلووینیا میں پہاڑوں کے نظارے ملیں گے وہیں لٹویا میں ثقافت، کردار اور ٹھنڈا موسم آپ کا انتظار کر رہا ہے۔ یہاں آپ کو شمالی یورپ (ڈنمارک، فن لینڈ، آئس لینڈ، ناروے، سویڈن) جیسا ماحول ملے گا، لیکن وہاں جتنے خرچے نہیں ہوں گے۔
لٹویا میں اخراجات کا تخمینہ
- چار ستارہ ہوٹل کا کمرہ: 70 تا 100 یورو (تقریباً 23 سے 33 ہزار پاکستانی روپے)
- دو افراد کا کھانا: 50 تا 70 یورو (تقریباً 16 سے 23 ہزار پاکستانی روپے)
- پبلک ٹرانسپورٹ ٹکٹ: 1.50 یورو (تقریباً 500 پاکستانی روپے)
- عجائب گھر کا ٹکٹ: 6 تا 10 یورو (تقریباً 2 سے 3 ہزار پاکستانی روپے)
- کافی اور پیسٹری: 4 تا 6 یورو (تقریباً 1300 سے دو ہزار پاکستانی روپے)
پرائس لیبز کے مطابق لٹویا میں اگست کی اوسط فی رات قیمت 93 یورو (تقریباً 30 ہزار پاکستانی روپے) ہے، جبکہ ڈنمارک میں یہ 186 یورو (تقریباً 61 ہزار پاکستانی روپے) ہے۔
ایکس پاتستان ڈاٹ کام کے اعداد و شمار کے مطابق لٹویا کا دارالحکومت ریگا برلن کے مقابلے میں 34 فیصد، اوسلو کے مقابلے میں 50 فیصد اور ڈبلن کے مقابلے میں 46 فیصد سستا ہے۔
مگر بات صرف کم قیمتوں کی نہیں، سیاح اکثر ریگا کی خوبصورتی کے بھی معترف ہوتے ہیں۔ گرمیوں میں ریگا کا دورہ کرنے کے بعد ٹرپ پلاننگ پلیٹ فارم پنک نوٹ بک کی بانی، گوڈیلے مانگیلارس نے کہا: ’پرانے شہر میں پیدل چلنا کسی پریوں کی کہانی میں قدم رکھنے جیسا لگتا ہے، مگر اس ہجوم کے بغیر جو پراگ یا بروجز میں ملتا ہے۔‘
وہ یہاں ملنے والی خوراک سے بھی اتنی ہی متاثر ہوئیں۔ ’قیمت اور معیار کا تناسب مغربی یورپ کے مقابلے میں لا جواب ہے، مگر ریستورانوں کا معیار کوپن ہیگن یا سٹاک ہوم کے برابر ہے۔‘
موسمِ گرما میں اس ملک کا سب سے منفرد ثقافتی تہوار ’جانی‘ بھی منایا جاتا ہے۔ اس میں صدیوں پرانی رسومات ادا کی جاتی ہیں اور لٹویا کے تقریباً ہر گھر میں الاؤ روشن کر کے گانے گائے جاتے ہیں اور علاقے کے مخصوص کھانے کھائے جاتے ہیں۔
کم ہجوم والے ساحل
ساحل کے شوقین مسافر بلقان جا کر یوں محسوس کر سکتے ہیں جیسے کہ وہ یورپ میں ہیں۔ جہاں بحیرۂ روم کے ساحل پُر ہجوم ہو چکے ہیں، وہیں بلقان کے ساحلوں پر بھیڑ نسبتاً کم ہے۔
مونٹی نیگرو میں اخراجات کا تخمینہ
- چار ستارہ ہوٹل کا کمرہ: 100 تا 140 یورو (تقریباً 33 سے 46 ہزار پاکستانی روپے)
- ریستوران میں دو افراد کا کھانا: 40 تا 60 یورو (تقریباً 13 سے 20 ہزار پاکستانی روپے)
- پبلک ٹرانسپورٹ کا ٹکٹ: 2.5 یورو (تقریباً 850 پاکستانی روپے)
- عجائب گھر کا ٹکٹ: 5 تا 10 یورو (تقریباً 1700 سے 3400 پاکستانی روپے)
- کافی اور پیسٹری: 3 تا 5 یورو (تقریباً ایک ہزار سے سے 1700 پاکستانی روپے)
کولنز نے کہا: ’پورے بلقان میں، البانیا اور مونٹی نیگرو جیسی جگہوں پر کم اخراجات میں وہی ساحل، وہی ثقافت اور وہی تجربات ملیں گے جو یورپی سفروں میں مطلوب ہوتے ہیں۔‘
دونوں ممالک کی سرحد مشترک ہے مگر ہر ایک کی اپنی الگ فضا ہے۔ مونٹی نیگرو میں انفراسٹرکچر زیادہ بہتر ہے، جو اُن مسافروں کے لیے موزوں ہو سکتا ہے جو خوبصورت مناظر کے ساتھ ساتھ سہولت بھی چاہتے ہیں۔
گوڈیلے مانگیلارس نے کہا ’مونٹی نیگرو کے کوٹور کے علاقے میں پانی اتنا صاف ہے کہ میں نے زندگی میں اس سے صاف پانی نہیں دیکھا، اس قدر شفاف پانی کے مقابلے میں تو یونانی جزائر کا پانی بھی دھندلا لگتا ہے۔‘
البانیا قدرے کھردرا ہے، مگر مشرقی یورپ کے ہمسایوں کے مقابلے میں کہیں سستا۔ تھری ویک ٹریولر کے مالک ڈیوڈ میسن کے مطابق 'کرویشیا اور مونٹی نیگرو کے برعکس، البانیا کے ساحل ریتلے ہیں۔' انھوں نے رومن کھنڈرات کی نشاندہی بھی کی اور جھیل شکودر کے گرد ہائیکنگ کے لیے بنے راستوں کی بھی۔
’یہاں آپ گھڑ سواری سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں، جو آپ کو ملک کی حقیقی جنگلی فطرت کا احساس دلائے گی۔‘
البانیا میں ایک رات 89 یورو (تقریباً 30 ہزار پاکستانی روپے) میں گزاری جا سکتی ہے۔ اس کے مقابلے پر کروشیا (212 یورو یا 70 ہزار پاکستانی روپے فی رات) کہیں مہنگا ہے۔
البانیا میں اخراجات کا تخمینہ
- چار ستارہ ہوٹل کا کمرہ: 60 تا 110 یورو (تقریباً 20 سے 37 ہزار پاکستانی روپے)
- ریستوران میں دو افراد کا کھانا: 25 تا 40 یورو (تقریباً 8500 سے 13500 پاکستانی روپے)
- پبلک ٹرانسپورٹ ٹکٹ: 1 یورو (تقریباً 340 پاکستانی روپے)
- عجائب گھر کا ٹکٹ: 5 تا 10 یورو (تقریباً 1700 سے 3400 پاکستانی روپے)
- کافی اور پیسٹری: 1.5 تا 3 یورو (تقریباً 500 سے ایک ہزار پاکستانی روپے)
وہ مسافر جو بحیرۂ روم کی گرمیوں سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں، ساحل پر تیراکی کرنا چاہتے ہیں، سمندری غذا کھانا چاہتے ہیں، پرانے شہر دیکھنا چاہتے ہیں، شام کو کھلی فضا میں گھومنا چاہتے ہیں، لیکن ہجوم اور قیمت سے گھبراتے ہیں، تو وہ البانیا اور مونٹی نیگرو کا انتخاب کریں۔