’خلا میں جانے والی پہلی پاکستانی میں ہوں‘، نمیرا سلیم کی یاد دہانی: لیکن ذیشان علی کا خلائی سفر ان سے کتنا مختلف ہے؟

وقت اشاعت
مطالعے کا وقت: 6 منٹ

پاکستانی خلا باز ذیشان علی کا خلائی سفر آج کل بہت سی وجوہات کی بنا پر خبروں میں ہے۔ ایک تو 25 نومبر، 2026 کو پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی نے چینی شین ژو-24 مشن کے ساتھ خلا کی جانب روانہ ہونے کے بعد اپنا نام خلا کا سفر کرنے والے پہلے پاکستانی کے طور پر رقم کروایا ہے۔

جس کے بعد پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن پر موجود پہلے پاکستانی خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی سے براہ راست گفتگو کرتے ہوئے ان کے تاریخی مشن کو پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔

دوسری طرف انڈیا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل این ایس راجا سبرامنی کو یہ تشویش ہونے لگی کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی خلائی صلاحیتوں کی وجہ سے پاکستان کی انٹیلیجنس، نگرانی اور جاسوسی کی صلاحیتوں میں بھی بہتری آ سکتی ہے۔

اس ساری صورتحال میں ایک ایسی شخصیت سامنے آئیں جن کا دعویٰ ہے کہ تعریف و تحسین تو ٹھیک ہے لیکن ذیشان علی کا اعزاز نیا اور منفرد نہیں ہے۔

پاکستانی مہم جو اور خلا باز نمیرا سلیم نے چین کے خلائی مشن کے ذریعے زمین کے مدار میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی خلا باز محمد زیشان علی کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنے خلائی سفر کی یاد دہانی کرواتے ہوئے بتایا کہ خلا میں جانے والی پہلی پاکستانی خلاباز در اصل وہ ہیں۔

نمیرا سلیم نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں دونوں کے خلائی سفر کا تقابل کرتے ہوئے لکھا کہ محمد ذیشان علی زمین کے مدار میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی ہیں، جبکہ خلا کا سفر کرنے والی پہلی پاکستانی وہ خود ہیں۔

انھوں نے اپنی پوسٹ میں خود کو ’پاکستان کی پہلی خلا باز‘ اور ’اصل پیش رو‘ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ تاریخ کا احترام کیا جانا چاہیے۔

نمیرا سلیم نے 6 اکتوبر 2023 کو امریکی کمپنی ورجن گیلیکٹک کے تجارتی خلائی مشن گیلیکٹک 04 کے ذریعے ذیلی مدار کی پرواز کی تھی۔ ورجن گیلیکٹک نے بھی مشن کے بعد جاری کردہ اعلامیے میں انھیں پاکستان سے خلائی سفر کرنے والی پہلی شخصیت قرار دیا تھا۔

نمیرا سلیم اور محمد زیشان علی کے خلائی سفر میں فرق کیا ہے؟

نمیرا سلیم اور محمد زیشان علی دونوں نے پاکستان کی خلائی تاریخ میں اہم سنگ میل قائم کیے، تاہم ان کے خلائی سفر کی نوعیت مختلف تھی۔

نمیرا سلیم کا سفر ایک تجارتی ذیلی مدار کی پرواز تھی۔ اس مشن میں ان کا خلائی جہاز زمین سے تقریباً 87.4 کلومیٹر کی بلندی تک پہنچا، جہاں انھوں نے چند منٹ بے وزنی کا تجربہ کیا اور پھر زمین پر واپس آگئیں۔ ان کا خلائی جہاز زمین کے مدار میں داخل نہیں ہوا تھا اور نہ ہی اس مشن میں کسی خلائی سٹیشن کا دورہ شامل تھا۔

یہاں یہ وضاحت بھی اہم ہے کہ خلا کی حد متعین کرنے کے لیے مختلف بین الاقوامی معیار استعمال ہوتے ہیں۔ امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن خلائی پرواز کی شناخت کے لیے 50 میل، یعنی تقریباً 80 کلومیٹر کی بلندی کو تسلیم کرتی ہے، جبکہ فیڈریشن ایروناٹیک انٹرنیشنل کی معروف کارمان لائن 100 کلومیٹر پر واقع ہے۔

اس لحاظ سے نمیرا سلیم کی پرواز امریکی معیار کے مطابق خلائی پرواز تھی، تاہم وہ 100 کلومیٹر کی کارمان لائن تک نہیں پہنچیں۔ اسی لیے ان کے سفر کو ذیلی مدار یی پرواز کہا جاتا ہے۔

اس کے برعکس محمد زیشان علی نے 25 نومبر 2026 کو چین کے شینژو-24 مشن کے ذریعے زمین کے مدار میں سفر کیا اور چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن پہنچے۔

چین کی مینڈ سپیس ایجنسی کے مطابق زیشان علی پے لوڈ سپیشلسٹ کی حیثیت سے مشن میں شامل تھے اور انھوں نے خلائی سٹیشن پر پاکستان اور چین کے مشترکہ سائنسی تجربات میں حصہ لیا۔ وہ تیانگونگ خلائی سٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بھی بنے۔

یوں نمیرا سلیم کا اعزاز خلا میں جانے والی پہلی پاکستانی کا ہے، جبکہ محمد زیشان علی زمین کے مدار میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی اور کسی خلائی سٹیشن پر جانے والے پہلے پاکستانی ہیں۔

نمیرا سلیم کون ہیں؟

نمیرا سلیم پاکستانی مہم جو اور خلائی سفر کی علمبردار ہیں۔ وہ خلائی سفارت کاری کے لیے کام کرنے والے ادارے سپیس ٹرسٹ کی بانی اور ایگزیکٹو چیئرپرسن بھی ہیں۔

خلائی سفر کے علاوہ انھوں نے 2007 میں قطب شمالی اور 2008 میں قطب جنوبی تک پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔ وہ دونوں قطبین تک پہنچنے والی پہلی پاکستانی ہیں۔ سنہ 2008 میں انھوں نے ماؤنٹ ایورسٹ کے اوپر تقریباً 29 ہزار 500 فٹ کی بلندی سے سکائی ڈائیونگ بھی کی تھی۔

ان کی خدمات کے اعتراف میں انھیں سنہ 2011 میں تمغۂ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔

اس معاملے پر سوشل میڈیا پر لوگ کیا کہہ رہے ہیں؟

نمیرا سلیم کی انسٹاگرام پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف آرا سامنے آئی ہیں۔ بعض صارفین نے ان کے خلائی سفر کو سراہا، جبکہ کچھ نے ان کے سفر اور محمد ذیشان علی کے مشن کی نوعیت میں فرق واضح کیا۔

انسٹاگرام صارف سعد قیصر نے نمیرا سلیم کی کامیابی کو سراہتے ہوئے لکھا کہ ’خوشی کی بات اپنی جگہ، لیکن محض تفریح کے لیے کی جانے والی خلائی پرواز اور سائنس، مائیکرو بائیولوجی اور ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کے مقصد سے کیے جانے والے باقاعدہ خلائی مشن میں فرق ہے۔‘

انھوں نے ذیشان علی کو پاکستان کا پہلا خلا باز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’وہ فائٹر پائلٹ ہیں، دوہری شہریت نہیں رکھتے اور پاکستان میں رہتے ہیں۔ ان کے بقول دونوں کے خلائی سفر کا موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔‘

علی احمد نامی ایک اور انسٹاگرام صارف نے سعد قیصر کی رائے سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ’ذیلی مدار کی پرواز اور زمین کے مدار میں ہونے والے سائنسی خلائی مشن میں واضح فرق ہے۔‘

تاہم انھوں نے کہا کہ ’نمیرا سلیم کا 2023 میں پاکستانی شہری کی حیثیت سے خلا کی حد عبور کرنا بھی ایک تاریخی کامیابی ہے، جسے درست طور پر یاد رکھا جانا چاہیے۔‘

حرا خالد نامی ایک انسٹاگرام صارف نے نمیرا سلیم کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہمیں آپ دونوں پر فخر ہے۔‘

دوسری جانب ایکس پر وقاص نامی صارف نے بھی دونوں خلائی سفروں کا تقابل کرتے ہوئے لکھا کہ ’نمیرا سلیم ایک ذیلی مدار کی پرواز کے ذریعے 87.4 کلومیٹر کی بلندی تک پہنچی تھیں، جبکہ ذیشان علی نے زمین کے مدار میں داخل ہو کر 400 کلومیٹر سے زیادہ بلندی پر واقع خلائی سٹیشن کا سفر کیا۔‘

ان کے بقول دونوں کی پروازوں کی نوعیت مختلف ہے اور ان کا موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔