’جھیلوں کے کنارے جنت‘: ریاست نگر جہاں وراثتی حکمرانی کی 1200 سالہ روایت آج بھی زندہ ہے

    • مصنف, وقار مصطفیٰ
    • عہدہ, صحافی، محقق
  • وقت اشاعت
  • مطالعے کا وقت: 9 منٹ

گلگت سے 65 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع حسین پہاڑی ضلع نگر، قدیم شاہراہِ ریشم کا اہم پڑاؤ اور بدھ مت کی تہذیب کا مرکز رہا ہے۔

برف پوش چوٹیوں، گلیشیئرز، سرسبز وادیوں اور یاقوت، پکھراج اور زمرد سمیت مختلف جواہرات کی اس سرزمین پر مبصرین کے مطابق 25 مختلف اقسام کی خوبانی، اخروٹ اور روایتی کھانوں اور گلیشیئرز کے قرب میں ستاروں بھرے آسمان تلے رات گزارنے کا اپنا ہی لطف ہے۔

سنہ 1947میں ہندوستان میں برطانوی اقتدار کا خاتمہ ہوا تو نگر چین اور گلگت کے درمیان چھوٹی سی قدیم ہمالیائی ریاست تھی جہاں دنیا کا تیسرا سب سے بڑا گلیشیئر ’ھیسپر بیافو‘ بھی ہے اور مشہور درہ ھیسپر نگر تا شگر بلتستان بھی۔

’دی لور آف گلگت بلتستان‘ اور ’دی ایکوز آف گلگت بلتستان‘ کے مصنف اور مؤرخ محمد صالح کے مطابق 14ویں صدی عیسوی سے قائم خودمختار ریاست نگر کی مشرقی سرحد ریاست ہنزہ، مغرب میں حراموش و بگروٹ، شمال مشرق میں شگر و ارندو اور جنوب میں گوئچ، جگلوٹ اور گورو تک پھیلی ہوئی تھی۔

بی بی سی اُردو سے بات کرتے ہوئے محمد صالح نے بتایا کہ مقامی روایات ہیں کہ اس ریاست کا باقاعدہ آغاز کیپل ڈونگس سے ہوا، جبکہ بعدازاں جُوٹ صحا، اویم صحا، بیا تنگ اور مولو بیرنگ جیسے مراکز ریاستی دارالحکومت رہے جن کے آثار آج بھی موجود ہیں۔

اُن کے مطابق حکمران خاندان کا آغاز صحا خاندان سے ہوا، جو بعد میں ترخان اور کیان شاہی روایات سے منسلک قرار دیا گیا۔

نگر کے شاہی خاندان کے مطابق اُن کا نسب ’صحا بلی صحا‘ سے ملتا ہے جبکہ بعض روایات اسے ایران کے کیان شاہی خاندان سے جوڑتی ہیں۔ مولوی حشمت اللہ کی ’مختصر تاریخ جموں‘ میں شاہی خاندان کے متعدد اسلاف کا ذکر موجود ہے۔

محمد صالح کے مطابق ریاستوں کے درمیان رشتہ داریاں بھی تھیں اور اقتدار کے لیے جنگیں بھی ہوتی رہیں، خصوصاً ہنزہ اور نگر کے درمیان۔

انسائیکلوپیڈیا برٹانیکا سے علم ہوتا ہے کہ دونوں ریاستوں کے درمیان ایک دریا حائل تھا، جو 300 فٹ بلند چٹانوں کے درمیان 600 فٹ چوڑے پاٹ میں بہتا تھا۔

برٹانیکا کے 11ویں ایڈیشن کے مطابق ماضی میں ہنزہ کو زیادہ اہمیت حاصل تھی کیونکہ اِس کے زیرِ اثر پامیر جانے والے درّے تھے، جہاں سے ترکستان اور ہندوستان کے درمیان سفر کرنے والے تجارتی قافلوں کو لوٹا جا سکتا تھا۔ تاہم، دونوں ریاستیں پہاڑوں میں گھرے ایک دور افتادہ علاقے تک محدود تھیں۔

’سنہ 1889 میں افغانستان کی سرحدوں تک روسی پیش قدمی اور ایشیا میں اس کی فوجی طاقت میں اضافے کے باعث برطانیہ کو اپنی دفاعی سرحدیں مضبوط کرنے کی ضرورت محسوس ہوئی۔ اِسی پس منظر میں گلگت ایجنسی قائم کی گئی، چترال پر قبضہ کیا گیا اور سنہ 1891 میں ہنزہ مہم کے ذریعے ہنزہ اور نگر پر برطانوی اقتدار قائم کیا گیا۔‘

’نگر کے حکمران نے اطاعت قبول کی تو اسے دوبارہ منصب پر بحال کر دیا گیا، جبکہ ہنزہ کے راجا کے بجائے اس کے سوتیلے بھائی کو حکمران مقرر کر دیا گیا۔‘

’ان علاقوں میں دردی نسل کے یشکن قبیلے کے لوگ آباد تھے، جو بروشسکی زبان بولتے تھے۔‘

اس کے بعد یہ سنہ 1947 تک گلگت میں تعینات برطانوی پولیٹیکل ایجنٹ کے ماتحت ایک نوابی ریاست کے طور پر قائم رہی۔

ہرمن کریوٹزمین کی سنہ 2024 میں شائع ہونے والی تحقیق ’پیسج ٹو کاشغر: پیپل، روڈز اینڈ کموڈیٹیز‘ کے مطابق سنہ 1941 میں ہونے والے ایک انتظامی فیصلے میں دونوں ریاستوں، ہنزہ اور نگر، کی حیثیت یوں واضح کی گئی تھی: ’اگرچہ ہنزہ اور نگر ریاستِ کشمیر کی بالادستی تسلیم کرتے ہیں، لیکن یہ کشمیر کا حصہ نہیں بلکہ الگ ریاستیں ہیں۔‘

چاڈ ہینز اپنی کتاب ’نیشن، ٹیریٹری اینڈ گلوبلائزیشن اِن پاکستان: ٹریورسنگ دی مارجنز‘ میں لکھتے ہیں کہ نگر نے ریاست جموں و کشمیر کے مہاراجا کی بالادستی بھی تسلیم کر رکھی تھی، تاہم یہ کبھی براہِ راست کشمیر کے زیرِ انتظام نہیں رہی۔ اِس کے حکمران سنہ 1947تک کشمیر دربار کو سالانہ خراج ادا کرتے رہے۔

احمد حسن دانی اپنی کتاب ’ہسٹری آف ناردرن ایریاز آف پاکستان‘ میں واضح کرتے ہیں کہ سنہ 1891 کے بعد نگر مہاراجا کی بالادستی کے باوجود کشمیر کا حصہ نہیں بلکہ ایک الگ ریاست تھی۔

دانی لکھتے ہیں کہ سرکاری ریکارڈ کے مطابق ’خراج کی ادائیگی کسی علاقے کی ملکیت کا ثبوت نہیں ہوتی بلکہ اس کے برعکس حیثیت رکھتی ہے۔‘

مختلف علاقوں کی طرف سے ادا کیا جانے والا سالانہ خراج درج ذیل تھا:

ہنزہ: 16 تولے اور 5 ماشے سونا

نگر: 17 تولے اور 1 ماشہ سونا

داریل: 4 تولے اور 2 ماشے سونا

گور: پونے تولہ سونا اور 14 بکریاں

تھور: 12 بکریاں

جبکہ داریل کے خراج کی مالیت 8,712 روپے درج کی گئی ہے۔

محمد صالح کے مطابق ریاست نگر سنہ 1868 کے بعد سے سالانہ بطور مالیہ دو ٹوکرے دومن خشک خوبانی اور 21 تولے سونا بھیجا جاتا تھا۔

1947 کے بعد نگر کی حیثیت

محمد صالح کے مطابق سنہ 1891 کی اینگلو بروشو جنگ کے بعد ریاست نگر برطانوی اثرورسوخ میں آ گئی تاہم داخلی خودمختاری بڑی حد تک برقرار رہی۔ میر نگر کو مقامی امور پر اختیار حاصل رہا جبکہ خارجہ اور دفاعی معاملات میں برطانیہ کا اثر بڑھ گیا۔

ہندوستان پر برطانوی حکمرانی کے خاتمے پر ریاست نگر 600 کے قریب اُن ریاستوں میں سے ایک تھی جو کُل رقبے کا تہائی اور آبادی کا چوتھائی حصہ تھیں، اور جو تب انڈیا اور پاکستان کے جنم لینے کے ساتھ خود مختار ہو گئی تھیں۔

اب ان ریاستوں کے پاس یہ اختیار تھا کہ وہ ’انسٹرومنٹ آف ایکسیشن‘ (الحاق کی دستاویز) پر دستخط کر کے انڈیا یا پاکستان میں شامل ہو جائیں یا آزاد رہیں۔

جدید جنوبی ایشیا کے مؤرخ ڈاکٹر یعقوب خان بنگش اپنے ایک مضمون میں لکھتے ہیں کہ ’کانگریس چاہتی تھی کہ کوئی ریاست آزاد نہ رہے، کیونکہ اس کے نزدیک یہ ہندوستان کی تقسیم در تقسیم کا باعث بنتا۔ کانگریس کی الحاق کی پیشکش کو کئی چھوٹی ریاستوں نے قبول کر لیا، بڑی ریاستوں کو دباؤ اور فوجی کارروائی کے ذریعے آمادہ کیا گیا۔‘

’مسلم لیگ، محمد علی جناح کی قیادت میں، ریاستوں کی آزاد قانونی حیثیت تسلیم کرتی تھی۔ لیکن پاکستان پر بھی جلد ہی واضح ہو گیا کہ ریاستوں کی شمولیت ناگزیر ہے۔‘

باقی ریاستوں کے الحاق کی اہمیت اپنی جگہ لیکن، بنگش کے مطابق، اگر ہنزہ ایسی سرحدی ریاستیں اور گلگت الگ رہتے تو چین سے زمینی تعلق ممکن نہ رہتا۔

محمد صالح کے مطابق برطانوی راج اور مہاراجا کشمیر کے اختیارات کے خاتمے کے بعد نگر نے مختصر عرصہ دیگر ریاستوں کے ساتھ مل کر مقامی انتظامی نظم کا حصہ بن کر کام کیا۔ اس دوران میں خطے میں سیاسی صورت حال تیزی سے تبدیل ہو رہی تھی۔

پاکستان سے الحاق کا فیصلہ

الحاق پاکستان کا فیصلہ میر نگر، شاہی خاندان، عمائدین اور مقامی عمائدین کی مشاورت سے کیا گیا۔ فیصلے کی بنیاد مذہبی وابستگی، جغرافیائی حقائق اور عوامی رجحان تھا۔

محمد صالح بتاتے ہیں کہ گلگت میں ڈوگرا اقتدار کے خاتمے اور گلگت سکاؤٹس کی کارروائیوں نے نگر سمیت پورے خطے میں پاکستان کے ساتھ الحاق کی راہ ہموار کی اور ایک مستقل سیاسی بندوبست کی ضرورت کو اجاگر کیا۔

’ہنزہ اور نگر دونوں نے پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ تقریباً ایک ہی دور میں کیا، تاہم الحاق کے طریقہ کار اور اظہار میں فرق تھا۔ نگر نے باقاعدہ دستاویزی انداز اختیار کیا جبکہ ہنزہ کے میر نے تار کے ذریعے بھی اپنا مؤقف پیش کیا۔‘

محمد صالح کا کہنا ہے کہ تاریخی روایات کے مطابق ریاست نگر نے 19 نومبر 1947 کو باقاعدہ دستاویزی کارروائی کے ذریعے پاکستان سے الحاق کیا۔

’اس مقصد کے لیے میر نگر، غازی ملت میر شوکت علی خان اپنے وزیرِ اعظم سرور خان اور دیگر عمائدینِ ریاست کے ہمراہ کراچی پہنچے، جہاں انھوں نے محمد علی جناح سے ملاقات کر کے الحاق کے دستاویزات پر اتفاق کیا۔‘

’یہ وہ وقت تھا جب دوسری جانب جنگِ آزادی اپنے عروج پر تھی۔ نگر کے نامور مجاہدین رمضان علی ہیسپریجو اور تیمورہ ہیسپر نگر پلاٹون کے جوانوں کے ساتھ سکردو کے محاذ تھورگو پڑی میں انڈین فوج کے کرنل تھاپا سنگھ کی قیادت میں موجود 800 سے زائد گورکھا اور سکھ فوجیوں کے خلاف سخت معرکہ آرائی میں مصروف تھے۔‘

’اسی دوران مختلف محاذوں پر آئبیکس کالم، سکیمو کالم اور دیگر مقامی سکاؤٹس بھی آزادی کی جنگ لڑ رہے تھے۔‘

’جنگ کے دوران پہلی مرتبہ انڈین فضائیہ کی جانب سے جنگی طیاروں کے ذریعے بمباری کی گئی۔ تراگبل اور برزل کے پہاڑی راستوں سے پرواز کرتے ہوئے طیاروں نے پلوں اور شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا۔ گلگت بلتستان کی چھوٹی ریاستوں کے پاس فضائی جنگ کا مقابلہ کرنے کے لیے وسائل موجود نہیں تھے۔‘

’چنانچہ میر شوکت علی خان نے دور اندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ الحاق کو خطے کے استحکام اور سلامتی کے لیے بہترین راستہ سمجھا۔ روایت کے مطابق انھوں نے کراچی میں محمد علی جناح کی خدمت میں نقدی بطور علامتی عطیہ اور خالص سونا بھی پیش کیا، جس کے بعد الحاق کا عمل باضابطہ طور پر مکمل ہوا۔‘

محمد صالح بتاتے ہیں کہ ’جنگِ آزادی کے ہیرو رمضان ہیسپر اور ہوپر سے تعلق رکھنے والے سکاؤٹس بینڈ ماسٹر محمد کے مطابق، راجہ کیپٹن غازی بابر خان نے نگری بینڈ سے ایک مزاحیہ نغمہ ’زخمی دل‘ تیار کروایا جس میں گورنر گھنسارا سنگھ اور اُس کی فوج کی خوفزدہ کیفیت کو طنزیہ اور مزاحیہ انداز میں پیش کیا گیا۔‘

’جس دن ریاست نگر کا الحاقِ پاکستان مکمل ہوا، اسی دن بروشسکی زبان میں ایک پُرجوش اور محبت بھرا ملی نغمہ ’روشن روشن پاکستان‘ بھی تیار کیا گیا۔ یہ نغمہ پرچم کشائی کی تقریب میں انتہائی عقیدت اور جذبۂ حب الوطنی کے ساتھ پیش کیا گیا، جس نے شرکا کے دلوں میں پاکستان سے وابستگی اور آزادی کی خوشیوں کو مزید تازگی بخشی۔‘

’نگر کے عوام کی اکثریت پاکستان سے الحاق کی حامی تھی اور انھوں نے ڈوگرا اقتدار کے خلاف جدوجہد میں عملی حصہ بھی لیا۔‘

الحاق کے بعد خودمختاری

پاکستان سے الحاق کے بعد ریاست کے بیرونی معاملات اور دفاع کی ذمہ داری پاکستان نے سنبھال لی، جبکہ نگر کو داخلی خودمختاری حاصل رہی۔

محمد صالح کے مطابق الحاق کے بعد بھی نگر کا داخلی ریاستی ڈھانچا اور میر کے اختیارات کئی دہائیوں تک برقرار رہے۔ پاکستان نے مقامی ریاستی نظام کو فوری طور پر ختم نہیں کیا۔

میر شوکت علی نے 30 برس تک ریاستِ نگر پر حکمرانی کی۔

انھیں ہلالِ پاکستان اور ہلالِ قائداعظم سے نوازا گیا تھا، جبکہ برطانوی حکومت نے انھیں کے بی ای (نائٹ آف دی برٹش ایمپائر) اور سی بی ای (کمپینین آف دی برٹش ایمپائر) کے اعزازات دیے تھے۔ تاہم بانی پاکستان کے مشورے پر انھوں نے کے بی ای کا خطاب واپس کر دیا تھا۔

بعدازاں میر شوکت علی دو مرتبہ شمالی علاقہ جات کی قانون ساز کونسل کے رکن منتخب ہوئے۔

1974 میں راجگی نظام کا خاتمہ اور موجودہ علامتی حکمران

محمد صالح کے مطابق ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت نے سنہ 1974 میں ریاستی نظام ختم کیا، جس کے پس منظر میں مقامی سیاسی تحریکیں، سماجی تبدیلیاں اور گلگت بلتستان میں اصلاحات کا مطالبہ شامل تھا۔

اس کے نتیجے میں میر کے اختیارات ختم اور جدید انتظامی نظام نافذ ہوا۔ نگر پاکستان کے شمالی علاقہ جات اور بعد میں گلگت بلتستان کا حصہ بن گیا۔

تاہم، وراثتی حکمرانی کی 1200 سالہ روایت علامتی طور پر آج بھی زندہ ہے۔

نگر کے آخری باقاعدہ حکمران میر شوکت علی کی وفات سنہ 2003 میں ہوئی، جس کے بعد پاکستان کی فارن سروس سے تعلق رکھنے والے اُن کے بیٹے میر برکت علی علامتی حکمران بنے۔

میر برکت علی کی ایک کار حادثے میں وفات کے 40 روز بعد موجودہ حکمران قاسم علی خان کی تاج پوشی ہوئی۔

اخبار ’دی ایکسپریس ٹربیون‘ کے لیے شبیر میر نے سنہ 2011 میں ہوئی اِس تقریب کا احوال یوں لکھا ہے: ’گلگت بلتستان کے ضلع نگر میں نئے بادشاہ کی تاج پوشی محض رسمی کارروائی تھی، لیکن مقامی لوگوں نے 1200 سال پرانی اس روایت کو آج بھی غیر معمولی اہمیت دی۔‘

’رعایا ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتی ہوئی شریک ہوئی اور نئے میر کی تاج پوشی کا جشن منایا۔‘

شبیر میر کے مطابق ’یہ تقریب شاہی محل میں منعقد ہوئی، جہاں ماضی میں کئی حکمران شان و شوکت کے ساتھ حکومت کرتے رہے تھے۔ روایت کے مطابق ایک بچے نے نئے میر کے سر پر تاج رکھا، جبکہ دوسرے شخص نے انھیں ’چُغہ‘ (شاہی چوغہ) پہنایا۔ اس کے بعد میر نے حاضرین سے اپنا پہلا خطاب کیا۔ تقریب میں شاہی خاندان کے علاوہ نگر کے عمائدین اور سرکاری شخصیات بھی شریک تھیں۔ دیکھتے ہی دیکھتے یہ تقریب جشن میں بدل گئی۔‘

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں