آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

لائیو , جے یو آئی کا نمازِ جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہروں کا اعلان، پشاور میں موٹروے ٹول پلازا بلاک کرنے کے الزام میں 14 افراد گرفتار

جمعیت علمائے اسلام نے جمعے کی نماز کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا کی مشیرِ اطلاعات ثمر بلور کا کہنا ہے کہ انھیں پولیس نے بتایا ہے کہ پشاور میں 14 افراد کو موٹروے ٹول پلازا کو بند کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

خلاصہ

لائیو کوریج

  1. مکہ دفاعی اتحاد کا اجلاس: اسلام آباد میں غیر ملکی وفود کی آمدورفت، ٹریفک پلان جاری

    پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں مکہ دفاعی اتحاد کے رکن ممالک پاکستان، ترکی اور سعودی عرب کے حکام کے اجلاس میں شرکت کے لیے غیر ملکی وفود کی آمد کے موقع پر اسلام آباد پولیس کی جانب سے ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا ہے۔

    پولیس ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق غیر ملکی وفود کی آمدورفت کے سلسلے میں ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے پر مختلف مقامات پر مختلف اوقات میں ڈائیورشنز لگائی جائیں گی۔

    پولیس کی جانب سے سری نگر ہائی وے استعمال کرنے والے افراد کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سہروردی روڈ، سروس روڈ جی ایٹ، سروس روڈ جی نائن، زیرو پوائنٹ استعمال کرے جبکہ فیض آباد جانے والی ٹریفک فیصل ایونیو اور نائنتھ ایونیو والی ٹریفک سروس روڈ ایسٹ استعمال کرے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ کورال سے اسلام آباد آنے والے شہری پرانا ایئرپورٹ روڈ، راول روڈ، راولپنڈی مری روڈ اور آئی جے پی سے فقیر ایپی روڈ استعمال کریں۔

    شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ کورال ایکسپریس ہائی وے، مری روڈ، کلب روڈ بند ہونے کی صورت میں لہتراڑ روڈ اور پارک روڈ استعمال کریں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ نیو ائیر پورٹ اور پشاور روڈ جانے کے لیے شہری جناح ایونیو اور مارگلہ روڈ استعمال کریں جبکہ بہارہ کہو سے اسلام آباد آنے والے شہری بنی گالا ،پارک روڈ استعمال کریں۔

    ترجمان کا کہنا ہے ڈائیورشنز کے دوران شاہراوں پر ٹریفک سست روی کا شکار ہوگی اس لیے شہری مشکلات سے بچنے کے لیے 20 سے 25 منٹ کا دورانیہ رکھ کر سفر کریں۔

  2. پیٹرول ریلیف پیکج: جماعت اسلامی کا 1000 سی سی گاڑیوں کی شمولیت کا دعویٰ، حکومت کا کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان

    پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور لیوی کے معاملے پر وزیرِ اعظم اور جماعتِ اسلامی کے وفد کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے اور پیٹرول ریلیف پیکیج میں 1000 سی سی تک کی گاڑیوں کو شامل کر لیا گیا ہے۔

    تاہم ملاقات کے بعد حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جماعت اسلامی کی جانب سے پیش کردہ تجاویز پر مزید غور اور ان پر عملدرآمد کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔

    جماعتِ اسلامی کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حکومت کے پیٹرول ریلیف پیکیج میں 1000 سی سی تک کی گاڑیوں کو شامل کر لیا گیا ہے جبکہ ساڑھے بارہ ایکڑ تک کے کسانوں کو بھی ٹریکٹروں پر ڈیزل میں ریلیف دینے پر اتفاق ہوا ہے۔

    بیان میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ سرکاری سطح پر 1600 سی سی سے بڑی گاڑیاں استعمال نہیں کی جائیں گی۔

    جماعتِ اسلامی کا کہنا ہے کہ حکومت پیٹرولیم لیوی پر آئندہ بجٹ تک ورکنگ مکمل کر لے گی تاکہ اگلا بجٹ لیوی پر انحصار کرکے نہ بنایا جائے۔

    دوسری طرف وزیرِ اعظم کے دفتر کی جانب سے شیئر کی گئی سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کی خبر میں کہا گیا یے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے معیشت کی بہتری اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جماعت اسلامی کی جانب سے پیش کردہ تجاویز پر مزید غور اور ان پر عملدرآمد کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت جماعت اسلامی کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کرے گی اور ان پر نیک نیتی اور برق رفتاری سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

    وزیرِ اعظم سے ملاقات کرنے والے جماعت اسلامی کے وفد میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن، لیاقت بلوچ اور عنایت اللہ خان شامل تھے۔

    اے پی پی کی خبر کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایران امریکہ جنگ شروع ہوتے ہی تیل کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کے بعد حکومت نے فوری طور پر سبسڈی کا اعلان کیا جس پر صرف وفاقی حکومت نے 128 ارب روپے کی رقم خرچ کی، بعد ازاں صوبائی حکومتیں بھی اس اقدام میں شامل ہوئیں۔

    وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ چند ماہ قبل عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں دوبارہ اضافے کے بعد حکومت نے ایک جامع سبسڈی پروگرام تشکیل دیا جس کے تحت موٹر سائیکلوں، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے سبسڈی فراہم کی گئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام سے اب تک دو کروڑ افراد مستفید ہو چکے ہیں۔

  3. چین اور روس ایران کو اہم نوعیت کی انٹیلی جنس معاونت فراہم نہیں کر رہے، امریکی صدر کا دعویٰ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو مشرقِ وسطیٰ میں تعینات امریکی افواج سے ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران دعویٰ کیا ہے کہ روس اور چین کی جانب سے ایران کو اہم نوعیت کی انٹیلی جنس معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں۔

    صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ حال ہی میں چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ ملاقات کے دوران ایران کے ساتھ جنگ کا موضوع بھی زیرِ بحث آیا۔

    چینی صدر کے ساتھ ملاقات کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’صدر شی کے ساتھ میری ملاقات شاندار رہی۔ میرے خیال میں ایران کے معاملے میں ان کی بہت محدود شمولیت ہے۔ وہ کسی حد تک شامل ہو سکتے ہیں، لیکن میرے نزدیک شمولیت کا مطلب فائرنگ یا براہِ راست فوجی کارروائی ہے، نہ کہ ایران کو چند معلومات فراہم کرنا۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ ’ویسے ہم بھی یہی کرتے ہیں۔ جب وہ کہتے ہیں کہ وہ ہم پر جاسوسی کر سکتے ہیں تو مجھے کہنا پڑتا ہے کہ ہم بھی ان پر جاسوسی کرتے ہیں۔ ممکن ہے ہم ان سے بہتر جاسوسی کرتے ہوں۔‘

    روس کے ایران کے ساتھ معلومات کے تبادلے کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے نہیں لگتا کہ وہ انھیں زیادہ معلومات دے رہے ہیں۔‘

    صدر ٹرمپ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ کے ایران پر فوجی حملوں کے آغاز سے ہی ایسی رپورٹس شائع ہو رہی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ تہران کو اس کے اتحادی ممالک نے سیٹلائٹ معلومات فراہم کر کے ایرانی فوج کو امریکی فوجی اڈوں کے اہداف کے تعین میں مدد دی۔

    امریکی صدر کا مزید کہا کہ دونوں ممالک ایران کے ساتھ جاری تنازع کے خاتمے کے خواہاں ہیں۔

    ’میرے خیال میں وہ اس معاملے میں میری حمایت کرتے ہیں۔‘

  4. ایران اسرائیل اور مشرقِ وسطیٰ کے دیگر ممالک پر جوہری ہتھیار داغ سکتا تھا: امریکی صدر کا دعویٰ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اسرائیل اور مشرقِ وسطیٰ کے دیگر ممالک پر جوہری ہتھیار داغ سکتا تھا۔

    یہ بات انھوں نے تھینکس گیونگ کے موقع پر مشرقِ وسطیٰ میں تعینات امریکی فوجیوں سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے کہی۔

    مشرقِ وسطیٰ کے ساتھ امریکہ کے مستقبل کے تعلقات سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ کو مشرقِ وسطیٰ کے تیل کی ضرورت نہیں۔ ’ہمارے پاس کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ تیل موجود ہے۔‘

    ’ہمیں جس چیز کی ضرورت ہے وہ مشرقِ وسطیٰ میں امن ہے۔ کیونکہ اس کے بغیر خطے میں شدید بے چینی اور عدم استحکام پیدا ہوگا۔‘

    امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں عدم استحکام کی صورت میں ایران اسرائیل اور مشرقِ وسطیٰ کے دیگر ممالک پر جوہری ہتھیار داغ سکتا تھا۔ ’جوہری تباہی برپا ہو سکتی تھی، اور وہ ہمارے شہروں کو بھی نشانہ بنا سکتے تھے۔‘

    ’میں انھیں جانتا ہوں، اور سچ کہوں تو وہ پاگل ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ ہم انھیں جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے۔‘

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ ایرانی میزائل یورپ تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ایرانی میزائل امریکہ تک نہیں پہنچ سکتے، لیکن یورپ تک پہنچنے کی صلاحیت ضرور رکھتے ہیں۔ ’اگر ہم مضبوط اور دانشمندانہ مؤقف اختیار نہ کرتے تو ایسا بھی ہو سکتا تھا۔‘

  5. کویت میں دو اطالوی شہریوں کی ہلاکت کے بعد ایرانی وزیرِ خارجہ کا اطالوی ہم منصب سے رابطہ: ’ہم تحقیقات میں تعاون کے لیے تیار ہیں‘

    کویت میں دو اطالوی شہریوں کی ہلاکت کے بعد ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے اطالوی ہم منصب انتونیو تاجانی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

    عراقچی نے ایک بار تہران کا موقف دہرایا کہ ایران کا ’کویت پر ڈرون حملے میں کوئی کردار نہیں۔ً

    ایرانی وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ تہران اس ’واقعے کے محرکات واضح کرنے اور اس کے مختلف پہلوؤں کی تحقیقات کے لیے کویت اور اٹلی کی حکومتوں کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔‘

    کویت میں ڈرون حملے کے نتیجے میں دو اطالوی شہریوں کی ہلاکت کے بعد ایران نے اس حملے میں کسی بھی قسم کے کردار کی تردید کی ہے۔

    اٹلی نے کہا ہے کہ کویت میں ڈرون حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے اس کے دو شہری فضائی دفاعی نظام پر کام کر رہے تھے۔

    اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تایانی نے سینیٹ کو بتایا کہ جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق تقریباً دوپہر دو بجے متعدد ایرانی ڈرونز نے کویت میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جن میں فضائی دفاع کے ریڈار کا ایک مرکز بھی شامل تھا۔

    ان کے مطابق اس مقام پر اطالوی اسلحہ ساز کمپنی رئنمیٹل کے دو اطالوی ماہرین کام کر رہے تھے جو حملے میں ہلاک ہو گئے۔

    اس سے قبل کویت نے اعلان کیا تھا کہ اس کی مسلح افواج نے کئی ’حملہ آور ڈرونز‘ کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔

    کویتی وزارتِ دفاع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا تھا: ’ ایرانی حملے میں ایک اہم تنصیب کو نشانہ بنایا گیا۔‘

    کویتی وزارتِ دفاع کے مطابق ان ڈرونز کو روکنے کی کارروائی کے دوران ایک کویتی شہری، دو اطالوی باشندوں اور ایک پاکستانی سمیت چار افراد ڈرون کے ملبے یا شیل کے ٹکڑوں کی زد میں آ کر زخمی ہوئے تھے۔

  6. جے یو آئی کا احتجاجی مظاہروں کا اعلان، پشاور میں موٹروے ٹول پلازا بلاک کرنے کے الزام میں 14 افراد گرفتار

    جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے خیبر پختونخوا بھر کے ضلعی ہیڈ کواٹرز میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔

    جے یو آئی کی خیبر پختونخوا کی تنظیم کی جانب سے جاری اعلان میں کہا گیا ہے کہ پشاور کا مظاہرہ دو بجے مفتی محمود مرکز سے شروع ہوگا۔

    اس سے قبل گذشتہ شب مولانا فضل الرحمان نے اپنی جماعت کے میں کارکنان کو ہدایت دی تھی کہ وہ ملک بھر میں تمام دھرنے ملتوی کر دیں اور جمعے کی نماز کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔

    جے یو آئی نے دعویٰ کیا ہے کہ مانسہرہ سے ملنے والی اطلاع کے مطابق مفتی ناصر محمود سمیت بیس افراد گرفتار کیا گیا ہے جبکہ بونیر میں 51 کارکنان محتلف تھانوں میں پولیس کی حراست میں ہیں۔

    بی بی سی اردو کے نامہ نگار عزیزاللہ خان کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا کی مشیرِ اطلاعات ثمر بلور کا کہنا ہے کہ انھیں پولیس نے بتایا ہے کہ پشاور میں 14 افراد کو موٹروے ٹول پلازا کو بند کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

    گذشتہ شب جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے لاہور میں ایک تقریر کے دوران دعویٰ کیا تھا کہ پولیس انھیں گرفتار کر چکی ہے اور ’اب میں ان کی حراست میں ہوں‘، تاہم لاہور پولیس نے ان کے اس دعوے کی تردید کر دی۔

    جمعرات کی رات لاہور کے ملتان روڈ پر کارکنان سے خطاب کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ’ابھی ہمارے پاس سی سی پی او (کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر) تشریف لائے ہیں، وہ میری گرفتاری کر چکے ہیں اور اب میں ان کی حراست میں ہوں۔‘

    تاہم لاہور کے سی سی پی او بلال کمیانا نے مولانہ فضل الرحمان کے اس دعوے کی تردید کی ہے۔ انھوں نے بی بی سی اردو کی نامہ نگار ترہب اصغر کو بتایا کہ ’ہم نے انھیں گرفتار نہیں کیا ہے کیونکہ وہ ہمیں کسی کیس میں مطلوب نہیں ہیں۔‘

    ’وہ خود اپنی گاڑی میں بیٹھ کر گئے ہیں، ہمیں نہیں پتا کہاں گئے ہیں۔‘

  7. اسلام آباد میں مکہ دفاعی اتحاد کا اجلاس، شہر میں مقامی تعطیل, روحان احمد، بی بی سی اردو، اسلام آباد

    پاکستان کے دار الحکومت اسلام آباد میں آج مکہ دفاعی اتحاد کی ’سٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفینس کمیٹی‘ کا اجلاس ہونے جا رہا ہے۔

    بی بی سی اردو کو پاکستان کی وزارت خارجہ کے ایک عہدے دار نے اس اجلاس کی تصدیق کی ہے۔ ایک اور عہدے دار کا کہنا ہے کہ یہ اجلاس اسلام آباد کے ایک نجی ہوٹل میں ہو گا، جہاں صرف سرکاری میڈیا کو رسائی حاصل ہو گی۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر نے شہر کی حدود میں مقامی عام تعطیل کا اعلان اور نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

    جمعرات کے روز شہر کی مختلف شہراہوں پر پاکستان، ترکی اور سعودی عرب کے پرچم آویزاں ہیں جبکہ تینوں ممالک کے پرچم کے ساتھ استقبالیہ بینرز بھی نصب کیے گئے ہیں۔

    پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تقریباً دو ہفتے قبل ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا تھا کہ مکہ دفاعی اتحاد کی کمیٹی کا اجلاس نومبر کے آخر میں ہو گا۔

    پاکستان، سعودی عرب اور ترکی نے مشترکہ دفاعی اتحاد کے اس معاہدے پر دستخط رواں برس اگست میں کیے تھے۔

  8. ’میں حراست میں ہوں‘: مولانا فضل الرحمان کا دعویٰ، پولیس کی تردید

    جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے لاہور میں ایک تقریر کے دوران دعویٰ کیا کہ پولیس انھیں گرفتار کر چکی ہے اور ’اب میں ان کی حراست میں ہوں‘، تاہم لاہور پولیس نے ان کے اس دعوے کی تردید کر دی ہے۔

    جمعرات کی رات لاہور کے ملتان روڈ پر کارکنان سے خطاب کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ’ابھی ہمارے پاس سی سی پی او (کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر) تشریف لائے ہیں، وہ میری گرفتاری کر چکے ہیں اور اب میں ان کی حراست میں ہوں۔‘

    تاہم لاہور کے سی سی پی او بلال کمیانا نے مولانہ فضل الرحمان کے اس دعوے کی تردید کی ہے۔ انھوں نے بی بی سی اردو کی نامہ نگار ترہب اصغر کو بتایا کہ ’ہم نے انھیں گرفتار نہیں کیا ہے کیونکہ وہ ہمیں کسی کیس میں مطلوب نہیں ہیں۔‘

    ’وہ خود اپنی گاڑی میں بیٹھ کر گئے ہیں، ہمیں نہیں پتا کہاں گئے ہیں۔‘

    اس سے قبل مولانا فضل الرحمان نے اپنی تقریر میں کارکنان کو ہدایت دی تھی کہ وہ ملک بھر میں تمام دھرنے ملتوی کر دیں اور جمعے کی نماز کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔

    مولانا فضل الرحمان کی جماعت نے 26 نومبر کو پنجاب کے شہر سرگودھا میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا تھا۔ تاہم ضلع سرگودھا کی انتظامیہ نے مولانا فضل الرحمان سمیت نو افراد کے ضلع کی حدود میں داخل ہونے پر پابندی عائد کر دی۔

    اس کے بعد ایک ویڈیو بیان میں مولانا فضل الرحمان نے اپنے کارکنوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ پورے ملک میں نکل کر راستے، سڑکیں اور شاہراہیں بلاک کر دیں۔

  9. سعودی عرب میں آئل ریفائنری پر ’پروجیکٹائل حملے‘ میں ایک نیپالی شہری ہلاک: سرکاری میڈیا

    سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ملک کے جنوبی علاقے جازان میں واقع آئل ریفائنری پر ایک فضائی حملے میں ایک نیپالی کارکن ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    سعودی عرب کی خبر رساں ایجنسی کو وزارتِ توانائی کے ایک سرکاری ذریعے نے بتایا کہ جمعرات کے روز جازان ریجن میں واقع جازان آئل ریفائنری کو ایک ’پروجیکٹائل حملے‘ میں نشانہ بنایا گیا۔

    ایس پی اے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے حملے کے بعد ریفائنری میں آگ بھڑک اٹھی تھی، جسے بعد میں بجھا دیا گیا۔ واقعے کے باعث ریفائنری کی بعض سرگرمیاں عارضی طور پر معطل بھی کی گئیں۔

    سرکاری خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ زخمی افراد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

    سعودی وزارت توانائی کے ذریعے کے مطابق ہنگامی امدادی ٹیموں اور خصوصی تکنیکی عملے نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کی اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے نقصانات کا جائزہ لینے اور تنصیبات کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    ایس پی اے کی خبر میں حملے کی ذمہ داری یا اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

  10. پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ایرانی اور کویتی ہم منصب سے گفتگو، خطے میں امن اور سکیورٹی پر بات چیت

    پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران ’خطے میں امن اور سکیورٹی‘ حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے۔

    پاکستان کی وزارت خارجہ کے مطابق کویت اور پاکستان کے وزیر خارجہ کے درمیان گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے ’حالیہ علاقائی پیش رفت اور ان کے خطے کی امن و سلامتی پر ممکنہ اثرات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

    وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ ’تنازعات کے حل اور خطے میں دیر پا امن کے قیام کے لیے مکالمہ اور سفارتکاری ہی واحد قابل عمل راستہ ہیں۔‘

    ایک علیحدہ بیان میں پاکستان کی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے بھی فون پر بات چیت ہوئی ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ ’دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال اور خطے میں امن اور سکیورٹی کو فروغ دینے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔‘

    پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی کویت اور ایران کے وزار خارجہ سے گفتگو ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب کویت نے ایران پر ’ایک اہم تنصیب کو نشانہ‘ بنانے کا الزام عائد کیا تھا۔

    کویتی وزارتِ دفاع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ: ’ ایرانی حملے میں ایک اہم تنصیب کو نشانہ بنایا گیا۔‘

    کویتی وزارتِ دفاع کے مطابق ایرانی ڈرونز کو روکنے کی کارروائی کے دوران ایک کویتی شہری، دو اطالوی باشندوں اور ایک پاکستانی سمیت چار افراد ڈرون کے ملبے یا شیل کے ٹکڑوں کی زد میں آ کر زخمی ہوئے تھے۔

    تاہم اس کے بعد اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تایانی نے ایک بیان میں کہا کہ کویت میں ڈرون حملے میں دو اطالوی شہری ہلاک ہوئے ہیں جو کہ شہری دفاعی نظام پر کام کر رہے تھے۔

    دوسری جانب ایران نے کویت پر کسی بھی حملے کی تردید کی ہے۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز نے ایرانی سرکاری میڈیا کے حوالے سے ایرانی مسلح افواج کے ترجمان ابوالفضل شکارچی کا بیان رپورٹ کیا ہے۔

    انھوں نے کہا ہے کہ ایرانی فوج نے خطے میں کوئی جارحانہ یا فوجی کارروائی نہیں کی۔

  11. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    • اٹلی نے کہا ہے کہ جمعرات کو کویت پر کیے گئے ایرانی ڈرون حملے میں اس کے دو شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔
    • ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ ایران کے پاس آبنائے ہرمز کو بند رکھنے کے لیے کافی فوجی طاقت موجود ہے اور وہ اپنی میزائل صلاحیتوں کو مزید بہتر بنا رہا ہے۔
    • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انھوں نے چین میں روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے دوران روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے خاتمے اور جلد امن معاہدے کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی تھی۔
    • عراق کی ایک عدالت نے داعش سے تعلق اور اس کی رکنیت کے الزام میں آٹھ فرانسیسی شہریوں کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔
    • جرمن پولیس نے دو عراقی شہریوں کو اسرائیلی اور یہودی اہداف پر حملوں کی منصوبہ بندی کے شبہے میں گرفتار کر لیا ہے۔
    • امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق اس نے یوکرین کے ایف-16 لڑاکا طیاروں کی دیکھ بھال اور آپریشنل صلاحیت برقرار رکھنے کے لیے درکار آلات، پرزوں اور خدمات کی ممکنہ فروخت کی منظوری دے دی ہے، جس کی مالیت تقریباً 62 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ہے۔
  12. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔