پیٹرول ریلیف پیکج: جماعت اسلامی کا 1000 سی سی گاڑیوں کی شمولیت کا دعویٰ، حکومت کا کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان
پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور لیوی کے معاملے پر وزیرِ اعظم اور جماعتِ اسلامی کے وفد کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے اور پیٹرول ریلیف پیکیج میں 1000 سی سی تک کی گاڑیوں کو شامل کر لیا گیا ہے۔
تاہم ملاقات کے بعد حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جماعت اسلامی کی جانب سے پیش کردہ تجاویز پر مزید غور اور ان پر عملدرآمد کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔
جماعتِ اسلامی کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حکومت کے پیٹرول ریلیف پیکیج میں 1000 سی سی تک کی گاڑیوں کو شامل کر لیا گیا ہے جبکہ ساڑھے بارہ ایکڑ تک کے کسانوں کو بھی ٹریکٹروں پر ڈیزل میں ریلیف دینے پر اتفاق ہوا ہے۔
بیان میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ سرکاری سطح پر 1600 سی سی سے بڑی گاڑیاں استعمال نہیں کی جائیں گی۔
جماعتِ اسلامی کا کہنا ہے کہ حکومت پیٹرولیم لیوی پر آئندہ بجٹ تک ورکنگ مکمل کر لے گی تاکہ اگلا بجٹ لیوی پر انحصار کرکے نہ بنایا جائے۔
دوسری طرف وزیرِ اعظم کے دفتر کی جانب سے شیئر کی گئی سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کی خبر میں کہا گیا یے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے معیشت کی بہتری اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جماعت اسلامی کی جانب سے پیش کردہ تجاویز پر مزید غور اور ان پر عملدرآمد کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت جماعت اسلامی کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کرے گی اور ان پر نیک نیتی اور برق رفتاری سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
وزیرِ اعظم سے ملاقات کرنے والے جماعت اسلامی کے وفد میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن، لیاقت بلوچ اور عنایت اللہ خان شامل تھے۔
اے پی پی کی خبر کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایران امریکہ جنگ شروع ہوتے ہی تیل کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کے بعد حکومت نے فوری طور پر سبسڈی کا اعلان کیا جس پر صرف وفاقی حکومت نے 128 ارب روپے کی رقم خرچ کی، بعد ازاں صوبائی حکومتیں بھی اس اقدام میں شامل ہوئیں۔
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ چند ماہ قبل عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں دوبارہ اضافے کے بعد حکومت نے ایک جامع سبسڈی پروگرام تشکیل دیا جس کے تحت موٹر سائیکلوں، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے سبسڈی فراہم کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام سے اب تک دو کروڑ افراد مستفید ہو چکے ہیں۔