پاکستان کی بڑھتی خلائی صلاحیتوں پر انڈیا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف کو تشویش کیوں ہے؟

وقت اشاعت
مطالعے کا وقت: 6 منٹ

انڈیا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل این ایس راجا سبرامنی نے اپنے ایک بیان میں تسلیم کیا ہے کہ چین کی مدد سے پاکستان کی خلائی شعبے میں صلاحیتوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور اسے مستقبل میں ترکی کی معاونت بھی حاصل ہو سکتی ہے۔

جمعے کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راجا سبرامنی نے یہ بھی کہا ہے کہ انڈیا کو اپنی دفاعی حکمتِ عملی مرتب کرتے ہوئے پاکستان کی بڑھتی ہوئی خلائی صلاحیتوں کو مدنظر رکھنا ہوگا، کیونکہ اس سے پاکستان کی انٹیلیجنس، نگرانی اور جاسوسی کی صلاحیتوں میں بھی بہتری آ سکتی ہے۔

یاد رہے کہ 25 نومبر، 2026 کو خلائی سائنس کے شعبے میں پاکستان کے لیے ایک اہم دن قرار دیا جا رہا ہے۔ بدھ کے روز پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی نے چینی شین ژو-24 مشن کے ساتھ خلا کی جانب روانہ ہونے کے بعد اپنا نام خلا کا سفر کرنے والے پہلے پاکستانی کے طور پر رقم کروایا ہے۔

وہ چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن میں چھ روز قیام کے دوران متعدد سائنسی تجربات میں حصہ لے رہے ہیں۔

انڈیا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل این ایس راجا سبرامنی کے اس بیان کو سوشل میڈیا پرجہاں انڈیان صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے وہیں کئی صارفین ایسے بھی ہیں جو اس بیان کو حقیقت پر مبنی اور تصویر کا دوسرا رخ قرار دے رہے ہیں۔

انڈین چیف آف ڈیفنس سٹاف نے پاکستان کی خلائی صلاحیتوں کو کیسے بیان کیا؟

انڈیا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل این ایس راجا سبرامنی نئی دہلی میں 27 نومبر کو ویویکانند انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کی ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس دوران سوال جواب کے سیشن کے دوران ایک سوال کے جواب میں جنرل راجا نے کہا کہ پاکستان کا قومی خلائی ادارہ سپارکو اپنی مقامی صلاحیتیں بھی ترقی دے رہا ہے، جبکہ مستقبل میں اسے ترکی کی جانب سے مزید معاونت بھی مل سکتی ہے۔

جنرل سبرامنی نے کہا کہ ان تمام پیش رفت کو مدنظر رکھتے ہوئے انڈیا اپنی خلائی اور دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے پر کام کر رہا ہے۔

ان کے مطابق خلائی نگرانی کے تیسرے مرحلے سپیس بیسڈ سرویلنس فیز تھری (SBS-3) پروگرام انڈیا کی نگرانی کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرے گا۔

جنرل سبرامنی نے مزید کہا کہ انڈیا مزید سیٹلائٹس تیار کرنے اور خلا میں بھیجنے کے لیے نجی شعبے کی کمپنیوں کے ساتھ بھی کام کر رہا ہے۔

انھوں نے تسلیم کیا کہ ’پاکستان کا خلائی ادارہ سپارکو بھی اپنی صلاحیتیں بڑھانے کے لیے کام کر رہا ہے۔‘

جنرل راجا سبرامنی کے مطابق انڈیا مزید سیٹلائٹس تیار کرنے اور انھیں خلا میں بھیجنے کے طریقوں پر بھی کام کر رہا ہے اور اس سلسلے میں نجی شعبے کے اداروں کے ساتھ تعاون کیا جا رہا ہے۔

’پاکستان کے علاوہ آپ کو اور کچھ نظر نہیں آتا‘

یاد رہے کہ پاکستان کے پہلے خلاباز محمد ذیشان علی کے چینی خلائی مشن میں شامل ہونے کی خبر انڈیا میں بھی خاصی توجہ حاصل کر رہی ہے اور ملک کے بڑے اخبارات، ٹی وی چینلوں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اس پیش رفت کو نمایاں کوریج دی گئی ہے۔

انڈیا میں چند ماہرین اور تجزیہ کار جہاں اس پیش رفت کو پاکستان اور چین کے درمیان بڑھتے ہوئے خلائی تعاون کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں، وہیں بعض تبصروں میں اس شراکت داری کے ممکنہ سٹریٹجک اثرات پر تشویش کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ انڈیا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل این ایس راجا سبرامنی کے اس بیان پرسوشل میڈیا صارفین میں بھی بحث چھیڑ دی ہے۔

سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے جنرل این ایس راجا سبرامنی کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلائی پروگرام کی ترقی میں ماضی میں امریکہ، روس اور سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کے تعاون کا بھی کردار رہا ہے۔

ایک صارف محمد علی حسن چغتائی نے ایکس پر لکھا کہ ’آپ امریکہ، روس یا سعودی عرب کا نام لینا بھول گئے، جنھوں نے سپارکو کی تعمیر و ترقی میں مدد دی۔ پاکستان کے علاوہ آپ کو اور کچھ نظر نہیں آتا۔‘

سوشل میڈیا پر بعض صارفین اس بحث کے دوران انڈیا اور پاکستان کے دفاعی بجٹ کا موازنہ کرنے سے بھی نہ چوکے۔

ایک صارف نے دعویٰ کیا کہ ’80 ارب ڈالر کا دفاعی بجٹ رکھنے والا انڈیا آٹھ ارب ڈالر سے کم دفاعی بجٹ رکھنے والے پاکستان کا مقابلہ کرنے اور اس سے نمٹنے کی کوشش میں گزارے گا۔‘

نیترا کمار شرما نے جنرل راجا کے خطاب کے ویڈیو کلپ کے نیچے لکھا کہ ’شکر ہے کہ آپ نے اپنی خامیوں کو تسلیم تو کیا۔‘

صارفین نے انڈین چیف آف ڈیفنس سٹاف کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انھیں پاکستان کی صلاحیتوں کا ذکر مختلف انداز میں کرنا چاہیے تھا۔

سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے پاکستانی خلا باز کی چینی خلائی سٹیشن روانگی اور اس تناظر میں دفاعی اخراجات پر بحث کو جوڑتے ہوئے یہ سوال اٹھایا کہ جب دونوں ممالک میں غربت ایک اہم مسئلہ ہے تو قومییہ رائے سوشل میڈیا صارفین کی ہے اور اس کی آزادانہ تصدیق ممکن نہیں۔

عثمان نامی صارف نے ایکس پر لکھا کہ ’چین کے خلائی سٹیشن پر صرف ایک خلا باز بھیجا گیا، لیکن انڈین حکام فوج کے لیے مزید فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں، جبکہ دونوں ممالک میں لاکھوں افراد غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ آخر ہماری ترجیحات کیا ہیں؟‘

پاکستان اور چین کے درمیان کئی برسوں سے جاری خلائی تعاون کا تسلسل

یاد رہے کہ شینژو۔24 مشن میں چینی خلا باز تانگ ہونگ بو کمانڈر ہیں ان کے ساتھ وو یی اور پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی شامل ہیں۔

یہ مشن پاکستان اور چین کے درمیان کئی برسوں سے جاری خلائی تعاون کا تسلسل ہے۔ اس تعاون میں چین کی جانب سے پاکستانی سیٹلائٹس کو خلا میں بھیجنا اور تقریباً 2028 میں چین کے چانگ ای 8 قمری مشن کے ذریعے پاکستان کا تیار کردہ روور چاند پر بھیجنے کا منصوبہ شامل ہے۔

چین نے 2022 میں اپنے تیانگونگ خلائی سٹیشن کی تعمیر مکمل کی تھی اور اب وہ اپنے خلائی پروگرام میں بین الاقوامی شراکت داری بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ چین کا ہدف 2030 تک اپنے خلا بازوں کو چاند پر اتارنا بھی ہے۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں