رشتہ داروں کا اصرار،انڈین سپاہی کی لاش کا دوبارہ پوسٹ مارٹم

انڈیا میں پولیس کا کہنا ہے کہ روئے میتھو نامی سپاہی کی میت کو ان کے آبائی علاقے پہنچانے کے بعد ان کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ان کے آبائی علاقے کیرالہ میں ان کے خاندان کے اصرار پر دوبارہ پوسٹ مارٹم کیا گیا۔

خیال رہے کہ روئے میتھیو کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ انھوں نے مبینہ طور پر انڈین فوج میں ہونے والی بے قاعدگیوں پر سے پردہ اٹھایا تھا۔

تاہم گذشتہ جمعرات کو روئے میتھیو اپنی بیرک میں مردہ حالت میں پائے گئے۔

انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق روئے میتھیو کی لاش کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کروانے کے حوالے سے ان کے ایک رشتے دار کا کہنا ہے کہ ’کئی سوالوں کے جواب ابھی نہیں ملے ہیں۔‘

دوسری جانب فوجی اہلکاروں کے خیال میں سپاہی نے خود کشی کی ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں کئی جونیئر سپاہیوں نے کیمپوں کی خراب صورتحال کی شکایات کی ہیں جس پر انڈین فوج نے تنبیہ کی ہے کہ ایسے مسائل کے بارے میں اندرونی طور پر آگاہ کیا جائے۔

گذشتہ دنوں انڈیا میں بی ایس ایف یعنی بارڈر سکیورٹی فورسز کے ایک جوان نے اپنی خوراک کے معیار سے متعلق اپنی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر نشر کرکے تہلکہ مچا دیا تھا۔

سپاہی تیج بہادر یادو نے اس ویڈیو میں بی ایس ایف اور انڈین حکومت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا۔

اپنے پیغام میں تیج بہادر نے الزام لگایا تھا کہ جوانوں کے لیے سامان کی کمی نہیں ہے لیکن ان کے حصے کا راشن فوجی افسر بازار میں فروخت کر رہے ہیں اور انھیں مناسب کھانا تک نہیں ملتا۔