ٹوبہ ٹیک سنگھ میں فائرنگ سے زخمی رکن پنجاب اسمبلی علاج کے لیے لاہور منتقل، پولیس نے ملزموں کی گرفتاری کے لیے ٹیم بنا دی
پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں فائرنگ سے زخمی رکن صوبائی اسمبلی کرنل ریٹائرڈ ایوب خان گادھی کو علاج کے لیے لاہور منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے ملزموں کی گرفتاری کے لیے ٹیم بنا دی ہے۔
پولیس کے مطابق سینیئر افسران اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے ہیں۔
گذشتہ روز نامعلوم مسلح افراد نے تھانہ رجانہ کی حدود چک 184 گ ب میں مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ایوب خان گادھی کے ڈیرے پر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں مسلم لیگ (ن) کے تین کارکن ہلاک جبکہ کرنل (ر) ایوب خان گادھی سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا، بعد ازاں کرنل (ر) ایوب کو مزید علاج کے لیے لاہور منتقل کیا گیا۔
کرنل (ر) ایوب خان گادھی پنجاب کے صوبائی وزیر برائے انسداد دہشت گردی بھی رہ چکے ہیں۔