زمین سے ایک نوری دن کا فاصلہ مکمل کرنے والا جہاز جس میں خلائی مخلوق کے لیے اردو میں بھی پیغام ہے

    • مصنف, فرنانڈو ڈوارتے
    • عہدہ, بی بی سی ورلڈ سروس
  • وقت اشاعت
  • مطالعے کا وقت: 11 منٹ

18 نومبر 2026 یعنی آج کے روز ناسا کی جانب سے 1977 میں بھیجے گئے جڑواں خلائی مشنوں میں سے ایک وائجر ون زمین سے ایک نوری دن (لائٹ ڈے) کا فاصلہ طے کر چکا ہے۔ یہ وہ فاصلہ ہے جو روشنی ایک دن میں طے کرتی ہے، یعنی تقریباً 26 ارب کلومیٹر۔ مگر خلائی مشن وائجر ون کو ایسا کرنے میں 50 سال لگے۔

اس سپیس کرافٹ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں 12 انچ قطر کی سنہری ڈسک نصب ہے، جس میں زمین کے مختلف باشندوں کی جانب سے اردو سمیت 55 زبانوں میں پیغامات شامل ہیں۔ یہ پیغامات ممکنہ خلائی مخلوق کے لیے ریکارڈ گئے ہیں۔

اردو میں ان کے لیے ’سلام، ہم زمین کے باشندوں کی طرف سے آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں‘ کے الفاظ ریکارڈ کیے گئے ہیں، جبکہ ہندی کا لفظ ’نمستے‘ بھی سپیس کرافٹ میں موجود ڈسک کے ریکارڈ کا حصہ ہے۔

وائجر ون انسان کی بنائی ہوئی کسی بھی دوسری چیز کے مقابلے میں زیادہ دور جا چکا ہے۔ لیکن اس کے طے کیے گئے فاصلے سے بھی زیادہ حیران کن بات یہ ہے کہ ناسا اب بھی اس خلائی مشن سے سگنل موصول کر رہا ہے۔

صرف پانچ سال تک کام کرنے کے لیے تیار کیے گئے وائجر ون اور وائجر ٹو تقریباً 50 برس خلا میں گزارنے کے باوجود آج بھی فعال ہیں اور ماہرینِ فلکیات کو کائنات کے بارے میں نہایت قیمتی معلومات فراہم کر رہے ہیں۔

یہ سب کچھ وہ ایسی ٹیکنالوجی کے ذریعے کر رہے ہیں جو آج کے دور کے معیار کے مطابق انتہائی سادہ اور قدیم معلوم ہوتی ہے۔

مشن کی موجودہ پراجیکٹ سائنس دان ڈاکٹر لنڈا اسپِلکر نے بی بی سی کو بتایا ’آپ کی گاڑی کے ریموٹ میں جتنی میموری ہوتی ہے، تقریباً اتنی ہی وائجر کے کمپیوٹروں میں موجود ہے۔‘

انھوں نے کہا ’اپنے دور کے لحاظ سے یہ واقعی ایک غیرمعمولی کارنامہ تھا۔‘

’گرینڈ ٹور‘

وائجر مشن انسانی تاریخ میں نظامِ شمسی کی دریافت کے تیزی سے آگے بڑھتے سفر کا تسلسل تھے۔

ان کی روانگی سے پندرہ سال قبل 1962 میں جب ناسا کا میرینر ٹو زہرہ کے قریب سے گزرا تو امریکی خلائی ادارہ اس مشن کے ذریعے کسی دوسرے سیارے تک اپنی تاریخ کا پہلا کامیاب مشن مکمل کرنے میں کامیاب ہو گیا تھا۔

تین سال بعد میرینر فور مریخ کے قریب سے گزرا اور زمین سے باہر کسی دوسرے سیارے کی پہلی قریبی تصاویر حاصل کیں۔

نظامِ شمسی کے چار بڑے بیرونی سیاروں یعنی مشتری، زحل، یورینس اور نیپچون تک پہنچنے کے منصوبے اس وقت وجود میں آئے جب امریکی خلائی انجینئر گیری فلینڈرو نے پیش گوئی کی کہ 1970 کی دہائی کے اواخر میں یہ سیارے ایک نایاب ترتیب میں آ جائیں گے۔

اس غیر معمولی صف بندی کی بدولت ایک ممکنہ خلائی جہاز کے لیے ان سیاروں کا سفر نسبتاً آسان ہو جاتا، یوں سائنس دانوں کے بقول ’گرینڈ ٹور‘ کے نام سے معروف اس مہم کے لیے زندگی میں صرف ایک بار ملنے والا موقع پیدا ہوا۔

اس وقت اس خلائی خطے کے بارے میں ہماری معلومات نہایت محدود تھیں۔

خلائی تاریخ کی محقق اور مصنفہ ایمی شیرا ٹیٹیل کہتی ہیں ’قدیم یونانی مشتری اور زحل کے بارے میں جانتے تھے، لیکن وہ محض روشنی کے نقطے تھے۔‘

وہ کہتی ہیں کہ وائجر مشن نے صورتِ حال یکسر بدل دی۔ ’اچانک ہم سیاروں کے بارے میں ایک مبہم تصور سے نکل کر اس مرحلے پر پہنچ گئے جہاں ان کی مانوس تصاویر ہر کلاس روم میں نظر آنے لگیں۔‘

ناسا کا پہلا بیرونی سیاروں کا مشن پائنیئر 10 1973 میں مشتری کے قریب سے گزرا۔ اس مشن نے ثابت کیا کہ مریخ اور مشتری کے درمیان واقع شہابی پٹی کو کامیابی سے عبور کیا جا سکتا ہے اور لاکھوں کلومیٹر دور سے زمین کے ساتھ رابطہ برقرار رکھا جا سکتا ہے۔ اس کے جڑواں مشن پائنیئر 11 نے چھ سال بعد زحل کا مشاہدہ کیا۔

تاہم یہ دونوں خلائی جہاز وائجر مشنز کے مقابلے میں بہت سادہ تھے۔

سنہ 1969 میں امریکہ نے چاند پر انسان اتارنے کی دوڑ میں سوویت یونین پر سبقت حاصل کر لی تھی، لیکن اس کامیابی کے بعد ناسا کو مستقبل کے خلائی مشنز کے لیے سیاسی حمایت اور مالی وسائل کے حوالے سے نسبتاً کم توجہ ملنے لگی۔

وائجر مشن کے لیے ابتدائی طور پر تیار کیا گیا ’گرینڈ ٹور‘ منصوبہ بعد میں تبدیل کر دیا گیا اور اس کی جگہ ایک نسبتاً محدود مشن اختیار کیا گیا، جس کے تحت صرف دو بیرونی سیاروں کا دورہ کیا جانا تھا۔

تاہم پس منظر میں سائنس دان خاموشی سے وائجر خلائی جہازوں کو اس طرح تیار کر رہے تھے کہ وہ اس سے کہیں زیادہ دور تک سفر کر سکیں۔

فلکی طبیعیات دان ڈاکٹر ایلن کمنگز، جو آج بھی وائجر مشن سے وابستہ ہیں، کہتے ہیں ’سرکاری طور پر ہم مشتری اور زحل تک پانچ سالہ مشن کے لیے خلائی مشن تیار کر رہے تھے، لیکن یوں سمجھ لیں کہ ہم نے احتیاطاً انہیں کچھ زیادہ عرصے تک چلنے کے قابل بنا دیا تھا۔‘

وائجر ون اور وائجر ٹو ایک جیسے خلائی جہازوں کے طور پر تیار کیے گئے تھے۔ وائجر ٹو کو اگست 1977 میں خلا میں بھیجا گیا، جبکہ وائجر ون ایک ماہ بعد روانہ ہوا۔ دونوں کو مختلف راستوں پر بھیجا گیا اور اسی سال کے اختتام تک وائجر ون اپنے جڑواں مشن سے آگے نکل گیا۔

وائجر نے ہمیں نئی دنیا سے متعارف کروایا

آخرکار خود وائجر خلائی جہازوں نے ہی اپنی اہمیت کا ثبوت دے دیا۔ جیسے ہی انھوں نے ہماری کائناتی ہمسائیگی کے بارے میں ماہرینِ فلکیات کے قائم کردہ تصورات کو بدلنا شروع کیا، دنیا بھر میں لوگ حیران رہ گئے۔

مثال کے طور پر وائجر ون نے مشتری کے چاند آئی او پر زمین سے باہر موجود پہلے فعال آتش فشاں دریافت کیے۔ اسی مشن نے مشتری پر بجلی چمکنے کے شواہد بھی ریکارڈ کیے، جو زمین کے علاوہ کسی اور دنیا پر اس نوعیت کی پہلی دریافت تھی۔

وائجر ٹو کی جانب سے بھیجی گئی تصاویر سے یہ عندیہ ملا کہ مشتری کے ایک اور چاند یوروپا کی برف سے ڈھکی اور شگافوں والی سطح کے نیچے مائع پانی کا ایک سمندر موجود ہو سکتا ہے۔ یہی دریافت آج تک ماہرینِ فلکیات کو اس امکان پر غور کرنے پر آمادہ کیے ہوئے ہے کہ وہاں زندگی موجود ہو سکتی ہے۔

کمنگز کو یاد ہے کہ جب انہوں نے پہلی بار آئی او کی تصاویر دیکھیں تو ان کے رونگٹے کھڑے ہو گئے تھے۔

وہ یاد کرتے ہیں کہ ’میں درحقیقت یونیورسٹی کیمپس میں تھا اور وہاں براہِ راست ویڈیو فیڈ دکھائی جا رہی تھی۔ آئی او اپنی پوری شان کے ساتھ سامنے تھا اور مجھے یقین ہی نہیں آ رہا تھا۔ ہماری اپنی چاند کی سطح تو بہت سرمئی اور غیر دلچسپ ہے اور۔۔۔ مجھے اندازہ نہیں تھا کہ ان چاندوں میں اتنا تنوع بھی ہو سکتا ہے۔‘

مشن کے آغاز کے چار سال بعد ناسا نے فیصلہ کیا کہ وائجر ٹو اپنا سفر جاری رکھتے ہوئے یورینس اور نیپچون کا بھی مشاہدہ کرے گا۔ اس نے 1986 اور 1989 میں ان دونوں سیاروں کے قریب سے پرواز کی اور یوں ’گرینڈ ٹور‘ مکمل کر لیا۔

’نیلا نقطہ‘

وائجر خلائی جہازوں نے اپنے مقاصد ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے امتزاج سے حاصل کیے۔

نام نہاد ’سلنگ شاٹ‘ تکنیک کے ذریعے انھیں ہر سیارے کی کششِ ثقل سے رفتار حاصل کرنے اور اپنی سمت تبدیل کرنے کا موقع ملا تاکہ وہ اپنے اگلے ہدف تک پہنچ سکیں۔ اس طریقۂ کار نے نیپچون تک سفر کا دورانیہ 30 سال سے کم کرکے صرف 12 سال کر دیا۔

ان خلائی کھوجیوں کو پلوٹونیم سے چلنے والی جوہری بیٹریوں سے لیس کیا گیا تھا۔ تاہم ان کی توانائی میں ہر سال تقریباً چار واٹ کی کمی آتی جا رہی ہے اور اسی وجہ سے ان کے بیشتر سائنسی آلات کو ایک ایک کرکے بند کیا جا چکا ہے۔

وائجر ون نے 1990 میں اپنا کیمرا ہمیشہ کے لیے بند کرنے سے ذرا پہلے، جب وہ نیپچون سے بھی آگے نکل چکا تھا، مڑ کر زمین کی ایک تصویر لی۔ اس تصویر میں ہمارا سیارہ خلا کی وسعتوں میں ایک ننھے سے مدھم نیلے نقطے کی صورت دکھائی دیتا تھا۔

یہ خیال معروف ماہرِ فلکیات کارل سیگن کا تھا۔

لنڈا اسپِلکر کو یاد ہے کہ ’کارل سیگن کہا کرتے تھے کہ اس مدھم نیلے نقطے پر ہر وہ انسان موجود ہے جو کبھی زندہ رہا، ہر وہ شخص جسے آپ نے کبھی جانا۔‘

وہ کہتی ہیں کہ اس تصور میں ایک اہم پیغام بھی پوشیدہ تھا ’ہمیں اپنے سیارے کی حفاظت کرنی چاہیے۔‘

بین النجمی خلا

سنہ 2012 میں وائجر ون سورج کی شمسی ہوا کے بیرونی کنارے، جسے ہیلیوسفیئر کہا جاتا ہے، سے باہر نکل کر بین النجمی خلا میں داخل ہونے والی انسان کی بنائی ہوئی پہلی چیز بن گیا۔ اس کا جڑواں خلائی جہاز وائجر ٹو چھ سال بعد اس کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے اسی خطے میں پہنچا۔

یہ دونوں خلائی جہاز آج بھی زمین پر معلومات بھیج رہے ہیں۔ وہ مقناطیسی میدانوں سمیت مختلف مظاہر کے بارے میں ڈیٹا فراہم کر رہے ہیں، جس سے خلا کے ایک ایسے خطے کے بارے میں نئی معلومات حاصل ہو رہی ہیں جس کا اس سے پہلے کبھی براہِ راست مطالعہ نہیں کیا گیا تھا۔

وائجر مشن کے موجودہ سائنسی منصوبوں میں شامل ڈاکٹر بل کرتھ کہتے ہیں ’اس وقت بین النجمی خلا کے ماحول کا براہِ راست مشاہدہ کرنے والا واحد آلہ وائجر ہی ہے۔‘

وہ مزید کہتے ہیں ’سمندر کو سمجھنے کے لیے اس میں خود اترنے سے بہتر کوئی چیز نہیں۔ وائجر بھی ہمیں بین النجمی خلا کو اسی طرح سمجھنے کا موقع دے رہا ہے۔‘

ناسا کا اندازہ ہے کہ دونوں خلائی جہاز 2030 کی دہائی تک کم از کم ایک سائنسی آلہ فعال رکھنے کے قابل رہیں گے۔

لنڈا اسپِلکر کہتی ہیں ’ہم اس مشن کو جاری رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرتے رہیں گے۔‘

وہ مزید کہتی ہیں ’ہم اسے بند کرنے کا بٹن نہیں دبائیں گے۔ اس کے بجائے ہم وائجر کو خود فیصلہ کرنے دیں گے کہ اس کے سفر کو ختم کرنے کا وقت کب آتا ہے۔‘

ایک ’شاندار کھوج‘

ڈاکٹر بل کرتھ کہتے ہیں ’وائجر انسانی جستجو اور کھوج کا سب سے بڑا کارنامہ ہے۔ یہ درحقیقت انسانیت کی اس مہم کی نمائندگی کرتا ہے جس کے ذریعے وہ کائنات میں اپنی جگہ کو سمجھنے کی کوشش کر رہی ہے۔‘

ان کے خیال میں وائجر نے ثابت کیا کہ بیرونی سیارے ’اتنے سادہ نہیں جتنے ہم ابتدا میں سمجھتے تھے‘ اور اسی نے بعد کے خلائی مشنز کی راہ ہموار کی۔

ناسا کا یوروپا کلپر اس وقت مشتری کے چاند یوروپا کی جانب سفر کر رہا ہے، جبکہ یورپی خلائی ایجنسی کا جوپیٹر آئسی مونز ایکسپلورر (جوس) مشن 2031 میں اپنے ہدف تک پہنچنے کی توقع رکھتا ہے۔

تاہم وائجر خلائی جہازوں کا مقصد صرف زمین پر معلومات بھیجنا ہی نہیں ہے۔

ان میں سے ہر ایک میں 12 انچ قطر کی سونے سے ملمع شدہ ایک ڈسک نصب ہے، جس میں زمین کے باشندوں کی جانب سے 55 زبانوں میں ریکارڈ کیے گئے خیرسگالی کے پیغامات شامل ہیں۔ اس کے ساتھ 115 تصاویر اور ہماری زمین کی نمائندگی کرنے والی بے شمار آوازیں بھی محفوظ کی گئی ہیں، جن میں گرج چمک کی آواز اور مختلف خطوں اور ادوار کی موسیقی شامل ہے۔

یہ ڈسکیں اس مقصد کے لیے رکھی گئی تھیں کہ اگر کبھی ان خلائی جہازوں کا سامنا کسی ممکنہ ماورائے ارضی تہذیب سے ہو تو وہ انسانیت کے تعارفی پیغام کے طور پر کام کر سکیں۔

لنڈا اسپِلکر کے مطابق کسی دوسری ذہین مخلوق کے لیے ان ڈسکوں کی دریافت ایک ’غیرمعمولی دریافت‘ ہوگی اور شاید وہ اس کے ذریعے یہ جاننے کی کوشش کرے کہ زمین اور اس کے باشندے کیسے تھے۔

لنڈا اسپِلکر کہتی ہیں ’سونے سے بنی یہ ڈسک شاید ایک ارب سال تک محفوظ رہ سکے اور عین ممکن ہے کہ یہ خود انسانیت سے بھی زیادہ عرصے تک باقی رہے۔‘

اور اگر کبھی کسی ماورائے ارضی تہذیب کو وائجر مل گیا، تو ممکن ہے اسے ایک اور پراسرار پیغام بھی دریافت ہو۔

1970 کی دہائی میں ایلن کمنگز اپنے اس جذبے پر قابو نہ پا سکے کہ وہ اس سائنسی آلے پر، جس کی تیاری میں انھوں نے مدد کی تھی، اپنے ابتدائی حروف کندہ کر دیں۔

وہ ہنستے ہوئے کہتے ہیں ’اس کی اجازت نہیں لی گئی تھی۔ لیکن اب وہ میرا کیا ہی کر سکتے ہیں؟‘

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔