انڈیا کو مختصر عرصے کے لیے بھرتی کیے گئے فوجی اہلکاروں کی مدت ملازمت بڑھانے کی ضرورت کیوں پڑی؟

    • مصنف, نکیتا یادیو
    • عہدہ, بی بی سی نیوز، دہلی
  • وقت اشاعت
  • مطالعے کا وقت: 9 منٹ

انڈیا میں کئی نسلوں سے نوجوانوں کے لیے فوج میں بھرتی ایک ایسی ملازمت سمجھی جاتی تھی جو نہ صرف مستحکم روزگار اور مالی تحفظ فراہم کرتی تھی بلکہ ریٹائرمنٹ کے بعد پینشن اور ملک کی خدمت کا احساس بھی دیتی تھی۔

تاہم 2022 میں حکومت نے اس نظام میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے ایک نیا اصلاحاتی منصوبہ متعارف کرایا۔ اس منصوبے کے تحت فوج میں شامل ہونے والے نوجوان مرد اور خواتین صرف چار سال تک خدمات انجام دیں گے۔ ان میں سے صرف ایک چوتھائی افراد کو مستقل بنیادوں پر فوج میں برقرار رکھا جائے گا، جبکہ باقیوں کو ایک یک مشت رقم کی ادائیگی کے بعد عام زندگی میں واپس لوٹنا ہو گا۔

تاہم انھیں پینشن اور وہ دوسری مراعات حاصل نہیں ہوں گی، جن کی وجہ سے فوجی ملازمت طویل عرصے سے ایک پرکشش پیشہ سمجھی جاتی رہی ہے۔

اب جب بھرتی ہونے والے نوجوانوں کا پہلا گروپ اپنی چار سالہ مدتِ ملازمت مکمل کرنے کے قریب ہے، حکومت نے انھیں مزید عرصہ خدمات انجام دینے کا موقع دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اس پالیسی میں ایک اہم تبدیلی ہے جس کے نفاذ کے بعد سے اس پر شدید بحث ہوتی رہی ہے۔

چار نومبر کو چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل این ایس راجا سبرامنی نے اعلان کیا کہ اگنی پتھ یا ’آگ کا راستہ‘ پروگرام کے تحت مستقل ملازمت حاصل نہ کر سکنے والے بھرتی شدہ افراد کو مزید دو سال تک خدمات انجام دینے کی پیشکش کی جائے گی اور اس دوران انھیں زیادہ تنخواہ بھی ملے گی۔ اس کے بعد اگر وہ مقررہ انتخابی معیار پر پورا اتریں، تو انہیں باقاعدہ مسلح افواج میں شمولیت کا ایک اور موقع دیا جائے گا۔

جنرل این ایس راجا سبرامنی نے کہا کہ یہ فیصلہ مسلح افواج کی جانب سے موصول ہونے والی آرا اور تجاویز کی روشنی میں کیا گیا ہے اور اس بات پر زور دیا کہ اگنی پتھ منصوبہ برقرار رہے گا۔

تاہم اس اعلان کا وقت اہمیت رکھتا ہے۔ پہلے بیچ میں شامل 18 ہزار 300 سے زیادہ بھرتی شدہ نوجوان 2026 کے اختتام تک اپنی ابتدائی چار سالہ مدتِ ملازمت مکمل کرنے والے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس نئے انتظام کی پیشکش 3 لاکھ سے زائد اگنی ویرز کو کی جائے گی، جیسا کہ اس منصوبے کے تحت بھرتی ہونے والے افراد کو کہا جاتا ہے، جو اس وقت بری فوج، بحریہ اور فضائیہ میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

تاہم یہ ابھی واضح نہیں کہ آیا مستقبل میں بھرتی ہونے والے افراد کو بھی یہ سہولت دی جائے گی یا نہیں۔ بی بی سی نے وضاحت کے لیے انڈیا کی وزارتِ دفاع سے رابطہ کیا ہے۔

وزارتِ دفاع نے اگنی پتھ منصوبے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ داخلی جائزوں سے معلوم ہوا ہے کہ اس منصوبے کے تحت بھرتی ہونے والے نوجوان جسمانی طور پر فِٹ، پُرجوش اور نئی ٹیکنالوجی کے ساتھ مطابقت پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ وزارت کے مطابق اس سکیم کی بدولت بھرتی کا دائرہ مختلف اضلاع تک وسیع ہوا ہے اور بھرتی کا عمل زیادہ معیاری اور یکساں بنا ہے۔

تاہم ملازمت کی مدت میں توسیع کے حالیہ اعلان کے بعد اس پالیسی پر اُٹھنے والے بنیادی سوالات ایک بار پھر زیرِبحث آ گئے ہیں، خصوصاً یہ کہ اس کے بدلے میں کیے گئے سمجھوتے کس حد تک قابلِ قبول تھے اور آیا اس منصوبے کے اصل اہداف حقیقت پسندانہ تھے یا نہیں۔

جب حکومت نے اگنی پتھ منصوبہ متعارف کرایا تو اس کا مؤقف تھا کہ اس سکیم سے مسلح افواج کی اوسط عمر کم ہوگی، تنخواہوں اور پینشن کی مد میں طویل المدت اخراجات میں کمی آئے گی اور ایک ایسی جنگی قوت تشکیل دی جا سکے گی جو نسبتاً جوان اور ٹیکنالوجی کے ساتھ زیادہ ہم آہنگ ہو۔

تاہم فوجی ماہرین اور اپوزیشن رہنماؤں نے سوال اٹھایا کہ آیا چار سالہ ملازمت کا معاہدہ اس پیشے کا متبادل بن سکتا ہے جسے روایتی طور پر مسلح افواج میں ایک باوقار اور طویل المدت کیریئر سمجھا جاتا رہا ہے۔

اس منصوبے کے نمایاں ناقد ریٹائرڈ میجر جنرل یش مور کہتے ہیں ’مسلح افواج میں سپاہی بننا ان نوجوانوں کے لیے اپنی زندگی سنوارنے کا ایک موقع ہوتا تھا، ایسا موقع جس کے ذریعے وہ اپنے خاندانوں کو غربت یا نچلے متوسط طبقے کے حالات سے نکال سکتے تھے۔‘

اگنی پتھ منصوبے کے آغاز کے وقت سے متعلق خدشات بھی کم نہیں تھے۔ کووڈ وبا کے دوران فوجی بھرتیوں کا عمل تقریباً دو سال تک معطل رہا تھا، جس کے باعث ہزاروں امیدوار نئی آسامیوں کے کھلنے کے انتظار میں تھے۔

اس تبدیلی کے اعلان کے بعد ملک بھر میں بڑے پیمانے پر احتجاج ہوئے۔ بہت سے نوجوانوں کا کہنا تھا کہ جس پیشہ ورانہ راستے کے لیے وہ برسوں سے تیاری کر رہے تھے، اس کی نوعیت یکسر بدل دی گئی ہے۔

اس فیصلے کے اثرات خاص طور پر ان ریاستوں اور شہروں میں زیادہ محسوس کیے گئے جو روایتی طور پر فوجی بھرتیوں کے بڑے مراکز رہے ہیں اور جہاں نسل در نسل فوجی خدمات کو ایک خاندانی روایت سمجھا جاتا ہے۔

دہرا دون میں فوجی بھرتی کی تیاری کرانے والے ایک تربیتی ادارے کے سربراہ کلبیر سنگھ چودھری کا کہنا ہے کہ مسلح افواج میں شمولیت کے رجحان میں نمایاں کمی آئی ہے اور انھوں نے اگنی ویر امیدواروں کی تربیت کے لیے خصوصی بیچز کا انعقاد بند کر دیا ہے۔

کلبیر سنگھ چودھری کو امید ہے کہ حالیہ اعلان اس رجحان کو تبدیل کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

وہ کہتے ہیں ’طویل مدت تک خدمات انجام دینے اور بعدازاں مستقل بنیادوں پر مسلح افواج میں شامل ہونے کے امکان سے نوجوان امیدواروں کو زیادہ اعتماد مل سکتا ہے۔‘

یہ تبدیلیاں ایک ایسے وقت میں بھی سامنے آئی ہیں جب انڈین مسلح افواج کو افرادی قوت کی کمی کا سامنا ہے۔ گذشتہ سال نومبر میں انڈین ایکسپریس نے رپورٹ کیا تھا کہ صرف بری فوج کو تقریباً ایک لاکھ 80 ہزار اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے اور اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے بھرتیوں میں اضافے پر غور کیا جا رہا تھا۔

تاہم اگنی پتھ سے متعلق بحث صرف اس سوال تک محدود نہیں کہ چار سال بعد بھرتی ہونے والے نوجوانوں کا کیا بنے گا۔ ناقدین یہ سوال بھی اٹھاتے ہیں کہ کیا چار سال کی مدت کسی نوجوان کو ایک تجربہ کار سپاہی بنانے کے لیے کافی ہے۔

بارڈر سکیورٹی فورس کے سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سنجیو کرشن سود کا مؤقف ہے کہ مختصر تربیتی مدت خاص طور پر ان تکنیکی ذمہ داریوں کے لیے مسئلہ بن سکتی ہے جن کے لیے خصوصی مہارتوں کی ضرورت ہوتی ہے۔

ریٹائرڈ میجر جنرل یش مور کہتے ہیں کہ فوجی استعداد اور مؤثریت کا انحصار ایسے تجربے اور باہمی اعتماد پر ہوتا ہے، جو برسوں کی مشترکہ خدمات کے دوران پروان چڑھتا ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ ’ایک نئے بھرتی ہونے والے نوجوان کو ایک قابلِ اعتماد اور تجربہ کار سپاہی بنانے میں آٹھ سے نو سال لگتے ہیں، ایسا سپاہی جو ٹینک کے عملے، توپ خانے کی ٹیم یا کسی چھوٹے دستے کی مؤثر قیادت یا رکن کا کردار ادا کر سکے۔‘

’ان برسوں کے دوران ایک سپاہی میں وہ فوجی اقدار، رفاقت، بھائی چارے کا احساس اور جنگی جذبہ پروان چڑھتا ہے جو کسی یونٹ کو ایک دوسرے سے جوڑے رکھتے ہیں۔ یہ خصوصیات راتوں رات پیدا نہیں کی جا سکتیں۔‘

سنجیو کرشن سود کا کہنا ہے کہ اضافی دو سال کی مدت بھرتی ہونے والے نوجوانوں کی مہارتوں کو بہتر بنانے میں مدد دے سکتی ہے، خصوصاً ایسے سازوسامان کے استعمال میں جن کے لیے خصوصی تربیت درکار ہوتی ہے۔

فوج کے اعلیٰ عہدے داروں نے بھی ملازمت کی مدت میں اس توسیع کا خیرمقدم کیا ہے۔ ایئر وائس مارشل شیکھر یادو نے خبر رساں ادارے اے این آئی سے گفتگو میں کہا کہ اس سے مسلح افواج تربیت یافتہ اہلکاروں کو زیادہ عرصے تک اپنے پاس رکھنے کے قابل ہوں گی۔

تاہم یہ تبدیلی فوجی یونٹوں کے اندر نئے چیلنجز بھی پیدا کر سکتی ہے۔

باقاعدہ سپاہی، چار سالہ معاہدے پر خدمات انجام دینے والے اگنی ویرز اور مزید دو سال کی توسیع حاصل کرنے والے اہلکار ایک ہی یونٹ میں ساتھ کام کر سکتے ہیں، حالانکہ ان کی تنخواہوں، ترقی کے مواقع اور ملازمت کے بعد ملنے والی مراعات میں فرق ہوگا۔

ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ اس نوعیت کا فرق فوجی یونٹوں میں ہم آہنگی اور یکجہتی کو متاثر کر سکتے ہیں۔

اس کے ساتھ ایک اور سوال بھی جڑا ہوا ہے کہ آیا یہ تبدیلیاں حکومت کے ایک بنیادی مقصد، یعنی اخراجات میں کمی، کو متاثر کریں گی یا نہیں۔ انڈیا کے دفاعی بجٹ کا تقریباً نصف حصہ تنخواہوں اور پینشن پر خرچ ہوتا ہے، جس کے باعث فوج کی جدید کاری اور نئے سازوسامان کی خریداری کے لیے کم وسائل بچتے ہیں۔

اگنی پتھ منصوبہ متعارف کراتے وقت یہ تصور پیش کیا گیا تھا کہ طویل المدت مراعات کے اہل اہلکاروں کی تعداد محدود کرکے اس مالی بوجھ کو کم کیا جا سکے گا۔ تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ بچت حاصل کرنے کی کوشش فوجی استعداد اور مؤثریت کی قیمت پر نہیں ہونی چاہیے۔

ریٹائرڈ میجر جنرل یش مور کہتے ہیں ’ہم تبدیلیوں کے خلاف نہیں ہیں، لیکن ان کے نفاذ کے مناسب طریقے ہوتے ہیں۔‘ ان کے مطابق حکومت اس کے بجائے سالانہ بھرتیوں کی تعداد کم کر سکتی ہے جبکہ سپاہیوں کو زیادہ عرصے تک خدمات انجام دینے کا موقع برقرار رکھا جا سکتا ہے۔

وہ یہ بھی نشاندہی کرتے ہیں کہ پاکستان اور چین کے ساتھ انڈیا کی حساس سرحدوں پر فوجی دستے پورا سال تعینات رہتے ہیں، جس کے باعث افرادی قوت اور عملی تجربے کی ضرورت مسلسل برقرار رہتی ہے۔

دوسری جانب ریٹائرڈ میجر جنرل بیرندر سنگھ دھنوآ یہ سوال اٹھاتے ہیں کہ جب فوج دن بہ دن زیادہ جدید اور پیچیدہ سازوسامان چلانے کی تربیت پر سرمایہ خرچ کر رہی ہے تو کیا مختصر مدت کی ملازمت مالی اعتبار سے معقول ہے۔

وہ کہتے ہیں ’جدید سازوسامان کے لیے درکار تربیت کا دورانیہ بھی زیادہ ہوتا ہے اور اس پر آنے والی لاگت بھی۔ تو پھر کیا یہ مناسب نہیں کہ اس سرمایہ کاری سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کیا جائے؟‘

ان کے بقول جب یہ منصوبہ متعارف کرایا گیا تھا تو بہت سے ریٹائرڈ فوجی افسران نے ایک مختلف طریقۂ کار کی تجویز پیش کی تھی۔

’ہم نے یہ تجویز دی تھی کہ اگر آپ مالی بوجھ کم کرنا چاہتے ہیں تو ملازمت کی شرائط و مدت میں تبدیلی کریں۔ ان نوجوانوں کو آٹھ یا نو سال کے لیے بھرتی کریں اور اس کے بعد ان میں سے زیادہ تعداد کو برقرار رکھیں۔‘

یہ اعلان ایسے وقت میں بھی سامنے آیا ہے جب سیاسی ماحول خاصا حساس ہے۔ پنجاب، اتر پردیش اور اتراکھنڈ میں جلد انتخابات متوقع ہیں۔ یہ وہ ریاستیں ہیں جہاں سے روایتی طور پر بڑی تعداد میں نوجوان فوج میں بھرتی ہوتے رہے ہیں اور جہاں فوجی ملازمت اب بھی روزگار حاصل کرنے کا ایک اہم ذریعہ سمجھی جاتی ہے۔

اپوزیشن جماعت کانگریس نے اس ترمیم کو ’یو ٹرن‘ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت ووٹوں کے نقصان کے خدشے کے باعث اپنی پالیسی میں تبدیلی کر رہی ہے۔

اپنی چار سالہ مدتِ ملازمت مکمل کرنے کے قریب پہنچنے والے نوجوان بھرتی شدہ افراد کے لیے یہ تبدیلی کسی حد تک اطمینان کا باعث ضرور ہے، لیکن اس سے انھیں کوئی واضح ضمانت نہیں ملتی۔ مزید دو سال تک خدمات انجام دینے کا مطلب زیادہ آمدنی، زیادہ تجربہ اور مستقل فوجی کیریئر حاصل کرنے کا ایک اور موقع ہو سکتا ہے۔

تاہم بہت سے نوجوانوں کے لیے اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ انھیں اپنی مستقبل کی منصوبہ بندی مزید مؤخر کرنا ہوگی، جبکہ وہ اب بھی یہ نہیں جانتے کہ آیا بالآخر انہیں فوج میں مستقل طور پر برقرار رکھا جائے گا یا نہیں۔