سوشل میڈیا صارفین در نجات کے نئے کرداروں کا موازنہ آصف زرداری اور بینظیر بھٹو سے کیوں کر رہے ہیں؟

وقت اشاعت
مطالعے کا وقت: 5 منٹ

لوگ ابھی ابو بکر اور زریاب کے سحر سے نہیں نکلے تھے کہ درِ نجات ڈرامے کے دو نئے کرداروں ’بیلا اور امان‘ نے لوگوں کو نہ صرف اداکاری، بلکہ مکالموں کے ساتھ ساتھ ان کی ظاہری شکل و صورت اور انداز سے بھی اپنی طرف بھر پور متوجہ کیا ہے۔

شائقین کا خیال ہے کہ اس ڈرامے میں ایک نسل پہلے کے اخلاقی اور جذباتی اقدار کے ساتھ ساتھ فیشن اور پہناوے کو بھی پیش کرنے میں پروڈکشن ٹیم نے کافی توجہ اور محنت سے کام لیا ہے۔ سوشل میڈیا تبصروں میں ان کی تعریف ہو رہی ہے اور کچھ دلچسپ نقطے بھی اجاگر کیے جا رہے ہیں۔

ڈرامہ درِ نجات کے لیے کسی ایک باقاعدہ سٹائلسٹ کا نام تو سامنے نہیں آیا۔ تاہم شائقین کی دلچسپی ظاہر کیے جانے کے بعد مرکزی اداکاروں کے ملبوسات مختلف فیشن ڈیزائنرز کے براہِ راست اشتراک اور معروف ریٹیل برانڈز کی معلومات سامنے آییں جہاں سے یہ سب منتخب کیا گیا۔

زریاب کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ درِ فشان ایک صارف کی جانب سے ایسے ہی ایک لباس کی تفصیلات طلب کرنے پر انھیں یہ جواب دیتی نظر آئیں کہ انھوں نے وہ خاص جوڑا کس ڈیزائنر کا پہنا ہے۔

بیلا اور امان گجر کے کردار تفریح بھی صدمہ بھی

اس ڈرامے کے مقبول کردار ابو بکر کے والدہ ’خوش بخت‘ وہ تیسرا مرکزی کردار ہیں جو زریاب اور ابو بکر کے بعد سب سے زیادہ مقبول ہیں۔

نہ صرف ان کا دھیما میٹھا لہجہ مداحوں کا دل جیت لیتا ہے بلکہ کچھ شائقین کے خیال میں ان کا ’غیر حقیقی حد تک متحمل مزاج ہونا اور بڑی بڑی باتوں پر در گزر‘ کرنا بھی انھیں ہر دلغزیز بناتا ہے۔ جس کے بعد بقول سوشل میڈیا صارفین ’ہر ایک کو خوش بخت جیسی ساس چاہیے۔‘

لیکن جو لوگ شروع سے متجسس تھے کے وہ اتنی اچھی کیوں ہیں۔ ان کے لیے ڈرامہ نے نیا موڑ لیا اور خوش بخت کا ماضی دکھایا گیا۔

اس قصہِ ماضی میں وہ ایک نوجوان خوبصورت ضدی لڑکی ’بیلا‘ کی صورت میں سامنے آئیں۔

بیلا کا کردار سحر ہاشمی نامی اداکارہ نے ادا کیا ہے۔ 1990 کی دہائی پر مبنی فلیش بیک کہانی ان کی زندگی کے دردناک حالات، پچھتاووں اور قربانیوں کو ظاہر کرتی ہے۔

وہیں ابو بکر کے والد کا کردار خود شہریار منور نے ہی ادا کیا جو اس سے پہلے ابو بکر کی شکل میں مداحوں دلوں کی دھڑکن بنے اور اب ’امان گجر‘ کے روپ میں ایک ناپسندیدہ شخص کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

ابو بکر کے مداحوں کو یہ بات پسند نہیں آئی اور وہ کہتے ہیں کہ اس کردار کے لیے کسی اور کو لینا چاہیے تھا، کیونکہ انھیں ابو بکر کی شکل کے ساتھ منفی تاثر اچھا نہیں لگ رہا۔

ان سب سے ہٹ کر شائقین کے لیے زیادہ پر کشش بات تے ہے کہ 1980 اور 1990 کی دہائیوں کے فلیش بیک مناظر میں اداکار شہریار منور پرانے طرز کا چشمہ پہنے، گھنی مونچھیں اور نفاست سے تیار کیے گئے ونٹیج ملبوسات پہنے ہوئے نظر اتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر ان کا یہ کلاسیکی انداز موضوعِ بحث بنی ہے۔

کرداروں کے انداز کا ماضی کی سیاسی شخصیات کے موازنہ

ایک طرف ڈرامے کے شائقین کرداروں اور کہانی کے اتار چڑھاؤ پر جذباتی ہیں وہیں سوشل میڈیا صارفین کا ایک گروہ ایسا بھی ہے جنھیں بیلا اور امان گجر کی شکلوں میں میں ماضی کے پاکستان سیاستدانوں کی جوڑی نظر آگئی۔

کئی صارفین کو لگتا ہے کہ بیلا کی ظاہری شکل و صورت اور ہیئر سٹائل بینظر بھٹو کی جوانی سے نقل کیے گئے ہیں اور امان گجر کی مونچھیں، عینک اور حتیٰ کے بال بھی آصف علی زردای کے انداز کی ہوبہو کاپی ہیں۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی چند تصاویر میں واقعی یہ مشابہت صرفِ نظر کرنی والی تو دکھائی نہیں دیتی۔

یقیناً یہ تصاویر دیکھ کر اگر ساتھ ڈرامے کی تفصیل نہ لکھی جائے تو ایسا ہی لگے گا یہ کسی بائیو پک کے لیے اپنائے گئے حلیے ہو سکتے ہیں۔

کچھ ایسے نوجوان صارفین جنھوں نے شاید صدر آصف علی زرداری کی جوانی کی تصاویر نہیں دیکھیں وہ اس بات پر خوش کن حیرت کا اظہار کر رہے ہیں کہ صدر کبھی اتنے زیادہ خوبرو بھی تھے۔

انھیں میں سے ایک عروج کنول نے لکھا ’زرداری صاحب تو بہت ہینڈ سم آدمی ہیں۔‘

عریشہ نامی صارف نے ایکس پر لکھا کہ ’امان گجر کا لُک صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کی جوانی کے انداز سے متاثر ہو کر اپنایا گیا ہے۔۔۔ یا شاید یہ انداز اُس وقت کا عام فیشن رہا ہو۔ یا پھر یہ محض ایک اتفاق بھی ہو سکتا ہے؟‘

راؤ صاب کے نام سے ایک صارف نے لکھا ’ان (شہریار منور کی) کی صدر زرداری سے بہت زیادہ مشابہت ہے۔ در حقیقت اگر آصف علی زرداری کی کوئی بائیو پک بنی تو شہریار منور اس کے لیے یقینی انتخاب ہوں گے۔‘

ایسا ہی خیال رباب فاروق نامی صارف کا تھا جن کا کہنا تھا ’بینظر بھٹو اور آصف زرادری کی بائیو پک کے لیے بہترین کاسٹ۔‘

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں