آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

لائیو , ایران نے ایک ہفتے میں پچھلے ایک سال میں سب سے زیادہ حملہ آور ڈرونز اور میزائل داغے: ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے صرف گذشتہ ایک ہفتے کے دوران پچھلے ایک سال کے مقابلے میں سب سے زیادہ حملہ آور ڈرونز اور میزائل داغے ہیں۔ تاہم امریکی صدر نے اس دعوے کے لیے کسی رپورٹ یا اعداد و شمار کے ماخذ کا ذکر نہیں کیا۔

خلاصہ

لائیو کوریج

  1. ایران کی تنصیبات کے معائنے کی آئی اے ای اے کی درخواست کی کوئی قانونی بنیاد نہیں: ایرانی خارجہ پالیسی کمیٹی کے ترجمان

    ایران کی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران کی نقصان زدہ جوہری تنصیبات کا معائنہ کرنے کے لیے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی درخواست کی کوئی قانونی بنیاد نہیں۔

    حسن قشقاوی نے کہا کہ ایران، روس اور چین کا مشترکہ بیان، ایجنسی کے ’غیر معقول مطالبات‘ کے حوالے سے ان ممالک کے مؤقف کی عکاسی کرتا ہے۔

    ان کے مطابق، ’این پی ٹی کے تحت جامع حفاظتی معاہدے (سیف گارڈز) کے آرٹیکل 68 میں ان علاقوں کے بارے میں واضح طور پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا جو فوجی حملے کا نشانہ بنے ہوں، اور اس حوالے سے کوئی پروٹوکول بھی موجود نہیں ہے۔‘

    انھوں نے نتیجہ اخذ کیا کہ ’ایجنسی ہمیں ایک غیر قانونی اقدام کی دعوت دے رہی ہے۔‘

    قشقاوی نے میزان نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ’وہ معائنہ کرنا چاہتے ہیں، لیکن جب ان سے پوچھا جاتا ہے کہ وہ یہ کام کس بین الاقوامی طریقہ کار، فارمولے یا ضابطے کے تحت کرنا چاہتے ہیں تو ان کے پاس کوئی جواب نہیں ہوتا۔‘

    انھوں نے اپنی گفتگو کے ایک اور حصے میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ مغربی ممالک ایجنسی کو استعمال کرتے ہوئے ’یہ کوشش کر رہے ہیں کہ جو وہ فوجی حملے کے دوران حاصل نہیں کر سکے، شاید اسے سفارتی دباؤ کے ذریعے حاصل کر لیں۔‘

  2. کیئو کے قریب روسی حملے کے 14 گھنٹے بعد ملبے سے سات سالہ بچہ زندہ نکال لیا گیا

    یوکرین کے حکام کے مطابق دار الحکومت کیئو کے قریب واقع قصبے ڈائمر میں ایک رہائشی عمارت پر روسی حملے کے بعد ملبے تلے دبے سات سالہ بچے کو 14 گھنٹے بعد زندہ نکال لیا گیا، جبکہ حملے میں کم از کم 11 افراد ہلاک ہوئے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ بچے کی حالت خطرے سے باہر ہے اور وہ زیرِ علاج ہے۔

    یوکرین کے حکام کا کہنا ہے کہ اتوار کی صبح کیئو کے علاقے میں واقع قصبے ڈائمر پر روسی حملے کے نتیجے میں ایک رہائشی عمارت منہدم ہو گئی تھی۔

    علاقائی سربراہ تیمور تکاچینکو کے بقول ایک 79 سالہ خاتون کو بھی عمارت کے ملبے سے زندہ بچا لیا گیا اور انھیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    تکاچینکو کا کہنا ہے کہ اسی علاقے کے شہر بیلا تسرکوا میں ایک گھر پر حملے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا جبکہ عمارت میں آگ بھڑک اٹھی۔

    دوسری جانب یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ کیئو میں واقع علاقے وشنیوے پر بھی حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوئے۔

    ان کے مطابق حملے میں ایک کریانہ سٹور کو نشانہ بنایا گیا۔

    وشنیوے کے میئر ایلیا دیکوف نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ زخمیوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔

    یوکرینی حکام کے مطابق اتوار کی شام تک ملک کے 10 مختلف علاقوں میں 70 سے زیادہ حملے ریکارڈ کیے جا چکے تھے۔

  3. ٹرمپ کی جانب سے جینسن ہوانگ کی اینویڈیا میں واپسی کی حمایت

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جینسن ہوانگ کی چپ ساز امریکی کمپنی اینویڈیا میں واپسی کی حمایت کی ہے۔

    صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر پیغام میں لکھا: ’مجھے امید ہے کہ اینویڈیا کا بورڈ جینسن ہوانگ کو دوبارہ ملازمت دے گا۔ یہ کمپنی اور امریکہ، دونوں کے لیے بہترین فیصلہ ہو گا۔‘

    یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب جینسنگ ہوانگ رواں ماہ اینویڈیا کے چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے مستعفی ہو چکے ہیں۔

    جینسن ہوانگ کی رخصتی ان کی ذاتی زندگی سے متعلق ایک تنازع کے بعد ہوئی تھی جس میں ایک چینی کاروباری خاتون کے ساتھ تعلقات کے الزامات سامنے آئے تھے۔

    جبکہ یہ الزامات بھی سامنے آئے کہ جس چینی خاتون ایلس ہوانگ کے ساتھ جینسن ہوانگ کے تعلقات تھے، وہ بیجنگ کے لیے جاسوسی کرتی تھیں۔

    یہ معاملہ اس لیے بھی اہم سمجھا جا رہا ہے کیونکہ اینویڈیا مصنوعی ذہانت کے لیے استعمال ہونے والی جدید چِپس بنانے والی دنیا کی نمایاں ترین کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے۔

  4. 72 گھنٹوں کے دوران 114 جہازوں نے امریکی مدد سے آبنائے ہرمز عبور کی: برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز

    برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز سینٹر نے اعلان کیا ہے کہ 19 سے 21 نومبر کے دوران امریکی مدد سے 114 جہازوں نے آبنائے ہرمز عبور کی۔

    یہ تعداد گذشتہ سال کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہے، جب اس راستے سے روزانہ اوسطاً 138 جہاز گزرتے تھے۔

    برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز سینٹر نے اسی عرصے کے دوران بحیرہ احمر میں واقع آبنائے باب المندب سے 68 جہازوں کے گزرنے کا بھی اندراج کیا ہے۔

  5. امریکی وزارت خارجہ کی بحرین میں امریکی شہریوں کو دوبارہ وارننگ

    امریکی وزارت خارجہ نے ایک نئی وارننگ میں دوبارہ بحرین میں موجود امریکی شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ’زیادہ سے زیادہ احتیاط اور تیاری‘ کے ساتھ رہیں۔

    امریکی وزارت خارجہ کے اتوار کے روز جاری کردہ بیان، جو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر شائع کیا گیا، میں کہا گیا ہے: ’بحرین میں موجود امریکیوں کو ایران کی حمایت یافتہ حوثیوں کی جانب سے مسلح حملوں کے بڑھتے ہوئے خطرات اور خطے میں امریکی حکام اور سرکاری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی ایران کی کوششوں کے باعث زیادہ چوکنا رہنا چاہیے۔ مسافروں کو ممکنہ سکیورٹی انتباہات، پروازوں کی منسوخی، فضائی حدود کی بندش اور سفر میں رکاوٹوں کے لیے تیار رہنا چاہیے۔‘

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ایران نے کویت اور بحرین میں امریکی اہداف کے خلاف حملے کیے ہیں۔ اسی طرح ایران کے حمایت یافتہ حوثی سعودی عرب کے خلاف حملوں میں بھی ملوث رہے ہیں، جن میں شہری ہوائی اڈوں اور دیگر اہم بنیادی ڈھانچے پر حملے شامل ہیں۔ ان حملوں کے نتیجے میں عام شہری ہلاک اور زخمی ہوئے اور سفری نظام شدید متاثر ہوا۔‘

  6. اسرائیل: نیتن یاہو اور آئزنکوٹ کی جماعتوں میں اتحادی حکومت پر اتفاقِ رائے نہ ہو سکا

    اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامن نیتن یاہو اور ان کے حریف گادی آئزنکوٹ کی جماعتوں نے اتوار کے روز نئی بات چیت کا دور کسی بھی معاہدے کے بغیر ختم کر دیا، اور اتحادی حکومت کی تشکیل کے حوالے سے اتفاقِ رائے نہ ہو سکا۔

    گادی آئزنکوٹ کی قیادت میں جماعت ’یاشار‘ اور بنیامن نیتن یاہو کی قیادت میں جماعت ’لیکود‘ کے نمائندہ وفود نے گذشتہ اتوار کو ہونے والے پہلے مذاکراتی دور کے بعد دوبارہ چار گھنٹے تک ملاقات اور بات چیت کی۔

    دونوں جماعتوں نے ایک مشترکہ بیان میں کہا: ’اتحادی مذاکرات کا تازہ ترین دور ختم ہو گیا ہے۔ دونوں فریقوں نے مختلف اہم معاملات پر اپنے مؤقف بیان کیے اور ان پر تبادلہ خیال کیا۔‘

    بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک اور اجلاس بھی منعقد کیا جائے گا، تاہم اس کے وقت کا تعین نہیں کیا گیا اور مذاکرات کے بارے میں مزید تفصیلات بھی فراہم نہیں کی گئیں۔

    اسرائیلی فوج کے سابق سربراہ گادی آئزنکوٹ کے پاس 6 دسمبر (15 آذر) تک حکومت بنانے کا وقت ہے۔ اس مدت میں مزید 14 دن کی توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔

    اکتوبر میں ہونے والے انتخابات میں کسی بھی سیاسی دھڑے کو پارلیمان میں واضح اکثریت حاصل نہیں ہو سکی تھی۔

    گادی آئزنکوٹ کے 48 نشستوں پر مشتمل اتحاد کو پارلیمانی اکثریت حاصل کرنے کے لیے 61 نشستوں کی ضرورت ہے، اور حکومت کی تشکیل کے طریقہ کار پر اب بھی اختلافات برقرار ہیں۔

    اس اتحاد کے سامنے موجود امکانات میں انتہائی قدامت پسند یہودی جماعتوں کے ساتھ تعاون، عرب جماعتوں سے قربت یا جماعت ’لیکود‘ کے ساتھ قومی اتحاد کی حکومت قائم کرنا شامل ہے۔

    بنیامین نیتن یاہو قومی اتحاد کی حکومت بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، جس میں ممکن ہے کہ وزارتِ عظمیٰ کا عہدہ ان اور گادی آئزنکوٹ کے درمیان باری باری تقسیم کیا جائے۔ اس قسم کا انتظام اس سے پہلے بھی اسرائیل میں آزمایا جا چکا ہے۔

  7. ایران نے ایک ہفتے میں پچھلے ایک سال میں سب سے زیادہ حملہ آور ڈرونز اور میزائل داغے: ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

    امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے صرف گذشتہ ایک ہفتے کے دوران پچھلے ایک سال کے مقابلے میں سب سے زیادہ حملہ آور ڈرونز اور میزائل داغے ہیں۔

    امریکی صدر نے اس دعوے کے لیے کسی رپورٹ یا اعداد و شمار کے ماخذ کا ذکر نہیں کیا، تاہم انھوں نے اسے امریکی شیئر بازاروں میں آنے والی گراوٹ کی طرح کانگریس کے انتخابات میں ’ڈیموکریٹس کی کامیابی‘ کا نتیجہ قرار دیا۔

    انھوں نے اتوار کی شام اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا: ’سب کو یاد ہے کہ میں نے 3 نومبر کے وسط مدتی انتخابات کے بارے میں دو پیش گوئیاں کی تھیں۔ پہلی یہ کہ اگر ڈیموکریٹس جیت گئے تو شیئر بازار شدید گر جائیں گے، اور یہی ہوا۔ دوسری یہ کہ ایران، جس نے آج تک 81 ہزار مظاہرین کو ہلاک کیا ہے، اپنے حملے زیادہ جارحانہ کر دے گا، اور یہ بھی ہوا ہے۔‘

    امریکی صدر نے اپنی اتوار، 22 نومبر کی پوسٹ میں کسی نئی رپورٹ یا اعداد و شمار کے ماخذ کا حوالہ نہیں دیا، اور مزید کہا کہ ’ایران نے گذشتہ ہفتے ایک سال سے زیادہ عرصے میں کسی بھی وقت کے مقابلے میں زیادہ ڈرونز اور میزائل داغے ہیں۔ فکر نہ کریں، ان سب کو روک لیا گیا اور مار گرایا گیا، اور ان سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔‘

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کے خیال میں ان دونوں واقعات کی وجہ یہ ہے کہ ’ایران کے رہنما ڈیموکریٹس کو کمزور، نااہل اور ملک کو تباہ کرنے والا سمجھتے ہیں، لیکن میں ایسا نہیں ہونے دوں گا! ڈیموکریٹس اور ایران دونوں نے بھرپور کوشش کی کہ تیل کی قیمت زیادہ سے زیادہ بلند رہے، لیکن انتخابات کے بعد سے تیل کی قیمت میں ریکارڈ کمی آئی ہے۔ افسوس کہ ووٹرز نے ووٹ ڈالنے سے پہلے اس بات کو نہیں سمجھا، لیکن پورا انتخاب بہت 'عجیب' تھا۔ آخرکار، امریکہ جیت جائے گا۔‘

    امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا جب شمالی کیرولائنا میں کانگریس کے انتخابات میں ایک اور ڈیموکریٹ کی کامیابی کے بعد اس جماعت کی کانگریس میں نشستوں کی تعداد 258 تک پہنچ گئی، جو 1992 کے بعد ایوان نمائندگان میں سب سے بڑی اکثریت ہے۔

    اس سے ڈیموکریٹس کو یہ موقع ملے گا کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری صدارتی مدت کے باقی دو سالوں میں کانگریس کے قانونی اختیارات کو وائٹ ہاؤس کے مقابل استعمال کر سکیں۔

  8. گذشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ

    • جرمنی کی پارلیمان نے ملک کے انٹیلی جنس اداروں کے اختیارات میں دوسری عالمی جنگ کے خاتمے کے بعد کی سب سے بڑی اصلاحات کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت خفیہ ادارے صرف معلومات اکٹھی کرنے تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ بعض حالات میں خفیہ کارروائیاں بھی کر سکیں گے۔
    • ایران کی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں دو سپر ٹینکر سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد دھماکوں کا شکار ہوئے اور ان کی نقل و حرکت رک گئی۔
    • روس کے بالٹک علاقے کیلینن گراڈ جانے والے ایک روسی مال بردار جہاز پر ڈرون حملہ کیا گیا ہے، جس کے بعد جہاز میں لگنے والی آگ بجھانے اور اسے ڈوبنے سے بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔
    • یمن میں حوثیوں کے خلاف برسرِپیکار سعودی زیرِقیادت فوجی اتحاد کا کہنا ہے کہ اس نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے مغربی علاقے کی طرف داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل مار گرایا ہے، جبکہ حوثی حکام کے مطابق یمنی دارالحکومت صنعا میں ایک فضائی حملے کے نتیجے میں چھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
    • بحرین کی وزارتِ داخلہ نے کہا ہے کہ سنیچر کی شب ایران کے حملوں کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ زخمیوں میں ایک بحرینی شہری جبکہ دوسرا بحرین میں مقیم ایک پاکستانی شہری شامل ہے۔