ایران کی تنصیبات کے معائنے کی آئی اے ای اے کی درخواست کی کوئی قانونی بنیاد نہیں: ایرانی خارجہ پالیسی کمیٹی کے ترجمان
ایران کی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران کی نقصان زدہ جوہری تنصیبات کا معائنہ کرنے کے لیے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی درخواست کی کوئی قانونی بنیاد نہیں۔
حسن قشقاوی نے کہا کہ ایران، روس اور چین کا مشترکہ بیان، ایجنسی کے ’غیر معقول مطالبات‘ کے حوالے سے ان ممالک کے مؤقف کی عکاسی کرتا ہے۔
ان کے مطابق، ’این پی ٹی کے تحت جامع حفاظتی معاہدے (سیف گارڈز) کے آرٹیکل 68 میں ان علاقوں کے بارے میں واضح طور پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا جو فوجی حملے کا نشانہ بنے ہوں، اور اس حوالے سے کوئی پروٹوکول بھی موجود نہیں ہے۔‘
انھوں نے نتیجہ اخذ کیا کہ ’ایجنسی ہمیں ایک غیر قانونی اقدام کی دعوت دے رہی ہے۔‘
قشقاوی نے میزان نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ’وہ معائنہ کرنا چاہتے ہیں، لیکن جب ان سے پوچھا جاتا ہے کہ وہ یہ کام کس بین الاقوامی طریقہ کار، فارمولے یا ضابطے کے تحت کرنا چاہتے ہیں تو ان کے پاس کوئی جواب نہیں ہوتا۔‘
انھوں نے اپنی گفتگو کے ایک اور حصے میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ مغربی ممالک ایجنسی کو استعمال کرتے ہوئے ’یہ کوشش کر رہے ہیں کہ جو وہ فوجی حملے کے دوران حاصل نہیں کر سکے، شاید اسے سفارتی دباؤ کے ذریعے حاصل کر لیں۔‘