آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

سیستان و بلوچستان میں مسلح حملہ: ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی نیم فوجی تنظیم ’بسیج‘ کے رکن کی ہلاکت

ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان میں مسلح افراد کے حملے میں بسیج کے ایک رکن کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ بسیج، اسلامی انقلابی گارڈز کور (آئی آر جی سی) سے وابستہ رضاکار نیم فوجی فورس ہے۔

خلاصہ

لائیو کوریج

  1. یہ صفحہ اب مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا

    بی بی سی اردو کی لائیو کوریج کا سلسلہ جاری ہے تاہم اس صفحے کو اب مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا۔

    16 نومبر کی خبروں کو پڑھنے کے لیے اس لنک پر کلک کریں۔

  2. حوثیوں کا ریاض میں شاہ خالد ایئرپورٹ اور مالیاتی مرکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ، مکہ اور مدینہ کی جانب ڈرون روکنے کی اطلاعات

    حوثی گروپ انصار اللہ نے اتوار کی شام دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سعودی دارالحکومت ریاض میں واقع شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ’ایسٹ ویسٹ‘ پائپ لائن کو دو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔ سعودی حکام نے تاحال اس دعوے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

    حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ سریع نے کہا کہ گروپ نے ریاض کے علاقے میں واقع سعودی عرب کی ’ایسٹ ویسٹ‘ آئل پائپ لائن کے آئل پمپنگ سٹیشن نمبر پانچ اور چھ کو بھی دو ڈرون حملوں میں نشانہ بنایا۔

    یہ دعویٰ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی زیرِ قیادت اتحاد نے اعلان کیا تھا کہ اس نے مکہ اور مدینہ کے علاقوں کی جانب آنے والے تین ڈرونز کو تباہ کر دیا ہے۔ اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی نے حوثیوں پر مکہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کا الزام بھی عائد کیا۔

    تاہم حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ سریع نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے سعودی مؤقف کو ’جھوٹا اور من گھڑت‘ قرار دیا۔

    ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ فضائی دفاعی نظام نے ریاض کی جانب داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کر دیا۔

    دوسری جانب یحییٰ سریع نے الزام لگایا کہ سعودی اتحاد نے یمن کے مختلف علاقوں میں 75 حملے کیے، جن کے نتیجے میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عام شہری ہلاک اور زخمی ہوئے۔

    حوثیوں کے مطابق کشیدگی کے آغاز سے اب تک یمن میں سعودی فضائی حملوں کی مجموعی تعداد 5,095 تک پہنچ چکی ہے۔

  3. ایرانی وزیرِ خارجہ اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے

    ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے ہیں اور منگل کو عمان کا بھی دورہ کریں گے۔

    ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ عباس عراقچی منگل کے روز اپنے عمانی ہم منصب سے ’ملاقاتوں اور مشاورت‘ کے لیے مسقط بھی جائیں گے۔

    اسلام آباد روانگی سے قبل، عباس عراقچی نے اتوار کو لاہور میں ایران کے نو تعینات قونصل جنرل ابراہیم محمدی سے ملاقات کی۔

    اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کی وزرائے خارجہ کونسل کا 30واں اجلاس پیر کے روز اسلام آباد میں شروع ہوگا، جس میں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ سطح کے وفود شرکت کریں گے۔

    اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کا 30 واں دو روزہ اجلاس 15 اور 16 نومبر کو اسلام آباد میں ہو رہا ہے۔

  4. یمنی حکومتی فورسز کا باب المندب کے علاقے سے انخلا کا اعلان

    یمن کی حکومتی فورسز نے اعلان کیا ہے کہ وہ باب المندب آبنائے کے قریب واقع علاقوں سے انخلا کر رہی ہیں تاکہ اپنے مرکزی اڈے عدن کے دفاع پر توجہ مرکوز کر سکیں۔

    اس پسپائی کو ایران نواز حوثیوں کے خلاف جنگ میں سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

    حکومتی فورسز نے ایک بیان میں کہا: ’جنوبی مسلح افواج تعز صوبے کے مغربی حصے میں واقع ذباب ایئرپورٹ اور باب المندب کے علاقے سے افواج کی منتقلی کا اعلان کرتی ہیں۔‘

    اس انخلا کے اعلان کے ساتھ ہی یمنی حکومت کی جانب سے بحیرہ احمر کے داخلی راستے کے قریب ساحلی علاقوں کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرنے کے لیے جاری چھ ہفتوں پر مشتمل جوابی کارروائی باضابطہ طور پر ختم ہو گئی ہے۔

    حوثیوں نے ان علاقوں پر تیز رفتار پیش قدمی کے ذریعے قبضہ کر لیا تھا، جس سے سعودی عرب کی تیل برآمدات پر دباؤ بڑھ گیا تھا۔

    اس پسپائی کے بعد یہ امکان پیدا ہو گیا ہے کہ حوثی دوبارہ عدن کی جانب پیش قدمی کر سکتے ہیں، جبکہ سعودی عرب کے لیے حوثیوں کے ڈرون اور میزائل حملوں کو روکنا مزید مشکل ہو سکتا ہے۔

    2015 میں حوثیوں کے دارالحکومت صنعا پر قبضے کے بعد سے یمنی حکومتی فورسز جنوبی ساحلی شہر عدن میں قائم ہیں۔

    سعودی عرب اور حوثیوں کی جانب سے تاحال اس پیش رفت پر کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

  5. غیر مجاز راستے سے گزرنے والے دو آئل ٹینکرز بارودی سرنگ سے ٹکرا گئے: ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا دعویٰ

    ایران کی پاسدارانِ انقلاب گارڈز (آئی آر جی سی) نیوی کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد دو آئل ٹینکروں میں آگ لگ گئی اور دھماکے ہوئے ہیں۔

    پاسدارانِ انقلاب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے کے غیر مجاز راستے پر سفر کرنے والے دو آئل ٹینکر بحری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد انتہائی شدید دھماکوں کا شکار ہوئے۔‘

    آئی آر جی سی کے مطابق ان ٹینکروں نے اپنے شناختی اور محل وقوع ظاہر کرنے والے نظام بند کر کے آبنائے ہرمز سے ’خفیہ طور پر‘ گزرنے کی کوشش کی تھی۔

    بی بی سی اس دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کر سکا ہے۔

    دوسری جانب برطانیہ کے برٹش میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز سینٹر (UKMTO) نے اتوار کو بتایا کہ انڈین بحری جہاز رانی کے حکام نے آبنائے ہرمز میں ایک آئل ٹینکر پر حملے کی اطلاع دی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق یہ حملہ اُس وقت ہوا جب ٹینکر آبنائے ہرمز میں داخل ہونے سے قبل خلیج فارس میں مشرق کی جانب سفر کر رہا تھا۔

    ایران اور امریکہ دونوں آبنائے ہرمز پر کنٹرول یا اثر و رسوخ کے دعوے کرتے رہے ہیں۔

    ایرانی حکام مسلسل یہ کہتے آئے ہیں کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے صرف وہی راستہ ’محفوظ‘ ہے جس کی نشاندہی ایران نے کی ہے۔

  6. ایران کا اسرائیلی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

    ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے ایک اسرائیلی ڈرون ’آربیٹر 4‘ مار گرایا ہے۔

    ایرانی ذرائع ابلاغ نے ملک کے مغربی فضائی دفاع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ اتوار کو ’ایک دشمن آربیٹر 4 ڈرون‘ کو نہاوند کی پہاڑیوں میں فوج کے فضائی دفاعی نظام نے مار گرایا۔

    رپورٹ کے مطابق اس ڈرون کا ملبہ آج نہاوند کے پہاڑی علاقے سے برآمد کیا گیا۔ ایرانی میڈیا نے مبینہ طور پر اس طیارے کے ملبے کی تصاویر بھی شائع کی ہیں۔

    ’آربیٹر 4‘ اسرائیل کے طویل فاصلے تک پرواز کرنے والے اور حربی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے ڈرونز میں شمار ہوتا ہے۔ اسے عمودی انداز میں یا لانچر کے ذریعے فضا میں بھیجا جا سکتا ہے اور اس کے لیے رن وے کی ضرورت نہیں ہوتی۔

    یہ ڈرون مختلف نوعیت کے مشنز انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور بیک وقت کئی اقسام کے ہتھیار لے جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ اس میں نگرانی اور جاسوسی کی جدید صلاحیتیں بھی موجود ہیں۔

  7. سیستان و بلوچستان میں مسلح حملہ: ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی نیم فوجی تنظیم ’بسیج‘ کے رکن کی ہلاکت

    ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان میں مسلح افراد کے حملے میں بسیج کے ایک رکن کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ بسیج، اسلامی انقلابی گارڈز کور (آئی آر جی سی) سے وابستہ رضاکار نیم فوجی فورس ہے۔

    آئی آر جی سی سے وابستہ خبر رساں ادارے تسنیم نیوز کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت نجیب شاہ بخش کے نام سے ہوئی ہے، جو مقامی سنی مسلمان تھے۔ ادارے نے کہا کہ وہ صوبائی دارالحکومت زاہدان کے قریب کورین ضلع میں اپنے گھر واپس جاتے ہوئے مارے گئے۔

    آئی آر جی سی نے صوبے میں سکیورٹی مضبوط بنانے کے لیے مقامی رہائشیوں کو بھرتی کر کے انھیں خصوصی سکیورٹی پروگراموں کا حصہ بنانے کی کوشش کی ہے۔

    سیستان و بلوچستان کو طویل عرصے سے سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔ اس کی ایک وجہ وسیع پیمانے پر غربت کے خلاف عوامی بےچینی ہے، جبکہ بعض سنی باشندوں کا خیال ہے کہ شیعہ اکثریتی ملک میں ان کے ساتھ مذہبی امتیاز برتا جاتا ہے۔

    پاکستان اور افغانستان کے ساتھ صوبے کی طویل سرحدوں نے بھی سکیورٹی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے، کیونکہ ان کے ذریعے مختلف مسلح گروہوں کی نقل و حرکت ممکن ہوتی رہی ہے۔ ان گروہوں میں جیش العدل بھی شامل ہے، جس نے دیگر تنظیموں کے ساتھ اتحاد کے بعد اپنا نام پیپلز ریزسٹنس فرنٹ رکھ لیا تھا۔ اس کے علاوہ سرحد پار سرگرم منشیات اسمگلنگ کے نیٹ ورکس بھی خطے کی سکیورٹی کے لیے ایک بڑا چیلنج سمجھے جاتے ہیں۔

  8. سعودی عرب کی بحرین پر ایرانی حملوں کی مذمت

    سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ نے خلیجی اتحادی بحرین کو نشانہ بنانے والے ایرانی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے منامہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ریاض بحرین کی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے اس کے ساتھ کھڑا ہے۔

    بیان کے مطابق ایران کے حملے بین الاقوامی قانون اور اچھے ہمسائیگی کے اصولوں کی خلاف ورزی ہیں۔

    سعودی عرب نے خطے کے ممالک کے خلاف ’واضح ایرانی حملوں‘ کے فوری خاتمے کا مطالبہ بھی کیا۔

    سعودی بیان سے قبل مصر، اردن اور بحرین بھی ان حملوں کی مذمت کر چکے ہیں۔

  9. آبنائے ہرمز کے قریب توانائی بردار ٹینکر پر حملہ، برطانوی میری ٹائم ایجنسی کی تصدیق

    برطانیہ کی میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی یو کے میرین ٹریڈ آپریشنز نے کہا ہے کہ اسے ایک توانائی بردار ٹینکر پر حملے کی اطلاع موصول ہوئی ہے، جو انڈین شپنگ حکام کی جانب سے دی گئی۔

    ایجنسی کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب جہاز خلیج کے راستے مشرق کی جانب آبنائے ہرمز کی طرف سفر کر رہا تھا۔

    یو کے ایم ٹی او نے اپنے مشاورتی بیان میں کہا ہے کہ جہاز کے تمام عملے کے ارکان محفوظ ہیں اور ان میں سے کوئی لاپتا نہیں۔ تاہم جہاز کو پہنچنے والے نقصان اور ممکنہ ماحولیاتی اثرات کی نوعیت تاحال واضح نہیں ہے۔

    برطانوی ایجنسی نے واقعے کی تاریخ نہیں بتائی، البتہ علاقے میں موجود جہازوں کو محتاط رہنے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔

  10. ایران کی فوج کا ہدف دشمن کو شکست تسلیم کرنے پر مجبور کرنا ہے: ایرانی رکنِ پارلیمنٹ

    ایران کی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے رکن وحید احمدی نے کہا ہے کہ ایرانی فوج کی توجہ دشمن کو ’شکست تسلیم کرنے اور مشرقِ وسطیٰ سے پسپا ہونے پر مجبور کرنے‘ پر مرکوز ہے۔

    سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق انھوں نے کہا کہ فوجی قیادت اس مقصد کے لیے ’نئے اور تازہ فیصلوں‘ پر عمل کر رہی ہے، تاہم انھوں نے ان اقدامات کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

    واضح رہے کہ ایران کی اعلیٰ قیادت حالیہ دنوں میں امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جاری کم شدت کی محاذ آرائی کے حوالے سے زیادہ فعال حکمتِ عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دے رہی ہے۔

    ایران کے حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کو محض دفاعی انداز میں سنبھالنے کے بجائے ایسے اقدامات کیے جانے چاہییں جو مخالفین پر دباؤ بڑھائیں اور انھیں اپنے مؤقف پر نظرثانی کرنے پر مجبور کریں۔

  11. آئی اے ای اے کے معائنے صرف بوشہر پلانٹ تک محدود رہیں گے، ایران

    ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے انسپکٹرز کے حالیہ دورے صرف بوشہر جوہری تنصیبات تک محدود تھے۔

    اتوار کو اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ یہ معائنے ایران کی بین الاقوامی حفاظتی ذمہ داریوں اور روس کے ساتھ دوطرفہ معاہدوں کے تحت معمول کے مطابق کیے جاتے ہیں۔

    اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ ایران نے اپنی حفاظتی ذمہ داریوں کو معطل نہیں کیا، تاہم آئی اے ای اے کے ساتھ تعلقات کی موجودہ نوعیت میں اس وقت تک کوئی تبدیلی نہیں آئے گی جب تک ایجنسی ایران کی جوہری تنصیبات پر ہونے والے حملوں میں امریکہ اور اسرائیل کے کردار کو تسلیم نہیں کرتی۔

    دوسری جانب ایران میں جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) سے ممکنہ دستبرداری اور ملک کے جوہری نظریے پر نظرثانی کے بارے میں بحث شدت اختیار کر گئی ہے۔

    ماہرین کی اسمبلی نے ایک حالیہ بیان میں این پی ٹی سے دستبرداری کے امکان کا جائزہ لینے اور ایران کے دفاعی نظریے پر غور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جبکہ گذشتہ چند ہفتوں کے دوران متعدد ایرانی حکام اور ارکانِ پارلیمان نے جوہری پالیسی پر نظرثانی کی حمایت کی ہے، بعض نے کھل کر جوہری ہتھیاروں کی ضرورت پر بھی بات کی ہے۔

    ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے 29 اکتوبر کو کہا تھا کہ جوہری نظریے میں تبدیلی پر غور کیا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے ابھی تک کوئی سرکاری فیصلہ نہیں کیا گیا۔

  12. امریکہ یا کسی بھی فریق کی جارحیت کا ہر صورت جواب دیں گے: ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ

    ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بحرین میں امریکی اڈے کو نشانہ بنانے کے دعوے اور ایران کی عسکری حکمتِ عملی میں ممکنہ تبدیلی کے بارے میں سوال کے جواب میں کہا ہے کہ ’ہم پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ اپنے خلاف ہونے والے کسی بھی حملے کو جواب دیے بغیر نہیں چھوڑیں گے۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ ’امریکہ یا کسی اور فریق کی جانب سے ایران کے خلاف کسی بھی فوجی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ہم نے عملی طور پر یہ بات ثابت کی ہے اور آئندہ بھی ایران کی طاقتور مسلح افواج کی طے کردہ حکمتِ عملی کے مطابق کارروائی کریں گے۔‘

    یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اتوار کی صبح ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے اعلان کیا تھا کہ اس نے امریکی حملوں کے جواب کے ’دوسرے مرحلے‘ میں بحرین کے رفہ ہیلی کاپٹر بیس میں واقع امریکی ریڈار دفاعی تنصیب کو چھ ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔

    دوسری جانب بحرین نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایرانی ڈرونز اور دیگر فضائی اہداف کو اپنے ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی تباہ کر دیا۔

  13. بحرین کا ایران کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملے ناکام بنانے کا دعویٰ

    بحرینی فوج کا کہنا ہے کہ اُس نے ایران کی جانب سے داغے گئے متعدد میزائلوں اور ڈرونز کو اپنے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا۔

    اس سے قبل ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ بحرین میں واقع رفہ ہیلی کاپٹر بیس پر امریکی ریڈار دفاعی تنصیب کو چھ ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے۔

    بحرینی فوج نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اپنے ’منظم جارحانہ رویے‘ کو جاری رکھے ہوئے ہے۔

    خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتوار کی علی الصبح بحرین میں کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، خطرے کے سائرن بجائے گئے اور حکام نے سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں کو محفوظ مقامات پر پناہ لینے کی ہدایت کی۔

    اے ایف پی کے ایک نامہ نگار کے مطابق مقامی وقت کے مطابق صبح چار بجے پہلے دھماکے سنے گئے، جبکہ مقامی رہائشیوں نے صبح ساڑھے چھ بجے مزید دھماکوں کی اطلاعات دیں۔

    امریکی حکام نے تاحال ان اطلاعات پر کوئی ردِعمل نہیں دیا ہے۔

  14. اگر امریکہ نے حملہ کیا تو ’جنگ کا جغرافیہ‘ ایران طے کرے گا: قالیباف کی تنبیہ

    ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ اگر امریکہ نے ایران کے خلاف کوئی نئی فوجی کارروائی کی تو جنگ کا دائرہ اور مقام ایران کی مسلح افواج طے کریں گی۔

    انھوں نے پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا: ’ہمارے لیے اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ امریکہ مذاکرات کرنا چاہتا ہے یا جنگ۔ اگر اس بار امریکی کوئی غلطی کرتے ہیں تو جنگ کا جغرافیہ ایران کی مسلح افواج کی صلاحیت اور ارادہ طے کرے گا۔‘

    قالیباف نے مزید کہا کہ ’نئی جنگ کا دھواں بہت سے لوگوں کی آنکھوں میں جائے گا۔‘

    حال ہی میں مجتبیٰ خامنہ ای کی سرکاری ویب سائٹ پر شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ انہوں نے ایرانی مسلح افواج کے کمانڈروں سے ملاقات کے دوران ہدایت دی ہے کہ دشمن کی کسی بھی دھمکی کا ’فوری اور جغرافیائی حدود کی پابندی کے بغیر‘ جواب دیا جائے۔

    اسی تناظر میں ایران کی ایک زیرِ زمین میزائل تنصیب کے دورے کے دوران مسلح افواج کے چیف آف سٹاف علی عبداللہی نے خبردار کیا تھا کہ ایران پر کسی نئے حملے کی صورت میں اسلامی جمہوریہ کا ردعمل مشرقِ وسطیٰ سے باہر بھی پھیل سکتا ہے۔

    یہ بیان بھی مجتبیٰ خامنہ ای کی انہی ہدایات کے بعد سامنے آیا، جن میں دشمن کے خلاف فوری اور بغیر جغرافیائی پابندی کے جواب دینے پر زور دیا گیا تھا۔

    اس سے قبل حسین محبی، جو پاسدارانِ انقلاب فورس کے ترجمان ہیں، نے کہا تھا کہ ایران نے میزائلوں کی مار کی حد سے متعلق پابندیاں ختم کر دی ہیں اور میزائل و ڈرونز کی پیداوار کی تنصیبات زیرِ زمین منتقل کر دی ہیں۔

    ایرانی حکام کے مطابق اس وقت ایران کے میزائلوں کی مؤثر حدِ مار تقریباً 2,000 سے 2,500 کلومیٹر تک بتائی جاتی ہے۔

  15. بحرین میں امریکی فضائی دفاعی تنصیب کے ریڈار کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا گیا: پاسدارانِ انقلاب کا دعویٰ

    ایران کی پاسدارانِ انقلاب فورس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بحرین میں الرفاع ہیلی کاپٹر بیس پر موجود امریکی فضائی دفاعی نظام کے ریڈار کو 6 ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔

    ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق، پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے ایک بیان میں کہا کہ ان ڈرونز نے اپنے اہداف کو درست نشانہ بنایا اور بحرین کے مختلف علاقوں میں ان کے حملوں کی آوازیں سنی گئیں۔

    بعض عرب ذرائع ابلاغ نے بھی بحرین میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کی اطلاعات دی تھیں۔

    بحرین کے سرکاری ٹیلی وژن نے اپنی خبروں میں بتایا کہ ’بحرین کے فضائی دفاعی نظام نے ایک ایرانی ڈرون کو روک کر تباہ کر دیا۔‘

    یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب بحرین کی وزارتِ داخلہ نے دو مرتبہ ممکنہ خطرے کے حوالے سے وارننگ جاری کی اور شہریوں و غیر ملکی رہائشیوں کو پرسکون رہنے اور قریبی محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کی۔

    وزارتِ داخلہ نے اتوار کی صبح ایک مختصر بیان میں کہا: ’خطرے کا انتباہ‘ اور عوام سے اپیل کی کہ وہ سکون برقرار رکھیں، قریب ترین محفوظ مقام پر جائیں اور تازہ اطلاعات کے لیے سرکاری ذرائع ابلاغ پر نظر رکھیں تاکہ عوامی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

  16. نیتن یاہو کے قومی اتحاد کی حکومت کے منصوبے پر آئزن کوٹ کا ردعمل: ’یہ چالیں مجھ پر کام نہیں کرتیں‘

    اسرائیلی فوج کے سابق سربراہ اور یشار پارٹی کے رہنما گاڈی آئزن کوٹ نے وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو کی جانب سے ’قومی اتحاد کی حکومت‘ کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے اسے ایک سیاسی چال قرار دیا ہے۔

    گاڈی آئزن کوٹ نے کہا ہے کہ ’نیتن یاہو جانتے ہیں کہ وہ انتخابات ہار چکے ہیں اور قومی اتحاد کی حکومت کی پیشکش دراصل وقت حاصل کرنے کی کوشش ہے۔‘

    یاد رہے کہ اسرائیل کے سبکدوش ہونے والے وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو نے اپنے سیاسی حریف گادی آئزنکوٹ کے ساتھ قومی اتحاد کی حکومت بنانے کی پیشکش کی تھی اور ایران کے خطرے کے خاتمے کے اپنے عزم کا اظہار کیا تھا۔

    واضح رہے کہ آئزن کوٹ پر انتخابات کے بعد اس وقت نئی اسرائیلی حکومت کی تشکیل کی ذمہ داری عائد ہے۔

    انھوں نے نیتین یاہو کے جواب میں کہا کہ ’نیتن یاہو مذاکرات کا مطالبہ کر رہے ہیں جبکہ مذاکرات پہلے ہی طے ہو چکے ہیں۔ وہ اتحاد کی بات کرتے ہیں، لیکن تقسیم اور اشتعال انگیزی کو ہوا دے رہے ہیں۔‘

    اسرائیلی فوج کے سابق چیف آف سٹاف نے مزید کہا کہ ’یہ چالیں مجھ پر اثر انداز نہیں ہوتیں۔‘

    اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری پیغام میں آئزن کوٹ نے اسرائیلی شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ تازہ ترین دھوکا ہے، نیتن یاہو مذاکرات کا مطالبہ اس وقت کرتے ہیں جب ان کا شیڈول پہلے ہی طے ہو چکا ہوتا ہے۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’یہ اچھی کوشش ہے، لیکن یہ حربے مجھ پراور اسرائیل کے شہریوں پر اثر انداز نہیں ہوتے۔‘

    انھوں نے لکھا کہ ’تمام تقاریر اور بیانات کے باوجود حقیقت یہی ہے کہ نیتن یاہو جانتے ہیں کہ وہ انتخابات ہار چکے ہیں۔ وہ یہ بھی جانتے ہیں کہ ایک نئی اور بہتر حکومت تشکیل پانے والی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ تاخیری حکمتِ عملی اختیار کیے ہوئے ہیں تاکہ نئی حکومت کی تشکیل مشکل بنائی جا سکے اور کنیسٹ کے سپیکر کی تبدیلی کو روکا جا سکے۔‘

    یاد رہے کہ سنیچر کے روز ایک ویڈیو پیغام میں نیتن یاہو نے کہا تھا کہ جمعرات (12 نومبر) کو گاڈی آئزنکوٹ کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے بعد انھیں پہلے سے بھی زیادہ یقین ہو گیا ہے کہ اسرائیل کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے قومی اتحاد کی حکومت کی تشکیل ضروری ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ایسی حکومت ’ایرانی خطرے کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ‘ کر سکتی ہے۔

    نیتن یاہو کے مطابق مجوزہ حکومت میں صرف وہ جماعتیں شامل ہوں گی جو اسرائیل کو ’یہودی ریاست‘ تسلیم کرتی ہیں۔ قومی اتحاد کی حکومت اسرائیل کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سے نمٹے گی، جن میں سب سے اہم ایران ہے، جو نیتن یاہو کے بقول ’اسرائیل کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرے گا۔‘

    یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے ہونے والے انتخابات کے بعد 67 ارکانِ پارلیمان کی حمایت حاصل کرنے والے گادی آئزنکوٹ کو اتوار (8 نومبر) کو نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ انھیں حکومت سازی کے لیے 28 دن کا وقت دیا گیا ہے، جس میں ضرورت پڑنے پر مزید 14 دن کی توسیع کی جا سکتی ہے۔

    تجزیہ کاروں کے مطابق حکومت سازی کے لیے مذاکرات مشکل ثابت ہو سکتے ہیں۔

    نیتن یاہو کی تجویز کردہ قومی اتحاد کی حکومت میں اعتدال پسند سے لے کر دائیں بازو تک کی بڑی یہودی جماعتوں کو شامل کرنے اور عرب جماعتوں کو خارج رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

  17. بحرین کی وزارتِ داخلہ کا شہریوں کو ممکنہ خطرے سے خبردار رہنے کا انتباہ

    بحرین کی وزارتِ داخلہ نے اتوار کو شہریوں اور ملک میں مقیم افراد کو ممکنہ خطرے سے خبردار کرتے ہوئے محتاط رہنے اور ضرورت پڑنے پر قریبی محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی ہے۔

    وزارت داخلہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں عوام سے پرسکون رہنے کی اپیل کی اور کہا کہ لوگ صورتحال سے متعلق معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع اور سرکاری چینلز پر انحصار کریں۔

    بی بی سی فارسی کے مطابق یہ انتباہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سکیورٹی خدشات کے پس منظر میں جاری کیا گیا ہے، تاہم بحرین کی وزارتِ داخلہ نے فوری طور پر ممکنہ خطرے کی نوعیت کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

  18. فوجی اتحاد کا سعودی عرب پر داغے گئے حوثی بیلسٹک میزائل اور ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ

    سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے مطابق مشرقی سعودی عرب میں ایک حوثی ڈرون اور دو بیلسٹک میزائلوں کو روک کر تباہ کر دیا گیا ہے۔

    ان کے مطابق یہ کارروائی ایسے وقت میں کی گئی جب یمن کے حوثی باغی سعودی عرب کی جانب ڈرون حملوں کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نکے مطابق اتوار کی صبح دارالحکومت ریاض کی جانب داغے گئے حوثی باغیوں کے دو بیلسٹک میزائل فضا ہی میں روک کر تباہ کر دیے گئے۔

    اتحاد کے مطابق یہ کارروائی سعودی فضائی دفاعی نظام نے اس وقت کی جب میزائل ریاض کی جانب بڑھ رہے تھے۔ اس سے چند گھنٹے قبل سعودی سول ڈیفنس نے دارالحکومت میں خطرے کی وارننگ بھی جاری کی تھی۔

    یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سعودی حکام کے مطابق یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملوں کی کوششوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

    گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران سعودی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے مشرقی اور جنوبی سعودی عرب میں کئی ڈرونز کو بھی روک کر تباہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں دی گئی، تاہم یہ واقعہ سعودی عرب اور حوثی باغیوں کے درمیان جاری کشیدگی کی تازہ مثال ہے۔

    امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں کے تناظر میں خطے میں تناؤ مزید بڑھ گیا ہے اور تازہ واقعات نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازعات کے دائرے میں ایک اور محاذ کا اضافہ کر دیا ہے۔

  19. ڈیٹا پرائیویسی کی مبینہ خلاف ورزی، اٹلی نے میٹا پر کروڑوں یورو جرمانہ عائد کر دیا

    اٹلی کے ڈیٹا تحفظ کے ادارے نے اینڈرائیڈ صارفین کی تصاویر اور ویڈیوز تک ان کی رضامندی کے بغیر رسائی حاصل کرنے پر سوشل میڈیا کمپنی میٹا پر 805 ملین یورو (887 ملین ڈالر) کا جرمانہ عائد کیا ہے۔

    اطالوی ریگولیٹر کے مطابق میٹا نے تقریباً دو کروڑ سمارٹ فون صارفین کوصاف طور پر یہ نہیں بتایا کہ فیس بک ایپ کے ایک فیچر کے ذریعے کمپنی کو ان کی تصاویر اور ویڈیوز تک رسائی حاصل ہو سکتی ہے۔

    ادارے نے میٹا کو ہدایت دی ہے کہ وہ 60 روز کے اندر اس فیچر کو بطورِ ڈیفالٹ بند کرے اور صارفین سے اس کے لیے الگ سے رضامندی حاصل کرے۔

    یہ جرمانہ اٹلی میں کسی ٹیکنالوجی کمپنی پر عائد کیے جانے والے بڑے جرمانوں میں شمار ہوتا ہے۔

    یہ معاملہ فیس بک کے ایک ایسے فیچر سے متعلق ہے جو صارف کے فون کی گیلری میں موجود تصاویر اور ویڈیوز کی بنیاد پر پوسٹوں کے لیے تجاویز فراہم کرتا ہے۔

    اطالوی ریگولیٹر کا کہنا ہے کہ فیس بک صارفین سے فوٹو گیلری تک رسائی کے لیے عمومی اجازت حاصل کرتا تھا، تاہم صارفین کو یہ واضح طور پر نہیں بتایا گیا تھا کہ اس اجازت کے ذریعے گیلری میں موجود مواد کی بنیاد پر تجاویز بھی تیار کی جا سکتی ہیں۔

    ریگولیٹر کے مطابق جرمانہ مقرر کرتے وقت متاثر ہونے والے صارفین کی بڑی تعداد، مسئلے کے جاری رہنے اور میٹا کے مبینہ عدم تعاون کو بھی مدنظر رکھا گیا۔

    دوسری جانب میٹا نے فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس کے خلاف اپیل کرے گی۔

    کمپنی نے بی بی سی سے کہا کہ ’ہم حقائق کے بارے میں ریگولیٹر کی تشریح، قانون کے اطلاق اور جرمانے کی رقم سے سخت اختلاف کرتے ہیں۔‘

    میٹا کے مطابق یہ ایک سادہ فیچر ہے جو صارفین کو فیس بک پر تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے میں مدد دیتا ہے، اور اسے فعال کرنے کے لیے صارفین کو اپنے فون پر اجازت دینی ہوتی ہے، جسے وہ کسی بھی وقت تبدیل کر سکتے ہیں۔

    یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب گزشتہ ماہ انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی مالک میٹا کو اپنے کاروباری طرزِ عمل پر اب تک کے سب سے بڑے جرمانے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    امریکی ریاست نیو میکسیکو میں ایک جج نے کمپنی کو 25 ارب ڈالر (18.6 ارب پاؤنڈ) ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے قرار دیا تھا کہ کمپنی نے برسوں تک عوام کو فیس بک صارفین کے ڈیٹا کے استعمال کے بارے میں گمراہ کیا۔

  20. اسرائیلی فوج کا غزہ میں حماس کے سینئر کمانڈر کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

    اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ اس نے غزہ میں ایک فضائی حملے کے دوران حماس کے عسکری ونگ کے ایک سینئر کمانڈر کو نشانہ بنایا ہے۔

    اسرائیلی فوج نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ اس نے فلسطینی تنظیم حماس کے عسکری ونگ کے ایک سینئر کمانڈر کو نشانہ بنایا ہے، تاہم فوری طور پر اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

    دوسری جانب خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق حماس کے ذرائع نے بتایا ہے کہ جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں ہونے والے ایک اسرائیلی فضائی حملے میں کمانڈر سمیر ابو یونس ہلاک ہو گئے۔

    طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ حملہ خان یونس کے علاقے المواسی میں ایک سڑک پر کیا گیا جس میں سمیر ابو یونس جان سے گئے جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

    غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے ترجمان محمود بسال نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ امدادی کارکنوں نے 53 سالہ سمیر ابو یونس کی لاش برآمد کر لی ہے۔ ان کے مطابق حملے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے۔

    بعد ازاں عزالدین القسام بریگیڈز نے ایک بیان میں سمیر محمود ابو یونس، جنھیں ’ابو محمود‘ کے نام سے بھی جانا جاتا تھا، کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے ان کے لیے تعزیت کا اظہار کیا۔

    القسام بریگیڈز کے مطابق سمیر ابو یونس تنظیم کی جنرل ملٹری کونسل کے رکن اور رفح بریگیڈ کے کمانڈر تھے۔

    سمیر ابو یونس نے 1991 میں قسام بریگیڈز کی صفوں میں شمولیت اختیار کی اور ان میں شامل ہونے والے اولین لوگوں میں سے ایک تھے۔