لائیو , امریکہ اور ایران کے درمیان پاکستان اور قطر کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے: ایرانی سفیر

پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم کا کہنا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان پاکستان اور قطر کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایران مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم کسی حملے کی صورت میں جواب دے گا۔ ایرانی سفیر نے یمن میں جنگ کے خاتمے کے لیے چین اور روس کی سفارتی کوششوں کا بھی خیرمقدم کیا ہے۔

خلاصہ

لائیو کوریج

  1. غزہ میں ’ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز‘ کے کلینک پر حملہ، اسرائیل کا دو حماس ارکان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

    Getty Images
    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    غزہ میں طبی امداد فراہم کرنے والی بین الاقوامی تنظیم ’ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز‘ کے ایک کلینک پر اسرائیلی حملے میں اس کے دو کارکن ہلاک ہو گئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے دونوں افراد حماس کے ارکان تھے اور ان میں سے ایک حماس کے توپ خانے کے یونٹ کا کمانڈر تھا۔

    اسرائیلی فوج کے مطابق دونوں افراد غزہ شہر میں واقع کلینک میں سکیورٹی گارڈز کے طور پر کام کرتے تھے۔

    دوسری جانب ’ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز‘ نے دونوں کارکنوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حملے کو تنظیم کے لیے ’براہِ راست دھچکا‘ قرار دیا ہے۔

    تنظیم نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ’اس کی عمارتوں پر تنظیم کے نشانات واضح طور پر موجود تھے اور اس نے ان مقامات کے بارے میں اسرائیلی فوج کو پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا۔‘

    تنظیم کے مطابق اسرائیلی فوج کو معلوم تھا کہ یہ عمارتیں اس کے زیرِ استعمال ہیں۔

    اسرائیلی فوج نے کلینک یا طبی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی تردید کی ہے۔ اسرائیلی فوج نے ٹیلیگرام پر جاری بیان میں کہا کہ یہ ایک اور مثال ہے کہ حماس بین الاقوامی تنظیموں میں اپنا اثر و رسوخ کیسے استعمال کرتی ہے۔

    اس سے قبل ’ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز‘ نے بتایا تھا کہ ان دو کارکنوں کی ہلاکت کے بعد غزہ میں ہلاک ہونے والے اس کے کارکنوں کی تعداد 17 ہو گئی ہے۔

    اسرائیلی فوج نے ہلاک ہونے والے دونوں افراد کو حماس کے ارکان قرار دیا ہے، تاہم اس دعوے اور ان کی تنظیم میں حیثیت کے بارے میں ’ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز‘ کے بیان میں تفصیل موجود نہیں۔

    ایک سال سے زیادہ عرصہ قبل جنگ بندی کا معاہدہ ہونے کے باوجود غزہ پر اسرائیلی حملے جاری ہیں۔

  2. بریکنگ, سعودی عرب کا ریاض کی جانب داغا گیا کروز میزائل مار گرانے کا دعویٰ

    سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے دارالحکومت ریاض کی جانب داغا گیا حوثیوں کا ایک کروز میزائل مار گرایا ہے۔

    اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے ایکس پر لکھا کہ فضائی دفاعی نظام نے ریاض کے علاقے کی طرف آنے والے کروز میزائل کو روک کر تباہ کر دیا۔

    یہ اعلان حوثی میڈیا کی جانب سے یمن میں سعودی عرب کے حملوں کی خبریں سامنے آنے کے بعد کیا گیا۔

    حوثیوں سے وابستہ ذرائع ابلاغ کے مطابق صنعاء کے ضلع تحریر کے رہائشی علاقے بیر ابو شملہ پر سعودی حملے میں آٹھ مکانات اور تین دکانوں کو نقصان پہنچا جبکہ 13 افراد زخمی ہوئے۔

    حوثی میڈیا نے حملے کی تفصیلات جاری کی ہیں، تاہم سعودی اتحاد کے بیان میں یمن میں اس حملے کا ذکر نہیں کیا گیا۔

  3. پاکستان کی خلائی صلاحیتوں میں اضافے پر انڈیا کو تشویش، چین اور ترکی کی مدد کا دعویٰ

    ANI
    ،تصویر کا کیپشنانڈیا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل این ایس راجا سبرامنی

    انڈیا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل این ایس راجا سبرامنی نے دعویٰ کیا ہے کہ چین کی مدد سے پاکستان کی خلائی صلاحیتوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور اسے مستقبل میں ترکی کی معاونت بھی حاصل ہو سکتی ہے۔

    جمعے کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’پاکستان کا خلائی ادارہ سپارکو بھی اپنی صلاحیتیں بڑھانے کے لیے کام کر رہا ہے۔‘

    جنرل راجا سبرامنی کے مطابق انڈیا کو اپنی دفاعی حکمتِ عملی مرتب کرتے ہوئے پاکستان کی بڑھتی ہوئی خلائی صلاحیتوں کو مدنظر رکھنا ہوگا، کیونکہ اس سے پاکستان کی انٹیلیجنس، نگرانی اور جاسوسی کی صلاحیتوں میں بھی بہتری آ سکتی ہے۔

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ چین کے پاس انٹیلیجنس، نگرانی، پوزیشننگ، نیویگیشن اور وقت کے تعین سے متعلق جو صلاحیتیں موجود ہیں، وہ پاکستان کو بھی دستیاب ہو سکتی ہیں۔

    انڈیا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف نے کہا کہ انڈیا کو ان امکانات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہوگا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ خلائی نگرانی کے تیسرے مرحلے کے آغاز سے انڈیا کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

    جنرل راجا سبرامنی کے مطابق انڈیا مزید سیٹلائٹس تیار کرنے اور انھیں خلا میں بھیجنے کے طریقوں پر بھی کام کر رہا ہے اور اس سلسلے میں نجی شعبے کے اداروں کے ساتھ تعاون کیا جا رہا ہے۔

  4. امریکہ اور ایران کے درمیان پاکستان اور قطر کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے: ایرانی سفیر

    IRAN

    پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم کا کہنا ہے کہ ’امریکہ اور ایران کے درمیان پاکستان اور قطر کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے۔‘

    سی این این عربی کو انٹرویو دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ان ممالک اور ان کے وزرائے خارجہ کے ساتھ مختلف تجاویز اور خیالات کا تبادلہ کیا جا رہا ہے۔

    ایرانی سفیر نے کہا کہ ’ایران مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم اگر اس پر حملہ کیا گیا تو وہ جواب دے گا۔‘

    انھوں نے یمن میں جنگ کے خاتمے کے لیے چین اور روس کی سفارتی کوششوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ’ایران ان دونوں ممالک کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتا ہے۔‘

    ان کے مطابق چین یا کوئی دوسرا ملک اگر حوثیوں کو یمن کا ایک حقیقی فریق تسلیم کرتا ہے تو ایران ملک میں خانہ جنگی ختم کرنے کے لیے ایسی کسی بھی کوشش کا خیرمقدم کرے گا۔

  5. سینٹ کام کی شہرام ایرانی کے دعوؤں کی تردید، انھیں ’من گھڑت جھوٹ‘ قرار دیا

    @CENTCOM
    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے ایرانی فوج کے ایک کمانڈر کے متعدد دعوؤں کو ’جھوٹا‘ قرار دیتے ہوئے ان کی تردید کی ہے۔ بظاہر یہ ردعمل ایرانی بحریہ کے سربراہ ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی کے ایرانی سرکاری ٹی وی (آئی آر آئی بی) کو دیے گئے انٹرویو کے جواب میں سامنے آیا ہے۔

    سینٹ کام نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ’ایران کے پاس اب بحریہ نہیں ہے۔ ایرانی فوجی کمانڈر نے جس صورت حال کی وضاحت کی، وہ بھی ایک من گھڑت کہانی ہے جو جھوٹ پر مبنی ہے۔‘

    ایرانی بحریہ کے سربراہ نے اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ ایران کی بندرگاہیں فعال ہیں، بحریہ جہازوں کو حفاظتی حصار فراہم کر رہی ہے اور امریکی بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوششیں جاری ہیں۔

    سینٹکام نے اس دعوے کی بھی تردید کی کہ امریکی طیارہ بردار جہاز ابراہم لنکن کو ایران اور امریکہ و اسرائیل کے درمیان 28 فروری کو شروع ہونے والی جنگ کے پہلے روز نشانہ بنایا گیا تھا۔

    سینٹ کام کے مطابق اس کا بحری بیڑا ایران کی جانب سے کبھی حملے کا نشانہ نہیں بنا۔

  6. حماس کا خلیل الحیہ کے بیٹے کو قتل کرنے کی اسرائیلی کوشش ناکام بنانے کا دعویٰ

    حماس نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے تنظیم کے ایک رہنما خلیل الحیہ کے بیٹے عزالدین الحیہ کو قتل کرنے کی کوشش ناکام رہی ہے۔

    حماس کے سینئر رہنما باسم نعیم نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے آج صبح سویرے غزہ میں عزالدین الحیہ اور ان کے خاندان کو نشانہ بنایا۔

    باسم نعیم کے مطابق اس حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے، تاہم کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

    عزالدین الحیہ اپنے والد خلیل الحیہ کے واحد زندہ بچ جانے والے بیٹے ہیں۔ ان کے دیگر چار بیٹے اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہو چکے ہیں۔

    عزالدین الحیہ کے جڑواں بھائی حمام الحیہ بھی 2025 میں قطر میں حماس کے رہنماؤں کو نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے اسرائیلی فضائی حملے میں ہلاک ہوئے تھے۔

    اس خبر پر اسرائیلی فوج کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

  7. آبنائے ہرمز کے قریب دو آئل ٹینکر سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے: پاسدارانِ انقلاب

    Getty Images
    ،تصویر کا کیپشنآبنائے ہرمز (فائل فوٹو)

    ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ خصب بندرگاہ کے دہانے اور آبنائے ہرمز کے مشرق میں ’غیر مجاز‘ راستے پر دو آئل ٹینکروں میں دھماکے ہوئے اور ان میں آگ لگ گئی ہے۔

    پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’دونوں ٹینکر آبنائے ہرمز سے خفیہ طور پر گزرنے کی کوشش کر رہے تھے اور انھوں نے اپنے لوکیشن سسٹم بند کر رکھے تھے، جس کے دوران وہ سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے۔‘

    بیان کے مطابق دونوں ٹینکروں میں دھماکے اور آگ لگنے کا واقعہ اسی وجہ سے پیش آیا۔

    اس سے قبل جمعے کو پاسدارانِ انقلاب نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ اس کے دفاعی نظام کی جانب سے انتباہی فائرنگ کے بعد ایک امریکی ایف 16 طیارہ پیچھے ہٹ گیا۔

    پاسدارانِ انقلاب کے مطابق یہ طیارہ ’مخالف جہازوں کو فضائی تحفظ اور معاونت فراہم‘ کر رہا تھا اور ایران کے جزیرہ ہنگام کے جنوب مشرقی علاقے کے قریب پہنچ گیا تھا۔

  8. ایرانی بحریہ کے سربراہ کا دشمن کو بحیرہ عرب اور شمالی بحرِ ہند میں روکنے کا دعویٰ

    Getty Images
    ،تصویر کا کیپشنآبنائے ہرمز (فائل فوٹو)

    ایرانی بحریہ کے سربراہ شہرام ایرانی کا کہنا ہے کہ ایران کی مسلح افواج نے ’دشمن کو بحیرہ عرب اور شمالی بحرِ ہند میں روک دیا ہے‘ اور مستقبل میں اسے مزید پیچھے دھکیلیں گی۔

    ایرانی بحریہ کے دن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’دشمن جو ایران کے اندرونی پانیوں تک پہنچنے کی کوشش میں تھا اب آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت مانگ رہا ہے۔‘

    اسی دوران ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے مشیر اور معاون محمد مخبر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نہ تو آبنائے ہرمز کو کھولیں گے اور نہ ہی ناکہ بندی کو برقرار رہنے دیں گے۔‘

    واضح رہے کہ ایران اور امریکہ دونوں آبنائے ہرمز پر کنٹرول کا دعویٰ کرتے ہیں۔

    ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ ’گذشتہ چند روز میں آبنائے ہرمز کے ’غیر مجاز راستے‘ سے گزرنے کی کوشش کرنے والے آئل ٹینکرز کی تعداد کم ہوئی ہے۔

    دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کا کہنا ہے کہ اس نے گذشتہ روز بندر عباس سے آنے والے ایک جہاز پر فائرنگ کی اور اسے روک دیا۔

    برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز سینٹر نے بھی اعلان کیا ہے کہ 18 سے 20 نومبر کے دوران 114 جہاز امریکی مدد سے آبنائے ہرمز سے گزرے۔

  9. ٹرمپ کے پوتن کو ’دوست‘ کہنے پر زیلنسکی کا تبصرہ: ’یہ عجیب ہے‘

    زیلنسکی کا بی بی سی کو انٹرویو

    یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے امریکہ سے گہری مایوسی کا اظہار کیا ہے اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کو ’دوست‘ کہنے پر صدر ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    انھوں نے کہا ہے کہ اینٹی بیلسٹک میزائلوں کی فراہمی میں تاخیر یوکرینی عوام کی جانوں کے ضیاع کا باعث بن رہی ہے۔

    دار الحکومت کیئو میں اپنے مرکزی دفتر سے بی بی سی کو انٹرویو میں یوکرین کے صدر نے شکایت کی کہ امریکہ امن مذاکرات میں روس پر کافی دباؤ نہیں ڈال رہا۔

    انھوں نے اس بات کو ’عجیب‘ قرار دیا کہ ٹرمپ نے اپنی ایسی تصویر پوسٹ کی ہے جس میں وہ پوتن کو گلے لگا رہے ہیں۔ زیلنسکی نے کہا: ’یقینا یہ امریکہ کے صدر پر منحصر ہے، لیکن۔۔۔ یہ عجیب ہے۔‘

    روسی صدر پوتن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے مزید کہا: ’وہ ایک جارح اور قاتل ہیں، وہ دوست نہیں ہو سکتے۔ بس نہیں ہو سکتے۔‘

    تبصرہ جاری رکھتے ہوئے یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ یہ ایسے ہے جیسے کہا جائے کہ دوسری جنگِ عظیم کے دوران آپ ایڈولف ہٹلر کے دوست تھے۔

    جمعرات کو ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر پوسٹ کیا تھا کہ گذشتہ ہفتے چین میں انھوں نے پوتن سے ’یورپ کے علاقوں میں عسکری جارحیت‘ بند کرنے کا کہا تھا۔

    انھوں نے یوکرین کے ساتھ امن معاہدے کے امکان پر بھی امید ظاہر کی تھی۔

  10. پشاور سمیت دیگر علاقوں میں بھی جے یو آئی ف کا احتجاج، گورنر راج نامنظور کے نعرے اور حکومتی پالیسوں پر تنقید, عزیز اللہ خان، بی بی سی اردو، پشاور

    JUI protest

    جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی اپیل پر ملک کے مختلف علاقوں میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

    ان مظاہروں کے دوران کچھ علاقوں سے احتجاج روکنے کے لیے پولیس نے کارروائیاں کیں جبکہ کچھ علاقوں میں یہ مظاہرے پر امن بھی رہے ہیں۔

    پشاور کے مفتی محمود مرکز سے جمعیت کے کارکن اور قائدین نعرے لگاتے ہوئے رنگ روڈ پر آئے جہاں پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔

    اس احتجاجی ریلی کی قیادت جماعت کے پشاور کے امیر مولانا عطاء الحق درویش اور دیگر قائدین کر رہے تھے۔ اس موقع پر کارکن نعرہ بازی کرتے رہے جن میں گورنر راج نا منظور ، ایمر جنسی نا منظور جیسے نعرے شامل تھے۔

    مفتی محمود مرکز سے تھوڑی دور رنگ روڈ پر کبوتر چوکت پر ریلی سے قائدین نے خطاب کیا اور حکومتی پالیسیوں پر سخت تنقید کی۔

    قائدین کا الزام تھا کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور اس وقت ملک میں سیاسی اور جمہوری سرگرمیوں پر پابندی عائد کرکے عوام سے ان کا بنیادی حق بھی چھینا جا رہا ہے۔

    مولانا فضل الرحمان نے سیاسی تدبر کے تحت احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا تھا: عبدالجلیل جان

    جماعت کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات عبدالجلیل جان نے بی بی سی کو بتایا کہ جمعیت علماءاسلام نے صوبہ پنجاب میں جلسوں کا اعلان کیا تھا۔

    جلیل جان نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان سرگودھا جلسے سے خطاب کے لیے جا رہے تھے لیکن ان کے لیے تمام راستے بند کر دیے گئے تھے اور انھیں نظر بند کر دیا گیا تھا۔

    عبدالجلیل جان نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ رات مولانا فضل الرحمان کی کال پر پاکستان بھر میں ان کے کارکنوں نے روڈ موٹر وے اور تمام راستے بند کر دیے تھے اور یہ واضح کر دیا تھا کہ چند گھنٹوں میں ان کی جماعت ملک کو بند کر سکتی ہے لیکن مولانا فضل الرحمان نے سیاسی تدبر کے تحت احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    JUI protest

    ان کے مطابق یہ احتجاجی مظاہرے سیاسی سرگرمیوں پر پابندی، رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں اور حکومت کی جانب سے سرگودھا کانفرنس روکنے کے خلاف کیے گئے ہیں۔

    احتجاجی مظاہرے پشاورسمیت خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں جیسے سوات کوہستان ، ڈیرہ اسماعیل خان ، لکی مروت مردان ، چارسدہ ، سوات ، ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں کیے گئے ہیں۔

    گزشتہ رات خیبر پختوںخوا میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے تھے اور سڑکیں بند کی گئیں جس پر پولیس نے کچھ علاقوں میں جمعیت کے کارکنوں کا منتشر کرنے کے کئے لاٹھی چارج اور آنسو گیس پھینکی۔

    خیبر پختونخوا میں مشیر برائے اطلاعات ثمر ہارون بلور نے بتایا ہے کہ رات موٹر وے بند کرنے پر جمعیت کے 22 کارکنوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔

    دوسری جانب سندھ میں کراچی، لاڑکانہ، ٹھٹہ اور دیگر شہروں میں جمعیت علما اسلام کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے کیے ہیں۔

    جے یو آئی کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ مولانا فضل الرحمان اور دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کو رہا کیا جائے اور پارٹی کے مرکزی امیر کی نقل و حرکت پر پابندیوں کا خاتمہ کیا جائے۔

  11. کویت کا ایران سے سخت احتجاج، ڈرون حملے میں دو اطالوی شہریوں کی ہلاکت پر سفیر طلب

    کویت کی وزارتِ خارجہ نے جمعے کے روز ایرانی سفیر کو طلب کر کے ملک پر ’ایران کے مسلسل حملوں‘ کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔

    وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے ایرانی سفیر کو ان حملوں پر کویت کے احتجاج سے آگاہ کیا، جن میں حالیہ ڈرون حملہ بھی شامل ہے جس میں دو اطالوی شہری ہلاک جبکہ متعدد کویتی اور پاکستانی شہری زخمی ہوئے۔

    جمعرات کے روز جرمن دفاعی کمپنی رائن میٹل (Rheinmetall) نے تصدیق کی تھی کہ اس کے دو ملازمین کویت میں ہونے والے ایک ڈرون حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔

    ایران نے اس حملے میں کسی بھی قسم کے ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔

    اس کے جواب میں ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ تہران اس واقعے کے مختلف پہلوؤں کی تحقیقات اور اس کے ذمہ دار عناصر کی نشاندہی کے لیے کویت اور اٹلی کی حکومتوں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے ضروری اقدامات کرنے کے لیے تیار ہے۔

  12. امریکہ میں ’تھینکس گیونگ‘ تہوار کے دوران شدید طوفان، لاکھوں افراد متاثر

    Roofs torn off and streets under water as severe weather hits US
    ،تصویر کا کیپشنمیری لینڈ میں شدید ہواؤں کے باعث کئی پل بند کر دیے گئے جبکہ ڈیلاویئر میں بلند لہروں نے ساحلوں کو متاثر کیا اور پانی ساحلی بورڈ واک تک پہنچ گیا

    تھینکس گیونگ کی تعطیلات کے دوران امریکہ کے مشرقی اور مغربی دونوں ساحلی علاقوں میں شدید موسم کے باعث لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ ہزاروں گھروں اور کاروباری مراکز کی بجلی منقطع ہو گئی۔

    جمعرات کو مشرقی ریاستوں میں طاقتور طوفان کے ساتھ تیز ہوائیں، موسلادھار بارش اور ساحلی علاقوں میں سیلابی صورتحال دیکھنے میں آئی۔

    بجلی کی بندش پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ پاور آؤٹیج ڈاٹ یو ایس کے مطابق جمعے کی صبح تک پنسلوانیا سب سے زیادہ متاثرہ ریاست تھی۔

    ماہرینِ موسمیات کے مطابق حالات معمول پر آنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔

    ادھر مغربی ساحل بھی الگ طوفانی نظام کی زد میں ہے۔ موسم کی اس صورتحال کے باعث فضائی سفر کرنے والوں کو پروازوں میں تاخیر اور منسوخی کا بھی سامنا رہا۔

    فلائٹ اویئر کے مطابق جمعرات کو امریکہ کے اندر، امریکہ آنے والی یا امریکہ سے روانہ ہونے والی 2,500 سے زیادہ پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ 450 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ہنگامی امدادی فنڈز جاری کرنے پر غور کریں گے۔

    میری لینڈ میں شدید ہواؤں کے باعث کئی پل بند کر دیے گئے جبکہ ڈیلاویئر میں بلند لہروں نے ساحلوں کو متاثر کیا اور پانی ساحلی بورڈ واک تک پہنچ گیا۔

    نیویارک سمیت بعض ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔

    BETHANY BEACH, DELAWARE - NOVEMBER 26: A person takes a photo of rough sur on November 26, 2026 in Bethany Beach, Delaware. A Thanksgiving Day nor'easter storm is hitting the East Coast, bringing coastal flooding, heavy rain and high wind
    ،تصویر کا کیپشنتھینکس گیونگ کے موقع پر آنے والے نورایسٹر طوفان کے باعث امریکہ کے مشرقی ساحلی علاقوں میں ساحلی سیلاب، شدید بارش اور تیز ہوائیں ریکارڈ کی جا رہی ہیں

    امریکی محکمہ موسمیات کے ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق نیویارک کے مشہور سینٹرل پارک میں تقریباً دو انچ (پانچ سینٹی میٹر) بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد یہ مقام بھی اپنی تاریخ کے سب سے زیادہ بارش والے تھینکس گیونگ کا گواہ بنا۔

    شہر کی سالانہ میسیز تھینکس گیونگ پریڈ کے منتظمین نے بھی تقریب کو ہفتے تک مؤخر کر دیا ہے، جو اس سو سالہ تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے۔

    جمعرات کی شام بجلی سے محروم گھروں کی تعداد تقریباً دس لاکھ تک پہنچ گئی تھی، جبکہ پنسلوانیا، ورجینیا، میری لینڈ اور نیو جرسی سب سے زیادہ متاثرہ ریاستیں تھیں۔

    امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان جمعے کو کمزور ہو جائے گا اور ہفتے کے روز کینیڈا کے صوبوں نووا سکاٹیا اور نیوفاؤنڈ لینڈ کی جانب بڑھ جائے گا۔

    مغربی ساحل پر حکام کو غیر معمولی بلند مدوجزر اور اس سے پیدا ہونے والے سیلاب کے خطرے پر تشویش ہے۔

  13. مولانا فضل الرحمان کی اپیل پر پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے دیگر شہروں میں مظاہرے

    مولانا فضل الرحمان اور جمعیت علما اسلام ف کے دیگر قائدین کی مبینہ نظر بندی اور کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی آج دوسرے روز بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

    ،ویڈیو کیپشنمولانا فضل الرحمان کی اپیل پر پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے دیگر شہروں میں بھی مظاہرے

    نامہ نگار عزیز اللہ خان نے اس احتجاج کے حوالے سے پشاور کی صورتحال کا جائزہ لیا اور اس دوران جے یو آئی ف کے رہنماؤں سے بات چیت بھی کی۔

    رپورٹر:عزیز اللہ خان فلمنگ اور ایڈیٹنگ: بلال احمد، خیر محمد

  14. سعودی فوجی اتحاد کا ریاض کے اُوپر ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ

    T - Smoke billows from the Yemeni capital Sanaa on November 26, 2026
    ،تصویر کا کیپشنیمن کے دارالحکومت صنعا سے دھواں اٹھتا ہوا دکھائی دے رہا ہے جہاں حوثی میڈیا کے مطابق ر سعودی عرب کی جانب سے فضائی حملوں کا سلسلہ شروع کیا گیا

    سعودی قیادت میں قائم اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی نے ایک ڈرون کو تباہ کرنے کی تصدیق کی ہے۔

    ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ یہ ڈرون یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی طرف فائر کیا گیا تھا، جسے راستے میں ہی روک کر تباہ کر دیا گیا۔

    حالیہ ہفتوں میں یمن کے حوثیوں اور سعودی حمایت یافتہ فورسز کے درمیان جھڑپوں میں شدت آئی ہے۔

    آج علی الصبح حوثیوں نے دعویٰ کیا کہ مغربی یمن میں سعودی فضائی حملوں میں کم از کم 11 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

  15. بلوچستان: کوئٹہ میں مولانا فضل الرحمان کی کال پر دفعہ 144 کے باوجود احتجاجی مظاہرے

    protest

    کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں جمعیت العلماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی کال پر جمعہ کو احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

    کوئٹہ میں جے یو آئی کے کارکنوں نے دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود احتجاجی ریلی نکالی، جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے ویڈیو پیغام میں دعویٰ کیا تھا کہ وہ اس وقت ’ریاستی حصار‘ میں ہیں اور پورا لاہور شہر ریاستی رکاوٹوں سے بھرا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور بار کونسل نے ایک تقریب میں انھیں مدعو کیا تھا تاہم ’مجھے افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ میں اس وقت ریاستی حصار میں ہوں۔‘

    جے یو آئی ف نے اس اقدام کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں حبس بیجا کی پٹیشن بھی دائر کی۔

    دوسری جانب پولیس کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کے اس الزام کی تردید کا بیان سامنے آیا تھا۔

    فضل الرحمان کی کال پر احتجاج
    ،تصویر کا کیپشنکوئٹہ میں جے یو آئی کے کارکنوں نے دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود احتجاجی ریلی نکالی،

    جمعے کے روز بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں ریلی کے شرکاء مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے منان چوک پہنچے، جہاں احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمان، دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت کی۔

    انھوں نے الزام عائد کیا کہ جمہوریت کی دعویدار جماعتوں کی حکومت نے پنجاب میں پارٹی کو پُرامن جلسہ منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی۔ انھوں نے کہا کہ ان گرفتاریوں اور غیر جمہوری اقدامات سے جے یو آئی کو مرعوب نہیں کیا جا سکتا۔

    یاد رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا عبدالواسع نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ بلوچستان میں احتجاج کے دوران انھیں، بلوچستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف یونس زہری اور تین دیگر اراکین اسمبلی کو ایم پی او کے تحت نظر بند کر دیا گیا ہے جبکہ مختلف اضلاع سے جماعت کے درجنوں رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کیے جانے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

    جے یو آئی کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمان اور دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کو رہا کیا جائے اور پارٹی کے مرکزی امیر کی نقل و حرکت پر پابندیوں کا خاتمہ کیا جائے۔

  16. پاسداران انقلاب کا آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکروں کے خلاف کارروائی کا دعویٰ

    آبنائے ہرمز
    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    ایران کی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کرنے والے دو آئل ٹینکروں میں سے ایک بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا جبکہ دوسرے کو واپس مڑنے پر مجبور کیا گیا۔

    آئی آر جی سی کے مطابق غنم جزیرے کے شمال میں گزرنے والے ایک آئل ٹینکر میں بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد دھماکا ہوا جبکہ اس کے ساتھ چلنے والے دوسرے آئل ٹینکر نے اپنا راستہ بدل لیا۔

    یاد رہے کہ غنم جزیرہ آبنائے ہرمز کے دہانے پر واقع ہے اور سلطنت عمان کا حصہ ہے۔

    اس سے قبل آئی آر جی سی نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ جمعے کی صبح ایک امریکی ایف-16 طیارہ ایرانی دفاعی نظام کی جانب سے انتباہی فائر کیے جانے کے بعد ’پیچھے ہٹ گیا۔‘

    بیان کے مطابق یہ طیارہ ہنگام جزیرے کے جنوب مشرق میں ایرانی حدود کے قریب پہنچ گیا تھا اور مبینہ طور پر جہازوں کو فضائی تحفظ فراہم کر رہا تھا۔

    ایرانی حکام نے واضح نہیں کیا کہ آیا آئل ٹینکروں اور امریکی طیارے سے متعلق واقعات آپس میں منسلک تھے یا نہیں۔

    واضح رہے کہ ایران اور امریکہ دونوں آبنائے ہرمز میں اپنی موجودگی اور اثر و رسوخ کا دعویٰ کرتے ہیں۔

    آئی آر جی سی کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں ان آئل ٹینکروں کی تعداد میں کمی آئی ہے جو اس کے بقول آبنائے ہرمز سے غیر مجاز راستوں کے ذریعے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

    دوسری جانب برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے کہا ہے کہ 18 سے 20 نومبر کے درمیان 114 بحری جہاز امریکی معاونت کے ساتھ آبنائے ہرمز سے گزرے۔

  17. پاکستان میں سونے کی قیمت میں فی تولہ 11 ہزار 500 روپے اضافہ, تنویر ملک، صحافی

    سونے کی قیمت میں اضافہ

    پاکستان میں سونے کی قیمت میں جمعے کے روز فی تولہ 11 ہزار 500 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد 24 قیراط سونے کی قیمت 3 لاکھ 90 ہزار 136 روپے ہوگئی۔

    آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بڑھنے کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی نرخوں میں اضافہ ہوا۔

    10 گرام سونے کی قیمت 9 ہزار 859 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 34 ہزار 478 روپے ہوگئی۔

    عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 115 ڈالر اضافے کے بعد 3 ہزار 676 ڈالر فی اونس ہوگئی، جس کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی پڑے۔

    پاکستان میں سونے کی مقامی قیمتیں عموماً عالمی نرخوں کے مطابق مقرر کی جاتی ہیں، جس میں فی اونس تقریباً 20 ڈالر کا پریمیم بھی شامل کیا جاتا ہے۔

    اس لیے عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا براہ راست اثر مقامی نرخوں پر پڑتا ہے۔ چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔ فی تولہ چاندی 277 روپے بڑھ کر 4 ہزار 906 روپے ہوگئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 238 روپے اضافے سے 4 ہزار 206 روپے پر پہنچ گئی۔

  18. پنجاب کے ٹکڑے کرنے کے حق میں نہیں تاہم جنوبی پنجاب کے الگ صوبہ بننے کی حمایت کریں گے: بلاول بھٹو

    Bilawal Bhutto

    بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ پنجاب کےٹکڑے کیے جانے کے حق میں نہیں ہیں تاہم صرف جنوبی پنجاب کی حد تک اس بات پر قائل ہوا ہوں۔

    ان کے مطابق ’صوبہ بیک ڈور سے نہیں بنائیں گے۔‘

    پنجاب کے شہر رحیم یار خان میں ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ’میں جنوبی پنجاب کے صوبہ بنانے کے حق میں ہوں تاہم ذاتی طور پر اس بات کا حامی نہیں کہ پنجاب کو چارٹکڑوں میں تقسیم کیا جائے۔‘

    بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کے دوران کہا کہ ’جنوبی پنجاب صوبے کی حمایت اس لیے کرتے ہیں کیونکہ پنجاب اسمبلی اور یہاں کے عوام یہی چاہتے ہیں، پنجاب کے عوام اور اسمبلی کوئی فیصلہ کریں تو ان کے ساتھ ہیں۔‘

    بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ وقت انتقامی سیاست کا نہیں، نہ ہی یہ وقت نفرت، تقسیم کی سیاست کا ہے، یہ وقت عوام کےمسائل حل کرنے کا ہے۔

    چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے دعویٰ کیا کہ ’ پہلے کی طرح اب بھی عوام کوتنہا نہیں چھوڑیں گے اور جمہوری جدوجہد سے اپنا صوبہ بنا کے رہیں گے۔‘

  19. جے یو آئی کا احتجاجی مظاہروں کے دوران رہنماؤں کا نظر بندی اور کارکنوں کی گرفتاریوں کا دعویٰ, محمد کاظم، بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ

    Ghani Shezad
    ،تصویر کا کیپشنجے یو آئی کا بلوچستان میں احتجاج

    جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا عبدالواسع نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ بلوچستان میں احتجاج کے دوران انھیں، بلوچستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف یونس زہری اور تین دیگر اراکین اسمبلی کو ایم پی او کے تحت نظر بند کر دیا گیا ہے جبکہ مختلف اضلاع سے جماعت کے درجنوں رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کیے جانے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

    بی بی سی نے جب جے یو آئی کے امیر اور چار اراکینِ اسمبلی کو ہاؤس اریسٹ کرنے اور دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کے دعووں سے متعلق ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ پولیس کا کام ہے اس لیے پولیس سے پوچھا جائے۔

    ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ ضیاء اللہ مندوخیل سے جب بی بی سی نے رابطہ کیا تو انھوں نے کال وصول نہیں کی، تاہم ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عمران شوکت نے اس دعوے کی تصدیق یا تردید کرنے کی بجائے کہا کہ اس حوالے سے محکمہ داخلہ سے رابطہ کیا جائے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی کال پر بلوچستان کی تمام اہم قومی شاہراہوں کوئٹہ کراچی ، کوئٹہ تفتان ، کوئٹہ جیکب آباد ، کوئٹہ چمن ، کوئٹہ ژوب اور کوئٹہ لورالائی شاہراہ کو مختلف علاقوں میں بند کیا گیا۔ یہ شاہراہیں رات گئے تک بند رہیں۔

    جے یو آئی کے امیر مولانا عبدالواسع نے دعویٰ کیا کہ اس حتجاج کے دوران حب ، قلات اور کوئٹہ سے جے یوآئی کے رہنماوں اور کارکنوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

    مولانا عبدالواسع کے دعوے کے مطابق انھیں اور قائد حزب اختلاف یونس زہری سمیت چار اراکین اسمبلی کو ان کے گھروں میں نظر بند کیا گیا۔ دیگر اراکین میں فضل قادر مندوخیل، بلوچستان اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین اصغر ترین اور رکن اسمبلی ظفر آغا شامل ہیں۔

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ حب، قلات اور کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں سے جے یو آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں اور مختلف اضلاع سے درجنوں کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔

  20. یمن: حوثی میڈیا کا سعودی حملے میں 11 افراد کی ہلاکت کا دعویٰ

    yamen conflict
    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    حوثیوں سے وابستہ ذرائع ابلاغ نے مغربی یمن میں سعودی فوجی اتحاد کی جانب سے کیے گئے ایک حملے میں 11 افراد کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔

    حوثیوں سے منسلک صبا نیوز ایجنسی کے مطابق جمعے کو ہونے والے اس حملے میں 11 افراد جان سے گئے۔

    یہ حملہ حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب میں ایک آئل ریفائنری کو نشانہ بنانے کے ایک روز بعد سامنے آیا۔

    صبا نیوز ایجنسی نے مقامی ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ سعودی جنگی طیاروں نے جمعے کے روز صوبہ تعز کے شہر التربہ میں ایک رہائشی عمارت پر حملہ کیا، جس میں 11 شہری ہلاک ہوئے، جن میں زیادہ تر بچے تھے۔

    رپورٹ کے مطابق صعدہ کے علاقے میں ایندھن ذخیرہ کرنے کی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا، جو حوثیوں کا ایک اہم گڑھ سمجھا جاتا ہے۔

    یمن میں رواں سال بدامنی کے دوبارہ ہونے کے بعد سے یمنی حکومت کی حمایت کرنے والے سعودی اتحاد کی جانب سے حوثیوں کے زیرِ کنٹرول علاقوں پر باقاعدگی سے فضائی حملے کیے جا رہے ہیں۔

    دوسری جانب حوثی بھی آئے روز سعودی عرب کی توانائی تنصیبات، ہوائی اڈوں اور مالیاتی ڈھانچے کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

    ادھر سرکاری سعودی پریس ایجنسی کے مطابق حوثیوں نے جمعرات کو جنوبی سعودی عرب میں واقع جازان ریفائنری پر حملہ کیا، جس میں ایک شخص ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔