سونے کی قیمت میں مسلسل کمی کی وجہ کیا ہے اور آگے کیا ہو گا؟

سونے کا تاجر
    • مصنف, عمیر محمود
    • عہدہ, بی بی سی اُردو
    • مقام, اسلام آباد
  • وقت اشاعت
  • مطالعے کا وقت: 6 منٹ

پاکستان میں سونے کی قیمت میں مسلسل کمی کا رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔

رواں ماہ کے آغاز میں فی تولہ سونا تقریباً چار لاکھ سات ہزار روپے کی سطح پر تھا۔ تاہم، آج 23 نومبر تک یہ کم ہو کر تقریباً تین لاکھ 90 ہزار روپے رہ گیا ہے۔

یعنی صرف 23 روز میں سونے کی قیمت میں تقریباً 17 ہزار روپے، یا 4.2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ یہ کمی صرف پاکستانی مارکیٹ تک محدود نہیں بلکہ عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمتیں نیچے آئی ہیں۔

موجودہ کمی محض مقامی عوامل کا نتیجہ نہیں بلکہ اس کا تعلق عالمی منڈیوں میں ہونے والی تبدیلیوں سے بھی ہے، جہاں سونے کی قیمتوں پر کئی معاشی اور مالیاتی عوامل اثر انداز ہو رہے ہیں۔

سال کے آغاز میں سونے کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا تھا، تاہم، فروری کے آخر میں امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے بعد یہ گرتی چلی گئی۔

اگرچہ جنگی حالات میں سونا عموماً ایک محفوظ سرمایہ کاری تصور کیا جاتا ہے اور اس کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے، تاہم اس بار یہ روایتی رجحان نظر نہیں آیا۔

مشرقِ وسطیٰ کی اس جنگ کے باعث تیل کی رسد متاثر ہوئی اور عالمی سطح پر تیل کی منڈی میں قیمتیں اوپر گئیں۔ اس کے اثرات بین الاقوامی سطح پر سرمایہ کاری کے دیگر ذرائع پر بھی پڑے۔ ڈالر کی قیمت اور مہنگائی میں اضافہ ہوا، جبکہ سونے کی قیمت کم ہو گئی۔

اور یہی رجحان پاکستان میں بھی دیکھنے میں آ رہا ہے۔

تخطى بی بی سی اُردو موبائل ایپ وواصل القراءة
بی بی سی اردو کی نئی موبائل ایپ کی تصویر
تمام اہم خبریں ایک ایپ میں

وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں

ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية

اس لیے سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا ملک کی مارکیٹ میں سونے کی قیمت مزید کم ہو سکتی ہے؟ اور کم ہو سکتی ہے تو فی تولہ سونا کتنا نیچے جا سکتا ہے؟

یہ سوال بھی پیدا ہوتا ہے کہ کیا سونے کی قیمت دوبارہ بڑھے گی، اور اگر بڑھے گی تو کب بڑھے گی؟

جوابات کے لیے بی بی سی نے گولڈ سیکٹر سے وابستہ ماہرین سے بات کی۔

پاکستان جیمز جیولرز اینڈ ٹریڈرز ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین عمران خان ٹیسوری کے مطابق 2025 میں سونے نے عالمی سطح پر غیر معمولی منافع دیا اور کئی ریکارڈ قائم کیے تھے۔

بی بی سی سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ جنوری 2026 میں 24 کیرٹ سونے کی قیمت 5995 ڈالر تک پہنچی جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔

ان کا کہنا تھا: ’اگر گذشتہ سال کا حساب لگایا جائے تو سونے کی قیمت میں تقریباً 75 فیصد اضافہ ہوا۔ میرے خیال میں نہ کسی اور سرمایہ کاری نے اتنا فائدہ دیا اور نہ ہی بیشتر کاروبار اتنا منافع کما سکے۔‘

بی بی سی سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ’تاہم 2026 کے آغاز میں بلند ترین سطح چھونے کے بعد بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے۔‘

عمران خان ٹیسوری نے بتایا کہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت جنوری 2026 کے بعد تقریباً 32 فیصد تک کم ہوئی اور گذشتہ 14 ماہ کی کم ترین سطح کے قریب پہنچ گئی۔

ان کے بقول پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں حالیہ کمی کی بنیادی وجہ عالمی مارکیٹ میں آنے والی گراوٹ ہے، کیوں کہ ’پاکستان میں سونے کی قیمتیں عالمی منڈی سے براہ راست متاثر ہوتی ہیں۔‘

عمران خان ٹیسوری کا کہنا تھا کہ امریکی ڈالر کی مضبوطی، امریکہ میں شرح سود میں اضافہ اور سرمایہ کاروں کی جانب سے بانڈز کی طرف بڑھتا رجحان سونے کی قیمتوں میں کمی کی اہم وجوہات ہیں۔

ایک خاتون سنیار کی دکان سے باہر نکل رہی ہیں

گولڈ سیکٹر کے ماہر احسن الیاس بھی اس تجزیے سے اتفاق کرتے ہیں۔

صحافی تنویر ملک سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود اس مرتبہ سرمایہ کاروں نے سونے کے بجائے نسبتاً زیادہ منافع دینے والے مالیاتی ذرائع کا رخ کیا۔

احسن الیاس کے مطابق جب شرح سود بڑھتی ہے تو سرمایہ کاروں کو بانڈز اور دیگر مالیاتی مصنوعات میں نسبتاً آسان اور یقینی منافع ملنے لگتا ہے، جس کی وجہ سے سرمایہ سونے سے نکل کر دوسری سرمایہ کاریوں میں منتقل ہو جاتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ امریکی فیڈرل ریزرو کی متوقع پالیسیوں کو بھی سرمایہ کار پہلے سے مد نظر رکھ رہے ہیں، جس کے باعث سونے کی مارکیٹ دباؤ کا شکار ہے۔

دونوں ماہرین کا کہنا ہے کہ عام طور پر عالمی کشیدگی اور جنگی حالات میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے کیونکہ اسے محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے، تاہم اس مرتبہ صورتحال مختلف رہی۔

عمران خان ٹیسوری کے مطابق ایران، اسرائیل اور امریکہ سے وابستہ کشیدگی کے دوران بھی سونے کی قیمتوں میں وہ اضافہ نہیں دیکھا گیا جس کی توقع کی جا رہی تھی۔

احسن الیاس اس کی ایک اور وجہ سرمایہ کاروں کی بدلتی ترجیحات کو قرار دیتے ہیں۔

ان کے مطابق مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے میں بڑی سرمایہ کاریوں اور حالیہ بڑے آئی پی اوز (کسی کمپنی کے حصص پہلی بار عوام کو فروخت کرنے کا عمل) نے بھی سرمایہ کاروں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی، جس سے سونے کی طلب متاثر ہوئی۔

ان کے بقول جب کسی نئے شعبے میں زیادہ منافع کی توقع پیدا ہوتی ہے تو سرمایہ کار اپنی رقم نسبتاً محفوظ اثاثوں جیسے سونے سے نکال کر وہاں منتقل کرنے لگتے ہیں۔ اسی وجہ سے ٹیکنالوجی اور اے آئی کمپنیوں میں بڑھتی سرمایہ کاری نے بھی سونے کی مانگ اور قیمتوں پر دباؤ ڈالا۔

مستقبل کے حوالے سے دونوں ماہرین محتاط نظر آتے ہیں۔

عمران خان ٹیسوری کے مطابق سال کے آغاز میں پاکستان میں فی تولہ سونا تقریباً چھ لاکھ روپے کی سطح کے قریب پہنچ رہا تھا، لیکن بعد ازاں بین الاقوامی اور مقامی عوامل کے باعث قیمتوں میں بڑی کمی واقع ہوئی۔

بی بی سی سے گفتگو میں انھوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں فی تولہ سونا تقریباً تین لاکھ 80 ہزار روپے تک بھی آیا، جبکہ مجموعی طور پر مارکیٹ تقریباً دو لاکھ روپے فی تولہ نیچے آ چکی ہے۔

عمران خان ٹیسوری کے مطابق اگر موجودہ رجحان برقرار رہا تو پاکستان میں فی تولہ سونا ساڑھے تین لاکھ روپے کی سطح تک بھی آ سکتا ہے۔

تاہم احسن الیاس کا کہنا ہے کہ دسمبر تک قیمتوں پر دباؤ برقرار رہ سکتا ہے، جس کے بعد عالمی مالیاتی حالات نسبتاً مستحکم ہونے پر سونے کی قیمتیں دوبارہ اوپر جا سکتی ہیں۔

احسن الیاس کے مطابق پاکستانی مارکیٹ میں سونے کی قیمت اب بھی ان کے اندازے کے مطابق اپنی ’فیئر ویلیو‘ سے کچھ اوپر ہے، تاہم مارکیٹ کو اچانک جھٹکوں سے بچانے کے لیے قیمتوں میں ایڈجسٹمنٹ مرحلہ وار کی جاتی ہے۔

’فیئر ویلیو‘ سے مراد وہ قیمت ہوتی ہے جو عالمی نرخ، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر اور مقامی مارکیٹ کے عمومی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے بنتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کی سونے کی مارکیٹ نسبتاً چھوٹی ہے، اس لیے اگر قیمتوں میں ایک ہی دن میں بہت بڑی کمی کر دی جائے تو تاجروں اور سرمایہ کاروں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں سونے کی سمت کا تعین بڑی حد تک امریکی شرح سود، عالمی سرمایہ کاری کے رجحانات اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال سے ہو گا۔

ان کے مطابق اسی بنیاد پر یہ طے ہو گا کہ قیمتوں میں حالیہ کمی برقرار رہتی ہے یا سونا دوبارہ اوپر کی جانب سفر شروع کرتا ہے۔