پاکستان کے پہلے سپر سونک میزائل فتح-3 کا مقابلہ انڈیا کے براہموس سے کیوں کیا جا رہا ہے؟

ISPR
    • مصنف, منزہ انوار
    • عہدہ, بی بی سی اردو، اسلام آباد
  • وقت اشاعت
  • مطالعے کا وقت: 10 منٹ

جنوبی ایشیا میں میزائلوں کی دوڑ اب ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے جہاں طویل فاصلے تک درست نشانہ لگانے والے میزائل، ڈرونز اور سپرسونک ہتھیار جنگ کے روایتی تصورات تبدیل کر رہے ہیں۔

انڈیا کے پاس براہموس جیسے سپرسونک کروز میزائل کی موجودگی طویل عرصے سے پاکستان کے دفاعی منصوبہ سازوں کے لیے ایک اہم سٹریٹجک چیلنج رہی ہے تاہم اب پاکستان نے پہلی بار سپرسونک رفتار سے پرواز کرنے والے روایتی کروز میزائل فتح-3 کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جدید نیویگیشن اور پروپلشن سسٹمز سے لیس یہ میزائل سپرسونک رفتار سے طویل فاصلے پر موجود اہداف کو درستگی اور مہلک صلاحیت کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فتح-3 کی شمولیت پاکستان آرمی کی راکٹ فورس کمانڈ کی آپریشنل لچک اور ہدف کو نشانہ بنانے کی رسائی میں اضافہ کرے گی، جس سے ملک کی روایتی دفاعی صلاحیت مزید مضبوط ہوگی۔

سوال یہ ہے کہ فتح-3 کتنا جدید ہے، اسے انڈیا کے براہموس سے کیوں جوڑا جا رہا ہے اور یہ خطے کے عسکری توازن پر کیا اثر ڈال سکتا ہے؟

سپرسونک کروز میزائل کیا ہے؟

فتح-3 کی اہمیت سمجھنے کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ سپرسونک کروز میزائل عام کروز میزائل اور بیلسٹک میزائل سے کس طرح مختلف ہوتا ہے۔

بیلسٹک میزائل ابتدائی مرحلے میں راکٹ کی مدد سے بلند فضا میں جاتا ہے اور پھر ایک منحنی یا بیلسٹک راستے سے اپنے ہدف کی جانب آتا ہے۔ اس کے برعکس کروز میزائل پرواز کے دوران مسلسل اپنے انجن سے طاقت حاصل کرتا رہتا ہے، نسبتاً کم بلندی پر اڑ سکتا ہے، راستہ تبدیل کر سکتا ہے اور زمین کے نشیب و فراز کا سہارا لیتے ہوئے ہدف تک پہنچ سکتا ہے۔

کم بلندی پر پرواز اور مسلسل رہنمائی کی وجہ سے کروز میزائل عموماً زیادہ درست سمجھے جاتے ہیں، تاہم ان کی ایک بڑی حد یہ ہے کہ زیادہ تر روایتی کروز میزائل سب سونک رفتار، یعنی آواز کی رفتار سے کم رفتار پر سفر کرتے ہیں۔

تخطى بی بی سی اُردو موبائل ایپ وواصل القراءة
بی بی سی اردو کی نئی موبائل ایپ کی تصویر
تمام اہم خبریں ایک ایپ میں

وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں

ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية

سپرسونک کروز میزائل اس کمی کو دور کرتے ہیں۔

سٹریٹیجک ویژن انسٹیٹیوٹ سے وابستہ ہتھیاروں کے محقق حماد ولید کے مطابق ’سپرسونک کروز میزائل نہ صرف کروز میزائلوں کی درستگی، کم بلندی پر پرواز اور راستہ تبدیل کرنے جیسی خصوصیات برقرار رکھتے ہیں بلکہ آواز کی رفتار سے کئی گنا زیادہ رفتار بھی حاصل کر لیتے ہیں، جس سے انھیں روکنا مزید مشکل ہو جاتا ہے۔‘

دفاعی ماہرین کے مطابق فتح-3 کی رفتار تقریباً ماک 2.5 سے 3.5 کے درمیان ہو سکتی ہے، اگرچہ پاکستان نے ابھی تک اس کی حتمی رفتار، رینج اور دیگر تکنیکی تفصیلات سرکاری طور پر جاری نہیں کیں۔

لندن میں قائم انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ فار سٹریٹجک سٹڈیز (آئی آئی ایس ایس) کے دفاعی ماہر ڈگلس بیری کے مطابق فتح-3 کی ساخت چین کے تیار کردہ HD-1 میزائل سے کافی مشابہت رکھتی ہے۔

بی بی سی نیوز اردو سے بات کرتے ہوئے ڈگلس بیری کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اور چین کے قریبی دفاعی تعلقات کو دیکھتے ہوئے یہ حیران کن نہیں ہوگا اگر فتح-3 کی بنیاد چینی ٹیکنالوجی یا کسی چینی ڈیزائن پر ہو۔‘

انھوں نے بتایا کہ اس نوعیت کے میزائل میں ابتدائی رفتار حاصل کرنے کے لیے سالڈ راکٹ بوسٹر استعمال کیا جاتا ہے، جو اسے مطلوبہ رفتار تک پہنچاتا ہے، جس کے بعد ریم جیٹ انجن کام سنبھالتا ہے اور میزائل کو سپرسونک رفتار برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

ڈگلس بیری کا اندازہ ہے کہ یہ میزائل اپنی پرواز کے دوران، بلندی کے لحاظ سے، تقریباً آواز کی رفتار سے تین گنا زیادہ (ماک 3) رفتار سے سفر کر سکتا ہے۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی سپرسونک کروز میزائل کا سب سے بڑا فائدہ اس کی رفتار ہوتی ہے کیونکہ اس سے دشمن کے فضائی دفاعی نظام کے پاس ردعمل کا وقت کم رہ جاتا ہے، جس کے باعث ایسے ہتھیاروں کو بروقت ٹریک اور تباہ کرنا نسبتاً زیادہ مشکل ہو سکتا ہے۔

 A Brahmos supersonic cruise missile is seen on display during the International Maritime Defence Show 'Fleet-2026' in Kronstadt on June 10, 2026.
،تصویر کا کیپشنمارچ 2022 میں انڈیا کا ایک براہموس میزائل پاکستانی علاقے میں آ گرا تھا۔

براہموس بمقابلہ فتح- 3

انڈیا کا براہموس دنیا کے معروف سپر سونک کروز میزائلوں میں شمار ہوتا ہے اور انڈین فوج، بحریہ اور فضائیہ تینوں اس کے مختلف ورژنز استعمال کرتی ہیں۔

یہ انڈیا اور روس کے مشترکہ منصوبے کے تحت تیار کیا گیا اور روسی پی-800 اونکس میزائل پر مبنی نظام ہے اور اب پاکستان کے فتح تھری کو بھی اسی نوعیت کے نظام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

ٹورنٹو میں قائم دفاعی امور کے پلیٹ فارم ’قوٰہ‘ کے بانی اور چیف تجزیہ کار بلال خان نے بی بی سی اُردو سے بات کرتے ہوئے کہا چین کا HD-1 میزائل، جس کی ایک قسم HD-1C کے نام سے بھی زیرِ بحث رہی ہے، کاغذ پر براہموس کے ساتھ کئی مماثلتیں رکھتا ہے۔

ان کے مطابق چین کی دفاعی کمپنی Poly Technologies نے 2018 سے اس نظام کی پاکستان کے لیے مارکیٹنگ بھی کی ہے۔

تاہم دفاعی ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ دونوں میزائلوں کو مکمل طور پر ایک جیسا قرار دینا قبل از وقت ہو گا۔

حماد ولید کے مطابق براہموس اصل میں ایک اینٹی شپ میزائل تھا جسے بعد میں زمینی اہداف پر حملوں کے لیے بھی ڈھالا گیا، جبکہ فتح-3 کے ابتدائی تجربے سے یہ ایک لینڈ اٹیک میزائل دکھائی دیتا ہے، اگرچہ مستقبل میں اس کے بحری کردار کے حامل ورژنز بھی متعارف ہو سکتے ہیں۔

آئی آئی ایس ایس کے دفاعی ماہر ڈگلس بیری کے مطابق وسیع تر تناظر میں دیکھا جائے تو فتح-3 کا حصول کسی حد تک وہی کردار ادا کر سکتا ہے جو براہموس نے انڈیا کی روایتی طویل فاصلے تک مار کرنے والی صلاحیتوں میں ادا کیا تھا۔

ڈگلس بیری کے نزدیک فتح تھری کو پاکستان کی جانب سے انڈیا کے براہموس کے حصول کے بعد پیدا ہونے والے دفاعی فرق کو کم کرنے کی ایک کوشش کے طور پر بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

کیا فتح-3 پاکستان میں گرنے والے براہموس کی ریورس انجینیئرنگ کا نتیجہ ہے؟

فتح تھری کے حوالے سے ایک سوال مارچ 2022 کے اس واقعے سے بھی جڑا ہے جب انڈیا کا ایک براہموس میزائل تکنیکی خرابی کے باعث پاکستانی علاقے میں آ گرا تھا۔

اس واقعے نے نہ صرف دونوں ملکوں کے درمیان ایک بڑا سفارتی تنازع کھڑا کیا بلکہ اس بات پر بھی بحث شروع ہوئی کہ آیا پاکستان کو اس میزائل کے ملبے سے کوئی تکنیکی معلومات حاصل ہوئی ہوں گی۔

بلال خان کا کہنا ہے کہ میزائل کے ملبے سے یقینی طور پر اس کی ساخت، اس میں استعمال ہونے والے بعض نظاموں اور ٹیکنالوجی سے متعلق معلومات حاصل کرنا ممکن ہو سکتا ہے، مگر ان کے خیال میں یہ کہنا درست نہیں ہو گا کہ پاکستان نے براہموس کی ریورس انجینئرنگ کرکے فتح تھری تیار کیا ہے۔

حماد ولید بھی اس رائے سے اتفاق کرتے ہیں۔ ان کے مطابق عوامی سطح پر جاری ہونے والی تصاویر میں فتح-3 کا سائز یا ڈھانچہ، انٹیک یا ہوا کے داخلے کے راستے اور لانچ کا طریقۂ کار براہموس سے مختلف دکھائی دیتا ہے، اس لیے دونوں کو ایک ہی ڈیزائن کا تسلسل قرار دینا ممکن نہیں۔

دفاعی ماہرین کا ماننا ہے کہ فتح-3 اور براہموس ایک ہی قسم کے سپرسونک کروز میزائل ہیں، تاہم ضروری نہیں کہ دونوں کی ٹیکنالوجی، ڈیزائن یا تیاری کا عمل بھی ایک جیسا ہو۔

 People look at unmanned combat aerial vehicles and the Fatah-I missile system on display at a military exhibition during Independence Day celebrations in Islamabad on August 14, 2025. Pakistan will establish a new military force to supervise its missile capabilities, the prime minister has said, after its worst conflict in decades with South Asian arch-rival India.
،تصویر کا کیپشنفتح-1 اور فتح-2 بیلسٹک میزائل ہیں جبکہ فتح-4 ایک سب سونک کروز میزائل ہے۔ ان کے مقابلے میں فتح-3 کی سب سے نمایاں خصوصیت اس کی سپرسونک رفتار ہے۔

پاکستان کے میزائل پروگرام کے لیے فتح-3 کی اہمیت کیا ہے؟

پاکستان طویل عرصے سے اپنے دفاعی نظام میں بیلسٹک اور کروز میزائلوں کو بنیادی اہمیت دیتا آیا ہے۔

پاکستان نے اگست 2025 میں آرمی راکٹ فورس کمانڈ (ARFC) قائم کی تھی، جسے روایتی ہتھیاروں سے طویل فاصلے تک درست حملوں کی صلاحیتوں کے فروغ کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا گیا تھا۔

کینبرا کی نیشنل یونیورسٹی میں سٹریٹیجک اور ڈیفینس سٹڈیز کے لیکچرر ڈاکٹر منصور احمد کے مطابق پاکستان کا میزائل پروگرام ماضی میں زیادہ تر جوہری کردار کے حامل بیلسٹک اور کروز میزائلوں پر مرکوز رہا، لیکن آرمی راکٹ فورس کمانڈ کے قیام کے بعد پاکستان روایتی نوعیت کی پریسیژن سٹرائیک صلاحیتوں میں تیزی سے سرمایہ کاری کر رہا ہے اور اب روایتی جوہری صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ غیر جوہری پریسیژن سٹرائیکس یعنی درست نشانے پر حملہ کرنے کی صلاحیتوں کو بھی وسعت دے رہا ہے۔

بی بی سی نیوز اردو سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جوہری ڈیٹرنس اپنی جگہ اہم ہے، لیکن آرمی راکٹ فورس کمانڈ ایک اضافی دفاعی تہہ فراہم کرتی ہے، جس کے ذریعے پاکستان کسی ممکنہ روایتی فوجی حملے کے جواب میں جوہری ہتھیار استعمال کیے بغیر بھی ردعمل دینے کی صلاحیت بڑھا سکتا ہے اور اس طرح کے روایتی ہتھیار بحران کے دوران غیر ارادی جوہری کشیدگی کے خطرات کو کم کر سکتے ہیں۔

ڈاکٹر منصور احمد کے مطابق اس حکمت عملی کی بنیاد دو تصورات پر ہے: ڈیٹرنس بائی ڈینائل اور ڈیٹرنس بائی پنشمنٹ۔ یعنی ایک طرف مخالف کو حملے سے روکنے کی صلاحیت پیدا کرنا اور دوسری طرف حملے کی صورت میں مؤثر روایتی جواب دینے کی استعداد رکھنا۔

فتح تھری اسی وسیع تر حکمت عملی کا ایک حصہ بن سکتا ہے۔

فتح-3 کو پاکستان کے موجودہ میزائل نظاموں کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔ فتح-1 اور فتح-2 بیلسٹک میزائل ہیں جبکہ فتح-4 ایک سب سونک کروز میزائل ہے۔ ان کے مقابلے میں فتح-3 کی سب سے نمایاں خصوصیت اس کی سپرسونک رفتار ہے۔

حماد ولید کے مطابق یہ نظام پاکستان کے میزائل پروگرام میں ایک نئی تکنیکی صلاحیت کا اضافہ کرتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مختلف میزائل نظام ایک دوسرے کے متبادل نہیں بلکہ ایک ہی دفاعی نیٹ ورک کے تکمیلی حصے ہوتے ہیں، جہاں ہر نظام مختلف نوعیت کے اہداف اور آپریشنل ضروریات کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

یہ تبدیلی دراصل جدید جنگ کے بدلتے ہوئے انداز کی عکاسی بھی کرتی ہے۔ یوکرین سے مشرق وسطیٰ تک حالیہ تنازعات نے یہ واضح کیا ہے کہ جنگ اب صرف زمینی فوجوں، ٹینکوں اور توپ خانے تک محدود نہیں رہی۔ ڈرونز، کروز میزائل، بیلسٹک میزائل اور طویل فاصلے تک درست نشانہ لگانے والے ہتھیار جدید عسکری حکمت عملی میں مرکزی حیثیت اختیار کرتے جا رہے ہیں۔

اسی تناظر میں انڈیا میں بھی ایک مربوط راکٹ فورس کے قیام کی تجاویز زیرِ بحث رہی ہیں، جو مختلف نوعیت کے روایتی میزائل نظاموں کو ایک مشترکہ عسکری ڈھانچے میں استعمال کر سکے۔

کیا فتح تھری انڈیا کے فضائی دفاع کے لیے چیلنج ہوگا؟

سپرسونک رفتار کسی بھی میزائل کو دفاعی نظاموں کے لیے زیادہ پیچیدہ ہدف بنا سکتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ زیادہ رفتار سے آنے والے میزائل کے خلاف ردعمل دینے کے لیے دستیاب وقت نسبتاً کم ہو جاتا ہے۔

آئی آئی ایس ایس کے دفاعی ماہر ڈگلس بیری کے مطابق فتح-3 کی زیادہ رفتار اسے روایتی سب سونک کروز میزائلوں کے مقابلے میں روکنا زیادہ مشکل بنا سکتی ہے کیونکہ دفاعی نظاموں کے پاس ردعمل کے لیے کم وقت ہوتا ہے۔

تاہم، کسی میزائل کو روکنا صرف اس کی رفتار پر منحصر نہیں ہوتا۔ اس کی پرواز کی بلندی، ریڈار پر نمایاں ہونے کی صلاحیت، راستے میں تبدیلی، دفاعی نظام کی تکنیکی استعداد اور دیگر عوامل بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اس لیے یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ سپرسونک ہونے کی وجہ سے فتح تھری کو روکنا ناممکن ہوگا۔ البتہ اگر اس کی رفتار اور دیگر دعویٰ کردہ صلاحیتیں عملی طور پر ثابت ہوتی ہیں تو یہ انڈیا کے موجودہ فضائی دفاعی نظام کے لیے ایک نیا چیلنج ضرور بن سکتا ہے۔

Pakistan Missiles
،تصویر کا کیپشنحماد ولید کے مطابق پاکستان اور انڈیا دونوں ایسے نظاموں پر توجہ دے رہے ہیں جو دور سے حملہ کرنے، فضائی دفاع کو چکمہ دینے اور حساس اہداف کو تیزی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

جنوبی ایشیا میں اس کے کیا اثرات ہو سکتے ہیں؟

دفاعی ماہرین کا ماننا ہے کہ جنوبی ایشیا میں جنگی حکمت عملی تیزی سے بدل رہی ہے۔ روایتی افواج، ٹینکوں اور توپ خانے کے ساتھ ساتھ اب طویل فاصلے تک مار کرنے والے درست ہتھیار، ڈرونز اور میزائل زیادہ اہم ہوتے جا رہے ہیں۔

حماد ولید کے مطابق پاکستان اور انڈیا دونوں ایسے نظاموں پر توجہ دے رہے ہیں جو دور سے حملہ کرنے، فضائی دفاع کو چکمہ دینے اور حساس اہداف کو تیزی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ڈاکٹر منصور احمد کے مطابق فتح-3 پاکستان کے لیے صرف ایک نیا میزائل نہیں بلکہ ایک ایسے روایتی میزائل نیٹ ورک کی طرف قدم ہے جس میں زمین، فضا اور سمندر سے مختلف نوعیت کے حملے کیے جا سکیں۔ ان کے خیال میں مستقبل میں فتح-3 کے مزید ورژنز سامنے آ سکتے ہیں، جس طرح براہموس کا استعمال آج انڈیا کی تینوں افواج کرتی ہیں۔

اگرچہ فتح-3 کی مکمل صلاحیتوں کے بارے میں ابھی بہت سی تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں، لیکن فی الحال اتنا ضرور کہا جا سکتا ہے کہ فتح تھری پاکستان کے میزائل پروگرام میں ایک نئی جہت کا اضافہ ہے۔ یہ صرف براہموس کے مقابلے کی بات نہیں، بلکہ جنوبی ایشیا میں روایتی ڈیٹرنس، جدید جنگی ٹیکنالوجی اور مستقبل کی عسکری حکمت عملی کی بدلتی ہوئی تصویر ہے۔

اور شاید اس پیش رفت کا سب سے اہم پہلو یہی ہے کہ خطے میں دفاعی توازن اب صرف جوہری ہتھیاروں کی تعداد سے نہیں، بلکہ روایتی ہتھیاروں کی درستگی، رفتار، استعداد اور ان کے استعمال کی حکمت عملی سے بھی متعین ہونے جا رہا ہے۔