آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

لائیو , پاسداران انقلاب کا آبنائے ہرمز کے قریب ایم کیو ون ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق ’ملک کے مربوط فضائی دفاعی نیٹ ورک کے تحت کام کرنے والے ایک نئے فضائی دفاعی نظام نے آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں سیرک کے قریب ایک جدید ایم کیو ون ڈرون کو نشانہ بنایا۔‘

خلاصہ

  • یمن میں حکومتی حکام نے عدن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دو میزائل حملوں کی تصدیق کی ہے جبکہ حوثیوں کا کہنا ہے کہ سعودی فضائی حملے میں کم از کم 14 افراد ہلاک ہوئے ہیں
  • اسرائیل میں 85 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل، نیتن یاہو اور آئزنکوٹ دونوں ہی واضح اکثریت حاصل کرنے میں ناکام
  • ترک صدر رجب طیب اردوغان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران دوطرفہ تعلقات اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔
  • سپین میں دو ٹرینوں کے درمیان تصادم میں کم از کم 68 افراد ہلاک، متعدد زخمی ہوئے

لائیو کوریج

  1. ’جنوبی کوریا آبنائے ہرمز میں جنگی دستے بھیجنے کے حق میں نہیں‘

    جنوبی کوریا کے قومی سلامتی کے مشیر نے کہا ہے کہ ان کا ملک آبنائے ہرمز میں ممکنہ موجودگی کے لیے مختلف آپشنز پر غور کر رہا ہے۔

    انن کے بقول آبنائے ہرمز میں ایک بحری نگرانی کے جہاز کی تعیناتی ممکن ہے تاہم انھوں نے جنگی فوجی دستے بھیجنے کا امکان مسترد کر دیا۔

    رؤٹرز کے مطابق، وی سونگ لاک نے جمعرات کو جنوبی کوریا کی پارلیمان کی ایک کمیٹی کے اجلاس میں کہا کہ سیئول اس حوالے سے مختلف ممکنہ آپشنز پر واشنگٹن کے ساتھ بات چیت جاری رکھے ہوئے ہے۔

    انھوں نے زور دے کر کہا کہ جنگی دستوں کی تعیناتی کا آپشن زیرِ غور نہیں ہے، جو اس مؤقف کی تائید ہے جس کا اظہار اس سے پہلے جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ بھی کر چکے ہیں۔

  2. تھرپارکر میں بی ایچ یو کی ایمبولینس میں آگ لگنے سے کم از کم 8 افراد ہلاک، 5 زخمی

    پاکستان کے صوبہ صندھ کے علاقے ضلع تھرپارکر کے بی ایچ یو پلس ڈانو ڈنڈھل میں کھڑی ایک ایمبولینس میں آتشزدگی کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک جبکہ 5 افراد زخمی ہو گئے۔

    واقعے کے بارے میں جاری کی گئی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ’رات تقریباً 10 بج کر 28 منٹ پر بی ایچ یو پلس ڈانو ڈنڈھل کی ایک مڈوائف نے اطلاع دی کہ صحت مرکز میں موجود ایمبولینس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی ہے، جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا۔‘

    مبینہ طور پر آگ ایمبولینس میں موجود آکیسجن سلنڈر کے پھٹنے سے لگی۔ تاہم اس حوالےسے تحقیات کی جا رہی ہیں۔

    اطلاع ملتے ہی رورل ہیلتھ سینٹر اسلام کوٹ، بی ایچ یو کھاریو غلام شاہ، بی ایچ یو پلس وکریو، بی ایچ یو ہیرار دیدا اور ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیموں کو طلب کیا گیا، جبکہ زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ڈسپنسر دھینو مل، ڈرائیور پندھی، چوکیدار اسحاق اور آیا جسونت شامل ہیں، جبکہ دیگر چار ہلاک افراد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔

    واقعے میں زخمی ہونے والوں میں دو مڈوائف، ایک آیا کے علاوہ ایک خاتون اور ایک نومولود بچہ شامل ہیں۔ زخمیوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال نگرپارکر اور ڈی ایچ کیو ہسپتال مٹھی منتقل کیا گیا ہے۔

    بی ایچ یو کے انچارج ڈاکٹر آکاش کے مطابق وہ واقعے کے تقریباً 15 منٹ بعد موقع پر پہنچ گئے تھے، تاہم زخمی افراد شدید صدمے میں تھے اور انھیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا، جس کے باعث آگ لگنے کی وجوہات کے بارے میں فوری معلومات حاصل نہیں ہو سکیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور آتشزدگی کی وجوہات، جانی نقصان اور دیگر حقائق پر مشتمل تفصیلی رپورٹ بعد میں جاری کی جائے گی۔

    صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا تھرپارکر میں ایمبولینس میں آکسیجن سلنڈر پھٹنے کے افسوسناک واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کااظہار کیا ہے۔

    سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری بیان میں صدر زرداری نے مرنے والوں کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔

    صدر نے واقعے کی وجوہات کا فوری تعین کرنے کے لیے شفاف تحقیقات کروانے کی ہدایت کی اور کہا کہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات مؤثر بنائے جائیں۔

  3. آبنائے ہرمز میں ایک بحری جہاز میں آگ لگنے کی اطلاع: برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز سینٹر

    برطانیہ کے یونائیٹڈ کنگڈم میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (UKMTO) نے کہا ہے کہ اسے آبنائے ہرمز میں ایک بحری جہاز میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔

    ادارے کے جاری کردہ بیان کے مطابق ایک جہاز کے کپتان نے جمعرات کو گرین وچ معیاری وقت کے مطابق صبح تین بجے رپورٹ دی کہ انھوں نے عمان کے شہر خصب کے شمال میں تقریباً نو بحری میل کے فاصلے پر ایک دوسرے جہاز کو آگ کی لپیٹ میں دیکھا ہے۔

    تاحال جہاز کے عملے کی حالت، نقصان کی نوعیت یا اس واقعے کے ممکنہ ماحولیاتی اثرات کے بارے میں کوئی معلومات جاری نہیں کی گئیں۔

    برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز سینٹر نے علاقے سے گزرنے والے جہازوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ متعلقہ حکام اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

    بیان میں آگ لگنے کی وجہ یا کسی حملے کے امکان کے بارے میں کوئی اشارہ نہیں دیا گیا۔

  4. راولاکوٹ میں مبینہ اغوا کے بعد جج بازیاب، پولیس اہلکار سمیت دو افراد زخمی: پولیس کا دعویٰ, شہزاد ملک

    پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس نے ایک کارروائی کے بعد ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد اکرم کو بازیاب کرا لیا ہے، جنھیں پولیس کے مطابق کالعدم جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کارکنوں نے مبینہ طور پر اغوا کر لیا تھا۔

    راولاکوٹ پولیس کے ایک اہلکار کے مطابق جج کو بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ایک آپریشن کے دوران بازیاب کرایا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد اکرم راولاکوٹ سے پلندری کے راستے مظفر آباد جا رہے تھے کہ راستے میں مبینہ طور پر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کارکنوں نے انھیں گاڑی سمیت اسلحے کے زور پر اغوا کر لیا۔

    مقامی پولیس کے مطابق گاڑی میں جج کے ڈرائیور اور گن مین بھی موجود تھے۔

    راولاکوٹ پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران کمیٹی کے کارکنوں نے ہسپتال کے باہر فائرنگ بھی کی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار سمیت دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔

  5. پاسداران انقلاب کا آبنائے ہرمز کے قریب ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

    ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں سیرک کے قریب ایک ایم کیو ون ڈرون مار گرایا ہے۔

    ایرانی خبر رساں ادارے ارنا نے پاسدارانِ انقلاب کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ’ملک کے مربوط فضائی دفاعی نیٹ ورک کے تحت کام کرنے والے ایک نئے فضائی دفاعی نظام نے آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں سیرک کے قریب ایک جدید ایم کیو ون ڈرون کو نشانہ بنایا۔‘

    ایرانی حکام کا دعویٰ ہے کہ یہ اس نوعیت کا 14واں ڈرون ہے جسے مار گرایا گیا ہے۔

    یہ دعوے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب خطے میں کشیدگی برقرار ہے اور ایران، سعودی عرب اور حوثی گروہ کے درمیان سکیورٹی صورتحال پر خدشات بدستور موجود ہیں۔

  6. نسٹ کے 45 محققین دنیا کے ممتاز ترین سائنس دانوں کی فہرست میں شامل

    پاکستان کی نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے 45 محققین کو 2026 میں دنیا کے سرفہرست دو فیصد سائنس دانوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ یہ درجہ بندی سٹینفورڈ یونیورسٹی اور ایلسیویئر کی جانب سے مرتب کی جاتی ہے اور عالمی سطح پر ایک معتبر اعزاز سمجھی جاتی ہے۔

    نسٹ کے اعلامیے کے مطابق اس فہرست میں شامل ہونے والے نسٹ کے محققین مختلف سائنسی اور تحقیقی شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

    یونیورسٹی کے مطابق 45 میں سے 16 محققین مسلسل کئی برسوں سے اس فہرست کا حصہ بن رہے ہیں، جو ان کے مستقل تحقیقی اثر اور علمی خدمات کی عکاسی کرتا ہے۔ نسٹ کے ریکٹر ڈاکٹر محمد زاہد لطیف نے محققین کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف یونیورسٹی بلکہ پورے پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ اعزاز عالمی تحقیقی برادری میں پاکستانی سائنس دانوں کی بڑھتی ہوئی شناخت اور نسٹ کے علمی معیار کا مظہر ہے۔

  7. سعودی عرب اور کویت کا دفاعی شعبے میں تعاون کا اعادہ

    سعودی وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے کویت کے وزیرِ دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے دفاعی تعاون اور خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔

    سعودی وزیرِ دفاع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ’اس گفتگو کے دوران سعودی عرب اور کویت کے درمیان دفاعی شعبے میں برادرانہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’دونوں وزرائے دفاع نے خطے کی حالیہ پیش رفت پر بھی بات چیت کی اور سلامتی و استحکام کے تحفظ کے لیے درپیش چیلنجز اور خطرات کے مقابلے میں باہمی یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا۔‘

    یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں سکیورٹی صورتحال کے حوالے سے خدشات سر اٹھا رہے ہیں اور خطے کے ممالک دفاعی تعاون اور علاقائی استحکام کے لیے باہمی رابطے بڑھا رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب اور کویت خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے اہم رکن ہیں اور دونوں ممالک دفاعی و سکیورٹی شعبوں میں قریبی تعاون رکھتے ہیں۔

  8. سپین ٹرین حادثے میں 68 ہلاکتیں اور قومی سوگ، سانحے نے خاندانوں کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا ہے: وزیرِ اعظم پیڈرو سانچیز

    سپین کے دارالحکومت میڈرڈ کے جنوب میں اوردا کے قریب پیش آنے والے ٹرین حادثے میں کم از کم 68 افراد کی ہلاکت کے بعد تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

    بدھ کے روز پیش آنے والے اس حادثے کو یورپ کی حالیہ تاریخ کے بدترین ریل حادثات میں شمار کیا جا رہا ہے، جبکہ درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

    امدادی کارکن رات بھر تباہ شدہ بوگیوں کو کاٹ کر متاثرین کی تلاش میں مصروف رہے۔

    حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سے کئی کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔

    حادثہ بدھ کی صبح اس وقت پیش آیا جب میڈرڈ سے سیویل جانے والی ایک ٹرین ایک کھڑی ٹرین سے جا ٹکرائی۔ حکام واقعے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔

    سپین کے وزیرِ اعظم پیڈرو سانچیز نے کہا ہے کہ ’پورا سپین سوگ میں ڈوبا ہوا ہے۔ اس سانحے نے زندگیاں بدل کر رکھ دی ہیں، خاندانوں کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا ہے اور لوگوں کو گہرے دکھ سے دوچار کر دیا ہے۔‘

    وزارتِ داخلہ کے مطابق امدادی اور بحالی کی کارروائیوں کے لیے سینکڑوں اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ ڈرونز اور ہیلی کاپٹروں کی مدد سے متاثرین کی تلاش اور ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔

    سپین کے وزیرِ ٹرانسپورٹ اوسکار پونتے کے مطابق نجی ریلوے کمپنی ایریو کی چلائی جانے والی ٹرین میں 147 مسافر سوار تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ کمپیوٹر نظام میں خرابی کے باعث یہ ٹرین پٹری پر رکی ہوئی تھی۔

  9. اسرائیل میں حکومت کسی کی بھی ہو، مزاحمتی پالیسی جاری رہے گی: حزب اللہ

    لبنان کی حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نعیم قاسم کا کہنا ہے کہ ’اسرائیلی انتخابات میں کسی بھی جماعت کی کامیابی یا ناکامی سے فرق نہیں پڑتا، حزب اللہ اپنی مزاحمتی پالیسی جاری رکھے گا۔‘

    بی بی سی فارسی کے مطابق حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نعیم قاسم نے بیان میں کہا ہے کہ حزب اللہ کی جدوجہد کا تعلق اسرائیلی سیاست نہیں بلکہ اسرائیل کے ساتھ تنازع سے ہے۔‘

    بیان کے مطابق ’ہمیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ اسرائیل پر کون حکومت کرتا ہے، لیکن یہ واضح ہونا چاہیے کہ اسرائیل قبضہ برقرار نہیں رکھ سکتا اور اسے ہماری سرزمین چھوڑنی چاہیے۔‘

    یاد رہے کہ اسرائیل میں تقریباً 85 فیصد ووٹوں کی گنتی کے بعد وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو کا دائیں بازو کا اتحاد حزبِ اختلاف کے مرکزی اتحاد سے آگے دکھائی دے رہا ہے، تاہم اسے پارلیمان میں واضح اکثریت حاصل نہیں ہو سکی۔

  10. عدن ہوائی اڈے پر دو میزائل حملے، حوثیوں کا سعودی فضائی حملوں میں 14 افراد کی ہلاکت کا دعویٰ

    یمن میں جاری کشیدگی کے درمیان عدن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر میزائل حملوں اور صوبہ الجوف کے شہر الحزم میں فضائی حملے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

    یمن میں حکومتی حکام نے حوثیوں پر الزام عائد کرتے ہوئے عدن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دو میزائل حملوں کی تصدیق کی ہے جبکہ حوثیوں کا کہنا ہے کہ سعودی فضائی حملے میں کم از کم 14 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یمن میں حوثی باغیوں اور سرکاری فورسز کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔

    حوثی گروپ ایک جانب سعودی عرب کے اندر ہوائی اڈوں اور تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے دعوے کرتا ہے، جبکہ دوسری جانب سعودی فضائی حملوں کے نتیجے میں اپنے زیرِ کنٹرول علاقوں میں جانی نقصان کی اطلاعات بھی دیتا ہے۔

    یمن کی وزارتِ ٹرانسپورٹ نے ایک حالیہ بیان میں کہا کہ حوثیوں کی جانب سے عدن ہوائی اڈے کو حالیہ دنوں میں چھ مرتبہ نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ وزارت کے مطابق بدھ کو دو حملے مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک اور تین بجے کیے گئے۔

    وزارت نے کہا کہ ہوائی اڈے پر بار بار حملے مسافروں، پروازوں کے عملے اور ہوائی اڈے کے کارکنوں کی جانوں کے لیے براہِ راست خطرہ ہیں اور ان سے شہری فضائی نقل و حمل اور امدادی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔

    اس سے قبل حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ سریع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر عدن ہوائی اڈے پر موجود افراد سے فوری طور پر وہاں سے نکل جانے کی اپیل کی تھی۔

    انھوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہاں ایک سعودی فوجی طیارہ موجود ہے جو ہتھیار لے جا رہا ہے۔

    خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق عدن پولیس کے دو ذرائع نے بتایا ہے کہ حوثیوں کے داغے گئے دو میزائل ہوائی اڈے کے احاطے میں گرے۔

    یمنی حکومتی افواج کے ترجمان ماجد عبداللہ النزیلی نے کہا کہ عدن ہوائی اڈے کے قریب دو بیلسٹک میزائل گرنے سے متعدد شہری زخمی ہوئے اور مالی نقصان بھی ہوا۔

    دوسری جانب حوثیوں سے وابستہ المسیرہ ٹی وی نے دعویٰ کیا کہ سعودی عرب نے صوبہ الجوف کے دارالحکومت الحزم میں فضائی حملہ کیا جس میں کم از کم 14 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

    المسیرہ کے مطابق حملے میں ایک بازار اور گیس سٹیشن کو نشانہ بنایا گیا۔ حوثیوں کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد ابتدائی ہے اور اس میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

    یحییٰ سریع نے الزام میں مزید کہا کہ سعودی عرب نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صنعا سمیت یمن کے آٹھ صوبوں میں 101 حملے کیے، جن میں خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد ہلاک یا زخمی ہوئے۔

    ان کے مطابق کشیدگی کے آغاز سے اب تک سعودی حملوں کی مجموعی تعداد 3480 تک پہنچ چکی ہے۔

  11. سعودی عرب میں سکیورٹی خدشات، امریکہ نے غیر ضروری عملے کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا

    امریکی محکمہ خارجہ نے سکیورٹی خدشات کے باعث سعودی عرب میں میں موجود اپنے غیر ہنگامی (نان ایمرجنسی) امریکی سرکاری ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کو ملک چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ایران کی حمایت یافتہ حوثی فورسز نے سعودی عرب میں شہری ہوائی اڈوں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے، جن کے نتیجے میں شہری ہلاکتیں اور فضائی سفر میں خلل پیدا ہوا۔

    بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ یہ صورتحال مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں امریکی سفرتخانے نے حالیہ میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد سعودی عرب میں تعینات امریکی سرکاری ملازمین کے لیے کسی بھی ہوائی اڈے کے استعمال سے قبل چیف آف مشن کی خصوصی اجازت کو لازم قرار دیا ہے۔

    امریکی حکام نے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ہوائی اڈوں پر ممکنہ حملوں، فضائی حدود کی بندش، پروازوں کی منسوخی اور سفری رکاوٹوں کے خطرے سے آگاہ رہیں اور سفر کی صورت میں انتہائی احتیاط برتیں۔

    مسافروں کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنی پرواز کی صورتحال کے لیے براہِ راست ایئرلائن اور متعلقہ ہوائی اڈے سے معلوم کریں۔

  12. اہم خبروں کا خلاصہ

    بی بی سی اردو کی لائیو کوریج کا سلسلہ جاری ہے تاہم جمعرات کے روز خبروں کا سلسلہ آگے بڑھانے سے قبل ایک نظر گزشتہ روز کی اہم خبروں پر ڈال لیتے ہیں۔

    • ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے بدھ کو کہا ہے کہ ’تہران اپنے مجوزہ منصوبے پر عمل درآمد یقینی بنانے کے طریقوں پر ثالثوں سے قریبی اور مسلسل رابطے میں ہے۔‘ایران اس سے قبل جنگ کے خاتمے کے لیے سات روزہ منصوبہ پیش کرنے کا اعلان کر چکا ہے۔
    • سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے اعلان کیا ہے کہ حوثی جنگجوؤں نے بدھ کو یمن کے عدن ایئرپورٹ پر حملہ کیا۔عدن کے رہائشیوں نے بتایا کہ انھوں نے ایئرپورٹ کے قریب دھماکے کی آواز سنی۔ اتحادی افواج کے مطابق حملے میں شہری زخمی ہوئے اور املاک کو نقصان پہنچا۔
    • اسرائیلی انتخاباتمیں 85 فیصد ووٹوں کی گنتی کے بعد نہ موجودہ وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو اور نہ ہی ان کے بڑے حریف گاڈی آئزنکوٹ حکومت سازی کے لیے مطلوبہ اکثریت حاصل کرتے نظر آ رہے ہیں۔
    • ہسپانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کاستیا لا مانچا کے صدر ایمیلیانو گارسیا پیج نے بتایا ہے کہ ٹرین حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 68 ہو گئی ہے۔ متعدد زخمی اب بھی ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں اور ان میں سے درجنوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
    • سابق وزیر اعظم عمران خان کی بہن نورین نیازی کو لاہور کی کوٹ لکھپت جیل سے طبی معائنے کے لیے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لے جایا گیا ہے۔ ان کے وکیل مدثر عمر نے دعویٰ کیا ہے کہ نورین نیازی کو طبیعت کی خرابی کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
    • پشاور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے واقعات کے دوران ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت پر حملے اور آتش زدگی کے مقدمے میں غیر فعال وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، سابق صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور پی ٹی آئی پشاور کے ضلعی صدر عرفان سلیم کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
    • مصر اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور جاری بحران پر قابو پانے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
  13. اردوغان اور ٹرمپ کی ٹیلی فون پر گفتگو، آبنائے ہرمز اور یمن کی صورتحال پر تبادلۂ خیال

    ترکی کے سرکاری محکمۂ اطلاعات کے مطابق، ترک صدر رجب طیب اردوغان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران دوطرفہ تعلقات اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔

    ترکی کی سرکاری خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق سرکاری محکمۂ اطلاعات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طیب اردوغان نے ڈونلڈ ٹرمپ کو بتایا کہ مکہ جوائنٹ ڈیفنس الائنس آبنائے ہرمز اور یمن کی صورتحال پر ’قریبی نظر‘ رکھے ہوئے ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ترکی آبنائے ہرمز اور یمن کی صورتحال کے حوالے سے سفارتی حل کی کوشش کر رہا ہے۔

    بیان کے مطابق، ترک صدر نے امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے اور تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    ترکی کے سرکاری محکمۂ اطلاعات نے بتایا کہ اردوان نے یوکرین اور روس کے درمیان سفارتی مذاکرات کی بحالی اور جنگ ختم کرانے کی کوششوں میں تعاون کے لیے ترکی کی آمادگی کا بھی اظہار کیا۔

    بیان کے مطابق، گفتگو کے دوران ٹرمپ نے اردوان اور ترک عوام کو یومِ جمہوریہ پر مبارک باد دی۔

    امریکی صدر نے تنظیمِ ترک ریاستوں کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کے لیے بھی ترکی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

  14. ہسپانوی حکام ٹرین حادثے کے متاثرین کے اہلِ خانہ کی شناخت کے لیے ڈی این اے استعمال کر رہے ہیں

    سپین کی سول گارڈ کے مطابق ٹرین حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے رشتہ داروں کی ڈی این اے نمونوں کی مدد سے شناخت کرنا ان کی ’اولین ترجیح‘ ہے۔

    سول گارڈ کے مطابق متاثرین کے اہلِ خانہ کی مدد کے لیے میڈرڈ اور سپین کے دیگر علاقوں میں چار مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

    ہسپانوی حکام اب تک حادثے میں 68 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر چکے ہیں، جبکہ درجنوں دیگر افراد شدید زخمی ہیں۔

  15. سپین میں حادثے کے مقام پر امدادی کارروائیاں جاری، ملبہ ہٹانے کے لیے کرین بھی پہنچا دی گئی

    سپین میں ٹرین حادثے کے مقام سے سامنے آنے والی تازہ تصاویر میں امدادی کارکنوں کو ملبہ ہٹانے کی کوششیں جاری رکھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

    سپین کی وزارتِ داخلہ نے سوشل میڈیا پر اپنی تازہ ترین اپ ڈیٹ میں بتایا ہے کہ شہری تحفظ اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے جنرل سیکریٹریٹ کے 102 اہلکار جائے حادثہ پر موجود ہیں۔

    اس کے علاوہ سول گارڈ کے 422 اہلکار بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں، جبکہ تین ہیلی کاپٹر، ڈرونز اور کھوج لگانے والے کتوں کی مدد بھی حاصل کی جا رہی ہے۔

    شام ڈھلنے کے ساتھ جائے حادثہ پر روشنی کا انتظام کیا گیا ہے، جبکہ ملبہ ہٹانے کے لیے ایک بڑی کرین بھی وہاں موجود ہے۔

    اس سے قبل مقامی حکام نے تصدیق کی تھی کہ حادثے کے مقام سے 68 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔

  16. عدن ایئرپورٹ پر حوثیوں کا حملہ: ’متعدد شہری زخمی ہوئے اور املاک کو نقصان پہنچا‘ سعودی قیادت میں قائم اتحاد

    سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے اعلان کیا ہے کہ حوثی جنگجوؤں نے بدھ کو یمن کے عدن ایئرپورٹ پر حملہ کیا۔ روئٹرز کے مطابق یہ حملہ حوثیوں کی جانب سے لوگوں کو ایئرپورٹ خالی کرنے کی تنبیہ کے بعد کیا گیا۔

    عدن کے رہائشیوں نے بتایا کہ انھوں نے ایئرپورٹ کے قریب دھماکے کی آواز سنی۔

    یمن میں سعودی قیادت میں قائم اتحادی افواج کے مطابق حملے میں شہری زخمی ہوئے اور املاک کو نقصان پہنچا۔

    ایک امدادی کارکن نے روئٹرز کو بتایا کہ اقوامِ متحدہ کا کچھ عملہ حملے سے کچھ دیر پہلے ہی ایئرپورٹ سے نکل گیا تھا اور کوئی بھی زخمی نہیں ہوا۔

    حوثی ترجمان یحییٰ سریع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ ایئرپورٹ خالی کرنے کی تنبیہ اس لیے جاری کی گئی تھی کیونکہ وہاں اسلحہ لے جانے والا سعودی فوجی کارگو طیارہ موجود تھا۔

  17. سات روزہ منصوبے پر ثالثوں سے مسلسل رابطے میں ہیں: عباس عراقچی

    ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے بدھ کو کہا ہے کہ ’تہران اپنے مجوزہ منصوبے پر عمل درآمد یقینی بنانے کے طریقوں پر ثالثوں سے قریبی اور مسلسل رابطے میں ہے۔‘

    ایران اس سے قبل جنگ کے خاتمے کے لیے سات روزہ منصوبہ پیش کرنے کا اعلان کر چکا ہے۔

    عباس عراقچی نے کہا کہ ’ایران سفارت کاری کو کامیاب ہونے کا موقع دے رہا ہے۔‘ ان کے مطابق اگر تہران کے مجوزہ ’سات روزہ منصوبے پر عمل درآمد ہو جائے تو اس مقصد کو ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں حاصل کیا جا سکتا ہے۔‘

    عراقچی اس سے پہلے کہہ چکے ہیں کہ اس منصوبے کے تحت بعض شرائط پوری ہونے کی صورت میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولا جا سکتا ہے۔ ایران کا سات روزہ منصوبہ جنگ بندی، امریکی پابندیوں میں نرمی اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے سے متعلق ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس تجویز کو پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں، جس کے بعد قطر نے ثالثی کی کوششیں مزید تیز کر دی ہیں۔

  18. اقتدار کے لیے ہر جماعت کا رہنما کس حد تک جانے کو تیار ہے؟, نامہ نگار برائے بین الاقوامی امور لیز ڈوسیٹ کا تجزیہ

    اب جب زیادہ تر ووٹوں کی گنتی مکمل ہو چکی ہے تو اسرائیل میں سیاسی تعطل کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔ وزیرِاعظم بنیامن نتن یاہو اپنے حریف اور سابق فوجی سربراہ گادی آئزن کوٹ سے آگے ہیں، لیکن انھیں اب بھی پارلیمان میں اکثریت حاصل نہیں ہو سکی۔

    نتن یاہو سیاسی جوڑ توڑ کے ماہر سمجھے جاتے ہیں، لیکن موجودہ صورتِ حال ان کے لیے اب تک کا سب سے بڑا امتحان ثابت ہو سکتی ہے۔ کیا وہ دائیں بازو کے ان سیاست دانوں کو دوبارہ اپنے ساتھ ملا سکتے ہیں جو ماضی میں اختلافات کے باعث ان کا ساتھ چھوڑ کر انھیں اقتدار سے ہٹانے کی کوشش کرنے والے دھڑے میں شامل ہو گئے تھے؟

    کیا نتن یاہو کوئی ایسا قدم اٹھا سکتے ہیں جس کا تصور بھی مشکل ہو یعنی عرب جماعتوں میں سے کسی ایک کے ساتھ اتحاد کر لیں؟ فی الحال اس کا امکان بہت کم دکھائی دیتا ہے کیونکہ ان کی جماعت لیکوڈ نے ابھی عرب جماعتوں پر ’انتخابات چرانے‘ کا الزام لگایا ہے۔

    اس وقت قومی اتحاد کی حکومت بنانے کے مطالبات بھی سامنے آ رہے ہیں لیکن موجودہ حالات میں مختلف جماعتوں کے درمیان اتفاقِ رائے پیدا کرنا مشکل نظر آتا ہے۔

    گادی آئزن کوٹ کی جماعت ’یاشار‘ گذشتہ برس ہی قائم ہوئی تھی۔ اس کے نام کا مطلب ’سیدھا‘ یا ’براہِ راست‘ ہے، لیکن آنے والے ہفتوں میں حکومت سازی کے لیے سیاسی مذاکرات اور اختلافات کا عمل اتنا سیدھا دکھائی نہیں دیتا۔

    عرب اکثریتی جماعتوں کے ارکان سمیت کئی حلقے آئزن کوٹ سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ ان کے ساتھ اتحاد کریں۔ ان جماعتوں کو ملا کر پارلیمان میں ایک مضبوط دھڑا بن سکتا ہے۔

    تاہم سابق فوجی سربراہ اس نوعیت کے اتحاد پر پہلے تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں یا اس کے لیے شرائط عائد کر چکے ہیں۔ ان کی اپنی صفوں میں شامل دائیں بازو کی جماعتوں نے بھی ایسے اتحاد کو واضح طور پر مسترد کر دیا ہے۔

    قومی اتحاد کی حکومت کا خیال بھی مشکلات سے دوچار ہے، کیونکہ آئزن کوٹ نتن یاہو کو حکومت کرنے کے لیے نااہل قرار دے چکے ہیں۔

    اسی صورتِ حال کے پیشِ نظر اسرائیل کے صدر اسحاق ہرزوگ نے، جنھیں حکومت بنانے کے لیے کسی رہنما کو نامزد کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ کھلے ذہن کے ساتھ آگے بڑھیں۔

  19. عرب اسرائیلی بین گویئر کو عہدے سے ہٹانے اور بہتر زندگی کے خواہاں ہیں: یوسف جبارین

    عرب اسرائیلیوں کی جماعت جوائنٹ عرب لسٹ کے رہنما یوسف جبارین نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’عرب اسرائیلیوں نے اس امید پر ووٹ دیا کہ اسرائیل کے انتہا پسند وزیرِ قومی سلامتی اتمار بین گویئر کو عہدے سے ہٹایا جا سکے اور ان کی روزمرہ زندگی بہتر ہو۔‘

    یوسف جبارین کے مطابق عرب آبادی میں ووٹ ڈالنے کی شرح زیادہ رہنے کی ایک بڑی وجہ یہ امید تھی کہ بین گویئر سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔

    انھوں نے بین گویئر کے رویے اور اقدامات کو ’نسل پرستانہ‘ اور ’فاشسٹ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ عرب برادری کو اشتعال دلانے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ جبارین نے شمالی اسرائیل کے عرب اکثریتی شہر ام الفحم کا حوالہ بھی دیا، جہاں وہ خود رہتے ہیں اور جہاں بین گویئر مکانات مسمار کرنے کے احکامات دینے کے لیے آئے تھے۔

    جبارین نے وزیرِاعظم بنیامن نتن یاہو کی حکومت پر ملک کی عرب اقلیت کے ساتھ منظم امتیازی سلوک کا الزام لگایا۔

    ان کے مطابق عرب آبادی کو وسائل کی فراہمی میں رکاوٹوں، جرائم پیشہ گروہوں کے تشدد پر قابو پانے میں ناکامی، گھروں کو مسمار کرنے کے احکامات اور نسل پرستانہ بیانات جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ عرب اقلیت اسرائیل کی مجموعی آبادی کا تقریباً پانچواں حصہ ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ’نتن یاہو کی حکومت کے دور میں یہ ایک مشکل عرصہ رہا ہے اور لوگ ووٹ کے ذریعے نتن یاہو، بین گویئر اور انتہائی دائیں بازو کے وزیرِ خزانہ بتسلئیل سموترچ کو سزا دینا چاہتے تھے۔ تاہم ان کے مطابق ووٹ ڈالنے کی زیادہ شرح کا مقصد صرف ان رہنماؤں کو ہٹانا نہیں، بلکہ اپنی روزمرہ زندگی میں بہتری لانا بھی تھا۔‘

    یوسف جبارین کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت یہودی اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے تاکہ انھیں حکومت بنانے میں مدد دی جا سکے، تاہم ان کے اپنے بھی مطالبات ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ ’جوائنٹ عرب لسٹ کا سیاسی ایجنڈا مساوات اور مساوی شہریت کے فروغ پر مبنی ہے۔‘ ان کے بقول عرب آبادی نے نتن یاہو کی حکومت کے دور میں بہت مشکلات برداشت کی ہیں اور اب حقیقی تبدیلی کا وقت آ گیا ہے۔

  20. عمران خان کی بہن نورین نیازی کو طبیعت کی خرابی کے باعث ہسپتال منتقل کر دیا گیا، وکیل کا دعویٰ, ترہب اصغر، بی بی سی اردو لاہور

    سابق وزیر اعظم عمران خان کی بہن نورین نیازی کو لاہور کی کوٹ لکھپت جیل سے طبی معائنے کے لیے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لے جایا گیا ہے۔

    ان کے وکیل مدثر عمر نے دعویٰ کیا ہے کہ نورین نیازی کو طبیعت کی خرابی کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ حکومتی نے حکام نے اس معاملے پر تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

    عمران خان کی بہنوں علیمہ خان، نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو ستمبر میں مینٹیننس آف پبلک آرڈر کے تحت 30 دن کے لیے حراست میں لیا گیا تھا، جس میں بعد میں توسیع کر دی گئی تھی۔