لائیو , چین آمد پر ٹرمپ کا استقبال: امریکہ سے تعمیری اور مستحکم تعلقات کے خواہاں ہیں، شی جن پنگ

چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ وہ امریکہ کے ساتھ تعمیری اور مستحکم تعلقات کے خواہاں ہیں۔ یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شینزن آمد کے موقع پر سامنے آیا، جہاں شی جن پنگ نے خود ان کا استقبال کیا۔ ٹرمپ کی چین آمد ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ان کی شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ سہ فریقی ملاقات متوقع ہے۔

خلاصہ

لائیو کوریج

  1. ایران کا آبنائے ہرمز میں امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

    ڈرون

    ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاع کے نظام نے آبنائے ہرمز کے مشرقی علاقے میں ایک امریکی ایم کیو۔9 ڈرون کو مار گرایا ہے۔

    سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ ڈرون کو فوج کے مقامی طور پر تیار کردہ نظام سے نشانہ بنایا گیا۔

    حالیہ دنوں میں ایرانی فوجی حکام متعدد بار یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ انھوں نے امریکی ڈرونز کو مار گرایا ہے، تاہم امریکی فوج کی مرکزی کمان (سینٹکام) نے اب تک ان دعوؤں پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔

  2. پاکستان کا فتح۔3 سپرسونک کروز میزائل کا تجربہ: آئی ایس پی آر

    میزائل

    پاکستان فوج نے فتح۔3 سپرسونک کروز میزائل کا تجربہ کیا ہے، جسے قومی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

    پاکستان فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتح-3 جدید نیوی گیشن اور پروپلشن (حرکت اور رفتار فراہم کرنے والے) نظام سے لیس ہے اور طویل فاصلے تک اہداف کو سپرسونک رفتار سے انتہائی درستی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فتح۔3 فوج کی راکٹ فورس کمانڈ کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرے گا، جس سے ملک کا دفاع مزید مضبوط ہو گا۔

  3. آبنائے ہرمز میں ٹینکر عملے کے لاپتہ رکن کی تلاش جاری

    برطانوی ایجنسی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) نے کہا ہے کہ ایک آئل ٹینکر کے عملے کے لاپتہ رکن کو تلاش کرنے کے لیے کارروائی جاری ہے۔

    ادارے نے گذشتہ روز بتایا تھا کہ عمان کے شہر خصب کے شمال میں تقریباً 24 کلومیٹر کے فاصلے پر ایک آئل ٹینکر کو ایک نا معلوم میزائل نے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں عملے کا ایک رکن لاپتہ ہو گیا۔

    یو کے ایم ٹی او کے مطابق جہاز میں آگ بھی لگ گئی تھی، تاہم مقامی حکام کے مطابق آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔

    ادارے کا کہنا ہے کہ جہاز کو پہنچنے والے نقصان اور ممکنہ ماحولیاتی اثرات کا ابھی اندازہ نہیں لگایا جا سکا۔ اس نے دیگر بحری جہازوں کو احتیاط برتنے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔

  4. امریکی صدر ٹرمپ اور روسی صدر پوتن کی چین میں ملاقات

    ٹرمپ اور پوتن

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی چین میں روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ ملاقات ہوئی ہے۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق شینزن میں عشائیے کی تقریب سے قبل سرخ قالین پر تینوں رہنما ایک ہی مقام پر موجود تھے۔ روسی صدارتی دفتر کریملن کے پول رپورٹرز کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ اور ان کی اہلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں، جب ولادیمیر پوتن وہاں آتے ہیں۔

    ویڈیو میں ٹرمپ اور پوتن ایک دوسرے سے مصافحہ کرتے اور گرمجوشی سے خیر مقدم کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

    دونوں رہنماؤں کے درمیان اگست 2025 میں الاسکا میں ہونے والی روس۔امریکہ سربراہی ملاقات کے بعد یہ پہلی براہِ راست ملاقات ہے۔

    تینوں رہنماؤں کی با ضابطہ سہ فریقی ملاقات جمعرات کو متوقع ہے، جس میں بین الاقوامی امور اور عالمی امن سے متعلق موضوعات پر تبادلہ خیال ہونے کا امکان ہے۔

  5. سعودی عرب کی کویت، بحرین اور اماراتی آئل ٹینکر پر ایرانی حملوں کی مذمت

    سعودی عرب نے کویت اور بحرین پر ایران کی جانب سے کیے گئے حملوں اور متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے ایک آئل ٹینکر پر حملے کی مذمت کی ہے۔

    سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ سعودی عرب برادر ممالک کے خلاف ایران کی مسلسل جارحانہ کارروائیوں اور سمندری آمد و رفت اور تجارتی راستوں کی آزادی کو درپیش خطرات کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔

    بیان میں وزارت خارجہ نے مطالبہ کیا کہ ایسی جارحانہ کارروائیوں کا خاتمہ کیا جائے، بین الاقوامی قانون اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کے اصولوں کا احترام کیا جائے، اور امن کے قیام اور مذاکرات کے ذریعے بحران کے حل کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت کی جائے۔

  6. حوثیوں کی جانب سے داغا گیا میزائل تباہ کر دیا: سعودی اتحاد

    سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے کہا ہے کہ اس نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے داغا گیا ایک میزائل فضا میں تباہ کر دیا ہے۔

    اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ یہ کروز میزائل سعودی دار الحکومت ریاض کی جانب داغا گیا تھا۔

    اس سے قبل، بدھ کی صبح نو بج کر 19 منٹ پر جاری کردہ بیان میں بھی حوثیوں کی جانب سے ریاض کی طرف داغا گیا میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

  7. امریکہ سے تعمیری اور مستحکم تعلقات کے خواہاں ہیں: چینی صدر

    چینی اور امریکی صدر

    چینی سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ وہ واشنگٹن کے ساتھ ’تعمیری اور مستحکم تعلقات‘ کے خواہاں ہیں۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج بدھ کے روز چین کے شہر شینزن پہنچے ہیں جہاں چینی صدر نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا، جبکہ اس موقع پر سرخ قالین بھی بچھایا گیا تھا۔

    بی بی سی کی نامہ نگار لورا بِکر کے مطابق اس سفارتی لمحے کو بہت ہی سوچ سمجھ کر ترتیب دیا گیا تھا۔

    ٹرمپ شینزن میں ہونے والے ایشیا پیسفک اکنامک تعاون (ایپیک) اجلاس کے موقع پر چین پہنچے ہیں، جہاں ان کی شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ سہ فریقی ملاقات بھی متوقع ہے۔

    اس سے قبل شی جن پنگ اور ولادیمیر پوتن کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے چین اور روس کے تعلقات کو سراہا۔

    چینی سرکاری میڈیا کے مطابق شی جن پنگ نے کہا کہ بیجنگ اور ماسکو کے تعلقات ’پہاڑ کی طرح مضبوط ہیں اور طوفانوں سے متزلزل نہیں ہوئے۔‘

    انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات نے عالمی بے یقینی اور کشیدگی کے ماحول میں استحکام فراہم کیا ہے، جبکہ دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی زور دیا۔

  8. بحرین اور کویت پر حملے کشیدگی میں خطرناک اضافہ ہیں: قطر

    ایران کی جانب سے حالیہ دنوں اور گذشتہ شب کویت اور بحرین پر کیے گئے حملوں کے بعد قطر کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ’ایران کے بار بار حملے‘ صورتحال میں ’خطرناک کشیدگی‘ پیدا کرنے کے مترادف ہیں۔

    قطری حکومت کے مطابق ان حملوں سے یہ خطرہ پیدا ہو گیا ہے کہ خطے میں سلامتی اور استحکام کے حصول کے لیے جاری سیاسی اور سفارتی کوششیں کمزور پڑ سکتی ہیں۔

    قطر کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ اقدامات ’دونوں ممالک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی اور بین الاقوامی قانون سے انحراف‘ ہیں۔

    دوسری جانب ایران کا کہنا ہے کہ اس نے کویت میں واقع ایک امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا ہے۔

  9. پولیس کا لکی مروت میں سکیورٹی آپریشن کے دوران چار شدت پسند ہلاک کرنے کا دعویٰ, عزیز اللہ خان، بی بی سی اردو، پشاور

    خیبر پختونخوا پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ضلع لکی مروت میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے کے بعد شروع کیے گئے آپریشن کے دوران چار مبینہ شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔

    پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تھانہ لکی سٹی کی حدود میں بیگوخیل روڈ پر پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی اطلاع ملنے کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لکی مروت سجاد احمد صاحبزادہ کی قیادت میں مقامی پولیس، کوئیک رسپانس فورس (کیو آر ایف) اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے اہلکاروں نے علاقے میں آپریشن شروع کیا۔

    بیان کے مطابق آپریشن کے دوران میلہ شہاب خیل کے قریب سرکنڈوں کے جنگلات میں مبینہ شدت پسندوں اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہا۔

    پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ کارروائی کے نتیجے میں چار مبینہ شدت پسند ہلاک ہو گئے جبکہ ان کی لاشوں کے ساتھ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد ایک مقامی کالعدم تنظیم سے وابستہ تھے اور پولیس و سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث رہے ہیں۔

  10. دشمن نے کارروائی کی تو ہمارا جواب زیادہ شدید اور جغرافیائی حدود سے ماورا ہو گا: سربراہ ایرانی فوج

    امیر حاتمی

    خطے میں امریکی فوج کی موجودگی بڑھنے پر ردعمل دیتے ہوئے ایرانی فوج کے سربراہ امیر حاتمی نے کہا ہے کہ اگر دشمن دوبارہ کوئی کارروائی کرتا ہے تو ’اسے زیادہ سخت اور بھرپور جواب دیا جائے گا، اور یہ جواب کسی جغرافیائی حدود کا پابند نہیں ہو گا۔‘

    ایرانی خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق امیر حاتمی نے خطے میں ایک نئے طیارہ بردار بحری جہاز کی آمد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم دشمن کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور تیاری کے لیے ایک لمحہ بھی ضائع نہیں کرتے۔‘

  11. امریکی صدر ٹرمپ چین پہنچ گئے

    ٹرمپ شی جن پنگ سے گلے مل رہے ہیں

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین کے شہر شینزن پہنچ گئے ہیں جہاں ان کا استقبال چینی صدر شی جن پنگ نے کیا۔

    ٹرمپ کا طیارہ شینزن باؤآن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترا جہاں ان کے استقبال کے لیے سرخ قالین بچھایا گیا تھا۔ چینی صدر شی جن پنگ نے ایئرپورٹ پر خود امریکی صدر کا خیر مقدم کیا۔

    ٹرمپ شینزن میں ہونے والے ایشیا پیسفک اکنامک تعاون (ایپیک) اجلاس کے موقع پر چین پہنچے ہیں، جہاں ان کی شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ سہ فریقی ملاقات بھی متوقع ہے۔

    اس سے قبل شی جن پنگ اور ولادیمیر پوتن کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے چین اور روس کے تعلقات کو سراہا۔ چینی سرکاری میڈیا کے مطابق شی جن پنگ نے کہا کہ بیجنگ اور ماسکو کے تعلقات ’پہاڑ کی طرح مضبوط ہیں اور طوفانوں سے متزلزل نہیں ہوئے۔‘

    انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات نے عالمی بے یقینی اور کشیدگی کے ماحول میں استحکام فراہم کیا ہے، جبکہ دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی زور دیا۔

    شینزن میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور شہر میں ہونے والی اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں کے باعث غیر معمولی سرگرمی دیکھی جا رہی ہے۔

    چینی صدر شی جن پنگ نے ایئرپورٹ پر خود امریکی صدر کا استقبال کیا
    ،تصویر کا کیپشنچینی صدر شی جن پنگ نے ایئرپورٹ پر خود امریکی صدر کا استقبال کیا
  12. صحافی شاہد میتلا کا دو روزہ راہداری ریمانڈ منظور، گرفتاری میری شکایت پر ہوئی: انوار الحق کاکڑ, شہزاد ملک، بی بی سی اردو، اسلام آباد

    شاہد میتلا

    اسلام آباد کی عدالت نے صحافی شاہد میتلا کا دو روزہ راہداری ریمانڈ منظور کر لیا، جس کے بعد نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے اہلکار انھیں لے کر بلوچستان لے کر روانہ ہو گئے ہیں۔

    پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر افضل بٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا ہے کہ شاہد میتلا کو گذشتہ رات اسلام آباد کے ’ایک ریسٹورنٹ سے اٹھایا گیا تھا۔‘

    ان کے بقول ’بعد ازاں معلوم ہوا کہ این سی سی آئی اے کوئٹہ کی ٹیم نے انھیں تحویل میں لیا ہے۔‘

    آج بدھ کے روز صحافی شاہد میتلا کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

    این سی سی آئی اے بلوچستان نے عدالت سے سات روزہ راہداری ریمانڈ کی استدعا کی۔ فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا اور بعد ازاں شاہد میتلا کا دو روزہ راہداری ریمانڈ منظور کر لیا۔

    سماعت کے دوران شاہد میتلا کی جانب سے وکیل حبیب حنظلہ پیش ہوئے۔ انھوں نے مؤقف اختیار کیا کہ کسی ملزم کو ریمانڈ پر دوسرے صوبے منتقل کرنے کے لیے پولیس رولز کے تحت ہوم آفس کے ساتھ رابطہ اور منظوری ضروری ہوتی ہے۔

    وکیل کے مطابق شاہد میتلا کا کہنا ہے کہ انھوں نے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے خلاف متعدد ٹویٹس کی ہیں اور انھیں بلوچستان میں خطرہ لاحق ہے۔

    وکیل کا یہ بھی کہنا تھا کہ انھیں اب تک مقدمے کی ایف آئی آر (فرسٹ انفارمیشن رپورٹ) فراہم نہیں کی گئی، جبکہ اسی مقدمے میں اسلام آباد ہائی کورٹ ان کی حفاظتی ضمانت منظور کر چکی ہے۔

    دریں اثنا سابق نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ شاہد میتلا کی گرفتاری ان کی شکایت پر کی گئی ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں انوار الحق کاکڑ نے کہا: ’میں اپنی ساکھ پر کسی بھی حملے کا دفاع پوری شدت سے کروں گا۔ آزادیٔ صحافت آپ کو جھوٹ پھیلانے کا حق نہیں دیتی۔‘

  13. بشری بی بی کو علاج کے لیے سپیشلسٹ ڈاکٹر اور اڈیالہ جیل میں سہولیات دی جائیں، عدالت کا حکم, شہزاد ملک، بی بی سی اردو

    بشری بی بی، عمران خان

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق متفرق درخواست پر اڈیالہ جیل حکام کو حکم دیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو جیل میں ہر قسم کی ممکنہ سہولیات دی جائیں۔

    عدالت نے اسلام آباد کے ایڈووکیٹ جنرل کو جیل حکام کے ذریعے عدالتی آرڈر پر عمل درآمد کرانے کا حکم دیا ہے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ایک سو نوے ملین پاؤنڈ کی سزا کے خلاف سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اپیلوں کی سماعت کی۔

    بشریٰ بی بی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے اپنی موکلہ کی صحت سے متعلق ایک نئی درخواست دائر کی ہے، جس پر چیف جسٹس نے سردار لطیف کھوسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے کہا تھا کہ ملاقات کے بغیر دلائل نہیں دے سکتے اور آپ نے ملاقات کا جتنا وقت مانگا، عدالت نے آپ کو دیا، اب تو آپ اپیل پر دلائل کا آغاز کریں۔‘

    اس پر بشریٰ بی بی کے وکیل نے کہا کہ انھیں دلائل دینے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں مگر یہ بشریٰ بی بی کی بینائی کا مسئلہ ہے اور ان کی بینائی سے متعلق اہم معاملہ ہے۔

    بینچ کے سربراہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ’جیل رولز کے مطابق ان کی موکلہ کو میڈیکل کی تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی اور اس بارے میں پہلے سے بھی درخواست دائر ہے اور عدالت اس پر مناسب آرڈر پاس کرے گی۔‘

    جس پر بشریٰ بی بی کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ ’اب یہ درخواست ان کی موکلہ کی صحت سے متعلق تازہ ترین صورت حال کو سامنے رکھتے ہوئے دائر کی گئی ہے۔‘ انھوں نے کہا کہ ’اب جو بشریٰ بی بی کی کیفیت ہے، اس میں وہ بینائی سے بھی محروم ہو سکتی ہیں۔‘

    چیف جسٹس نے عمران خان کا نام لیے بغیر بشریٰ بی بی کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے اپنی موکلہ کی صحت سے متعلق خط لکھوا دیا ہے۔‘

    اس موقع پر عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے بولنے کی کوشش کی تو بینچ کے سربراہ نے انھیں بولنے سے روکتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے میں کوئی بات نہیں کریں گے۔ جس پر سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ وہ صرف اس مقدمے میں مرکزی اپیلوں پر بات کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم چیف جسٹس نے بیرسٹر سلمان صفدر کو اس معاملے پر بھی بولنے کی اجازت نہیں دی۔

    عدالت نے بشریٰ بی بی کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر ان کی موکلہ کو علاج معالجے کے لیے سپیشلسٹ ڈاکٹر چاہیے تو ڈاکٹر مہیا کیا جائے۔‘

    عدالت نے اسلام آباد کے ایڈووکیٹ جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی کے سیل میں ’جو سہولیات کا ایشو ہے، اس کو بھی حل کریں۔‘

    چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ایڈووکیٹ جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اڈیالہ جیل حکام کے ذریعے عدالتی آرڈر پر عمل کروائیں۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جیل رولز کے مطابق بشریٰ بی بی کا علاج کرائیں۔

    عدالت نے بشریٰ بی بی کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی موکلہ محفوظ ہاتھوں میں ہیں اور انھیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

    سردار لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ اڈیالہ جیل ’تو بیماریوں کا گڑھ ہے‘ اور ان کی موکلہ کی ’سرجری کے بعد وہاں انفیکشن کا خطرہ ہے۔‘

    اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ’سب مفروضوں کی باتیں ہیں کہ ایسا ہو گیا تو ویسا ہو جائے گا۔‘

    بشریٰ بی بی کے وکیل نے کہا کہ اگر عدالت انھیں اس مقدمے میں ضمانت دے تو ان کی موکلہ پھر بھی عدالت کی کسٹڈی میں ہوں گی۔

    انھوں نے کہا کہ ان اپیلوں پر اگر سرکاری وکیل بھی دلائل دیں تو ان کی موکلہ ان دلائل کی روشنی میں بری بھی تو ہو سکتی ہیں۔

    بینچ کے سربراہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ’اس لیے تو عدالت مجرمان کے وکلا کو کہہ رہی ہے کہ وہ اپیلوں پر دلائل دیں، تو پھر آپ کیوں نہیں کر رہے؟‘

    چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے نیب پراسیکیوٹر کو اپیل پر دلائل کا آغاز کرنے کی ہدایت کر دی تو عمران خان کے وکیل سلمان صفدر روسٹرم پر آئے اور انھوں نے کہا ’یہ مناسب نہیں کہ ہم موجود ہیں تو پراسیکیوشن شروع کر دے۔‘

    جس پر چیف جسٹس نے سلمان صفدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے جو کیا، وہ مناسب تھا؟ اپنے موکل یعنی عمران خان کا خط پوری پبلک تک چلا گیا ہے۔‘

    واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنے وکیل کے توسط سے وفاقی آئینی عدالت، سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان کو خط لکھا تھا جس میں انھوں نے اپنی اور اپنی اہلیہ کی صحت کے بارے میں تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ’سابق وزیر اعظم ہیں، قابل احترام ہیں۔‘

    عدالت نے بیرسٹر سلمان صفدر کو اپیلوں پر تیاری کے لیے سات دن کا وقت دیتے ہوئے اپیلوں پر سماعت ملتوی کر دی۔

  14. کویت کا ایران پر خودمختاری کی خلاف ورزی کا الزام، ڈرون حملوں کو سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا

    Kuwait

    کویت نے ایران کی جانب سے اپنے علاقے میں ڈرون حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے ملکی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی اور قومی سلامتی کے لیے براہِ راست خطرہ قرار دیا ہے۔

    کویتی وزارتِ خارجہ نے بدھ کو جاری ایک بیان میں کہا کہ ایرانی حملے ’کویت کی خودمختاری کی واضح خلاف ورزی، اس کی سلامتی اور استحکام کے لیے براہِ راست خطرہ اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی‘ ہیں۔

    وزارت کے مطابق یہ حملے خطے میں کشیدگی بڑھانے اور علاقائی استحکام کو نقصان پہنچانے کا سبب بن سکتے ہیں۔ بیان میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ کویت اپنی خودمختاری، سلامتی اور اہم تنصیبات کے دفاع کے لیے ضروری اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

    اس سے قبل ایرانی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس نے کویت میں واقع علی السالم ایئر بیس، جہاں امریکی افواج تعینات ہیں، کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا ہے۔

  15. روس کے لیے جاسوسی کے شبے میں گرفتار امریکی فوجی افسر برطانیہ سے امریکی حکام کے حوالے

    US soldier

    برطانوی انسدادِ دہشت گردی پولیس نے روس کے لیے مبینہ جاسوسی کے شبے میں گرفتار ایک امریکی فوجی افسر کو امریکی حکام کے حوالے کر دیا ہے۔

    برطانوی پولیس نے منگل کو تصدیق کی کہ رواں ماہ کے آغاز میں گرفتار کیے گئے امریکی فوجی افسر کو اب امریکی فوجی حکام کی تحویل میں دے دیا گیا ہے، جبکہ اس معاملے کی تفتیش قومی سلامتی اور جاسوسی سے متعلق الزامات کے تناظر میں جاری ہے۔

    بی بی سی کے مطابق گرفتار افسر کی شناخت 41 سالہ لیفٹیننٹ کرنل برینڈن کیرول ٹائنر کے نام سے ہوئی ہے۔ وہ 2008 سے امریکی فوج میں خدمات انجام دے رہے تھے اور گزشتہ ہفتے انھیں گلوسٹر شہر کے قریب گرفتار کیا گیا تھا۔

    ٹائنر گلوسٹر شائر کے امیجن بیرکس میں تعینات تھے، جہاں نیٹو کی اتحادی ریپڈ ری ایکشن فورس قائم ہے۔

    گرفتاری کے بعد کریملن نے اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ اس معاملے سے روس کا کوئی تعلق نہیں۔

  16. امریکہ کسی منظم سائبر حملے کی زد میں نہیں: وزیر خارجہ مارکو روبیو

    مارکو روبیو

    امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے حالیہ دنوں میں پیش آنے والی متعدد تکنیکی خرابیوں کے درمیان کسی باہمی تعلق کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بات کا ’کوئی ثبوت نہیں‘ کہ یہ واقعات کسی منظم سائبر حملے یا سازش کا حصہ ہیں۔

    گذشتہ ایک ہفتے کے دوران مائیکروسافٹ کی بڑے پیمانے پر سروس متاثر ہوئی، امریکہ بھر میں پروازیں کئی گھنٹوں کے لیے معطل رہیں، جبکہ بینکاری نظام، ایپل اور نیشنل سکیورٹی ایجنسی کی بعض سروسز بھی عارضی طور پر متاثر ہوئیں۔

    وزیر خارجہ مارکو روبیو نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ لوگ ان واقعات کے بارے میں فکرمند ہیں، تاہم امریکی حکومت کے پاس ایسا کوئی ثبوت نہیں کہ یہ تمام خرابیاں آپس میں منسلک ہیں یا کسی دشمن ملک یا سائبر حملہ آور کی کارروائی کا نتیجہ ہیں۔

    ان کے بقول، ’ہم کسی منظم حملے کی زد میں نہیں ہیں۔ ہر واقعے کی اپنی الگ وجہ ہے اور ان کا ایک دوسرے سے کوئی تعلق نہیں۔‘

    امریکی انٹیلی جنس اور سائبر سکیورٹی ماہرین بھی اس مؤقف سے اتفاق کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حالیہ زیادہ تر مسائل پرانے ڈیجیٹل نظاموں میں اپ ڈیٹس اور تکنیکی تبدیلیوں کے باعث سامنے آئے ہیں، نہ کہ کسی سائبر حملے کے نتیجے میں۔

    ماہرین کے مطابق ان واقعات نے ضرور یہ واضح کیا ہے کہ امریکہ کا ڈیجیٹل انفراسٹرکچر ایک دوسرے سے انتہائی جڑا ہوا اور بعض اوقات نازک نوعیت کا ہے، جہاں ایک سافٹ ویئر خرابی یا نیٹ ورک مسئلہ بھی بڑے پیمانے پر خدمات کو متاثر کر سکتا ہے۔

  17. ایران کے معاملے پر امریکہ ’بہت اچھا‘ کر رہا ہے: ٹرمپ کا دعویٰ

    Trump

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکہ ایران کے حوالے سے ’بہت اچھا‘ کام کر رہا ہے۔

    فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے یہ تبصرہ ایسے وقت میں کیا جب خطے میں کشیدگی برقرار ہے اور واشنگٹن ایران سے متعلق اپنی پالیسی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔

    صدر ٹرمپ نے اس موقع پر یہ بھی اعلان کیا کہ امریکہ فلپائن کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دے گا اور جوہری توانائی کے شعبے میں بھی ممکنہ طور پر ’بڑے اقدامات‘ کیے جائیں گے۔

  18. ایرانی فوج کی کویت کے علی السلم بیس پر حملے کی تصدیق، ’امریکی فضائی دفاعی نظام اور ڈرون و میزائل لانچر کو نشانہ بنایا گیا‘

    Kuwiati

    کویتی فوج کی جانب سے حملہ آور ڈرونز اور میزائلوں کا مقابلہ کرنے کے لیے فضائی دفاعی نظام فعال کرنے کے اعلان کے تقریباً ایک گھنٹے بعد ایران نے بھی حملوں کی تصدیق کر دی۔ ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ حملوں کا ہدف کویت میں واقع علی السالم ایئر بیس تھا، جہاں امریکی افواج تعینات ہیں۔

    بدھ کی صبح جاری ہونے والے ایک بیان میں ایرانی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس کے جنگی ڈرونز نے علی السالم اڈے پر موجود امریکی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کے دوران امریکی فضائی دفاعی نظام اور ڈرون و میزائل لانچر بھی ہدف بنائے گئے۔

    ایرانی فوج نے مزید کہا کہ ایران اپنی سلامتی کے دفاع میں کسی دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا اور کسی بھی خطرے یا جارحیت کا جواب ’فیصلہ کن اور سخت‘ انداز میں دیا جائے گا۔

    ادھر بدھ کی صبح کویت کے علاوہ بحرین میں بھی فضائی حملوں کے خطرے سے متعلق انتباہات جاری کیے گئے، جبکہ مختلف علاقوں میں دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئیں۔

    ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ بحرین میں ہونے والے حملوں کا ہدف امریکی افواج کے زیرِ استعمال ریڈار نظام تھے۔ دوسری جانب بحرینی حکام کا کہنا ہے کہ ان کے فضائی دفاعی نظام نے حملہ آور اہداف کو تباہ کر دیا۔

  19. امریکہ کی ایران کے جزیرہ قشم میں میزائل سائٹ کو نشانہ بنانے کی تصدیق

    Trump

    امریکہ نے ایران کے جزیرہ قشم میں میزائل سائٹ کو نشانہ بنانے کی تصدیق کی ہے، جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ واشنگٹن یا امریکی مفادات کے خلاف کسی بھی ممکنہ خطرے کا جواب ’بے مثال‘ ہوگا۔ دوسری جانب کویت اور بحرین کا کہنا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایرانی حملوں کو ناکام بنا دیا ہے، جس سے خلیج میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

    ایک امریکی اہلکار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ امریکی جنگی طیاروں نے آبنائے ہرمز میں واقع ایرانی جزیرے قشم پر پاسدارانِ انقلاب کی ایک میزائل لانچنگ سائٹ کو نشانہ بنایا۔ اہلکار کے مطابق یہ کارروائی امریکی اہلکاروں اور تنصیبات کے خلاف مبینہ خطرات کے جواب میں کی گئی۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو ایران کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اپنی سلامتی کے لیے کسی بھی ممکنہ خطرے کو ’بہت سنجیدگی سے‘ لیتا ہے۔

    ادھر بحرین نے اعلان کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے متعدد ایرانی حملوں کو روک کر تباہ کر دیا۔ بحرینی فوج کے مطابق حملہ آور اہداف تک پہنچنے سے پہلے ہی روک لیے گئے۔

    منامہ میں اے ایف پی کے نمائندے نے متعدد دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی، جبکہ بحرین کی وزارتِ داخلہ نے شہریوں کو موبائل فون کے ذریعے خبردار کرتے ہوئے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی۔

    ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ اس نے بحرین میں شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر موجود امریکی افواج کے ریڈار نظام کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا۔ پاسداران کے مطابق یہ کارروائی ایرانی فضائی حدود کی مبینہ خلاف ورزیوں کے جواب میں کی گئی۔

    بحرین کی وزارتِ خارجہ نے ان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انھیں ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی اور علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ وزارت نے کہا ہے کہ بحرین اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے اس معاملے پر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  20. فضائی دفاعی نظام دشمن ڈرون حملوں کا مقابلہ کر رہا ہے: کویت

    کویتی فوج کا کہنا ہے کہ ملک کا فضائی دفاعی نظام اس وقت دشمن ڈرونز کے حملوں کا مقابلہ کر رہا ہے۔ فوج کے مطابق اگر مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں تو وہ فضائی دفاعی نظام کی جانب سے ان ڈرونز کو نشانہ بنا کر تباہ کرنے کی کارروائی کا نتیجہ ہیں۔

    کویت کی جنرل ہیڈکوارٹرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متعلقہ حکام کی جانب سے جاری کردہ سکیورٹی اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔