لائیو , بلاول کا محسن نقوی پر طنز: ’اگر صوبے کو تقسیم ہونا ہے تو کیا صرف چیئرمین پی سی بی کو اس پر بات کرنے کا حق ہے؟‘
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’کیا صرف چیئرمین پی سی بی کو یہ حق حاصل ہے‘ کہ وہ صوبوں کی تقسیم اور نظام کی تبدیلی جیسے معاملات پر بات کریں۔
امریکی سینٹکام کمانڈر کی اسرائیل میں موساد سربراہ اور فوجی قیادت سے اہم ملاقات
،تصویر کا ذریعہIDF
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے سربراہ جنرل بریڈ کوپر نے بدھ کو اسرائیل کا دورہ کیا، جہاں انھوں نے اسرائیلی فوج کے سربراہ اور خفیہ ایجنسی موساد کے ڈائریکٹر سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنرل بریڈ کوپر، اسرائیلی فوج کے چیف آف جنرل سٹاف ایال ضمیر اور موساد کے سربراہ رومن گوفمین کے درمیان سہ فریقی ملاقات ہوئی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جنرل بریڈ کوپر اور ایال ضمیر نے دونوں ممالک کی افواج کے اعلیٰ کمانڈرز کے ساتھ خطے کی صورتِ حال کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔ اس ملاقات میں اسرائیلی فضائیہ کے سربراہ عمر ٹشلر بھی شریک تھے۔
اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران خطے میں ہونے والی تازہ پیش رفت اور مشترکہ سکیورٹی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جنرل بریڈ کوپر کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب بحرین اور کویت نے بدھ کو دعویٰ کیا کہ انھوں نے ایران کی جانب سے کیے گئے فضائی حملوں کو ناکام بنا دیا ہے۔
یہ حملے ایران کے جزیرے قشم پر امریکی حملوں کے بعد کیے گئے تھے۔
سعودی عرب کی جانب آنے والے دو ڈرونز مار گرائے، حوثیوں کا 24 گھنٹوں میں یمن پر 87 فضائی حملوں کا دعویٰ
سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے بدھ کی شام اعلان کیا کہ اس نے ملک کی جانب آنے والے دو ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا ہے۔ ان میں سے ایک ڈرون ریاض کے علاقے جبکہ دوسرا سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی جانب آ رہا تھا۔
اتحاد کے مطابق یہ ڈرونز یمن میں سرگرم ایرانی حمایت یافتہ حوثی تحریک کی جانب سے بھیجے گئے تھے۔
یمن کی حکومت کی حمایت کرنے والے فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے ایکس پر بتایا کہ ’دہشت گرد حوثی گروہ کی جانب سے بھیجے گئے دو ڈرونز کو ریاض اور جنوبی علاقوں میں روک کر تباہ کر دیا گیا ہے۔‘
بدھ کے روز یہ دوسرا موقع تھا جب سعودی اتحاد نے حوثیوں کی جانب سے داغے گئے میزائل یا ڈرون کو روکنے کا اعلان کیا۔
اس سے قبل بدھ کی صبح اتحاد نے ریاض کی جانب داغا گیا ایک کروز میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ یہ اعلان سعودی دارالحکومت میں زور دار دھماکے کی آواز سنائی دینے کے کچھ ہی دیر بعد سامنے آیا تھا۔
ترکی المالکی نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ ’حوثیوں کی جانب سے ریاض کے علاقے کی طرف داغے گئے کروز میزائل کو روک کر تباہ کر دیا گیا ہے۔‘
اتحاد نے اس سے چند گھنٹے پہلے بھی ایک اور کروز میزائل کو فضا میں تباہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب سعودی عرب کے جنوبی علاقے شرورہ میں شہری دفاع کے ادارے نے بدھ کو ممکنہ خطرے سے خبردار کرنے کے لیے الرٹ جاری کیا، جسے چند منٹ بعد واپس لے لیا گیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے نمائندوں کے مطابق بدھ کی صبح ریاض کے شمالی علاقے میں ایک زوردار دھماکے کی آواز بھی سنی گئی تھی۔
ادھر حوثی تحریک کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے بدھ کی شام دعویٰ کیا کہ سعودی طیاروں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یمن میں 87 فضائی اور میزائل حملے کیے ہیں۔
ان کے مطابق ان حملوں میں دارالحکومت صنعا کے علاوہ الجوف، تعز، عمران، لحج، صعدہ، البیضا، مارب اور اِب کے صوبوں میں شہری مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔
حوثی ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ان حملوں کے نتیجے میں شہری ہلاک اور زخمی بھی ہوئے ہیں۔
تاہم سعودی اتحاد اور حوثی تحریک کی جانب سے سامنے آنے والے ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔
کیا صرف چیئرمین پی بی سی کو حق ہے کہ وہ صوبے کی تقسیم کی بات کریں: بلاول کا محسن نقوی پر طنز
،تصویر کا ذریعہx.com/MediaCellPPP
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول
بھٹو زرداری نے وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن
نقوی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’کیا صرف چیئرمین پی سی بی کو یہ حق حاصل ہے‘
کہ وہ صوبوں کی تقسیم اور نظام کی تبدیلی جیسے معاملات پر بات کریں۔
پاکستانی ٹیلی وژن چینل ہم نیوز کو
انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ انھیں بھی اس بحث میں حصہ لینے کا اتنا ہی
حق حاصل ہے جتنا اسے شروع کرنے والوں کو حاصل ہے۔
ان کا کہنا تھا: ’اگر صوبے کو تقسیم
ہونا ہے تو کیا اس پر بات کرنے کا حق صرف چیئرمین پی سی بی کو ہے اور میں چپ کر گھر
چلا جاؤں؟ ایسا تو ممکن نہیں ہے۔‘
بلاول بھٹو نے اپنے گذشتہ روز کے بیان
پر بھی وضاحت پیش کی، جس میں انھوں نے خبردار کیا تھا کہ سندھ کی زبردستی تقسیم کی
کوشش کی گئی تو ’کراچی کی سڑکوں پر خون بہے گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اسے دھمکی کے طور
پر نہیں لیا جانا چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ وہ دھمکی نہیں دے
رہے تھے بلکہ ’خطرے کی گھنٹی‘ بجا رہے تھے کہ ’اگر زور زبردستی سندھ کی تقسیم کی
گئی تو اس صوبے میں ایسی آگ لگ سکتی ہے جسے بجھانا مشکل ہو گا۔‘
واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن
نقوی حالیہ مہینوں میں نئے صوبوں کے قیام اور اس حوالے سے ریفرنڈم کرانے کی تجویز
دیتے رہے ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ موجودہ نظام ’کولیپس‘ کر چکا ہے اور
انتظامی مسائل کے حل کے لیے نئے صوبوں پر غور ہونا چاہیے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ انھوں نے نہ تو
سسٹم کے ’کولیپس‘ ہونے کی بحث چھیڑی اور نہ ہی کسی غیر آئینی ریفرنڈم کے ذریعے
صوبے تقسیم کرنے کی بات کی۔
انٹرویو
کے دوران انھوں نے کہا کہ نظام میں کسی بھی تبدیلی سے متعلق فیصلوں میں تمام سیاسی
قوتوں اور دیگر سٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جانا ضروری ہے۔
بین الاقوامی سب میرین کیبل میں خرابی، انٹرنیٹ سروسز متاثر ہونے کا امکان: پی ٹی اے
،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی
ٹی اے) نے کہا ہے کہ بین الاقوامی سب میرین کیبلز کے نظام SEA-ME-WE
5 (SMW5) میں پاکستان کے ساحل سے تقریباً 11 کلومیٹر دور خرابی پیدا ہو گئی ہے،
جس کے باعث بعض صارفین کو انٹرنیٹ تک رسائی میں تعطل اور سروس کے معیار میں کمی کا
سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق خرابی کی بنیادی
وجہ معلوم کرنے اور یہ اندازہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ انٹرنیٹ سروس مکمل
طور پر بحال ہونے میں کتنا وقت لگے گا۔
ادارے کا کہنا ہے کہ ممکنہ اثرات کو
کم سے کم رکھنے اور سروس کی فراہمی جاری رکھنے کے لیے انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل بین
الاقوامی روابط کے ذریعے منتقل کیا جا رہا ہے۔
پی
ٹی اے نے کہا ہے کہ وہ متعلقہ فریقین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ملک بھر میں
انٹرنیٹ سروسز کی جلد از جلد مکمل بحالی کے لیے صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے۔
ایم۔6 موٹروے کے دو حصوں کی تعمیر کی منظوری، نجی سرمایہ کار 25 سال تک آپریٹ کریں گے
،تصویر کا ذریعہBloomberg via Getty Images
پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (پی
3 اے) کے بورڈ نے حیدرآباد۔سکھر موٹروے (ایم۔6) کے پہلے دو حصوں کی تعمیر کی
منظوری دے دی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے پاکستان کے شمال سے جنوب تک
موٹروے نیٹ ورک کے ایک اہم حصے کی تکمیل میں مدد ملے گی۔
پی 3 اے کے 46ویں اجلاس میں تقریباً
121 کلومیٹر طویل سیکشن ون اور ٹو کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کی صدارت وزیر اعظم کے
مشیر برائے نجکاری اور چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی نے کی، جو پی 3 اے بورڈ کے
سربراہ بھی ہیں۔
منصوبے کے تحت دونوں حصوں کی تعمیر
الگ الگ معاہدوں کے ذریعے کی جائے گی۔ نجی سرمایہ کار ان سیکشنز کو تعمیر کرنے کے
بعد 25 سال تک ان کا انتظام اور آپریشن سنبھالیں گے اور ٹول ریوینیو کے ذریعے اپنی
سرمایہ کاری واپس حاصل کریں گے۔ مدت مکمل ہونے پر موٹروے نیشنل ہائی وے اتھارٹی
(این ایچ اے) کے حوالے کر دی جائے گی۔
حکام کے مطابق حکومت صرف سیکشن ون کے
لیے وائبلٹی گیپ فنڈنگ فراہم کرے گی تاکہ منصوبہ تجارتی طور پر قابل عمل رہے اور
ٹول ٹیکس کی شرح مناسب رکھی جا سکے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)
منصوبے کے دونوں حصوں کے لیے این ایچ اے کا ٹرانزیکشن ایڈوائزر ہے، جبکہ اہل مقامی
اور غیر ملکی سرمایہ کاروں سے بولیاں طلب کی جائیں گی۔
306 کلومیٹر طویل، چھ رویہ ایم۔6 موٹروے مکمل ہونے کے بعد حیدرآباد اور
سکھر کے درمیان سفر کا وقت تقریباً چھ گھنٹے سے کم ہو کر تین گھنٹے رہ جائے گا۔ اس
وقت دونوں شہروں کے درمیان زیادہ تر ٹریفک این۔5 قومی شاہراہ استعمال کرتی ہے۔
پی
3 اے بورڈ کے مطابق باقی تین سیکشنز، جو نوابشاہ سے سکھر تک ہیں، اوپیک فنڈ اور
اسلامی ترقیاتی بینک کی مالی معاونت سے تعمیر کیے جائیں گے۔
اسرائیلی فوج نے غزہ میں فوجی کارروائی شروع کر دی
،تصویر کا ذریعہReuters
،تصویر کا کیپشن11 نومبر 2026 کی تصویر: غزہ شہر میں سرد موسم کے دوران فلسطینی خیموں کے درمیان آگ کے گرد بیٹھ کر خود کو گرم رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں
اسرائیلی فوج نے غزہ میں فوجی
کارروائی شروع کر دی ہے۔ اسرائیلی ٹینک اور بلڈوزر البریج اور النصیرات کیمپوں کے
شمال مغربی علاقوں کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں۔
اس دوران غزہ کی پٹی کے وسطی علاقے
المغراقہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم ایک شخص ہلاک جبکہ متعدد دیگر زخمی
ہو گئے ہیں۔
عینی شاہدین نے بی بی سی کو بتایا کہ
اسرائیلی فوج نے المغراقہ، وادی غزہ پل، الدعوہ محلے اور صلاح الدین روڈ کے مشرقی
علاقوں کی جانب پیش قدمی شروع کر دی ہے، جس کے باعث درجنوں خاندانوں نے علاقے سے
نقل مکانی کی ہے۔
یہ پیش رفت اسرائیلی فوج کی جانب سے
اس علاقے میں فوجی کارروائی شروع کرنے کے اعلان کے بعد سامنے آئی، جس کے ساتھ
مقامی آبادی اور وہاں موجود بے گھر افراد کو فوری طور پر علاقہ خالی کرنے کی ہدایت
بھی کی گئی تھی۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ
کارروائی کا ہدف وہ مقامات ہیں جنھیں اس نے ’دہشت گردی کا بنیادی ڈھانچہ‘ قرار
دیا۔ فوج کے مطابق کارروائی البریج اور النصیرات کیمپوں کے شمال مغربی علاقوں میں
مرکوز ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ کارروائی
کے دوران متاثرہ علاقوں میں صلاح الدین روڈ پر ٹریفک معطل رہے گی۔ فوج کا کہنا ہے
کہ وہ ’شہری آبادی کو نقصان کے خطرات کم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات‘ کر رہی
ہے۔
اسرائیلی فوج نے غزہ کے مکینوں سے
بھی کہا ہے کہ کارروائی ختم ہونے کے باضابطہ اعلان تک وہ علاقے سے دور رہیں۔
ایک سال سے زیادہ عرصہ قبل جنگ بندی
کے معاہدے کے اعلان کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کے شہری علاقوں
کے اندر فوجی کارروائی کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب فلسطینی خبر رساں ایجنسی
وفا نے طبی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ سات اکتوبر 2023 کو غزہ کے خلاف
اسرائیلی جنگ شروع ہونے کے بعد سے فلسطینی ہلاکتوں کی تعداد 74 ہزار 710 ہو گئی ہے
جبکہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 76 ہزار 131 تک پہنچ گئی ہے۔
طبی ذرائع کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں
کے دوران غزہ کے ہسپتالوں میں سات لاشیں اور 15 زخمی لائے گئے۔
چین میں تاریخی مذاکرات سے قبل ٹرمپ کا پوتن اور شی جن پنگ سے مصافحہ, اولیویا آئرلینڈ اور لورا بِکر، نامہ نگار برائے چین
،تصویر کا ذریعہBloomberg via Getty Images
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر
پوتن نے بدھ کے روز ایک سال سے زائد عرصے میں پہلی بار ملاقات کی، جب وہ شی جن پنگ
کے ساتھ چین میں ہونے والے اہم مذاکرات کی تیاری کر رہے تھے۔
امریکی صدر جب ایشیا پیسیفک رہنماؤں
کے اجلاس میں شرکت کے لیے شینزن پہنچے تو ان کا استقبال چینی صدر نے کیا۔
اجلاس کے اختتام پر دونوں رہنما روسی
صدر کے ساتھ ایک اہم مشترکہ نشست میں شرکت کریں گے۔
ہوائی اڈے پر ٹرمپ اور شی جن پنگ کے
درمیان مصافحے اور معانقے کے بعد امریکی صدر نے بعد میں ایک استقبالیہ تقریب سے
قبل پوتن سے بھی ملاقات کی اور خیر سگالی کے کلمات کا تبادلہ کیا۔
توقع ہے کہ ٹرمپ اور پوتن جمعرات کو
سربراہی اجلاس کے موقع پر الگ سے ون آن ون ملاقات کریں گے، جس میں یوکرین میں جاری
جنگ پر بھی گفتگو ہو سکتی ہے۔
تاہم ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن
فورم (ایپیک) کے دوران اصل توجہ جمعرات کو ہونے والے امریکہ، چین اور روس کے
مذاکرات پر ہو گی۔ یہ پہلا موقع ہو گا جب تینوں رہنما ذاتی طور پر ایک ساتھ ملاقات
کریں گے۔
اگرچہ
اجلاس کا مکمل ایجنڈا عوام کے سامنے نہیں لایا گیا، تاہم مختلف اشارے ملے ہیں کہ
یوکرین اور ایران کی جنگوں، جوہری پھیلاؤ، تجارتی کشیدگی اور مصنوعی ذہانت میں پیش
رفت جیسے موضوعات زیرِ بحث آ سکتے ہیں۔
،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images
بدھ کے روز یہ واضح نہیں تھا کہ ٹرمپ
اور پوتن کے درمیان علیحدہ ملاقات کس نوعیت کی ہو گی، تاہم کریملن کے ایک ترجمان
نے اشارہ دیا کہ مختصر غیر رسمی بات چیت بڑے وفود کی موجودگی کے بغیر بھی ہو سکتی
ہے۔
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے
اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ کیئو یا یورپی نمائندوں کو اعتماد میں لیے بغیر جنگ کے
خاتمے سے متعلق کسی منصوبے پر بات کی جا سکتی ہے۔
بدھ کا یہ مصافحہ اگست 2025 کے بعد
ٹرمپ اور پوتن کے درمیان پہلی بالمشافہ ملاقات تھا۔
اُس وقت روسی صدر یوکرین جنگ پر
مذاکرات کے لیے الاسکا گئے تھے، تاہم ان مذاکرات میں کوئی اہم پیش رفت نہیں ہوئی
تھی۔
ہوائی اڈے پر شی جن پنگ نے ذاتی طور
پر ٹرمپ کا استقبال کیا۔ جب چینی صدر ستمبر میں واشنگٹن کے دورے پر گئے تھے تو ٹرمپ
نے بھی ان کا اسی طرح استقبال کیا تھا۔
شینزن میں ٹرمپ کے استقبال کے لیے
ایئر فورس ون کے سامنے سرخ قالین بچھایا گیا تھا جبکہ خیر مقدم کرنے کے لیے پُر جوش
ہجوم، اعزازی سلامی، عسکری فضائی مظاہرہ اور پھول پیش کرنے کی تقریب کا بھی اہتمام
کیا گیا تھا۔
چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا
کے مطابق شی جن پنگ نے کہا کہ وہ ’احترام، انصاف اور مساوات کی بنیاد پر تعمیری اور
مستحکم تعلقات‘ کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔
شی جن پنگ کے اس استقبال کو ایک ایسے
سفارتی اشارے کے طور پر دیکھا جائے گا جس کا مقصد اپنے امریکی ہم منصب کے ساتھ
ہفتے بھر جاری رہنے والے مذاکرات کا آغاز خوش گوار ماحول میں کرنا ہے۔
،تصویر کا ذریعہGetty Images
،تصویر کا کیپشنٹرمپ کی چین آمد پر ایک شاندار استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا
ٹرمپ کی آمد سے کئی گھنٹے قبل پوتن
شینزن پہنچے تھے اور انھوں نے شی جن پنگ کے ساتھ تقریباً دو گھنٹے طویل ملاقات کی،
جس میں دونوں رہنماؤں نے اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور
دیا۔
شی
جن پنگ نے کہا کہ دونوں ممالک ’ثابت قدمی اور جرات کے ساتھ آگے بڑھیں گے‘ اور ان
کے تعلقات ’پہاڑ کی طرح مستحکم‘ ہیں۔
ایران کا آبنائے ہرمز میں امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ
،تصویر کا ذریعہIRNA
ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے
فضائی دفاع کے نظام نے آبنائے ہرمز کے مشرقی علاقے میں ایک امریکی ایم کیو۔9 ڈرون
کو مار گرایا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے
مطابق ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ ڈرون کو فوج کے مقامی طور پر تیار کردہ نظام سے نشانہ
بنایا گیا۔
حالیہ
دنوں میں ایرانی فوجی حکام متعدد بار یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ انھوں نے امریکی
ڈرونز کو مار گرایا ہے، تاہم امریکی فوج کی مرکزی کمان (سینٹکام) نے اب تک ان
دعوؤں پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔
پاکستان کا فتح۔3 سپرسونک کروز میزائل کا تجربہ: آئی ایس پی آر
،تصویر کا ذریعہISPR
پاکستان فوج نے فتح۔3 سپرسونک کروز
میزائل کا تجربہ کیا ہے، جسے قومی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب ایک اہم پیش
رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ
(آئی ایس پی آر) کے مطابق فتح-3 جدید نیوی گیشن اور پروپلشن (حرکت اور رفتار فراہم کرنے والے) نظام سے لیس ہے اور طویل
فاصلے تک اہداف کو سپرسونک رفتار سے انتہائی درستی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا
ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فتح۔3 فوج
کی راکٹ فورس کمانڈ کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرے گا، جس سے ملک کا دفاع مزید
مضبوط ہو گا۔
آبنائے ہرمز میں ٹینکر عملے کے لاپتہ رکن کی تلاش جاری
برطانوی ایجنسی میری ٹائم ٹریڈ
آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) نے کہا ہے کہ ایک آئل ٹینکر کے عملے کے لاپتہ رکن کو
تلاش کرنے کے لیے کارروائی جاری ہے۔
ادارے نے گذشتہ روز بتایا تھا کہ
عمان کے شہر خصب کے شمال میں تقریباً 24 کلومیٹر کے فاصلے پر ایک آئل ٹینکر کو ایک
نا معلوم میزائل نے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں عملے کا ایک رکن لاپتہ ہو گیا۔
یو کے ایم ٹی او کے مطابق جہاز میں
آگ بھی لگ گئی تھی، تاہم مقامی حکام کے مطابق آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ جہاز کو پہنچنے
والے نقصان اور ممکنہ ماحولیاتی اثرات کا ابھی اندازہ نہیں لگایا جا سکا۔ اس نے
دیگر بحری جہازوں کو احتیاط برتنے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی
ہدایت کی ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ اور روسی صدر پوتن کی چین میں ملاقات
،تصویر کا ذریعہReuters
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی چین میں روسی
صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ ملاقات ہوئی ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق
شینزن میں عشائیے کی تقریب سے قبل سرخ قالین پر تینوں رہنما ایک ہی مقام پر موجود
تھے۔ روسی صدارتی دفتر کریملن کے پول رپورٹرز کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں
دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ اور ان کی اہلیہ کے
ساتھ کھڑے ہیں، جب ولادیمیر پوتن وہاں آتے ہیں۔
ویڈیو میں ٹرمپ اور پوتن ایک دوسرے
سے مصافحہ کرتے اور گرمجوشی سے خیر مقدم کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان اگست 2025
میں الاسکا میں ہونے والی روس۔امریکہ سربراہی ملاقات کے بعد یہ پہلی براہِ راست
ملاقات ہے۔
تینوں
رہنماؤں کی با ضابطہ سہ فریقی ملاقات جمعرات کو متوقع ہے، جس میں بین الاقوامی
امور اور عالمی امن سے متعلق موضوعات پر تبادلہ خیال ہونے کا امکان ہے۔
سعودی عرب کی کویت، بحرین اور اماراتی آئل ٹینکر پر ایرانی حملوں کی مذمت
سعودی عرب نے کویت اور بحرین پر
ایران کی جانب سے کیے گئے حملوں اور متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے ایک آئل
ٹینکر پر حملے کی مذمت کی ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں
کہا کہ سعودی عرب برادر ممالک کے خلاف ایران کی مسلسل جارحانہ کارروائیوں اور
سمندری آمد و رفت اور تجارتی راستوں کی آزادی کو درپیش خطرات کو مکمل طور پر مسترد
کرتا ہے۔
بیان میں وزارت خارجہ نے مطالبہ کیا
کہ ایسی جارحانہ کارروائیوں کا خاتمہ کیا جائے، بین الاقوامی قانون اور ہمسایہ
ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کے اصولوں کا احترام کیا جائے، اور امن کے قیام اور
مذاکرات کے ذریعے بحران کے حل کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت کی جائے۔
حوثیوں کی جانب سے داغا گیا میزائل تباہ کر دیا: سعودی اتحاد
سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی
اتحاد نے کہا ہے کہ اس نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے داغا گیا ایک میزائل فضا
میں تباہ کر دیا ہے۔
اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ یہ کروز میزائل سعودی دار الحکومت
ریاض کی جانب داغا گیا تھا۔
اس سے قبل، بدھ
کی صبح نو بج کر 19 منٹ پر جاری کردہ بیان میں بھی حوثیوں کی جانب سے ریاض کی طرف داغا
گیا میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
امریکہ سے تعمیری اور مستحکم تعلقات کے خواہاں ہیں: چینی صدر
،تصویر کا ذریعہMark Schiefelbein - Pool/Getty Images
چینی سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا
کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ وہ واشنگٹن کے ساتھ ’تعمیری اور
مستحکم تعلقات‘ کے خواہاں ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج بدھ کے
روز چین کے شہر شینزن پہنچے ہیں جہاں چینی صدر نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا،
جبکہ اس موقع پر سرخ قالین بھی بچھایا گیا تھا۔
بی بی سی کی نامہ نگار لورا بِکر کے
مطابق اس سفارتی لمحے کو بہت ہی سوچ سمجھ کر ترتیب دیا گیا تھا۔
ٹرمپ شینزن میں ہونے والے ایشیا
پیسفک اکنامک تعاون (ایپیک) اجلاس کے موقع پر چین پہنچے ہیں، جہاں ان کی شی جن پنگ
اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ سہ فریقی ملاقات بھی متوقع ہے۔
اس سے قبل شی جن پنگ اور ولادیمیر
پوتن کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے چین اور روس کے تعلقات کو
سراہا۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق شی جن
پنگ نے کہا کہ بیجنگ اور ماسکو کے تعلقات ’پہاڑ کی طرح مضبوط ہیں اور طوفانوں سے
متزلزل نہیں ہوئے۔‘
انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے
تعلقات نے عالمی بے یقینی اور کشیدگی کے ماحول میں استحکام فراہم کیا ہے، جبکہ
دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی زور دیا۔
بحرین اور کویت پر حملے کشیدگی میں خطرناک اضافہ ہیں: قطر
ایران کی جانب سے حالیہ دنوں اور گذشتہ
شب کویت اور بحرین پر کیے گئے حملوں کے بعد قطر کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ’ایران
کے بار بار حملے‘ صورتحال میں ’خطرناک کشیدگی‘ پیدا کرنے کے مترادف ہیں۔
قطری حکومت کے مطابق ان حملوں سے یہ
خطرہ پیدا ہو گیا ہے کہ خطے میں سلامتی اور استحکام کے حصول کے لیے جاری سیاسی اور
سفارتی کوششیں کمزور پڑ سکتی ہیں۔
قطر کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں
کہا کہ یہ اقدامات ’دونوں ممالک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف
ورزی اور بین الاقوامی قانون سے انحراف‘ ہیں۔
دوسری
جانب ایران کا کہنا ہے کہ اس نے کویت میں واقع ایک امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا
ہے۔
پولیس کا لکی مروت میں سکیورٹی آپریشن کے دوران چار شدت پسند ہلاک کرنے کا دعویٰ, عزیز اللہ خان، بی بی سی اردو، پشاور
خیبر پختونخوا پولیس نے دعویٰ کیا ہے
کہ ضلع لکی مروت میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے کے بعد شروع کیے گئے
آپریشن کے دوران چار مبینہ شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔
پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا
گیا ہے کہ تھانہ لکی سٹی کی حدود میں بیگوخیل روڈ پر پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی
اطلاع ملنے کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لکی مروت سجاد احمد صاحبزادہ کی
قیادت میں مقامی پولیس، کوئیک رسپانس فورس (کیو آر ایف) اور محکمہ انسداد دہشت
گردی (سی ٹی ڈی) کے اہلکاروں نے علاقے میں آپریشن شروع کیا۔
بیان کے مطابق آپریشن کے دوران میلہ
شہاب خیل کے قریب سرکنڈوں کے جنگلات میں مبینہ شدت پسندوں اور سکیورٹی اہلکاروں کے
درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہا۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ کارروائی
کے نتیجے میں چار مبینہ شدت پسند ہلاک ہو گئے جبکہ ان کی لاشوں کے ساتھ اسلحہ اور
گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد
ایک مقامی کالعدم تنظیم سے وابستہ تھے اور پولیس و سکیورٹی فورسز پر حملوں میں
ملوث رہے ہیں۔
دشمن نے کارروائی کی تو ہمارا جواب زیادہ شدید اور جغرافیائی حدود سے ماورا ہو گا: سربراہ ایرانی فوج
،تصویر کا ذریعہAnadolu via Getty Images
خطے میں امریکی فوج کی موجودگی بڑھنے پر ردعمل دیتے ہوئے ایرانی فوج کے سربراہ امیر حاتمی نے
کہا ہے کہ اگر دشمن دوبارہ
کوئی کارروائی کرتا ہے تو ’اسے زیادہ سخت اور بھرپور جواب دیا
جائے گا، اور یہ جواب کسی جغرافیائی حدود کا پابند نہیں ہو گا۔‘
ایرانی
خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق امیر حاتمی نے خطے میں ایک نئے طیارہ بردار بحری
جہاز کی آمد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم دشمن کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے
ہیں اور تیاری کے لیے ایک لمحہ بھی ضائع نہیں کرتے۔‘
امریکی صدر ٹرمپ چین پہنچ گئے
،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین کے شہر
شینزن پہنچ گئے ہیں جہاں ان کا استقبال چینی صدر شی جن پنگ نے کیا۔
ٹرمپ کا طیارہ شینزن باؤآن انٹرنیشنل
ایئرپورٹ پر اترا جہاں ان کے استقبال کے لیے سرخ قالین بچھایا گیا تھا۔ چینی صدر
شی جن پنگ نے ایئرپورٹ پر خود امریکی صدر کا خیر مقدم کیا۔
ٹرمپ شینزن میں ہونے والے ایشیا
پیسفک اکنامک تعاون (ایپیک) اجلاس کے موقع پر چین پہنچے ہیں، جہاں ان کی شی جن پنگ
اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ سہ فریقی ملاقات بھی متوقع ہے۔
اس سے قبل شی جن پنگ اور ولادیمیر
پوتن کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے چین اور روس کے تعلقات کو
سراہا۔ چینی سرکاری میڈیا کے مطابق شی جن پنگ نے کہا کہ بیجنگ اور ماسکو کے تعلقات
’پہاڑ کی طرح مضبوط ہیں اور طوفانوں سے متزلزل نہیں ہوئے۔‘
انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے
تعلقات نے عالمی بے یقینی اور کشیدگی کے ماحول میں استحکام فراہم کیا ہے، جبکہ
دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی زور دیا۔
شینزن
میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور شہر میں ہونے والی اعلیٰ سطح کی
ملاقاتوں کے باعث غیر معمولی سرگرمی دیکھی جا رہی ہے۔
،تصویر کا ذریعہGetty Images
،تصویر کا کیپشنچینی صدر شی جن پنگ نے ایئرپورٹ پر خود امریکی صدر کا استقبال کیا
صحافی شاہد میتلا کا دو روزہ راہداری ریمانڈ منظور، گرفتاری میری شکایت پر ہوئی: انوار الحق کاکڑ, شہزاد ملک، بی بی سی اردو، اسلام آباد
،تصویر کا ذریعہx.com/ShahidMaitla
اسلام آباد کی عدالت نے صحافی شاہد
میتلا کا دو روزہ راہداری ریمانڈ منظور کر لیا، جس کے بعد نیشنل سائبر کرائم
انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے اہلکار انھیں لے کر بلوچستان لے کر
روانہ ہو گئے ہیں۔
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر افضل بٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا ہے کہ شاہد میتلا کو گذشتہ رات اسلام آباد کے ’ایک ریسٹورنٹ سے اٹھایا گیا تھا۔‘
ان کے بقول ’بعد ازاں معلوم ہوا کہ این سی سی آئی اے کوئٹہ کی ٹیم نے انھیں تحویل میں لیا ہے۔‘
آج بدھ کے روز صحافی شاہد میتلا کو ڈسٹرکٹ اینڈ
سیشن کورٹ اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
این سی سی آئی اے بلوچستان نے عدالت
سے سات روزہ راہداری ریمانڈ کی استدعا کی۔ فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت
نے فیصلہ محفوظ کیا اور بعد ازاں شاہد میتلا کا دو روزہ راہداری ریمانڈ منظور کر
لیا۔
سماعت کے دوران شاہد میتلا کی جانب
سے وکیل حبیب حنظلہ پیش ہوئے۔ انھوں نے مؤقف اختیار کیا کہ کسی ملزم کو ریمانڈ پر
دوسرے صوبے منتقل کرنے کے لیے پولیس رولز کے تحت ہوم آفس کے ساتھ رابطہ اور منظوری
ضروری ہوتی ہے۔
وکیل کے مطابق شاہد میتلا کا کہنا ہے
کہ انھوں نے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے خلاف متعدد ٹویٹس کی ہیں اور
انھیں بلوچستان میں خطرہ لاحق ہے۔
وکیل کا یہ بھی کہنا تھا کہ انھیں اب
تک مقدمے کی ایف آئی آر (فرسٹ انفارمیشن رپورٹ) فراہم نہیں کی گئی، جبکہ اسی مقدمے
میں اسلام آباد ہائی کورٹ ان کی حفاظتی ضمانت منظور کر چکی ہے۔
دریں اثنا سابق نگراں وزیر اعظم
انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ شاہد میتلا کی گرفتاری ان کی شکایت پر کی گئی ہے۔
سماجی
رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں انوار الحق کاکڑ نے کہا: ’میں اپنی ساکھ
پر کسی بھی حملے کا دفاع پوری شدت سے کروں گا۔ آزادیٔ صحافت آپ کو جھوٹ پھیلانے کا
حق نہیں دیتی۔‘
بشری بی بی کو علاج کے لیے سپیشلسٹ ڈاکٹر اور اڈیالہ جیل میں سہولیات دی جائیں، عدالت کا حکم, شہزاد ملک، بی بی سی اردو
،تصویر کا ذریعہGetty Images
اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق متفرق درخواست پر اڈیالہ جیل حکام کو حکم دیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو جیل میں ہر قسم کی ممکنہ سہولیات دی جائیں۔
عدالت نے اسلام آباد کے ایڈووکیٹ جنرل کو جیل حکام کے ذریعے عدالتی آرڈر پر عمل درآمد کرانے کا حکم دیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ایک سو نوے ملین پاؤنڈ کی سزا کے خلاف سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اپیلوں کی سماعت کی۔
بشریٰ بی بی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے اپنی موکلہ کی صحت سے متعلق ایک نئی درخواست دائر کی ہے، جس پر چیف جسٹس نے سردار لطیف کھوسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے کہا تھا کہ ملاقات کے بغیر دلائل نہیں دے سکتے اور آپ نے ملاقات کا جتنا وقت مانگا، عدالت نے آپ کو دیا، اب تو آپ اپیل پر دلائل کا آغاز کریں۔‘
اس پر بشریٰ بی بی کے وکیل نے کہا کہ انھیں دلائل دینے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں مگر یہ بشریٰ بی بی کی بینائی کا مسئلہ ہے اور ان کی بینائی سے متعلق اہم معاملہ ہے۔
بینچ کے سربراہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ’جیل رولز کے مطابق ان کی موکلہ کو میڈیکل کی تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی اور اس بارے میں پہلے سے بھی درخواست دائر ہے اور عدالت اس پر مناسب آرڈر پاس کرے گی۔‘
جس پر بشریٰ بی بی کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ ’اب یہ درخواست ان کی موکلہ کی صحت سے متعلق تازہ ترین صورت حال کو سامنے رکھتے ہوئے دائر کی گئی ہے۔‘ انھوں نے کہا کہ ’اب جو بشریٰ بی بی کی کیفیت ہے، اس میں وہ بینائی سے بھی محروم ہو سکتی ہیں۔‘
چیف جسٹس نے عمران خان کا نام لیے بغیر بشریٰ بی بی کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے اپنی موکلہ کی صحت سے متعلق خط لکھوا دیا ہے۔‘
اس موقع پر عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے بولنے کی کوشش کی تو بینچ کے سربراہ نے انھیں بولنے سے روکتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے میں کوئی بات نہیں کریں گے۔ جس پر سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ وہ صرف اس مقدمے میں مرکزی اپیلوں پر بات کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم چیف جسٹس نے بیرسٹر سلمان صفدر کو اس معاملے پر بھی بولنے کی اجازت نہیں دی۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر ان کی موکلہ کو علاج معالجے کے لیے سپیشلسٹ ڈاکٹر چاہیے تو ڈاکٹر مہیا کیا جائے۔‘
عدالت نے اسلام آباد کے ایڈووکیٹ جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی کے سیل میں ’جو سہولیات کا ایشو ہے، اس کو بھی حل کریں۔‘
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ایڈووکیٹ جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اڈیالہ جیل حکام کے ذریعے عدالتی آرڈر پر عمل کروائیں۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جیل رولز کے مطابق بشریٰ بی بی کا علاج کرائیں۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی موکلہ محفوظ ہاتھوں میں ہیں اور انھیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
سردار لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ اڈیالہ جیل ’تو بیماریوں کا گڑھ ہے‘ اور ان کی موکلہ کی ’سرجری کے بعد وہاں انفیکشن کا خطرہ ہے۔‘
اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ’سب مفروضوں کی باتیں ہیں کہ ایسا ہو گیا تو ویسا ہو جائے گا۔‘
بشریٰ بی بی کے وکیل نے کہا کہ اگر عدالت انھیں اس مقدمے میں ضمانت دے تو ان کی موکلہ پھر بھی عدالت کی کسٹڈی میں ہوں گی۔
انھوں نے کہا کہ ان اپیلوں پر اگر سرکاری وکیل بھی دلائل دیں تو ان کی موکلہ ان دلائل کی روشنی میں بری بھی تو ہو سکتی ہیں۔
بینچ کے سربراہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ’اس لیے تو عدالت مجرمان کے وکلا کو کہہ رہی ہے کہ وہ اپیلوں پر دلائل دیں، تو پھر آپ کیوں نہیں کر رہے؟‘
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے نیب پراسیکیوٹر کو اپیل پر دلائل کا آغاز کرنے کی ہدایت کر دی تو عمران خان کے وکیل سلمان صفدر روسٹرم پر آئے اور انھوں نے کہا ’یہ مناسب نہیں کہ ہم موجود ہیں تو پراسیکیوشن شروع کر دے۔‘
جس پر چیف جسٹس نے سلمان صفدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے جو کیا، وہ مناسب تھا؟ اپنے موکل یعنی عمران خان کا خط پوری پبلک تک چلا گیا ہے۔‘
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنے وکیل کے توسط سے وفاقی آئینی عدالت، سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان کو خط لکھا تھا جس میں انھوں نے اپنی اور اپنی اہلیہ کی صحت کے بارے میں تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ’سابق وزیر اعظم ہیں، قابل احترام ہیں۔‘
عدالت نے بیرسٹر سلمان صفدر کو اپیلوں پر تیاری کے لیے سات دن کا وقت دیتے ہوئے اپیلوں پر سماعت ملتوی کر دی۔