امریکہ کسی منظم سائبر حملے کی زد میں نہیں: وزیر خارجہ مارکو روبیو

،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے حالیہ دنوں میں پیش آنے والی متعدد تکنیکی خرابیوں کے درمیان کسی باہمی تعلق کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بات کا ’کوئی ثبوت نہیں‘ کہ یہ واقعات کسی منظم سائبر حملے یا سازش کا حصہ ہیں۔
گذشتہ ایک ہفتے کے دوران مائیکروسافٹ کی بڑے پیمانے پر سروس متاثر ہوئی، امریکہ بھر میں پروازیں کئی گھنٹوں کے لیے معطل رہیں، جبکہ بینکاری نظام، ایپل اور نیشنل سکیورٹی ایجنسی کی بعض سروسز بھی عارضی طور پر متاثر ہوئیں۔
وزیر خارجہ مارکو روبیو نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ لوگ ان واقعات کے بارے میں فکرمند ہیں، تاہم امریکی حکومت کے پاس ایسا کوئی ثبوت نہیں کہ یہ تمام خرابیاں آپس میں منسلک ہیں یا کسی دشمن ملک یا سائبر حملہ آور کی کارروائی کا نتیجہ ہیں۔
ان کے بقول، ’ہم کسی منظم حملے کی زد میں نہیں ہیں۔ ہر واقعے کی اپنی الگ وجہ ہے اور ان کا ایک دوسرے سے کوئی تعلق نہیں۔‘
امریکی انٹیلی جنس اور سائبر سکیورٹی ماہرین بھی اس مؤقف سے اتفاق کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حالیہ زیادہ تر مسائل پرانے ڈیجیٹل نظاموں میں اپ ڈیٹس اور تکنیکی تبدیلیوں کے باعث سامنے آئے ہیں، نہ کہ کسی سائبر حملے کے نتیجے میں۔
ماہرین کے مطابق ان واقعات نے ضرور یہ واضح کیا ہے کہ امریکہ کا ڈیجیٹل انفراسٹرکچر ایک دوسرے سے انتہائی جڑا ہوا اور بعض اوقات نازک نوعیت کا ہے، جہاں ایک سافٹ ویئر خرابی یا نیٹ ورک مسئلہ بھی بڑے پیمانے پر خدمات کو متاثر کر سکتا ہے۔








