روس کے لیے جاسوسی کے شبے میں گرفتار امریکی فوجی افسر برطانیہ سے امریکی حکام کے حوالے

،تصویر کا ذریعہFacebook
برطانوی انسدادِ دہشت گردی پولیس نے روس کے لیے مبینہ جاسوسی کے شبے میں گرفتار ایک امریکی فوجی افسر کو امریکی حکام کے حوالے کر دیا ہے۔
برطانوی پولیس نے منگل کو تصدیق کی کہ رواں ماہ کے آغاز میں گرفتار کیے گئے امریکی فوجی افسر کو اب امریکی فوجی حکام کی تحویل میں دے دیا گیا ہے، جبکہ اس معاملے کی تفتیش قومی سلامتی اور جاسوسی سے متعلق الزامات کے تناظر میں جاری ہے۔
بی بی سی کے مطابق گرفتار افسر کی شناخت 41 سالہ لیفٹیننٹ کرنل برینڈن کیرول ٹائنر کے نام سے ہوئی ہے۔ وہ 2008 سے امریکی فوج میں خدمات انجام دے رہے تھے اور گزشتہ ہفتے انھیں گلوسٹر شہر کے قریب گرفتار کیا گیا تھا۔
ٹائنر گلوسٹر شائر کے امیجن بیرکس میں تعینات تھے، جہاں نیٹو کی اتحادی ریپڈ ری ایکشن فورس قائم ہے۔
گرفتاری کے بعد کریملن نے اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ اس معاملے سے روس کا کوئی تعلق نہیں۔









