اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق متفرق درخواست پر اڈیالہ جیل حکام کو حکم دیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو جیل میں ہر قسم کی ممکنہ سہولیات دی جائیں۔
عدالت نے اسلام آباد کے ایڈووکیٹ جنرل کو جیل حکام کے ذریعے عدالتی آرڈر پر عمل درآمد کرانے کا حکم دیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ایک سو نوے ملین پاؤنڈ کی سزا کے خلاف سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اپیلوں کی سماعت کی۔
بشریٰ بی بی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے اپنی موکلہ کی صحت سے متعلق ایک نئی درخواست دائر کی ہے، جس پر چیف جسٹس نے سردار لطیف کھوسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے کہا تھا کہ ملاقات کے بغیر دلائل نہیں دے سکتے اور آپ نے ملاقات کا جتنا وقت مانگا، عدالت نے آپ کو دیا، اب تو آپ اپیل پر دلائل کا آغاز کریں۔‘
اس پر بشریٰ بی بی کے وکیل نے کہا کہ انھیں دلائل دینے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں مگر یہ بشریٰ بی بی کی بینائی کا مسئلہ ہے اور ان کی بینائی سے متعلق اہم معاملہ ہے۔
بینچ کے سربراہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ’جیل رولز کے مطابق ان کی موکلہ کو میڈیکل کی تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی اور اس بارے میں پہلے سے بھی درخواست دائر ہے اور عدالت اس پر مناسب آرڈر پاس کرے گی۔‘
جس پر بشریٰ بی بی کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ ’اب یہ درخواست ان کی موکلہ کی صحت سے متعلق تازہ ترین صورت حال کو سامنے رکھتے ہوئے دائر کی گئی ہے۔‘ انھوں نے کہا کہ ’اب جو بشریٰ بی بی کی کیفیت ہے، اس میں وہ بینائی سے بھی محروم ہو سکتی ہیں۔‘
چیف جسٹس نے عمران خان کا نام لیے بغیر بشریٰ بی بی کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے اپنی موکلہ کی صحت سے متعلق خط لکھوا دیا ہے۔‘
اس موقع پر عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے بولنے کی کوشش کی تو بینچ کے سربراہ نے انھیں بولنے سے روکتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے میں کوئی بات نہیں کریں گے۔ جس پر سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ وہ صرف اس مقدمے میں مرکزی اپیلوں پر بات کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم چیف جسٹس نے بیرسٹر سلمان صفدر کو اس معاملے پر بھی بولنے کی اجازت نہیں دی۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر ان کی موکلہ کو علاج معالجے کے لیے سپیشلسٹ ڈاکٹر چاہیے تو ڈاکٹر مہیا کیا جائے۔‘
عدالت نے اسلام آباد کے ایڈووکیٹ جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی کے سیل میں ’جو سہولیات کا ایشو ہے، اس کو بھی حل کریں۔‘
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ایڈووکیٹ جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اڈیالہ جیل حکام کے ذریعے عدالتی آرڈر پر عمل کروائیں۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جیل رولز کے مطابق بشریٰ بی بی کا علاج کرائیں۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی موکلہ محفوظ ہاتھوں میں ہیں اور انھیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
سردار لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ اڈیالہ جیل ’تو بیماریوں کا گڑھ ہے‘ اور ان کی موکلہ کی ’سرجری کے بعد وہاں انفیکشن کا خطرہ ہے۔‘
اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ’سب مفروضوں کی باتیں ہیں کہ ایسا ہو گیا تو ویسا ہو جائے گا۔‘
بشریٰ بی بی کے وکیل نے کہا کہ اگر عدالت انھیں اس مقدمے میں ضمانت دے تو ان کی موکلہ پھر بھی عدالت کی کسٹڈی میں ہوں گی۔
انھوں نے کہا کہ ان اپیلوں پر اگر سرکاری وکیل بھی دلائل دیں تو ان کی موکلہ ان دلائل کی روشنی میں بری بھی تو ہو سکتی ہیں۔
بینچ کے سربراہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ’اس لیے تو عدالت مجرمان کے وکلا کو کہہ رہی ہے کہ وہ اپیلوں پر دلائل دیں، تو پھر آپ کیوں نہیں کر رہے؟‘
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے نیب پراسیکیوٹر کو اپیل پر دلائل کا آغاز کرنے کی ہدایت کر دی تو عمران خان کے وکیل سلمان صفدر روسٹرم پر آئے اور انھوں نے کہا ’یہ مناسب نہیں کہ ہم موجود ہیں تو پراسیکیوشن شروع کر دے۔‘
جس پر چیف جسٹس نے سلمان صفدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے جو کیا، وہ مناسب تھا؟ اپنے موکل یعنی عمران خان کا خط پوری پبلک تک چلا گیا ہے۔‘
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنے وکیل کے توسط سے وفاقی آئینی عدالت، سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان کو خط لکھا تھا جس میں انھوں نے اپنی اور اپنی اہلیہ کی صحت کے بارے میں تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ’سابق وزیر اعظم ہیں، قابل احترام ہیں۔‘
عدالت نے بیرسٹر سلمان صفدر کو اپیلوں پر تیاری کے لیے سات دن کا وقت دیتے ہوئے اپیلوں پر سماعت ملتوی کر دی۔