لائیو, امریکہ کا ایران پر حملوں میں شدت نہ لانے کا فیصلہ، تہران نے بھی جوابی کارروائیاں معطل کر دیں
ایرانی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکہ کی جانب سے گذشتہ دو راتوں کے دوران حملے بند کیے جانے کے بعد ایران نے بھی اپنی جوابی کارروائیاں روک دی ہیں۔ ان کے مطابق حالیہ لڑائی کے دوران ایران نے امریکی ریڈار تنصیبات اور معاونت فراہم کرنے والے مراکز کو نشانہ بنایا تاکہ امریکہ کو مزید حملوں سے باز رکھا جا سکے۔
خلاصہ
آبنائے ہرمز میں ماحولیاتی خدمات اور نقصانات کی فیس وصول کرنے کے قواعد تیار لیے: ادارۂ تحفظِ ماحولیات ایران
امریکہ نے حملے روکے تو ہم نے بھی جوابی کارروائیاں معطل کر دی ہیں: ایرانی فوج
ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی بدستور نافذ، خلاف ورزی کرنے والے 12 جہازوں کا رُخ موڑا: امریکی فوج
برطانیہ نے ایران کے خلاف جنگ میں امریکہ کی حمایت کی تو وہ ایک جائز اور یقینی ہدف ہو گا: ترجمان پاسداران انقلاب
ٹرمپ پر تنقید کرنے کے لیے تیار ہوں 'اگر یہ برطانیہ کے مفاد میں ہوا': اینڈی برنہم
جرمنی میں ہم جنس پرستوں کی تقریب کے دوران گاڑی ہجوم پر چڑھ دوڑی، ایک شخص ہلاک، 16 زخمی
لائیو کوریج
آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر میں زور دار دھماکا، بارودی سرنگ سے ٹکرانے کی اطلاعات
ایرانی میڈیا کے مطابق آبنائے ہرمز میں ایک آئل ٹینکر ایرانی حکام کی جانب سے مقرر کردہ بحری راستے سے ہٹنے کے بعد بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکا ہوا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے مہر نیوز کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ آئل ٹینکر ایران کی جانب سے مقرر کردہ محفوظ بحری راہداری سے بچ کر گزرنے کی کوشش کر رہا تھا، حالانکہ اسے اس سے قبل متعدد بار وارننگ بھی دی گئی تھی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب حالیہ دنوں میں آبنائے ہرمز میں غیر ملکی بحری بیڑوں اور بعض قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے جہازوں کی نقل و حرکت میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
تاحال اس واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ دو روز سے امریکہ اور ایران کے درمیان حملوں کا سلسلہ رکا ہوا ہے، جبکہ اطلاعات کے مطابق ثالثی کرنے والے فریق دونوں ممالک کے درمیان دوبارہ مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے اپنے رابطوں اور پیغامات کے تبادلے میں تیزی لے آئے ہیں۔
حالیہ جنگ بندی کے عرصے کو ہم نے اپنی فوجی صلاحیتوں کی بحالی اور مضبوطی کے لیے استعمال کیا: ایرانی فوج کے ترجمان کا دعویٰ
،تصویر کا ذریعہTasnim
،تصویر کا کیپشنایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمینیا
ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمینیا نے اپنے ایک حالیے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ’فوج کے جنگی ڈھانچے میں نئے سازوسامان، بالخصوص فضائی دفاعی نظام کو فوج کے حوالے کیا گیا ہے، جس سے ملک کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ ہوا ہے۔‘
اتوار کے روز اپنے بیان میں جنرل اکرمینیا نے کہا کہ ’فوج نے حالیہ جنگ بندی کے عرصے کو اپنی فوجی صلاحیتوں کی بحالی اور مضبوطی کے لیے استعمال کیا، خاص طور پر فضائی دفاع کے شعبے میں۔‘
انھوں نے بتایا کہ ’مرمت کیے گئے دفاعی نظام دوبارہ فعال کر دیے گئے ہیں، جبکہ نئے آلات کو حال ہی میں فوج کے آپریشنل ڈھانچے میں شامل کیا گیا ہے، جس سے ایران کی فضائی دفاعی صلاحیتوں میں بہتری آئی ہے۔‘
جنرل اکرمینیا نے کہا کہ ’ہم نے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کی ہے۔ جنگ بندی کا عرصہ ہماری دفاعی منصوبہ بندی، خاص طور پر فضائی دفاع کے شعبے میں، ایک اچھا موقع ثابت ہوا۔‘
انھوں نے کہا کہ ’ایرانی مسلح افواج تمام ممکنہ حالات کے لیے تیار ہیں اور دعویٰ کیا کہ ایران کے خلاف جارحیت کی جنگ میں امریکہ اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔‘
ایرانی فوج کے ترجمان کے مطابق ’واشنگٹن کے اہداف، جن میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنا، ایران کی دفاعی صلاحیتوں کو کمزور کرنا اور ایرانی مسلح افواج کے عزم کو متاثر کرنا شامل تھے، پورے نہیں ہو سکے۔‘
جنرل اکرمینیا نے خبردار کیا کہ ’امریکہ کی جانب سے مسلسل جارحانہ اقدامات تنازع کے دائرے کو وسیع کر سکتے ہیں۔‘ ان کے مطابق ’ایرانی مسلح افواج نے ایسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے نئی حکمت عملیاں تیار کر لی ہیں۔‘
لبنانی فوج کا جنوبی علاقوں میں اسرائیلی کارروائیوں کے تسلسل پر تشویش کا اظہار
،تصویر کا ذریعہGetty Images
لبنانی فوج نے ملک کے جنوبی حصے میں جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدامات گزشتہ ماہ اسرائیل کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے تحت فوج کی مکمل تعیناتی میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔
لبنانی فوج کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’قابض اسرائیلی افواج مسلسل حملے کر رہی ہیں اور موجودہ معاہدوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہی ہیں۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’اسرائیلی فورسز جنوبی علاقوں میں گھروں کو تباہ کرنے، بمباری کرنے اور خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ سمیت مختلف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔‘
لبنانی فوج نے مزید کہا کہ ’ان حملوں کا جاری رہنا معاہدوں کے مطابق فوج کی مکمل تعیناتی میں رکاوٹ پیدا کر رہا ہے اور مقامی شہریوں کو اپنے دیہات اور شہروں میں واپس جانے سے روک رہا ہے۔‘
،تصویر کا ذریعہGetty Images
سعودی عرب کے لیے استعمال ہونے والا ترک ساختہ ڈرون مار گرایا: یمنی حوثیوں کا دعویٰ
یمن کے حوثی گروپ کے عسکری ترجمان یحییٰ سریع نے ایکس پر جاری اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ’سعودی فوج کی جانب سے صوبہ الجوف کی فضائی حدود میں ’دشمن کی جانب سے اپنی کارروائیوں‘ کے لیے استعمال کیے جانے والے ترک ساختہ بیرقدار آقنچی جاسوس ڈرون کو ’مناسب ہتھیار‘ کے ذریعے مار گرایا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’حوثی اپنی خودمختاری کی خلاف ورزی کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور آئندہ بھی ایسے اقدامات کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔‘
دوسری جانب حوثیوں نے گزشتہ روز بھی دعویٰ کیا تھا کہ انھوں نے سعودی عرب میں آرامکو کی تیل تنصیبات اور ینبع آئل ٹرمینل کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا ہے۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کے حملے، دو مساجد اور متعدد گاڑیوں کو آگ لگا دی
،تصویر کا ذریعہGetty Images
مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں نے دو مساجد، متعدد گاڑیوں اور زرعی اراضی کو آگ لگا دی، جبکہ فلسطینی حکام کے مطابق علاقے میں کشیدگی مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔
یہ تازہ حملے دو روز قبل گاؤں تال کے قریب اسرائیلی آبادکاروں اور فلسطینیوں کے درمیان ہونے والی خونریز جھڑپ کے بعد سامنے آئے، جس میں چار فلسطینی اور دو اسرائیلی ہلاک ہوئے تھے۔ دونوں فریق ایک دوسرے پر تشدد بھڑکانے کا الزام عائد کر رہے ہیں۔
اس واقعے کے بعد مغربی کنارے میں صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے، جہاں فلسطینیوں کے خلاف انتہا پسند اسرائیلی آبادکاروں کے حملوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ موجودہ اسرائیلی حکومت کے انتہا پسند دائیں بازو کے عناصر ایسے حملوں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔
،تصویر کا ذریعہReuters
فلسطینی حکام کے مطابق گزشتہ رات مقبوضہ مغربی کنارے کے دو دیہات پر آبادکاروں نے حملے کیے، جن کے دوران گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا، چوری اور لوٹ مار کے واقعات پیش آئے اور عمارتوں کی دیواروں پر نفرت انگیز نعرے تحریر کیے گئے۔
قصرہ کے میئر عبدالعظیم وادی نے بتایا کہ اسرائیلی آبادکاروں نے زیرِ تعمیر ایک مسجد کو آگ لگا دی۔ ان کے مطابق حملہ آوروں نے مسجد کی دیواروں پر ’بدلہ‘ سمیت نفرت انگیز الفاظ بھی سپرے پینٹ کی مدد سے لکھے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ قصرہ میں فوجی دستے روانہ کیے گئے ہیں، جبکہ پولیس واقعے کی تحقیقات اور شواہد اکٹھا کر رہی ہے۔
،تصویر کا ذریعہGetty Images
فلسطینی حکام کے مطابق ایک اور واقعے میں آبادکاروں نے ’کور‘ نامی قصبے میں واقع ایک اور مسجد کو بھی نذرِ آتش کیا اور اس کی دیواروں پر اشتعال انگیز نعرے تحریر کیے۔
فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعہ کے روز ’تال‘ میں ہونے والی جھڑپ کے بعد مغربی کنارے کے مختلف دیہات میں آبادکاروں کی جانب سے متعدد حملے کیے جا چکے ہیں۔
ادھر اسرائیلی دفاعی افواج نے مغربی کنارے میں کارروائیاں کرتے ہوئے درجنوں فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں ’انسدادِ دہشت گردی‘ آپریشن کا حصہ ہیں۔
اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامن نیتن یاہو نے تال کے واقعے پر ردِعمل دیتے ہوئے ’سخت اور مؤثر کارروائی‘ کرنے کے احکامت جاری کیے، جس میں مبینہ طور پر واقعے میں ملوث دو فلسطینیوں کے گھروں کو مسمار کرنے کا امکان بھی شامل ہے۔
،تصویر کا ذریعہGetty Images
کویت، عراق مرکزی سرحدی گزرگاہ ڈرون حملے کے بعد دوبارہ کھول دی گئی
عراقی بارڈر کراسنگز اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ عراق اور کویت کے درمیان واقع مرکزی سرحدی گزرگاہ دوبارہ کھول دی گئی ہے۔
کویت کے شمالی علاقے الجہرا گورنریٹ میں واقع عبدلی بارڈر کراسنگ کو گزشتہ جمعرات ڈرون حملے کے بعد عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا۔ حکام کے مطابق حملوں سے صرف مالی نقصان ہوا جبکہ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
عبدلی بارڈر کراسنگ عراق اور کویت کے درمیان مسافروں کی آمد و رفت اور تجارتی نقل و حمل کے لیے ایک اہم زمینی راستہ تصور کی جاتی ہے۔
تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ڈرون حملوں کے پیچھے کون تھا اور نہ ہی کسی گروہ یا تنظیم کی جانب سے اس واقع کی ذمہ داری قبول کی گئی تاہم حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
ایران کے معاملے پر تمام آپشنز اب بھی موجود ہیں: وائٹ ہاؤس
امریکی ذرائع ابلاغ کی ان رپورٹس کے
بعد کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے فی الحال ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں میں شدت نہ لانے کا
فیصلہ کیا ہے، وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ ایران کے معاملے پر اب بھی ’تمام آپشنز‘
موجود ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے ڈائیریکٹر برائے
مواصلات سٹیون چونگ نے فاکس نیوز سے گفتگو میں کہا: ’صدر ہمیشہ یہ کہتے آئے ہیں کہ
وہ سفارتی حل کو ترجیح دیتے ہیں، لیکن اگر ایران آبنائے ہرمز میں یا ہمارے
اتحادیوں کے خلاف شدت پسندانہ سرگرمیاں جاری رکھتا ہے تو (ڈونلڈ ٹرمپ) اپنے تمام آپشنز برقرار رکھے
ہوئے ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا: ’ایران کی معیشت
کو مفلوج کر دینے والی کامیاب پابندیوں اور اس کی بار بار کی جارحانہ کارروائیوں
کے جواب میں فوجی اہداف پر 13 روز تک مسلسل حملوں کے بعد دانش مندانہ راستہ یہی ہو
گا کہ ایران کسی معاہدے کے لیے مذاکرات کا رخ کرے، ورنہ وہ جانتے ہیں کہ کیا ہو
سکتا ہے۔‘
نیویارک ٹائمز، ایگزیوس، سی این این
اور ایسوسی ایٹڈ پریس نے رپورٹ کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے کم از کم فی الحال ایران
کے خلاف امریکی فوجی حملوں کو مزید وسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ جمعے کو
اس وقت کیا گیا جب حکام نے پیٹریاٹ دفاعی میزائلوں کے ذخائر میں کمی اور خلیج فارس
میں امریکہ کے عرب اتحادیوں کے دور ہونے کے خدشات پر تشویش ظاہر کی۔
دوسری
جانب ایرانی فوج نے بھی تصدیق کی ہے کہ امریکی حملوں کے رکنے کے بعد اس کی افواج
نے اپنی کارروائیاں بھی بند کر دی ہیں۔
آبنائے ہرمز میں ماحولیاتی خدمات اور نقصانات کی فیس وصول کرنے کے قواعد تیار لیے: ادارۂ تحفظِ ماحولیات ایران
،تصویر کا ذریعہAnadolu via Getty Images
ایران کے ادارہ برائے تحفظِ ماحولیات
نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ’ماحولیاتی خدمات اور ماحولیاتی نقصانات کی فیس وصول
کرنے کے ضوابط‘ تیار کر لیے گئے ہیں اور منظوری کے لیے حکومت کو بھیج دیے گئے ہیں۔
ادارے کے مطابق آبنائے ہرمز سے ہر
سال 50 ہزار سے زائد بحری جہاز اور آئل ٹینکر گزرتے ہیں جس سے خلیج فارس میں
آلودگی پھیلتی ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ آلودگی سے ہونے والے نقصان کا ازالہ ہونا
چاہیے۔
ادارۂ تحفظ ماحولیات کے مطابق جو قواعد
تیار کیے گئے ہیں وہ سمندری قوانین سے متعلق بین الاقوامی کنونشن کی شقوں سے
مطابقت رکھتے ہیں۔
اس منصوبے کے تحت اگر ماحولیاتی
خطرات پیدا ہوتے ہیں تو ایران سے گزرنے والے بحری جہازوں سے ان کی نوعیت، سامان کی
مقدار، بحری ریکارڈ اور آلودگی پھیلانے کی سابقہ تاریخ کی بنیاد پر فیس وصول کی جا
سکے گی۔
امریکہ اور اس کے اتحادیوں کا کہنا
ہے کہ بین الاقوامی پانیوں میں کسی قسم کی فیس یا محصول وصول کرنا آزادانہ جہاز
رانی کے اصول کی خلاف ورزی ہے۔
دوسری
جانب ایران کا موقف ہے کہ آبنائے ہرمز بین الاقوامی پانی نہیں بلکہ ایران اور عمان
کی علاقائی سمندری حدود کا حصہ ہے، اور بین الاقوامی قوانین کے تحت گزرنے والے
جہازوں سے فیس وصول کرنا جائز ہے۔
امریکہ نے حملے روکے تو ہم نے بھی جوابی کارروائیاں معطل کر دیں: ایرانی فوج
،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images
،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو
ایرانی فوج کے ترجمان محمد اکرامینیا
نے کہا ہے کہ امریکہ نے گذشتہ دو راتوں کے دوران اپنے حملے روکے ہیں تو ایران نے
بھی اپنی جوابی کارروائیاں روک دی ہیں۔
ان سے پوچھا گیا کہ کیا اس کا یہ
مطلب ہے کہ امریکہ نے یکطرفہ طور پر جنگ بندی دوبارہ نافذ کر دی ہے؟ ترجمان ایرانی
فوج نے کہا: ’امریکہ سٹریٹیجک فیصلہ سازی کے حوالے سے تھکن کا شکار ہے۔ اس کے پاس
کوئی واضح حکمتِ عملی نہیں۔ یہ بات صدر کے فیصلوں اور سینٹکام کی کارکردگی میں
دیکھی جا سکتی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ 14 سے 15
روزہ لڑائی کے دوران ایران کی فوجی کارروائیوں کی کچھ خصوصیات تھیں، جن میں حملوں
کا مرکز امریکی ’ریڈار تنصیبات اور معاونت فراہم کرنے والے مراکز‘ تھے، تاکہ
امریکہ کو مزید حملوں سے باز رکھا جا سکے۔
اکرامینیا کے مطابق ایران نے اس عرصے
میں کوشش کی کہ ’امریکہ کو مذاکرات کی میز پر واپس لایا جائے تاکہ وہ دونوں ممالک
کے درمیان مفاہمتی یادداشت کی شقوں پر عمل کرے۔‘
یہ
بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی ذرائع ابلاغ نے رپورٹ کیا ہے
کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے فی الحال ایران کے خلاف مزید وسیع حملوں کا منصوبہ مؤخر کر دیا
ہے۔ رپورٹس کے مطابق دفاعی میزائلوں کے ذخائر میں نمایاں کمی اس فیصلے کی وجوہات
میں شامل ہے۔
جرمنی میں ہم جنس پرستوں کی تقریب پر گاڑی چڑھانے والے ملزم کی شناخت ظاہر کر دی گئی
،تصویر کا ذریعہBerlin Police
جرمنی کے دار الحکومت برلن میں پولیس
نے ہم جنس پرستوں کی سالانہ تقریب پر گاڑی چڑھا کر ایک شخص کو ہلاک اور 16 کو زخمی
کرنے کے ملزم کی شناخت ظاہر کر دی ہے۔
برلن پولیس کے مطابق ٹیئرگارٹن کے علاقے
میں ہجوم پر گاڑی چڑھانے کے بعد فرار ہونے والے ملزم 21 سالہ عبدل بی ہیں۔
پولیس کے مطابق عبدل بی دبلی جسامت کے
ہیں، ان کے بال سیاہ ہیں اور انھوں نے سیاہ رنگ کی ہُوڈی اور سفید رنگ کی پتلون
پہن رکھی ہے۔
پولیس نے مزید کہا: ’اس کے علاوہ
اطلاعات ہیں کہ متعدد افراد چاقو جیسے نوکیلے ہتھیاروں سے بھی زخمی ہوئے ہیں۔‘
پولیس
نے عبدل بی کو ’مسلح اور خطرناک‘ قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر وہ نظر
آئیں تو ان کے قریب جانے کی کوشش نہ کریں۔
ٹرمپ پر تنقید کرنے کے لیے تیار ہوں ’اگر یہ برطانیہ کے مفاد میں ہوا‘: اینڈی برنہم
برطانیہ کے وزیرِ اعظم اینڈی برنہم
نے عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلے بڑے انٹرویو میں کہا ہے کہ اگر برطانیہ کے قومی مفاد
کا تقاضا ہوا تو وہ ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کرنے سے نہیں ہچکچائیں گے۔
بی بی سی کو دیے گئے خصوصی انٹرویو
میں برنہم نے کہا کہ ٹرمپ کے ساتھ ان کی پہلی بات چیت خوشگوار رہی اور انھوں نے
امریکی صدر کو ’واقعی گرم جوش‘ شخص پایا۔
تاہم جب ان سے دو بار پوچھا گیا کہ
کیا وہ امریکی صدر پر اعتماد کرتے ہیں، تو برطانوی وزیر اعظم نے براہِ راست جواب
نہیں دیا اور کہا: ’دنیا بدل رہی ہے اور حالات جیسے جیسے سامنے آئیں، ویسے ہی ان
کا جائزہ لینا ہوتا ہے۔‘
انٹرویو میں برنہم نے کہا: ’میں کسی
بھی مرحلے پر یہ نہیں کہہ سکتا کہ میں ان سے مختلف رائے نہیں رکھوں گا یا برطانیہ
کے مفاد میں کوئی مختلف مؤقف اختیار نہیں کروں گا۔‘
انھوں نے کہا: ’میری طاقت عوام کے
قریب رہنے میں ہے اور وزیرِ اعظم بننے کے بعد بھی یہ نہیں بدلے گا۔‘
اس سوال پر کہ اگر ضروری ہوا تو کیا
وہ ٹرمپ پر تنقید کریں گے، برنہم نے جواب دیا: ’بالکل۔ آپ کو ہر چیز سے پہلے اپنے
قومی مفاد کا خیال رکھنا ہوتا ہے۔ اگر آپ یہ ذمہ داری درست طریقے سے نبھانا چاہتے
ہیں تو آپ سے یہی تقاضا کیا جاتا ہے۔‘
برنہم نے یہ بھی کہا کہ ایران کے
ساتھ تنازع شروع ہونے کے امریکی صدر کے فیصلے پر انھیں ’تشویش‘ تھی اور وہ ’جو بات
درست سمجھتے ہیں، اسے کہنے سے گریز نہیں کریں گے۔‘
مکمل
انٹرویو پیر کو نشر کیا جائے گا۔
برطانیہ نے ایران کے خلاف جنگ میں امریکہ کی حمایت کی تو وہ ایک جائز اور یقینی ہدف ہو گا: ترجمان پاسداران انقلاب
،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان
حسین محبی نے کہا ہے کہ اگر برطانیہ ایران کے خلاف جنگ میں امریکہ کی حمایت کرتا
ہے تو وہ ایک یقینی اور جائز ہدف بن جائے گا۔
ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی
بی کے مطابق ان کا
کہنا تھا کہ برطانیہ اور خلیج فارس کے ممالک سمیت کوئی بھی ملک جو تنازع میں
امریکہ کی حمایت کرے گا، ایران کی نظر میں ایک جائز ہدف ہو گا۔
محبی نے یہ بھی کہا کہ امریکی بمبار
طیاروں نے حال ہی میں برطانیہ کے ایک فوجی اڈے کو استعمال کیا ہے۔
انھوں نے اپنی گفتگو کے ایک اور حصے
میں اسرائیل پر الزام عائد کیا کہ وہ امریکی صدر کو اکسا کر اور غلط معلومات فراہم
کر کے خطے میں امریکہ کی موجودگی برقرار رکھنا چاہتا ہے اور امریکی فوجی طاقت کو
اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے۔
پاسدارانِ
انقلاب کے ترجمان نے مزید کہا کہ اسرائیل جانتا ہے کہ اگر جنگ دوبارہ شروع ہوئی
اور ایران نے اپنی توجہ اسرائیل پر حملوں پر مرکوز کر دی تو اسے کن نتائج کا سامنا
کرنا پڑ سکتا ہے۔
ٹرمپ کا فی الحال ایران پر حملوں میں شدت نہ لانے کا فیصلہ: امریکی ذرائع ابلاغ
،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکی میڈیا اداروں نیو یارک ٹائمز،
ایگزیوس، سی این این اور ایسوسی ایٹڈ پریس نے رپورٹ کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے فی
الحال ایران کے خلاف امریکی فوجی حملوں میں شدت نہ لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ فیصلہ
جمعے کے روز اس وقت کیا گیا جب حکام نے پیٹریاٹ دفاعی میزائلوں کے ذخائر میں کمی
اور خلیج فارس میں امریکہ کے عرب اتحادیوں کے دور ہونے کے خدشات پر تشویش کا اظہار
کیا۔
وائٹ ہاؤس نے ابھی تک ان رپورٹس کی
باضابطہ تصدیق نہیں کی، تاہم اس کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ ہمیشہ سفارتی حل کو ترجیح
دیتے ہیں۔
جمعے
کی رات تقریباً دو ہفتوں میں پہلی رات تھی جب امریکہ نے ایران پر کوئی فضائی حملہ
نہیں کیا، جبکہ سنیچر کی رات بھی کسی حملے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
جنگ اور جنگ بندی کے دوران 18 ارب ڈالر کا تیل فروخت کیا: ایرانی وزارتِ تیل
،تصویر کا ذریعہBloomberg via Getty Images
بی بی سی فارسی کے مطابق ایران کی
وزارتِ تیل کا کہنا ہے کہ اس نے امریکہ کے ساتھ جنگ اور اس کے بعد نافذ ہونے والی
جنگ بندی کے دوران مجموعی طور پر 18 ارب ڈالر مالیت کا تیل فروخت کیا۔
وزارت کے بیان کے مطابق ایران نے جنگ
کے دوران 11 ارب 50 کروڑ ڈالر اور جنگ بندی کے عرصے میں 6 ارب 50 کروڑ ڈالر کا تیل
فروخت کیا۔ وزارتِ تیل نے کہا کہ یہ رقم رواں مالی سال کے بجٹ میں متوقع تیل کی
آمدنی کے 60 فیصد سے زیادہ کے برابر ہے۔
یہ اعداد و شمار ایک ایسے وقت میں
سامنے آئے ہیں جب ایرانی پارلیمان کے سپیکر اور ایران کے سینیئر مذاکرات کار محمد
باقر قالیباف نے جولائی کے آغاز میں کہا تھا کہ امریکہ کی جانب سے ایرانی
بندرگاہوں کے تقریباً 50 سے 60 روزہ محاصرے کے دوران ایران ایک بیرل تیل بھی برآمد
نہیں کر سکا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ محاصرہ ختم ہونے کے بعد ایران کی تیل برآمدات
دوبارہ بڑھ گئی ہیں۔
ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ 28
فروری کو امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد شروع ہوئی تھی، جبکہ اپریل میں ہونے
والی جنگ بندی کے نتیجے میں بیشتر لڑائی رک گئی تھی۔
تاہم
آبنائے ہرمز کے کنٹرول سے متعلق اختلافات میں شدت آنے کے بعد یہ جنگ بندی جولائی
کے آغاز میں ختم ہو گئی تھی۔
پابندیوں کے دباؤ میں ایران نے کیا حکمتِ عملی اپنائی؟ جاننے کے لیے یہ رپورٹ پڑھیں۔
ایران میں ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرنے والے 12 جہازوں کا راستہ تبدیل کر دیا: امریکی فوج
،تصویر کا ذریعہCENTCOM
امریکی فوج کی
مرکزی کمان سینٹکام نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی بدستور مکمل طور پر
نافذ ہے اور اس نے خلاف ورزی کرنے والے 12 بحری جہازوں کا راستہ تبدیل کیا۔
سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر جاری
بیان میں سینٹکام نے کہا کہ امریکی فوج نے احکامات کی تعمیل نہ کرنے والے دو
جہازوں کو ناکارہ بنا دیا اور ناکہ بندی پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے دو
جہازوں پر چڑھ کر تلاشی لی۔
سینٹکام نے بتایا کہ سنیچر کے روز
امریکی افواج نے بحیرۂ عرب میں کوموروس کے پرچم بردار آئل ٹینکر چارمینار پر سوار
ہو کر جانچ پڑتال کی اور کارروائی مکمل ہونے کے بعد اس تیل بردار بحری جہاز کو
اپنا سفر جاری رکھنے کی اجازت دے دی گئی۔
بیان کے مطابق امریکی افواج نے 24
جولائی کو خلیج عمان میں موزمبیق کے پرچم بردار آئل ٹینکر لاوین کو ناکارہ بنا
دیا، کیونکہ اس کے عملے نے متعدد بار ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کی اور
امریکی افواج کی بار بار کی تنبیہ کو نظر انداز کیا۔ سینٹکام کا کہنا ہے کہ یہ
جہاز اب ایران کی جانب سفر نہیں کر رہا۔
امریکہ
نے 14 جولائی سے ان جہازوں کی ناکہ بندی دوبارہ شروع کر رکھی ہے جو ایران کی
بندرگاہوں اور ساحلی علاقوں کی طرف جاتے ہیں یا وہاں سے روانہ ہوتے ہیں۔
کیٹی پیری نے ایران پر حملے کی ویڈیو میں اپنے گانے کے استعمال پر وائٹ ہاؤس پر اعتراض کر دیا
،تصویر کا ذریعہEPA
امریکی
گلوکارہ کیٹی پیری نے کہا ہے کہ ایران پر امریکی فوجی حملوں کی ویڈیو میں ان کے
گانے ’فائر ورک‘ کے استعمال پر وہ ’حیران ہیں اور کراہت محسوس‘ کر رہی ہیں۔
ٹک ٹاک
پر شائع کی گئی اس ویڈیو میں بم دھماکوں کی تصاویر کو گانے کے اس حصے کے ساتھ ہم
آہنگ کیا گیا ہے جس میں کیٹی پیری ’بوم، بوم، بوم‘ گاتی ہیں۔
ان کا
کہنا ہے کہ یہ گانا اصل میں امید، شفا یابی اور اندرونی طاقت کے بارے میں ایک
ترانے کے طور پر لکھا گیا تھا اور وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس کا استعمال اس مفہوم کے
منافی ہے جس کی یہ گانا نمائندگی کرتا ہے۔
اس
سے قبل بھی متعدد گلوکار، جن میں اولیویا روڈریگو اور آریانا گرانڈے شامل ہیں،
ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اپنی موسیقی کے استعمال پر اعتراض کر چکے ہیں۔
شام میں ٹریفک حادثہ، 35 افراد ہلاک، 30 زخمی
،تصویر کا ذریعہAnadolu via Getty Images
شام کے مشرقی حصے میں دمشق کو دیر
الزور سے ملانے والی شاہراہ پر ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 35 افراد ہلاک اور 30
زخمی ہو گئے۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا
کے مطابق سنیچر کو ہونے والا یہ حادثہ سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو لے جانے والی
ایک بس اور شہریوں کو لے جانے والی دوسری بس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پیش
آیا۔
حادثے کے بعد بنائی گئی ویڈیوز میں
دونوں بسوں کو آگ کی لپیٹ میں دیکھا جا سکتا ہے۔
سانا
کے مطابق وزارتِ دفاع نے متعدد ہیلی کاپٹر روانہ کیے تاکہ زخمیوں کو حمص کے فوجی
ہسپتال منتقل کیا جا سکے۔
جرمنی میں ہم جنس پرستوں کی تقریب کے دوران گاڑی ہجوم پر چڑھ دوڑی، ایک شخص ہلاک، 16 زخمی
،تصویر کا ذریعہNadja Wohlleben/Getty Images
جرمنی کے دار الحکومت برلن میں ہم
جنس پرستوں کی سالانہ تقریب ’کرسٹوفر سٹریٹ ڈے‘ کے دوران ایک گاڑی کے ہجوم پر چڑھ
دوڑنے سے ایک شخص ہلاک اور کم از کم 16 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ شہر کے
وسط میں واقع ٹیئرگارٹن پارک کے قریب پیش آیا، جس کے بعد تقریب منسوخ کر دی گئی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ٹیئرگارٹن
پارک میں ایک گاڑی ملی جسے لا وارث چھوڑ دیا گیا تھا، پولیس کو شبہ ہے کہ یہی گاڑی
واقعے میں استعمال ہوئی۔ جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو کے رپورٹر جیرڈ ریڈ نے بی بی
سی کو بتایا کہ بظاہر گاڑی ایک درخت سے ٹکرا گئی تھی، جس کے بعد ممکنہ طور پر
ڈرائیور وہاں سے فرار ہو گیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے اے ایف پی کو
بتایا کہ واقعے میں ملوث مشتبہ شخص یا افراد کی تلاش کے لیے پولیس ہیلی کاپٹروں
اور حرارت کی بنیاد پر نشاندہی کرنے والے کیمروں (تھرمَل امیجنگ کیمروں) کا
استعمال کر رہی ہے اور تلاش کا دائرہ پورے شہر تک وسیع کر دیا گیا ہے۔
کرسٹوفر سٹریٹ ڈے برلن میں ہر سال
منعقد کیا جاتا ہے اور انتظامیہ کے مطابق اس سال تقریباً 10 لاکھ افراد کی شرکت
متوقع تھی۔ یہ ایونٹ 1969 میں نیو یارک شہر میں کرسٹوفر سٹریٹ پر واقع سٹون وال
اِن میں ایل جی بی ٹی کمیونٹی کی معروف بغاوت کی یاد میں منعقد کیا جاتا ہے۔
تب اس
مقام پر پولیس کے چھاپے کے بعد مقامی رہائشیوں نے احتجاج اور ہنگامے کیے تھے، اور
بعد میں اس جگہ کو تاریخی حیثیت دی گئی۔ برلن میں اس تقریب میں موسیقی، سیاسی
تقاریر، ایک بڑی پریڈ اور شام تک جاری رہنے والی مختلف تقریبات شامل ہوتی ہیں۔
مذاکرات ناکام، جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا 26 جولائی سے لانگ مارچ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان, شہزاد ملک، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
،تصویر کا ذریعہFacebook/Sardar Umar Nazir
،تصویر کا کیپشنجموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا حکومت کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد 26 جولائی سے لانگ مارچ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی کالعدم قرار دی گئی تنظیم جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے حکومت کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد 26 جولائی سے لانگ مارچ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کالعدم تنظیم کی کور کمیٹی کے رکن عابد شاہین نے بی بی سی کو بتایا کہ پہلے مرحلے میں میرپور سے ان کی تنظیم کے حامی لانگ مارچ کرتے ہوئے راولاکوٹ کے علاقے دریک پہنچیں گے۔ اس کے بعد 27 جولائی کو راولاکوٹ سے مظفرآباد کی جانب لانگ مارچ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 27 جولائی کو پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے مرحلہ وار انتخابات ہو رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں پر پولنگ ہوگی۔
عابد شاہین سے جب یہ پوچھا گیا کہ آیا ان کی تنظیم لانگ مارچ کے ذریعے انتخابات ملتوی کروانے کے لیے کسی سیاسی جماعت یا بااثر شخصیت کا آلۂ کار تو نہیں بن رہی، تو ان کا کہنا تھا کہ ان کی تنظیم اور اس کے حامیوں کو انتخابات میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ رواں سال مئی میں پاکستانی حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے دوران ان کی تنظیم انتخابات میں حصہ لینے پر متفق ہو گئی تھی، تاہم بعد میں ایسے حالات پیدا کیے گئے کہ تنظیم انتخابی عمل کا حصہ نہ بن سکی۔
عابد شاہین نے مذاکرات کی ناکامی کی ذمہ داری حکومت پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے مطالبات کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی اور اس معاملے میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ دریک کے مقام پر جاری دھرنے میں خواتین اور بچے موجود ہیں، تاہم 27 جولائی کو جب وہاں سے مظفرآباد کی جانب لانگ مارچ شروع ہوگا تو اس میں خواتین اور بچوں کو شامل نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب کالعدم تنظیم کے نمائندہ وفد کے ساتھ مذاکرات کرنے والی حکومتی ٹیم کے ایک رکن نے بی بی سی کو بتایا کہ مذاکرات کے دوران ایکشن کمیٹی کے نمائندے اس بات پر اصرار کر رہے تھے کہ جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔
انھوں نے کہا کہ تنظیم کے وفد کو بتایا گیا کہ حکومت چھ ماہ تک اس کے طرزِ عمل کا جائزہ لے گی، جس کے بعد اسے کالعدم تنظیموں کی فہرست سے نکالنے کے بارے میں فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔
ان کے مطابق تنظیم کا دوسرا بڑا مطالبہ یہ تھا کہ اس کے کارکنوں کے خلاف قتل، اقدامِ قتل اور انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمات فوری طور پر واپس لیے جائیں۔ تاہم حکومتی نمائندوں نے واضح کیا کہ ایسا کرنا حکومت کے لیے ممکن نہیں اور ان مقدمات کا فیصلہ عدالتیں ہی کریں گی۔
مذاکرات میں شامل اس شخص کا کہنا تھا کہ تنظیم کے نمائندہ وفد کو یقین دہانی کرائی گئی کہ جن افراد کے خلاف مقدمات درج ہیں، ان کی عدالتوں تک رسائی کے معاملے میں حکومت نرم رویہ اختیار کر سکتی ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ تنظیم سے وابستہ جن افراد کو خدشۂ نقضِ امن کے تحت نظر بند کیا گیا ہے، ان کی مشروط رہائی اس صورت میں ممکن ہو سکتی ہے جب جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی پہلے اپنا احتجاج ختم کرنے کا اعلان کرے۔
ادھر میرپور پولیس کے ڈی آئی جی کامران کا کہنا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس مکمل طور پر متحرک ہے۔ اس کے علاوہ ایف سی کے اہلکار بھی مختلف علاقوں میں تعینات کر دیے گئے ہیں۔
میرپور ڈویژن میں انتخابی مہم آج رات بارہ بجے ختم ہو جائے گی۔
قطر اور مصر میں خطے کی کشیدگی کم کرنے کی کوششوں پر اتفاق، دوحہ میں اعلیٰ سطح ملاقات
،تصویر کا ذریعہMOFAQatar
قطر کے وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے دوحہ میں مصر کے وزیرِ خارجہ بدر عبدالعاطی سے ملاقات کی۔
قطری وزارتِ خارجہ نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے، مشترکہ رابطے کو فروغ دینے اور امن و استحکام کے قیام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
بیان کے مطابق قطر نے امریکہ اور ایران پر زور دیا کہ وہ مذاکرات اور سفارت کاری کے راستے پر قائم رہیں اور جون میں دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی یادداشتِ مفاہمت پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
قطری وزیرِاعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دونوں فریق آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی کو یقینی بنائیں تاکہ خطے کے امن و سلامتی کو برقرار رکھا جا سکے۔