آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

لائیو, عراق میں امریکی قونصل خانے کے قریب ڈرون مار گرانے کی اطلاعات، حوثیوں کا آرامکو تنصیبات پر حملے کا دعویٰ

رائٹرز نے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ عراقی فضائی دفاعی نظام نے عراقی کردستان کے دارالحکومت اربیل میں امریکی قونصل خانے کے قریب ایک ڈرون کو مار گرایا ہے۔ ایرانی حمایت یافتہ یمنی حوثیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ’انھوں نے سعودی عرب کے شہروں جیزان اور ينبع میں واقع سعودی آرامکو کی تیل تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔‘

خلاصہ

لائیو کوریج

  1. مذاکرات ناکام، جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا 26 جولائی سے لانگ مارچ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان, شہزاد ملک، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

    پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی کالعدم قرار دی گئی تنظیم جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے حکومت کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد 26 جولائی سے لانگ مارچ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    کالعدم تنظیم کی کور کمیٹی کے رکن عابد شاہین نے بی بی سی کو بتایا کہ پہلے مرحلے میں میرپور سے ان کی تنظیم کے حامی لانگ مارچ کرتے ہوئے راولاکوٹ کے علاقے دریک پہنچیں گے۔ اس کے بعد 27 جولائی کو راولاکوٹ سے مظفرآباد کی جانب لانگ مارچ کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ 27 جولائی کو پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے مرحلہ وار انتخابات ہو رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں پر پولنگ ہوگی۔

    عابد شاہین سے جب یہ پوچھا گیا کہ آیا ان کی تنظیم لانگ مارچ کے ذریعے انتخابات ملتوی کروانے کے لیے کسی سیاسی جماعت یا بااثر شخصیت کا آلۂ کار تو نہیں بن رہی، تو ان کا کہنا تھا کہ ان کی تنظیم اور اس کے حامیوں کو انتخابات میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

    انھوں نے کہا کہ رواں سال مئی میں پاکستانی حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے دوران ان کی تنظیم انتخابات میں حصہ لینے پر متفق ہو گئی تھی، تاہم بعد میں ایسے حالات پیدا کیے گئے کہ تنظیم انتخابی عمل کا حصہ نہ بن سکی۔

    عابد شاہین نے مذاکرات کی ناکامی کی ذمہ داری حکومت پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے مطالبات کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی اور اس معاملے میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ دریک کے مقام پر جاری دھرنے میں خواتین اور بچے موجود ہیں، تاہم 27 جولائی کو جب وہاں سے مظفرآباد کی جانب لانگ مارچ شروع ہوگا تو اس میں خواتین اور بچوں کو شامل نہیں کیا جائے گا۔

    دوسری جانب کالعدم تنظیم کے نمائندہ وفد کے ساتھ مذاکرات کرنے والی حکومتی ٹیم کے ایک رکن نے بی بی سی کو بتایا کہ مذاکرات کے دوران ایکشن کمیٹی کے نمائندے اس بات پر اصرار کر رہے تھے کہ جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔

    انھوں نے کہا کہ تنظیم کے وفد کو بتایا گیا کہ حکومت چھ ماہ تک اس کے طرزِ عمل کا جائزہ لے گی، جس کے بعد اسے کالعدم تنظیموں کی فہرست سے نکالنے کے بارے میں فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔

    ان کے مطابق تنظیم کا دوسرا بڑا مطالبہ یہ تھا کہ اس کے کارکنوں کے خلاف قتل، اقدامِ قتل اور انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمات فوری طور پر واپس لیے جائیں۔ تاہم حکومتی نمائندوں نے واضح کیا کہ ایسا کرنا حکومت کے لیے ممکن نہیں اور ان مقدمات کا فیصلہ عدالتیں ہی کریں گی۔

    مذاکرات میں شامل اس شخص کا کہنا تھا کہ تنظیم کے نمائندہ وفد کو یقین دہانی کرائی گئی کہ جن افراد کے خلاف مقدمات درج ہیں، ان کی عدالتوں تک رسائی کے معاملے میں حکومت نرم رویہ اختیار کر سکتی ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ تنظیم سے وابستہ جن افراد کو خدشۂ نقضِ امن کے تحت نظر بند کیا گیا ہے، ان کی مشروط رہائی اس صورت میں ممکن ہو سکتی ہے جب جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی پہلے اپنا احتجاج ختم کرنے کا اعلان کرے۔

    ادھر میرپور پولیس کے ڈی آئی جی کامران کا کہنا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس مکمل طور پر متحرک ہے۔ اس کے علاوہ ایف سی کے اہلکار بھی مختلف علاقوں میں تعینات کر دیے گئے ہیں۔

    میرپور ڈویژن میں انتخابی مہم آج رات بارہ بجے ختم ہو جائے گی۔

  2. قطر اور مصر میں خطے کی کشیدگی کم کرنے کی کوششوں پر اتفاق، دوحہ میں اعلیٰ سطحی ملاقات

    قطر کے وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے دوحہ میں مصر کے وزیرِ خارجہ بدر عبدالعاطی سے ملاقات کی۔

    قطری وزارتِ خارجہ نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے، مشترکہ رابطے کو فروغ دینے اور امن و استحکام کے قیام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    بیان کے مطابق قطر نے امریکہ اور ایران پر زور دیا کہ وہ مذاکرات اور سفارت کاری کے راستے پر قائم رہیں اور جون میں دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی یادداشتِ مفاہمت پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔

    قطری وزیرِاعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دونوں فریق آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی کو یقینی بنائیں تاکہ خطے کے امن و سلامتی کو برقرار رکھا جا سکے۔

  3. اربیل میں امریکی قونصل خانے کے قریب ڈرون مار گرائے جانے کی اطلاعات

    خبر رساں ادارے رائٹرز نے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ عراقی فضائی دفاعی نظام نے عراقی کردستان کے دارالحکومت اربیل میں امریکی قونصل خانے کے قریب ایک ڈرون کو مار گرایا ہے۔

    بی بی سی فارسی کے مطابق گزشتہ روز عراقی کردستان کی انسدادِ دہشت گردی فورسز نے بھی اعلان کیا تھا کہ امریکہ کی قیادت میں قائم بین الاقوامی اتحاد نے اربیل کی فضائی حدود میں پانچ ڈرون تباہ کیے تھے۔

    خطے میں کشیدگی دوبارہ بڑھنے کے بعد سے اربیل کی فضائی حدود میں متعدد ڈرون مار گرائے جا چکے ہیں۔ کردستان کی ریجنل حکومت کے حکام کی جانب سے ان ڈرونز کا ذمہ دار ایران کو قرار دیتے ہیں۔ اربیل میں خطے میں واقع امریکہ کے بڑے قونصل خانوں میں سے ایک موجود ہے۔

    یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ کی جانب سے ایران پر مسلسل 13 راتوں تک حملوں اور اس کے جواب میں ایران کی کارروائیوں کے بعد گزشتہ رات سے اب تک دونوں ممالک کے درمیان کسی نئے حملے یا جوابی کارروائی کی اطلاعات سامنے نہیں آئی ہیں۔

  4. انڈیا: دھرمیندر پردھان کے مستعفی ہونے کے بعد پرہلاد جوشی کو وزارتِ تعلیم کا اضافی قلمدان سونپ دیا گیا

    انڈین صدر دروپدی مرمو نے ایک سرکاری اعلامیے میں کہا ہے کہ انھوں نے وزیراعظم نریندر مودی کے مشورے پر وفاقی وزیر پرہلاد جوشی کو وزارتِ تعلیم کا اضافی چارج سونپنے کی منظوری دے دی ہے۔

    اعلامیے کے مطابق پرہلاد جوشی بدستور صارفین کے امور، خوراک اور عوامی تقسیم کے وفاقی وزیر رہیں گے، جبکہ ان کے پاس قابلِ تجدید توانائی کی وزارت بھی برقرار رہے گی۔

    صدر مرمو نے یہ بھی بتایا کہ انھوں نے سابق وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ باضابطہ طور پر منظور کر لیا ہے۔

    دوسری جانب بی بی سی ہندی کے جنتر منتر پر موجود نامہ نگار وکاس پانڈے نے بتایا ہے کہ سی جے پی کی جانب سے احتجاج ختم کرنے کے اعلان کو کئی گھنٹے گزر چکے ہیں، تاہم مظاہرین اب بھی احتجاجی مقام پر موجود ہیں اور جشن منانے، نعرے لگانے اور رقص کرنے میں مصروف ہیں۔

    یہ وہ دن ہے جس کا مظاہرین کئی ہفتوں سے انتظار کر رہے تھے، اسی لیے وہ اس کامیابی کا بھرپور جشن منائے بغیر وہاں سے جانے کے لیے تیار نہیں۔

    مقامی وقت کے مطابق رات 8:30 بج چکے ہیں اور جنتر منتر کا احتجاجی مقام اب کسی احتجاجی کیمپ کے بجائے جشن کے مقام کا منظر پیش کر رہا ہے۔

    اگرچہ سی جے پی کی بیشتر قیادت وہاں سے جا چکی ہے، تاہم تنظیم کے رضاکار اب بھی ہجوم کو منظم رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    مرکزی سٹیج کے باہر تعینات پولیس اہلکار صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ وہ صرف اسی صورت میں مداخلت کریں گے جب امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہوگا۔

  5. سپین اور فرانس کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے دو لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد بے گھر

    فرانس اور سپین میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق دو لاکھ 70 ہزار سے زیادہ افراد جنگلات میں لگنے والی آگ کی وجہ سے بے گھر ہو گئے ہیں۔

    فرانس سے سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے مزید 60 ہزار افراد کے انخلا کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔

    فرانسیسی حکام نے شہر بورڈو کے اطراف کے علاقوں سے مزید تقریباً 60 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا حکم دے دیا ہے، جس کے بعد فرانس اور سپین میں جنگلات میں لگنے والی آگ کے باعث بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔

    فرانس کے جنوب مغربی علاقوں گیروند اور لاند سے تقریباً دو لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے بحران پر قابو پانے کے لیے فوج کو بھی طلب کر لیا ہے۔

    دوسری جانب سپین کے حکام نے اعلان کیا ہے کہ دارالحکومت میڈرڈ کے قریب بھڑکنے والی ایک بڑی آگ پر قابو پانا فائر فائٹرز کے بس کی بات نہیں لگ رہی اور یہ ایک انتہائی خطرناک حد تک پہنچ چُکی ہے۔

    یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب دارالحکومت کے مغربی علاقوں میں تین مختلف مقامات پر لگنے والی آگ ایک مقام پر مل کر شدت اختیار کر گئی۔

    سپین کی حکومت نے ملک میں ’قومی سطح پر ہنگامی حالت‘ کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت 25 ہزار افراد کو متاثرہ علاقوں سے نکلنے کا حکم بھی دیا گیا ہے، جبکہ تقریباً 40 ہزار دیگر افراد کو اپنے گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    سپین کی مقامی ریسکیو سروسز نے بھی خبردار کیا ہے کہ جنگلات میں لگنے والی آگ دارالحکومت میڈرڈ سے تقریباً 50 کلومیٹر (31 میل) دور واقع شہری علاقوں روبلیڈو دے چاویلا اور فریسنیدیاس دے لا اولیوا کی جانب بڑھ رہی ہے۔

    حکام کے مطابق میڈرڈ کے علاقے میں اب تک کم از کم چھ ہزار ہیکٹر رقبہ آگ کی لپیٹ میں آ چکا ہے، جبکہ صوبہ ایویلا میں لگنے والی آگ نے تقریباً نو ہزار ہیکٹر اراضی کو تباہ کر دیا ہے۔

  6. دشمن کے ’ہتھیار ڈالنے‘ تک حملے جاری رہیں گے: محمد باقر ذوالقدر

    ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محمد باقر ذوالقدر نے کہا ہے کہ ’ایرانی فورسز دشمن کے ’مکمل ہتھیار ڈالنے‘ تک حملے جاری رکھیں گی اور میناب میں ہلاک بچوں کی ہلاکتوں کا بدلہ لیا جائے۔‘

    سنیچر کے روز محمد باقر ذوالقدر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’خطے میں اٹھنے والا دھویں کا بادل اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ کسی امریکی فوجی، سکیورٹی یا مالیاتی مرکز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’ہمارے جنگجوؤں کی جانب سے مسلسل حملے ایرانی قوم کے غصے کی علامت ہیں۔‘

    ذوالقدر نے مزید کہا کہ ’یہ حملے ’اللہ کی مرضی سے، دشمن کے مکمل ہتھیار ڈالنے اور مظلوم بچوں، خصوصاً میناب اور لامرد کے بچوں سمیت دیگر افراد کے خون کا بدلہ لینے تک جاری رہیں گے۔‘

    ایرانی عہدیدار نے یہ بیان حالیہ جنگ کے دوران امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران میں کیے گئے حملوں کے حوالے سے دیا، جن میں جنوبی شہروں میناب اور لامرد سمیت مختلف شہری مقامات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

    ایرانی حکام کے مطابق ان حملوں میں سکولوں اور دیگر شہری تنصیبات کو نقصان پہنچا جبکہ بچوں سمیت متعدد عام شہری ہلاک ہوئے۔

  7. حوثیوں کا جیزان اور ينبع میں آرامکو تنصیبات پر حملے کا دعویٰ

    ایرانی حمایت یافتہ یمنی حوثیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ’انھوں نے سعودی عرب کے شہروں جیزان اور ينبع میں واقع سعودی آرامکو کی تیل تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔‘

    حوثیوں کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے سنیچر کے روز جاری اپنے بیان میں کہا کہ ’گروہ نے ’جیزان اور ينبع میں سعودی آرامکو کی تنصیبات پر کامیاب کارروائیاں کی ہیں۔‘

    سعودی عرب کی جانب سے حوثیوں کی جانب سے کیے جانے والے اس دعوے پر تاحال کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

    حوثیوں نے گزشتہ چند روز کے دوران سعودی عرب کے خلاف سمندری تجارتی ناکہ بندی کا اعلان کرنے کے بعد بحیرۂ احمر میں جہاز رانی کو متعدد حملوں کا نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

    اس سمندری ناکہ بندی کے جواب میں سعودی عرب نے یمن کی بندرگاہ پر واقع شہر الحدیدہ میں حوثیوں کے ٹھکانوں اور قریبی جزیرے پر حملے کیے۔

    اس سے قبل یونانی سکیورٹی ذرائع نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا ہے کہ سعودی عرب میں یونانی فوج کے زیرِ انتظام فضائی دفاعی نظام نے سنیچر کے روز یمن سے داغے گئے دو بیلسٹک میزائل ینبع میں واقع آئل ریفائنریوں کو نشانہ بنانے سے قبل ہی فضا میں تباہ کر دیے۔

  8. کاکروچ جنتا پارٹی کا احتجاج ختم کرنے کا اعلان: ’مجھے آپ سب پر فخر ہے‘، راہول گاندھی

    کاکروچ جنتا پارٹی کی جانب سے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ ’حکومت کی جانب سے تنظیم کے دیگر مطالبات بھی تسلیم کیے جانے کے بعد احتجاج ختم کیا جا رہا ہے۔‘

    ترجمان کے مطابق حکومت کی جانب سے مطالبات منظور کیے جانے کے بعد تنظیم نے اپنا احتجاج باضابطہ طور پر واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    دوسری جانب پارلیمنٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف راہول گاندھی نے انڈیا کے وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کو ’تعلیمی نظام کی اصلاح کی جانب ایک بڑا قدم‘ قرار دیا ہے۔

    راہول گاندھی نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ’ان تمام نوجوانوں اور طلبہ کو دلی مبارک باد جنھوں نے جمہوریت، آئین اور اپنے مستقبل کے تحفظ کے لیے سڑکوں پر نکل کر ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔‘

    راہول گاندھی نے مزید کہا کہ ’مجھے آپ سب پر فخر ہے۔‘

    انھوں نے وزیراعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ ’وہ طلبہ سے معافی مانگیں، جبکہ حکومت مظاہرین کے خلاف تشدد کے ذمہ دار افراد کے خلاف فوری کارروائی کرے۔‘

  9. یمن سے داغے گئے دو بیلسٹک میزائل ینبع پہنچنے سے پہلے تباہ کر دیے گئے: یونانی فوج

    یونانی سکیورٹی ذرائع نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا ہے کہ سعودی عرب میں یونانی فوج کے زیرِ انتظام فضائی دفاعی نظام نے سنیچر کے روز یمن سے داغے گئے دو بیلسٹک میزائل ینبع میں واقع آئل ریفائنریوں کو نشانہ بنانے سے قبل ہی فضا میں تباہ کر دیے۔

    اس سے چند گھنٹے قبل سعودی سول ڈیفنس نے اعلان کیا تھا کہ صوبہ ینبع میں ممکنہ حملے کا خطرہ ٹال دیا گیا ہے۔

    یہ انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب یمن کے حوثیوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ الحدیدہ میں اپنے ٹھکانوں پر سعودی قیادت میں قائم اتحادی افواج کے حملوں کا جواب دیں گے۔

    یاد رہے کہ یونان نے سنہ 2021 سے ایک معاہدے کے تحت امریکی ساختہ پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام سعودی عرب میں تعینات کر رکھا ہے، جسے یونانی فوجی اہلکار چلاتے ہیں۔ اس کا مقصد سعودی عرب کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کا تحفظ ہے۔

    سنیچر کے روز ہونے والی یہ کارروائی دوسرا موقع تھا جب یونانی عملے نے اس دفاعی نظام کو میزائلوں کو روکنے کے لیے استعمال کیا۔

  10. یوکرین کا بحیرۂ کیسپین میں ایرانی فوج کے لیے سامان لے جانے والے روسی جہازوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

    یوکرین کے صدر ویلادیمیر زیلنسکی نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرینی افواج نے بحیرہ کیسپین یا بحیرۂ قزوین میں ایران کے لیے فوجی سامان لے جانے والے روسی جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔

    زیلنسکی نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ’ان طویل فاصلے کے حملوں کے دوران بحیرۂ کیسپین کے علاقے میں ایک روسی جنگی جہاز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔‘

    انھوں نے ان حملوں کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں، تاہم یہ ضرور بتایا کہ یوکرینی افواج نے روس کے شہر کیروف میں واقع ایک کارخانے کو بھی نشانہ بنایا، جو دونوں ممالک کی سرحد سے تقریباً 1,200 کلومیٹر دور واقع ہے۔‘

    ان کے بقول یہ کارخانہ ’ان ہتھیاروں کے پرزے تیار کرتا ہے جنھیں روسی فوج ہمارے لوگوں کے خلاف استعمال کر رہی ہے۔‘

    زیلنسکی کے مطابق یوکرینی حملوں میں روس کے شہر تیومین میں ایک آئل ریفائنری، یکاترنبرگ میں ایک اہم تنصیب اور روستوف آن ڈان میں ایک ایندھن کے ڈپو کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔‘

    اس دعوے پر روسی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔

  11. وزیرِ تعلیم کا استعفیٰ ’جمہوریت کی فتح‘ ہے: سونم وانگچک

    سی جے پی کی حمایت میں 26 روز تک بھوک ہڑتال کرنے والے سماجی کارکن سونم وانگچک نے انڈیا کے وزیرِ تعلیم کے استعفے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ’جمہوریت کی فتح‘ قرار دیا ہے۔

    وانگچک نے ایکس پر جاری اپنے بیان میں سی جے پی، جنریشن زیڈ اور ملک بھر کے تمام شہریوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انھوں نے ’خوف اور خوف کے احساس پر قابو پا کر ملک کے ہر کونے سے آواز بلند کی۔‘

    سونم وانگچک نے جمعہ کی علی الصبح اپنی 26 روزہ بھوک ہڑتال ختم کر دی تھی۔

    انھوں نے اپنی پوسٹ کے اختتام پر کہا کہ ’اب احتساب کے بعد اصلاحات کی باری ہے۔‘

  12. دو ہفتوں میں پہلی بار ایران اور امریکہ کے درمیان گزشتہ رات سے کسی نئے حملے یا جوابی کارروائی کی رپورٹ سامنے نہیں آئی

    گزشتہ دو ہفتوں کے دوران پہلی بار ایران اور امریکہ کے درمیان گزشتہ رات سے کسی نئے حملے یا جوابی کارروائی کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

    مسلسل 13 راتوں تک امریکہ کی جانب سے ایران پر حملوں اور اس کے جواب میں ایران کی کارروائیوں کے بعد گزشتہ رات سے اب تک دونوں ممالک کے درمیان کسی نئی فوجی جھڑپ یا حملے کی کوئی رپورٹ جاری نہیں کی گئی۔

    تاہم سمندر میں کشیدگی برقرار ہے۔ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے اپنی بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کرنے والے ایک آئل ٹینکر پر فائرنگ کی اور اسے روک دیا۔

    اس نسبتاً پرسکون صورتحال کی کوئی باضابطہ وجہ بیان نہیں کی گئی، تاہم ایرانی میڈیا نے گزشتہ روز رپورٹ کیا تھا کہ عمان کا ایک سفارتی وفد مذاکرات کے لیے تہران پہنچا ہے۔

  13. ہم نے یہ کر دکھایا مگر جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی: سی جے پی

    انڈیا کے وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کی خبر سامنے آتے ہی دہلی کے مرکزی احتجاجی مقام پر سی جے پی کے حامیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور بڑے پیمانے پر جشن منایا گیا۔

    سی جے پی کے بانی ابھیجیت دیپکے نے جذباتی انداز میں عارضی سٹیج سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے یہ کر دکھایا۔‘ ان کے اس اعلان پر مظاہرین نے بھرپور نعرے بازی اور تالیاں بجا کر خوشی کا اظہار کیا۔

    بعد ازاں انھوں نے تحریک کی کامیابی میں تعاون کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا، جبکہ خاص طور پر ان طلبہ کا ذکر کیا جو کارکن سونم وانگچک کے ہمراہ کئی ہفتوں سے بھوک ہڑتال پر تھے۔

    سی جے پی نے اپنے بانی ابھیجیت دیپکے کا ایک بیان ایکس پر جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک کی جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی۔

    دیپکے نے مطالبہ کیا کہ ’داخلہ امتحان کی منسوخی کے بعد خودکشی کرنے والے طلبہ کے اہلِ خانہ کو مناسب معاوضہ دیا جائے اور واضح کیا کہ ان کی تنظیم اس مطالبے سے دستبردار نہیں ہوگی۔‘

    انھوں نے 20 جولائی کو پارلیمنٹ کی جانب مارچ کرنے والے ہزاروں سی جے پی حامیوں کے خلاف کارروائی کے دوران پولیس پر مظاہرین کے ساتھ مبینہ طور پر ضرورت سے زیادہ طاقت استعمال کرنے کا الزام بھی دہرایا اور متعلقہ پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

    اپنے بیان کے اختتام پر دیپکے نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’یاد رکھیں، ’کاکروچ‘ سے نہ الجھیں۔‘

  14. پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 9.66 فیصد اضافہ, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں سالانہ بنیاد پر 9.66 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    پاکستان کے ادارہ برائے شماریات (پی بی ایس) کے مطابق گذشتہ ہفتے کے مقابلے میں رواں ہفتے حساس قیمتوں کے اشاریے میں بھی 0.91 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

    سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مہنگائی میں اضافے کی بڑی وجہ سبزیوں اور دیگر جلد خراب ہونے والی غذائی اشیا کی بلند قیمتیں اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ہونے والا اضافہ ہے، جس کے باعث ٹرانسپورٹ کے اخراجات بھی بڑھ گئے ہیں۔

    سالانہ بنیاد پر بجلی کے نرخوں میں 22.79 فیصد، آٹے کی قیمت میں 74.13 فیصد اور ایل پی جی کی قیمت میں 46.87 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ پیاز، ٹماٹر، آلو، گائے اور بکرے کے گوشت اور آٹے کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔

    ادارہ شماریات کے مطابق مسلسل بڑھتی ایندھن کی قیمتوں نے نہ صرف گھریلو بجٹ پر اضافی بوجھ ڈالا بلکہ ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں بھی اضافہ کیا۔

    گزشتہ ہفتے کے دوران سب سے زیادہ مہنگی ہونے والی اشیا میں ٹماٹر (39.92 فیصد)، ڈیزل (15.87 فیصد)، انڈے (7.31 فیصد)، پیٹرول (5.23 فیصد)، آلو (3.70 فیصد)، ایل پی جی (0.91 فیصد)، چائے (0.59 فیصد)، سرسوں کا تیل (0.45 فیصد)، لہسن (0.41 فیصد) اور کپڑے دھونے کا صابن (0.21 فیصد) شامل ہیں۔

    اس کے برعکس گزشتہ ہفتے مرغی کی قیمت میں 4.66 فیصد، کیلے میں 1.72 فیصد، مونگ کی دال میں 1.08 فیصد، ماش کی دال میں 1.07 فیصد، چاول میں 0.52 فیصد، مسور کی دال میں 0.40 فیصد، چینی میں 0.09 فیصد اور چنے کی دال میں 0.03 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

    سالانہ بنیاد پر ٹماٹر کی قیمت میں سب سے زیادہ 253.04 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ پیاز 81.55 فیصد، آٹا 74.13 فیصد، ایل پی جی 46.87 فیصد، ڈیزل 31.92 فیصد، بجلی کے نرخ 22.79 فیصد، پیٹرول 20.32 فیصد، بکرے کا گوشت 16.02 فیصد، مرچ پاؤڈر 15.20 فیصد، گائے کا گوشت 13.09 فیصد، کیلے 12.06 فیصد اور سادہ ڈبل روٹی 9.69 فیصد مہنگی ہوئی۔

    دوسری جانب سالانہ بنیاد پر آلو کی قیمت میں 33.69 فیصد، چنے کی دال میں 21.48 فیصد، چینی میں 17.67 فیصد، نمک میں 14.09 فیصد، مرغی میں 13.73 فیصد، مسور کی دال میں 13.55 فیصد، انڈوں میں 9.59 فیصد اور مونگ کی دال میں 8.67 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

  15. طلبا کے احتجاج کے بعد انڈیا کے وزیرِ تعلیم مستعفی

    گذشتہ ایک ماہ سے جاری احتجاج کے بعد سنیچر کے روز انڈیا کے وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان نے استعفیٰ دے دیا۔

    زیادہ تر نوجوان طلبہ پر مشتمل مظاہرین گذشتہ ماہ سے وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ بار بار امتحانی پرچوں کے لیک ہونے سے تعلیمی نظام کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

    سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری بیان میں دھرمیندر پردھان کا کہنا ہے کہ ’جنتر منتر اور ملک میں جو صورتحال پیدا ہوئی ہے، ملک مخالف عناصر کو اس سے فائدہ نہیں اٹھانا چاہیے۔ ملک کا اتحاد برقرار رہنا چاہیے۔‘

    ان کا مزید کہنا ہے کہ انڈیا کے ایک بھی طالب علم کا مستقبل قانونی پیچیدگیوں میں نہیں الجھنا چاہیے۔ ’ہمارے بچے اپنا وقت تعلیم میں گزاریں اور اپنے کیریئر کی تعمیر پر توجہ دیں۔ ان تمام باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے، میں نے اپنا استعفیٰ وزیرِ اعظم کو ارسال کر دیا ہے۔‘

    اس سے قبل کانگریس سمیت تمام اپوزیشن جماعتیں دھرمیندر پردھان کے استعفے کے مطالبے پر اصرار کر رہی تھیں۔

  16. ایرانی وزیرِ خارجہ کی روسی ہم منصب سے ملاقات: آبنائے ہرمز میں عدم تحفظ کی وجہ امریکی وعدہ خلافی ہے، عراقچی

    ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر روسی ہم منصب سرگئی لاروف سے ملاقات کی۔

    جمعہ کے روز کرغزستان میں ہونے والی ملاقات کے دوران عباس عراقچی نے آبنائے ہرمز میں پائی جانے والی عدم تحفظ کی صورتحال کو ’امریکہ کی وعدہ خلافی کا براہِ راست نتیجہ‘ قرار دے دیا۔

    عراقچی کا کہنا تھا کہ ایران نے جس طرح سفارت کاری کے میدان میں سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے، اسی طرح وہ اپنے مفادات اور قومی سلامتی کے دفاع اور امریکہ کی جانب سے آبنائے ہرمز کو استعمال کرتے ہوئے ایران کی قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی کوششوں کو روکنے کے لیے پر عزم ہے۔

    ایرانی وزیرِ خارجہ نے گذشتہ روز مصر اور عمان کے وزرائے خارجہ سے بھی ٹیلی فون پر بات کی تھی۔

  17. فرانس اور سپین میں جنگلات میں لگی آگ کے باعث دو لاکھ 20 ہزار افراد نقل مکانی پر مجبور

    فرانسیسی حکام نے بورڈو کے قریب مزید تقریباً 60 ہزار افراد کو علاقہ خالی کرنے کا حکم دیا ہے، جس کے بعد فرانس اور سپین میں جنگل میں لگی آگ کے باعث اب تک دو لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد کو نقل مکانی کا مشورہ دیا جا چکا ہے۔

    جنوب مغربی فرانس کے گیروند اور لانڈز کے علاقوں سے تقریباً دو لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا کہا گیا ہے۔ فرانسیسی صدر ایمانویل میکخواں نے امدادی کارروائیوں میں معاونت کے لیے فوج کو متحرک کر دیا ہے۔

    دوسری جانب سپین کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ میڈرڈ کے قریب لگی آگ اب فائر فائٹرز کی قابو پانے کی صلاحیت سے باہر ہو چکی ہے۔

    دارالحکومت کے مغرب میں لگنے والی تین الگ الگ آگیں یکجا ہو کر ایک بڑی آگ کی صورت اختیار کر گئی ہیں جس کے بعد حکومت نے قومی ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

    حکام کے مطابق 25 ہزار افراد کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ تقریباً 40 ہزار افراد کو گھروں کے اندر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

    میڈرڈ کے علاقائی صدر ازابیل دیاز آیوسو نے اسے ’خطے کی تاریخ کی بدترین آگ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ علاقے شدید گرمی، مسلسل تیز ہواؤں اور مختلف مقامات پر لگی آگ کے یکجا ہونے کے باعث ایک بڑی آفت کا سامنا ہے۔

  18. اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامن نیتن یاہو اگلے ہفتے امریکہ کا دورہ کریں گے: صدر ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامن نیتن یاہو اگلے ہفتے امریکہ کا دورہ کریں گے۔

    انھوں نے یہ اعلان جمعہ کے روز وائٹ ہاؤس کے نامہ نگاروں کے عشائیے سے خطاب کے دوران کیا۔

    اس سے قبل اسرائیلی وزیرِاعظم کے دفتر نے اعلان کیا تھا کہ نیتن یاہو سوموار کے روز واشنگٹن جائیں گے اور ان کی منگل کے روز ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات متوقع ہے۔

    نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ وہ سابق امریکی سینیٹر لنڈسی گراہم کی آخری رسومات میں بھی شرکت کریں گے۔

  19. بحیرۂ عمان میں جس ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا اس نے چار مرتبہ ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کی تھی: امریکی فوج کا دعویٰ

    امریکی فوج نے بحیرۂ عمان میں ایک آئل ٹینکر پر حملے کے بارے میں مزید تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہاز نے نشانہ بنائے جانے سے قبل کم از کم چار مرتبہ امریکی کی جانب سے ایرانی بندرگاہوں پر عائد ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کی تھی۔

    امریکی مرکزی کمان (سینٹکام) کے ترجمان ٹِم ہاکنز نے اے ایف پی کو بتایا کہ ٹینکر کے عملے کو کئی بار خبردار کیا گیا تھا، تاہم انھوں نے ہدایات پر عمل نہیں کیا۔

    انھوں نے کہا کہ اس کے بعد موقع پر موجود امریکی افواج نے جہاز کو آگے بڑھنے سے روکنے کے لیے اس کے انجن روم کو نشانہ بنایا۔

    سینٹکام کے ترجمان نے مزید کہا کہ یہ ٹینکر اب ایران کی جانب نہیں جا رہا۔

    اس سے قبل ایک امریکی عہدیدار نے روئٹرز کو بتایا تھا کہ امریکی افواج نے ایم ٹی لاوِن ٹینکر کو اس وقت نشانہ بنایا جب اس نے ایرانی بندرگاہوں پر عائد ناکہ بندی کو عبور کرنے کی کوشش کی۔

  20. حوثیوں کا سعودی عرب پر شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کا الزام، جوابی کارروائی کی دھمکی

    یمن کے حوثیوں نے سنیچر کے روز سعودی عرب کے خلاف جوابی کارروائی کی دھمکی دی ہے۔

    انھوں نے الزام عائد کیا ہے کہ سعودی عرب نے شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے، جس سے خطے میں جاری جنگ میں مزید شدت آنے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔

    آس سے قبل سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد نے فضائی حملوں میں یمن میں حوثیوں کے ’فوجی ٹھکانوں‘ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔ اتحاد کے ترجمان کے مطابق یہ حملے یمنی گروپ کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کے اعلان کے بعد کشیدگی میں اضافے کے تناظر میں کیے گئے۔