ریسلر برونسن ریڈ کی ’طبی پیچیدگیوں‘ کے باعث موت، مگر ریاض میں ہونے والی لڑائی کیوں زیرِ بحث ہے؟

،تصویر کا ذریعہWWE via Getty Images
- مصنف, جیسیکا لیمب
- وقت اشاعت
- مطالعے کا وقت: 6 منٹ
ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) سے وابستہ پیشہ ور ریسلر برونسن ریڈ 38 برس کی عمر میں وفات پا گئے ہیں۔
ڈبلیو ڈبلیو ای کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق برونسن ریڈ، جن کا اصل نام جرمین ہیلی تھا، کی جمعے کو طبی پیچیدگیوں کے باعث موت ہوئی۔ تاہم کمپنی کی جانب سے اس بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔
جرمین ہیلی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ڈبلیو ڈبلیو ای کا کہنا ہے کہ ’جرمین ڈبلیو ڈبلیو ای میں ایک غیرمعمولی شخصیت کے مالک تھے، لیکن اس سے بھی بڑھ کر وہ ایک شاندار انسان، اپنے خاندان سے بے حد محبت کرنے والے اور سب کے محبوب ساتھی تھے۔‘
کمپنی نے ہیلی کے اہلِ خانہ سے بھی تعزیت کا اظہار کیا، جن میں ان کی حاملہ اہلیہ پیج اور ان کی بیٹی شامل ہیں۔
بی بی سی نے ڈبلیو ڈبلیو ای سے مزید تبصرے کے لیے رابطہ کیا گیا ہے۔
ہیلی گذشتہ چند مہینوں میں وفات پانے والے دوسرے ریسلر ہیں۔ اس سے قبل انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے ریسلنگ سٹار بینجمن سیٹرلی، جو ریسلنگ شائقین میں ’پیک‘ کے نام سے جانے جاتے تھے، ستمبر میں 40 برس کی عمر میں وفات پا گئے تھے۔
ان کی وفات کی وجہ بھی اس وقت ظاہر نہیں کی گئی تھی۔

،تصویر کا ذریعہWWE via Getty Images
جمعے کے روز امریکی ریاست جارجیا کے شہر ایتھنز میں واقع ایکنز فورڈ ایرینا میں ہونے والے ڈبلیو ڈبلیو ای ایونٹ میں ہیلی کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
شو کا آغاز ان کی یاد میں روایتی 10 گھنٹیوں کی سلامی سے کیا گیا جبکہ ان کے ساتھی کینیڈین ریسلر کیون اوونز نے حاضرین سے خطاب کیا۔ اس موقع پر اوونز نے اپنے بازو پر ’برونسن‘ کے نام کی پٹی باندھی ہوئی تھی۔
اوونز نے کہا کہ ہیلی کو ریسلنگ سے بے حد لگاؤ تھا۔
انھوں نے کہا کہ ’مجھے پورا یقین ہے کہ رنگ میں پرفارم کرنے سے بڑھ کر وہ اپنے خاندان سے محبت کرتے تھے۔ آج رات اگر اس سانحے سے کوئی سبق لیا جا سکتا ہے تو وہ یہ ہے کہ ایک دوسرے کا خیال رکھیں، ایک دوسرے سے محبت کریں اور ایک دوسرے کو معاف کریں۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’برونسن، ہم خوش قسمت تھے کہ آپ ہمارے ساتھ تھے اور آپ کی کمی بہت محسوس کی جائے گی۔‘
وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں
ایپ ڈاؤن لوڈ کریں
بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية
ریسلنگ کی دنیا کی معروف شخصیات نے بھی سوشل میڈیا پر انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ریٹائرڈ 16 مرتبہ عالمی چیمپیئن رِک فلیئر نے لکھا کہ ’ہم نے اپنے شعبے کا ایک اور ساتھی بہت جلد کھو دیا۔‘
ڈائمنڈ ڈلاس پیج لکھتے ہیں کہ ’برونسن ریڈ کی وفات کی خبر سن کر مجھے گہرا صدمہ پہنچا۔ مجھے فوراً ایڈی کی یاد آ گئی۔ یہ بہت افسوسناک ہے۔ میری ہمدردیاں ان کے دوستوں اور خاندان کے ساتھ ہیں۔‘
واضح رہے کہ ڈبلیو ڈبلیو ای کے معروف ریسلر ایڈی گوریرو، جنھیں ’لاٹینو ہیٹ‘ کے نام سے جانا جاتا تھا، 2005 میں 38 برس کی عمر میں دل کی بیماری کے باعث جان کی بازی ہار گئے تھے۔
دوسری جانب آسٹریلوی ریسلر برینڈن ونک، جو ڈیوک ہینسن کے نام سے معروف ہیں، نے ایکس پر لکھا ’میں آپ سے محبت کرتا ہوں، جرمین۔‘
ریسلنگ سے متعلق میڈیا اداروں کے مطابق ہیلی رواں کو ماہ کے آغاز میں سعودی عرب کے شہر ریاض میں ہونے والے ڈبلیو ڈبلیو ای کراؤن جیول ایونٹ کے دوران زخمی ہوئے تھے۔
ہیلی نے اس ایونٹ میں کسی مقابلے میں حصہ نہیں لیا تھا، تاہم ایونٹ کے دوران کی ایک اور ریسلر کے ساتھ رنگ کے باہر ایک چھوٹی سی جھڑپ دکھائی گئی تھی جس کے دوران انھیں سٹیج سے نیچے پھینکا گیا تھا اور وہ نیچے رکھی میزوں سے جا ٹکرائے تھے۔
ہیلی نے اپنے کیریئر کا آغاز آزاد ریسلنگ سرکٹ میں جونا راک اور جے راک کے ناموں سے کیا تھا، جس کے بعد انھوں نے 2019 میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے ساتھ معاہدہ کیا۔
2021 میں انھیں کمپنی سے فارغ کر دیا گیا تھا، تاہم ایک سال بعد وہ واپس آئے اور اپنی وفات تک ڈبلیو ڈبلیو ای سے وابستہ رہے۔ 2024 میں انھوں نے آندرے دی جائنٹ میموریل بیٹل رائل جیتی تھی۔

،تصویر کا ذریعہWWE via Getty Images
برونسن ریڈ اور اوبا فیمی کی لڑائی میں کیا ہوا تھا؟
سات نومبر کو ریاض کے اے این بی ارینا میں ڈبلیو ڈبلیو ای کا کراؤن جیول ایونٹ ہوا تھا جہاں ہیلی آکری مرتبہ سکرین پر دکھائی دیے تھے۔
یہ ایونٹ ایک ایسے وقت میں ہوا جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور سعودی عرب پر حوثیوں کے حملے ہو رہے تھے۔
اس ایونٹ میں ان کا کوئی مقابلہ شیڈول نہیں تھا تاہم وہ اپنے گروپ ویژن کے ساتھ وہاں موجود تھے۔ ان کے ساتھی ریسلر برون بریکر اور آسٹن تھیوری کا پینٹا اور جیوون ایونز سے مقابلے تھا۔
اس مقابلے کے دوران ڈبلیو ڈلیو ای کے ایک اور ریسلر اوبا فیمی وہاں پہنچتے ہیں اور ہیلی کے ساتھ لڑائی کے دوران وہ انھیں سٹیج سے اٹھا کر نیچے میزوں پر پھینک دیتے ہیں۔
اس ایونٹ کے بعد کمپنی کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ کچھ طبی وجوہات کے باعث ہیلی کو سعودی عرب میں ہی رکنا پڑا ہے۔
ہیلی کے موت کے بعد سوشل میڈیا پر بہت سے ریسلنگ فینز اوبی فیمی اور برونسن ریڈ کی لڑائی کی ویڈیو شیئر کرتے نظر آئے۔
کئی صارفین نے دعویٰ کیا کہ اوبا ٹھیک طرح سے برونسن کو پھینک نہ پائے جس کے باعث وہ زخمی ہوئے۔
ایک ایکس صارف اس موقع کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ جب اوبا نے برونسن ریڈ کوپھینکا تو وہ میز کے بیچوں بیچ گرنے کے بجائے کونے سے ٹکرائے جس سے انھیں چوٹیں آئی۔
کئی صارفین اوبا کا دفاع کرتے بھی نظر آئے۔
ایک صارف کھتے ہیں کہ لوگ جو یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ اوبا فیمی اس واقعے کے ذمہ دار ہیں، وہ بے بنیاد بات کر رہے ہیں۔
’مے ینگ کی عمر 77 برس تھی جب ڈڈلی بوائز نے انھیں سٹیج سے میز پر پاور بمپ کیا تھا۔ اس کے علاوہ انڈرٹیکر اور مک فولی کے درمیان پنجرے سے گرنے والا مشہور مقابلہ، یا شین میکموہن کی انتہائی خطرناک چھلانگیں، کہیں زیادہ خطرناک تھیں۔‘
ان کا کہنا ہے تھا کہ اوبا فیمی اور برونسن کے درمیان ہونے والی لڑائی بالکل بھی غیر معمولی یا حد سے زیادہ خطرناک نہیں تھی۔ ’یہ مناسب اونچائی سے میز پر گرنے والا ایک معمول کا ریسلنگ موو تھا۔‘
’اسے براہِ راست دیکھنے والے شاید ہی یہ سوچتے کہ کچھ غلط ہوا ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ اوبا نے برونسن کو سر کے بل گرا دیا ہو۔‘
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔




















