دس سال سے ٹرینوں میں چوریاں کرنے والا شخص ایئر پوڈز کی مدد سے پولیس کے ہاتھ لگ گیا

DADAR RAILWAY POLICE
    • مصنف, الپیش کرکارے
    • عہدہ, بی بی سی مراٹھی
  • وقت اشاعت
  • مطالعے کا وقت: 7 منٹ

جرائم پیشہ افراد پولیس کو چکمہ دینے کے لیے مختلف طریقے اپناتے ہیں، لیکن بعض اوقات چوری کی گئی کوئی چیز ہی ان تک پہنچنے کا ذریعہ بن جاتی ہے۔

ممبئی پولیس نے ٹیکنالوجی کی مدد سے ایسا ہی ایک کیس حل کیا ہے۔

پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جو تقریباً دس سال سے لمبے سفر پر چلنے والی ٹرینوں کے اے سی پارلر یا ڈبوں میں سوئے ہوئے مسافروں کے بیگ، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان چوری کر رہا تھا۔

ممبئی کی ایک خاتون کا ٹرین میں سفر کے دوران بیگ چوری ہوا۔ پولیس نے تحقیقات کے دوران بیگ میں موجود ایئر پوڈز کی لوکیشن کی مدد سے ملزم تک پہنچنے میں کامیابی حاصل کی۔

اس کے بعد ممبئی پولیس نے براہِ راست ملزم کے ٹھکانے پر پہنچ کر اسے گرفتار کر لیا۔ گرفتار شخص کی شناخت 32 سالہ شمشیر فہیم خان کے نام سے ہوئی ہے، جو سکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کرتا تھا۔

پولیس تحقیقات کے مطابق شمشیر کم از کم دس سال سے ٹرینوں میں سفر کرنے والے مسافروں کا سامان چوری کر رہا تھا۔ مختلف ریاستوں میں اس کے خلاف 32 سے زیادہ مقدمات درج ہیں۔

یہ واقعہ کیسے پیش آیا؟ پولیس ایئر پوڈز کی لوکیشن کے ذریعے ملزم تک کیسے پہنچی؟ اور وہ گذشتہ دس سال سے ٹرینوں میں مسافروں کو کس طرح نشانہ بنا رہا تھا؟ آئیے اب خبر میں آگے چل کر ان سوالات کا جواب جانتے ہیں۔

چوری کیسے ہوئی؟

یہ معاملہ 12 نومبر کو دادَر ریلوے پولیس میں درج ہونے والی چوری کی شکایت سے شروع ہوا۔

بھوپال کی رہائشی 27 سالہ خاتون دیوالی منانے کے لیے وہاں گئی تھیں۔ وہ ممبئی میں ایک نجی کمپنی میں کام کرتی ہیں۔ بھوپال سے ممبئی واپسی کے دوران پنجاب میل ٹرین میں ان کا بیگ چوری ہو گیا۔

وہ ٹرین کے اے سی ٹو ٹائر ڈبے میں سفر کر رہی تھیں اور انھوں نے اپنا بیگ سر کے قریب رکھا ہوا تھا، لیکن رات کو سوتے ہوئے کسی نے ان کا بیگ چوری کر لیا۔

صبح بیگ چوری ہونے کا پتا چلنے پر انھوں نے کلیان ریلوے پولیس میں شکایت درج کروائی۔

بیگ میں 82 ہزار 600 روپے مالیت کا ڈیل لیپ ٹاپ، 16 ہزار 110 روپے کے ایپل ایئر پوڈز، دوسری کمپنی کے 27 ہزار روپے مالیت کے ہیڈ فونز اور کچھ نقد رقم موجود تھی۔

خاتون نے ابتدائی طور پر کلیان ریلوے پولیس میں چوری کی شکایت درج کروائی، تاہم چونکہ یہ واقعہ دادَر ریلوے پولیس کے دائرہ اختیار میں پیش آیا تھا، اس لیے مقدمہ دادَر ریلوے پولیس (جی آر پی) کو منتقل کر دیا گیا۔

ایئر پوڈز کی لوکیشن سے پولیس کو سراغ ملا

12 نومبر کو دادَر ریلوے پولیس سٹیشن میں انڈین پینل کوڈ (آئی پی سی) کی دفعہ 305 (c) اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

خاتون سے چوری کے واقعے سے متعلق تمام معلومات حاصل کرنے کے بعد دادَر ریلوے پولیس نے مختلف ذرائع کی مدد سے تحقیقات شروع کر دیں۔

Getty Images

بیگ میں موجود سامان کی تفصیلات معلوم کرنے کے بعد پولیس نے اندازہ لگایا کہ آیا چوری شدہ اشیا میں سے کسی کی مدد سے ملزم تک پہنچا جا سکتا ہے۔

چوری کی تحقیقات کے دوران دادَر ریلوے پولیس کی سائبر کرائم ٹیم نے چوری ہونے والے ایئر پوڈز کی لوکیشن معلوم کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس تحقیقات کے لیے دادَر ریلوے پولیس سٹیشن کے سینئر پولیس انسپکٹر انیل کدم، پوسٹ انسپکٹر پرکاش ہوال اور سائبر ٹیم کے پوسٹ حوالدار لکشمن ہٹکر، سنیل چوان، گنیش جگدلے، پولیس کانسٹیبل وشال راٹھوڑ اور اتل کاکڑ نے کام شروع کیا۔

سائبر پولیس نے ابتدا میں خاتون کے موبائل فون سے منسلک ایئر پوڈز کی لوکیشن چیک کی۔ پولیس نے دیکھا کہ ایئر پوڈز فعال ہیں اور ان کی لوکیشن گجرات کے شہر وڈودرا کے علاقے چھانی میں ظاہر ہو رہی ہے۔

پولیس نے اس لوکیشن کی بنیاد پر تحقیقات شروع کیں، جس کے بعد معلوم ہوا کہ ایئر پوڈز وڈودرا میں ایک زیرِ تعمیر عمارت کے مقام پر موجود ہیں۔

سکیورٹی گارڈ کی ملازمت

تخطى بی بی سی اُردو موبائل ایپ وواصل القراءة
بی بی سی اردو کی نئی موبائل ایپ کی تصویر
تمام اہم خبریں ایک ایپ میں

وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں

ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية

پولیس نے متعلقہ تعمیراتی کمپنی سے رابطہ کیا۔ وہاں پولیس کو بتایا گیا کہ دو روز قبل ایک نیا سکیورٹی گارڈ ملازمت پر آیا ہے۔ پولیس کو یہ بھی بتایا گیا کہ وہ شخص ایسا ہی بیگ ساتھ لے کر آیا تھا جس کی تفصیلات خاتون نے بتائی تھیں۔

اس اطلاع کے بعد دادَر ریلوے پولیس ملزم کی تلاش میں وہاں پہنچی، تاہم وہ اس روز کام پر نہیں آیا تھا۔

آخرکار پولیس نے ایئر پوڈز کی لائیو لوکیشن کی مدد سے ملزم کو تلاش کرنے کی کوشش کی۔ وہ تعمیراتی مقام سے تقریباً دو کلومیٹر دور پکڑا گیا۔ بعد میں اسے ممبئی کی ریلوے عدالت میں پیش کیا گیا۔

ملزم کی شناخت شمشیر فہیم خان کے نام سے ہوئی۔ گرفتاری کے بعد ملزم اس بات پر حیران تھا کہ ممبئی پولیس کی ٹیم اس تک کیسے پہنچی۔

دادَر ریلوے پولیس کے مطابق ملزم نے جرم کا اعتراف کیا اور یہ بھی بتایا کہ وہ یہاں کیسے پہنچا۔ اس نے بتایا کہ انٹرنیٹ پر سکیورٹی ایجنسی تلاش کرنے کے بعد اسے وڈودرا میں سکیورٹی گارڈ کی ملازمت مل گئی تھی۔

اس نے پولیس کو بتایا کہ وہ تعمیراتی مقامات پر عارضی سکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کرنا پسند کرتا تھا، کیونکہ وہاں اسے ملازمت، تنخواہ اور رہائش مل جاتی تھی۔

دس سال سے چوری کی وارداتیں

پولیس کے مطابق شمشیر فہیم خان کا تعلق بہار کے ضلع بھوجپور سے ہے اور وہ ٹرینوں کے اے سی والے ڈبوں میں سفر کرنے والے مسافروں کو نشانہ بناتا تھا۔

پوچھ گچھ کے دوران معلوم ہوا کہ وہ خاص طور پر اے سی ٹو ٹائر اور اے سی تھری ٹائر ڈبوں میں رات کے وقت مسافروں کے سو جانے کے بعد ان کے بیگ اور موبائل فون چوری کرتا تھا۔

وہ مسافروں کے سر یا نشستوں کے قریب رکھے سامان کو چوری کرتا اور پھر چوری شدہ سامان لے کر کسی دوسری ٹرین میں سوار ہو کر فرار ہو جاتا تھا۔

پولیس تحقیقات کے مطابق وہ عام مسافر کی طرح ٹرین میں سفر کرتا اور جنرل ٹکٹ استعمال کرتا تھا۔ گرفتاری کے بعد پوچھ گچھ میں اس نے یہ بھی بتایا کہ وہ کم از کم دس سال سے چوری کی وارداتیں کر رہا تھا۔

دیگر چوریوں کے بارے میں بھی معلومات

پولیس کی پوچھ گچھ کے دوران شمشیر نے دو مزید چوری کی وارداتوں کے بارے میں بتایا۔

اس نے کہا کہ دادَر میں اے سی ٹو ٹائر ڈبے سے ایک موبائل فون اور چارجر چوری کیا تھا۔ اس نے پونے اور پنویل کے درمیان چلنے والی لوکل ٹرین سے ایک لیپ ٹاپ چوری کرنے کا بھی بتایا۔

اس نے پولیس کو بتایا کہ وہ اب تک مختلف ریاستوں میں کئی چوریاں کر چکا ہے۔ پولیس کے مطابق مختلف ریاستوں میں اس کے خلاف 32 سے زیادہ مقدمات درج ہیں۔

پولیس کے مطابق خان اس سے پہلے بھی گرفتار ہو چکا ہے۔ گذشتہ سال اسے جھانسی میں چوری کے ایک مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ الزام ہے کہ رواں سال مارچ میں ضمانت پر رہائی کے بعد اس نے دوبارہ چوری شروع کر دی۔

پولیس کو شبہ ہے کہ اس نے بہار، مہاراشٹر، مدھیہ پردیش اور مغربی بنگال سمیت مختلف ریاستوں میں ایسی وارداتیں کی ہیں۔

ملزم کے خلاف مغربی بنگال میں دو، اتر پردیش میں تین، بہار میں تین اور رانچی میں چار مقدمات درج ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ ان مقدمات میں گرفتاری کے بعد ملزم قانون کے مطابق سزا پوری کرتا اور پھر اسی طرح کی وارداتیں شروع کر دیتا تھا۔

ٹیکنالوجی کی مدد سے جرم کا سراغ

اس پورے معاملے میں سب سے اہم بات یہ رہی کہ ایئر پوڈز کی لوکیشن ٹریک کرنے کی سہولت نے پولیس کو ملزم تک پہنچنے میں مدد دی۔

اس واقعے سے ظاہر ہوتا ہے کہ چوری ہونے والی کسی چیز کی لوکیشن معلوم کرنے کی سہولت تحقیقات میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ تاہم، اس کیس میں چوری شدہ سامان ہی ملزم تک پہنچنے کا ذریعہ بن گیا۔

Getty Images

دادَر ریلوے پولیس سٹیشن کے سینئر پولیس انسپکٹر انیل کدم نے اس کیس کے حوالے سے بتایا کہ پولیس ٹیم نے ٹیکنالوجی کی مدد سے واردات کا سراغ لگایا اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔ گرفتاری کے بعد ملزم نے تمام وارداتوں کا اعتراف بھی کیا ہے۔

ان کے مطابق ملزم کو ریلوے عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے 14 روز کے لیے عدالتی ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔ ملزم نے اس کیس کے علاوہ دیگر چوریوں کا بھی اعتراف کیا ہے جبکہ اس سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔

بی بی سی مراٹھی نے ملزم شمشیر فہیم خان کا مؤقف جاننے کی کوشش کی، تاہم عدالتی تحویل میں ہونے کے باعث ان سے براہِ راست رابطہ نہیں ہو سکا۔

عدالت میں ان کی جانب سے وکیل سندیپ پاٹل پیش ہوئے، جنھوں نے ملزم پر عائد الزامات مسترد کرتے ہوئے پولیس ریمانڈ کی مخالفت کی۔ انھوں نے کہا کہ وہ اگلی سماعت پر اپنا مناسب مؤقف پیش کریں گے۔

’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔