’میڈ ان پاکستان‘: انڈین مدرسے کے پنکھے پر لگا لیبل جو دو افراد کی حراست اور سوشل میڈیا مہم کی وجہ بنا

،تصویر کا ذریعہSocial Media
انڈیا کی شمالی ریاست اتر پردیش کے ضلع کُشی نگر میں ایک مدرسے کے اندر موجود پنکھے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اتوار کو دو افراد کو حراست میں لیا گیا تھا کیونکہ اس پنکھے پر مبینہ طور پر ’میڈ اِن پاکستان‘ کا لیبل لگا ہوا تھا۔
خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی ائی) کے مطابق یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب پنکھے کی تصویر سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر وائرل ہوئی اور مقامی لوگوں نے تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
انڈین مدرسے تک پاکستانی پنکھا کیسے پہنچا ؟
یہ پنکھا قادریہ حکیم العلوم نامی مدرسے کا تھا۔
مدرسہ کے ایک استاد محمد معراج الدین نے میڈیا کو بتایا کہ گاؤں میں شمس الدین نامی شخص نے تین سال قبل یہ پنکھا عطیہ کیا تھا۔
ان کے مطابق جب یہ پنکھا خراب ہو گیا تو اسے مرمت کے لیے مکینک کو دیا گيا اور اس نے انھیں بتایا کہ یہ پنکھا پاکستان میں بنا ہے۔
مدرسے کے استاد کہتے ہیں کہ لوگوں نے دکان میں اس پنکھے کی تصویر لے کر اسے وائرل کر دیا اور وشنو پورہ تھانے کی پولیس مدرسے پہنچ گئی۔

،تصویر کا ذریعہUP POLICE
خیال رہے کہ اتر پردیش کا یہ علاقہ نیپال کی سرحد سے متصل ہے۔ اسی لیے اس معاملے کو بارڈر سکیورٹی کےتناظر میں حساس سمجھا گیا اور تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق معاملے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کیشو کمار نے ایک بیان جاری کیا، جس میں انھوں نے بتایا کہ پولیس نے اس واقعے کا نوٹس لیا ہے اور معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سوشل میڈیا پر بحث
بی بی سی اردو کی خبروں اور فیچرز کو اپنے فون پر حاصل کریں اور سب سے پہلے جانیں پاکستان اور دنیا بھر سے ان کہانیوں کے بارے میں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں
سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں
مواد پر جائیں
دریں اثنا اس کے متعلق سوشل میڈیا پر بھی بحث چھڑ گئی ہے۔ آدیتی کماری سنگھ نامی ایک صارف نے، جن کے 88 ہزار سے زیادہ فالوورز ہیں، نے ایکس پر لکھا کہ ’اتر پردیش کے کُشی نگر میں مدرسے کا پنکھا ٹھیک کرنے آئے الیکٹریشن نے دیکھا کہ پنکھے پر ’میڈ اِن پاکستان‘ لکھا ہے! تو اس سے کیا سمجھا جائے؟‘
وہیں ایکس پر ہی ایک دوسرے صارف رام نِواس اکیلا نے لکھا: 'کھلے عام چین کے سامان کا استعمال ہو رہا ہے کسی کو کوئی دقت نہیں ہے لیکن کُشی نگر میں ایک مدرسے میں پاکستانی پنکھا مل گیا تو ہلچل مچ گئی۔‘
'وجہ صاف ہے۔ انڈین حکومت نے 2 مئی 2025 کو پاکستان سے آنے والی تمام قسم کی اشیاء کی براہِ راست درآمد پر مکمل پابندی لگا دی تھی۔ قومی سلامتی کے مدنظر اب پاکستان میں بنی کوئی بھی نئی چیز جس میں پنکھے، کپڑے، یا دیگر مصنوعات شامل ہیں، قانونی طور پر انڈیا میں نہیں منگوائی جا سکتی۔‘
انھوں نے مزید لکھا: یو پی کے کشی نگر میں مدرسے کی چیکنگ چل رہی ہے، وہاں ملنے والے پنکھے پر الاحمد فینز، میڈ اِن پاکستان لکھا ہوا ملا۔‘
’لیکن مدرسہ 1994 میں قائم ہوا تھا۔ ہو سکتا ہے کہ یہ مئی 2025 کے پہلے کا پنکھا ہو اور یہ جانچ کا موضوع ہے۔ اگر بعد میں منگوایا گیا ہے تو کارروائی ہونی چاہیے۔‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پولیس کی تفتیش کے بعد کیا ہوا؟
کُشی نگر کے وشنو پورہ تھانہ کے انچارج وِنے مشرا کے مطابق مدرسے کے مینیجر محمد یونس اور گاؤں کے رہائشی شمس الدین سے پوچھ گچھ کی گئی۔
تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ شمس الدین کا بیٹا واجد انصاری گذشتہ 10 سال سے سعودی عرب میں مزدوری کر رہا تھا۔ اُس نے پنکھا 2020 میں تقریباً 80 ریال میں خریدا اور کارگو کوریئر کے ذریعے گھر بھیج دیا۔ بعد میں سنہ 2023 میں، شمس الدین نے مدرسہ کو پنکھا عطیہ کیا۔
تھانہ انچارج نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ تمام پہلوؤں کا بغور جائزہ لینے کے بعد پولیس کو معلوم ہوا کہ پنکھا سعودی عرب سے خریدا گیا تھا اور متعلقہ افراد نے اس کی خریداری سے متعلق دستاویزات حکام کے سامنے پیش کیں۔ پولیس کے مطابق دستاویزات کی تصدیق اور تفصیلی تفتیش کے بعد کوئی شکوک شبہات باقی نہیں رہے اور اس وجہ سے حراست میں لیے گئے افراد کو رہا کر دیا گیا۔



























