وہ گورکن جس نے تین سال میں 18 ہزار افراد کو دفنایا

مردوں کو دفنانے کے لیے کدال اٹھائے ہوئے ایک شخص
    • مصنف, مروہ جمال
    • عہدہ, بی بی سی نیوز عربی
  • وقت اشاعت
  • مطالعے کا وقت: 7 منٹ

’میری عمر 61 برس ہے اور میں 1986 سے گورکن کے طور پر تدفین کا کام کر رہا ہوں، لیکن ان تمام برسوں میں میں نے اتنی لاشیں نہیں دفن کیں جتنی گذشتہ تین برسوں میں دفن کی ہیں۔‘

’جنگ شروع ہونے کے بعد سے میں 18 ہزار سے زیادہ لاشیں دفن کر چکا ہوں۔ میں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ مجھے اتنی بڑی تعداد میں لاشیں دفن کرنا پڑیں گی، چاہے مجھے دو یا تین زندگیاں ہی کیوں نہ مل جاتیں۔‘

یہ کہنا ہے غزہ سے تعلق رکھنے والے گورکن یوسف احمد سلیم ابو حطب کا۔ ان کا یہ بیان نہ صرف جنگ میں ہلاک ہونے والوں کی غیر معمولی تعداد بلکہ غزہ میں قبرستانوں کی محدود گنجائش کے مسئلے کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

ان کے مطابق مسئلہ صرف لاشوں کی بڑی تعداد تک محدود نہیں بلکہ بنیادی ضروریات کی شدید کمی بھی درپیش ہے۔

ابو حطب کا کہنا ہے کہ ’ہم شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ مرنے والوں کو پہنانے کے لیے نہ کفن موجود ہے نہ ہی لاشوں کو غسل دینے اور صفائی کے لیے صابن میسر ہے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ مزید قبریں کھودنے کے لیے مناسب جگہ بھی دستیاب نہیں۔ ’جب (اسرائیلی حکام کی جانب سے) پیلی لکیر کو بارہا تبدیل کیے جانے کے بعد زندہ لوگوں کے لیے پناہ لینے کی جگہ نہیں رہی تو پھر مردوں کے لیے جگہ کہاں سے آئے گی؟‘

ایک ہی قبر میں متعدد افراد کی تدفین

غزہ کے ایک قبرستان میں نوجوان جمع ہیں

قبر بنانے کے لیے درکار بنیادی تعمیراتی سامان کی قلت نے اس بحران کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ ابو حطب سوال کرتے ہیں کہ ’کیا پتھر اور سلیب قبر کی سب سے بنیادی ضرورت نہیں ہیں؟‘

ان کے مطابق یہ معمولی چیزیں بھی اب غزہ میں دستیاب نہیں۔ بعض لوگ بمباری سے تباہ اور خالی ہونے والے گھروں سے یہ سامان نکال کر آتے ہیں اور پھر گورکنوں کو فروخت کرتے ہیں۔

ابو حطب بتاتے ہیں کہ وہ افراد ایک پتھر یا سلیب سات شیکل یعنی دو ڈالر سے زیادہ میں فروخت کرتے ہیں۔

’اگر میت کی تکریم اس کی تدفین میں ہے، تو غزہ میں جو کچھ اس وقت ہو رہا ہے وہ میت کی بے حرمتی ہے۔ متعدد بار مجھے پورے پورے خاندانوں کو بنا قبر بنائے ریت میں براہِ راست دفن کرنا پڑا۔‘

لیکن ان کے مطابق یہ واحد مشکل کام نہیں جو انھیں اس جنگ کے دوران کرنا پڑا۔

’مجھے ایسے لوگوں کی قبریں بھی دوبارہ کھولنی پڑیں جن کی وفات کئی دہائیاں پہلے ہو چکی تھی، تاکہ جنگ میں مارے گئے ان کے خاندان کے افراد کو ان کے ساتھ دفن کیا جا سکے۔‘

ایسا اس لیے کرنا پڑا کیونکہ مرنے والوں کے لیے قبریں دستیاب نہیں تھیں۔

’ہم نے 30، 40 سال پہلے وفات پانے والوں کی قبریں کھول کر ان کے ساتھ ان کے خاندان کے افراد کو دفن کیا، پھر کچھ عرصے بعد اسی قبر کو دوبارہ کھولا تاکہ اسی خاندان کے مزید افراد کو دفن کیا جا سکے۔

’یوں جب بھی خاندان کا کوئی فرد مارا جاتا، ہم اس کے اہلِ خانہ کی قبر کھول کر اسے پہلے سے دفن افراد کے اوپر دفن کر دیتے ہیں۔‘

ابو حطب کہتے ہیں کہ جو قبرستان 20 لاشوں کے لیے بنایا گیا تھا، انھوں نے وہاں 60 لاشیں دفن کیں۔

’قبرستانوں میں جگہ کی شدید کمی کے باعث ایک نئی قبر کی قیمت تقریباً 300 ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جو اب غزہ کے زیادہ تر لوگوں کی استطاعت سے باہر ہے۔‘

انھوں نے خبردار کیا کہ ’اگر کوئی نئی جنگ چھڑ گئی اور اتنی ہی بڑی تعداد میں لوگ مارے گئے تو ہمیں حقیقتاً انھیں سڑکوں پر دفن کرنا پڑے گا۔ ہمارے پاس مزید قبرستان نہیں۔‘

کینسر میں مبتلا 16 سالہ گورکن

تدفین
تخطى بی بی سی اُردو موبائل ایپ وواصل القراءة
بی بی سی اردو کی نئی موبائل ایپ کی تصویر
تمام اہم خبریں ایک ایپ میں

وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں

ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية

16 سالہ سراج صیام بھی ان لوگوں میں شامل ہیں جنھوں نے گورکن کا پیشہ اختیار کیا ہے۔ سراج آنتوں کے کینسر میں مبتلا ہیں اور غزہ میں علاج کی سہولت میسر نہ ہونے کے باعث وہ مناسب علاج سے محروم ہیں۔

معاشی تنگی اور چار افراد پر مشتمل اپنے چھوٹے خاندان کی کفالت کی ذمہ داری کے باعث وہ یہ کام کرنے پر مجبور ہیں۔

سراج ہر روز صبح قبرستان کا رخ کرتے ہیں، جہاں وہ قبریں کھودنے اور انھیں اینٹوں سے پختہ کرنے کا کام کرتے ہیں۔ اس کے بدلے انھیں روزانہ 20 سے 30 شیکل، یعنی تقریباً چھ سے نو ڈالر، اجرت ملتی ہے۔

سراج اپنی ملازمت کو ایک ہی جملے میں بیان کرتے ہیں، جسے وہ بار بار دہراتے ہیں: ’تھکا دینے والا کام، تھکا دینے والا کام، تھکا دینے والا کام۔‘

وہ کہتے ہیں ’مجھے اس مشکل کام کی طرف ان حالات نے دھکیلا جو اس سے بھی زیادہ کٹھن ہیں۔ میرے والد اور والدہ عمر رسیدہ اور بیمار ہیں، وہ کام کرنے کے قابل نہیں۔ گھر میں میرے علاوہ کام کرنے والا کوئی اور نہیں، اور مجھے اس کے سوا کوئی اور کام نہیں ملا۔‘

چند لمحے خاموش رہنے کے بعد سراج دوبارہ بات شروع کرتے ہوئے کہتے ہیں ’جنگ سے پہلے میں پڑھائی میں بہت اچھا تھا اور تمام مضامین میں اچھے نمبر حاصل کرتا تھا۔ لیکن اب تو ایسا لگتا ہے کہ میں پڑھنا بھی بھولتا جا رہا ہوں۔ اس کے علاوہ میری بیماری کے لیے دوا بھی دستیاب نہیں، جس کی وجہ سے میں علاج سے محروم ہوں۔‘

خاندان کے تمام افراد کی باقیات کی ایک ہی قبر میں تدفین

تدفین کے مناظر

ابو احمد کی گواہی غزہ میں اجتماعی تدفین کی تلخ حقیقت کو بیان کرتی ہے۔ وہ بتاتے ہیں کہ انھیں حال ہی میں ملبے تلے سے نکالی جانے والی اپنے خاندان کے تمام افراد کی باقیات ایک ہی قبر میں دفن کرنا پڑیں۔

’جو لاشیں یا باقیات ایک ساتھ دفن کی جاتی ہیں، وہ اکثر مکمل حالت میں نہیں ہوتیں۔ اجتماعی تدفین ہمیں جگہ کی کمی اور مسلط حالات کے باعث اختیار کرنا پڑی۔‘

’اس کربناک صورتحال میں مجھے جس بات نے حوصلہ دیا وہ یہ تھی کہ میں خود کو یاد دلاتا رہا کہ یہ سب شہدا ہیں۔ ان کی روحیں تو بمباری کے پہلے ہی لمحے اپنے خالق کے حضور پہنچ چکی تھیں۔ اس کے بعد ان کے جسموں کے ساتھ جو کچھ ہوا، خواہ وہ برسوں تک ملبے تلے دبی رہیں، پھر باقیات کا نکالا جانا اور اجتماعی طور پر دفن کیا جانا، وہ اس کا کوئی احساس نہیں رکھتے۔ روح اللہ کے پاس ہے اور مٹی، مٹی میں مل جاتی ہے۔‘

ابو احمد اپنی بات کے اختتام پر کہتے ہیں کہ اگر ان کے پاس اختیار ہو کہ اپنے خاندان کے ہر فرد کو الگ قبر میں دفن کریں یا وہ جگہ کسی زندہ خاندان کو خیمہ لگانے کے لیے دے دیں، تو ترجیح دیں گے کہ یہ زمین زندہ انسانوں کو دی جائے۔

وہ مزید کہتے ہیں کہ زندہ انسان، مردوں سے زیادہ ضرورت مند ہیں۔ ’جس جگہ آپ نئی قبر کھودنا چاہتے ہیں، وہاں خیمہ لگائیے اور زندگی گزاریے۔ یہ ہمارے مرنے والوں کی قدر کم کرنا نہیں، بلکہ اس یقین کا اظہار ہے کہ ان کی روحیں اپنے خالق کے پاس جنت میں آسودہ ہیں، اور دنیا میں ان کے جسمانی باقیات کے ساتھ جو کچھ ہوتا ہے، اس سے انھیں کوئی نقصان نہیں پہنچتا۔‘

’خاندان کو دفن کرنے کے لیے جگہ نہ ملی‘

ابو احمد کے برعکس، ابو عمر ایک ہی قبر میں ایک سے زیادہ افراد کی تدفین کی مجبوری کو تو مانتے ہیں، لیکن اسے قبول کرنا ان کے لیے آسان نہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ ’میں نے ہر ممکن کوشش کی کہ ملبے سے نکالے جانے کے بعد اپنے خاندان کے ہر فرد کو الگ قبر میں دفن کروں۔ اتنا تو ان کا حق تھا کہ برسوں تک مناسب تدفین سے محروم رہنے کے بعد انھیں انسانی وقار کے مطابق دفنایا جائے، لیکن میری تمام کوششیں ناکام رہیں۔‘

ابو عمر ایک گہرا سانس لے کر اپنی بات جاری رکھتے ہیں کہ ’میں نے چاروں طرف دیکھا، اپنے خاندان کے افراد کو کہاں دفن کروں؟ مجھے ایک بالشت جتنی جگہ بھی خالی نہ ملی۔ یہاں تک کہ قبرستانوں کے اردگرد کی زمین بھی بے گھر افراد کے خیموں سے بھری ہوئی تھی۔ یہ وہ لوگ تھے جو اسرائیلی فوج کی جانب سے شہریوں کے لیے مختص علاقوں کے مسلسل سکڑنے کے بعد وہاں آ کر آباد ہوئے تھے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ بالآخر انھوں نے خود کو خدا کی مرضی کے سپرد کر دیا۔ ’میں نے اپنے خاندانی قبرستان کی قبر کھولی اور اس میں موجود پرانی ہڈیوں کو ایک طرف جمع کر دیا تاکہ ملبے تلے سے نکالے گئے اپنے خاندان کے افراد کی باقیات کے لیے جگہ بنا سکوں۔‘

حماس کے زیر انتظام غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق جنگ میں اب تک 74,645 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ ان اعداد و شمار کو قابلِ اعتبار سمجھتی ہے۔ گذشتہ برس اکتوبر میں جنگ بندی کے بعد سے بھی 1,600 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں