پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کی خلائی پرواز پاکستان کے سرکاری اور نجی ٹی وی چینلز پر نشر کیے جانے کا امکان ہے

،تصویر کا ذریعہCGTN
پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی کی چین کے خلائی سٹیشن تیانگونگ کے لیے تاریخی پرواز بدھ 25 نومبر کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح پانچ بج کر 18 منٹ پر روانہ ہونے کے لیے شیڈول ہے، جسے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) سمیت مختلف آن لائن پلیٹ فارمز پر براہِ راست دیکھا جا سکے گا۔
چین کے جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے شینژو۔24 خلائی مشن کی روانگی بیجنگ کے وقت صبح آٹھ بج کر 18 منٹ پر شیڈول ہے۔
پی ٹی وی بدھ کی صبح پاکستانی اور چینی وفود کی جانب سے خلا بازوں کو رخصت کرنے کی تقریب بھی براہِ راست نشر کرے گا، جس کی نشریات پاکستانی وقت کے مطابق رات ایک بج کر 40 منٹ سے دو بج کر 10 منٹ تک ہوں گی۔ جبکہ راکٹ کی روانگی کی براہِ راست نشریات صبح پانچ بجے سے پانچ بج کر 40 منٹ تک کی جائیں گی۔
پی ٹی وی کی دونوں نشریات سیٹلائٹ کے ذریعے بھی دستیاب ہوں گی، جنھیں دیگر ٹی وی چینلز بھی اپنے نشریاتی نظام میں شامل کر سکیں گے۔
مشن کی براہِ راست نشریات کے لیے سپارکو کے اسلام آباد میں مرکزی دفتر میں بھی انتظام کیا گیا ہے، جہاں سے راکٹ کی روانگی اور مشن سے متعلق سرگرمیاں دیکھی جا سکیں گی۔
واضح رہے کہ محمد ذیشان علی شینژو۔24 مشن میں پے لوڈ سپیشلسٹ کے طور پر شامل ہیں اور چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہوں گے۔
یہ چین کے انسانی خلائی پروگرام کی تاریخ میں چینی اور غیر ملکی خلا بازوں پر مشتمل پہلی مشترکہ خلائی پرواز بھی ہو گی۔








