جلی ہوئی گاڑی سے ملنے والی لاش کا معمہ: بوتل میں پیٹرول اور جھلسے ہوئے ہاتھ، پولیس ’قاتل لیڈی کانسٹیبل‘ تک کیسے پہنچی

    • مصنف, بھاکگوو پاریکھ
    • عہدہ, بی بی سی گجراتی
  • وقت اشاعت
  • مطالعے کا وقت: 6 منٹ

پولیس کو دریا کے کنارے ایک جلی ہوئی گاڑی سے انسانی ڈھانچا ملا اور بعد ازاں معلوم ہوا کہ یہ ڈھانچا کسی اور کا نہیں بلکہ اسی ضلع میں تعینات ایک اسسٹنٹ پولیس سب انسپکٹر (اے ایس آئی) اشون تمباد کا تھا۔

یہ واقعہ چند روز قبل انڈیا کی ریاست گجرات کے شمال مشرقی ضلع سابرکانٹھا میں پیش آیا دریائے ہاتھمتی کے قریب اس لاش کی برآمدگی کے ایک ہفتے بعد انکشاف ہوا ہے کہ یہ ایک منصوبہ بند قتل کی سازش تھی۔

اس قتل کے مقدمے میں ایک خاتون پولیس ہیڈ کانسٹیبل سمیت چار افراد کو گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے جس کے بعد یہ معاملہ عوامی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

بی بی سی گجراتی نے متعلقہ پولیس افسران اور دیگر فریقین سے بات کر کے یہ جاننے کی کوشش کی کہ تفتیشی ٹیم خاتون پولیس اہلکار سمیت ملزمان تک کیسے پہنچی۔

’ڈی این اے ٹیسٹ سے معلوم ہوا کہ ڈھانچا اشون ہی کا تھا‘

اس مقدمے کے حوالے سے سامنے آنے والی ابتدائی معلومات کے مطابق سابرکانٹھا کے چٹھوڑا پولیس سٹیشن میں تعینات 45 سالہ اسسٹنٹ پولیس سب انسپکٹر اشون تامبیاد اور اسی پولیس سٹیشن میں فرائض انجام دینے والی 37 سالہ خاتون پولیس ہیڈ کانسٹیبل الفا کلاسوا کے درمیان مبینہ طور پر رومانوی تعلق تھا۔

معلومات کے مطابق آٹھ نومبر کو اشون تامبیاد اپنی گاڑی میں ڈیوٹی پر گئے تھے۔ جب وہ دو روز تک گھر واپس نہ آنے تو ان کے بڑے بھائی سدھراج نے ان کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی۔

اسی روز پادرا گاؤں کے قریب دریائے ہاتھمتی کے کنارے اشون کی کار جلی ہوئی حالت میں ملی، جس میں ایک انسانی ڈھانچا بھی موجود تھا۔

اشون تامبیاد کے بڑے بھائی سدھراج تامبیاد نے پولیس کو درج کروای گئی رپورٹ کے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’میرا بھائی دو دن تک گھر واپس نہیں آیا تو ہم نے اسے تلاش کرنے کی کوشش کی، لیکن اس کا کوئی سراغ نہ ملا۔ اس کے بعد ہم نے پولیس میں گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی۔ اسی روز اس کی ایرٹیگا کار دریائے ہاتھمتی کے قریب جلی ہوئی حالت میں ملی، جس میں ایک انسانی ڈھانچا بھی موجود تھا۔‘

سدھراج کے مطابق انھیں شبہ تھا کہ یہ انسانی ڈھانچا ان کے بھائی کا ہو سکتا ہے، جس کے بعد پولیس نے اس کا ڈی این اے ٹیسٹ کروایا اور اس کا موازنہ ان کے ان والد بابوبھائی کے نمونے کے ساتھ کیا گیا۔ ٹیسٹ سے معلوم ہوا کہ یہ ڈھانچا اشون ہی کا تھا۔

’اسی دوران ہمیں پتا چلا کہ چٹھوڑا پولیس سٹیشن میں ان کے ساتھ کام کرنے والی ہیڈ کانسٹیبل الفا اور اس کے بھائیوں نے میرے بھائی کو قتل کر کے لاش کار میں رکھ کر آگ لگا دی تھی۔ ہم نے ان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی، جس کے بعد پولیس نے انھیں گرفتار کر لیا۔‘

پولیس قاتلوں تک کیسے پہنچی؟

ضلع ارولی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ منوہر سنگھ جاڈیجا نے بی بی سی گجراتی کو بتایا کہ ’جب ہمیں جلی ہوئی گاڑی ملی تو اس کے نمبر پلیٹ سے معلوم ہوا کہ یہ چٹھوڑا پولیس سٹیشن کے اے ایس آئی اشون تامبیاد کی ہے۔ تاہم گاڑی کی پچھلی نشست سے ایک جلا ہوا انسانی ڈھانچا بھی ملا تھا۔ اس لیے یہ بات واضح تھی کہ کار حادثاتی طور پر نہیں جلی تھی بلکہ لاش کو اس میں رکھ کر آگ لگائی گئی تھی۔‘

ان کے مطابق ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے شناخت کی تصدیق ہونے کے بعد پولیس نے مزید تفتیش شروع کی۔

منوہر سنگھ نے بتایا کہا ’ہم نے آس پاس کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیا۔ تفتیش کے دوران نو نومبر کو ایک سفید رنگ کی ایکو کار اور ایرٹیگا کار اس مقام کی طرف جاتی دکھائی دیں۔ تاہم دریائے ہاتھمتی کے قریب پادرا گاؤں سے ایرٹیگا کار واپس آتی نظر نہیں آئی، جبکہ رات کے وقت وہی ایکو کار واپس آتی دکھائی دی۔‘

ان کے مطابق جب پولیس نے مزید تفتیش کی تو معلوم ہوا کہ گاڑی کے اندر اور باہر پٹرول چھڑکا گیا تھا۔ ’فرانزک تجزیے کی بنیاد پر ہم اس نتیجے پر پہنچے کہ گاڑی کو آگ لگانے والا شخص خود بھی جھلسا ہو گا۔ اس کے بعد ہم نے علاقے کے ہسپتالوں اور پٹرول پمپس کے سی سی ٹی وی ریکارڈ چیک کیے۔‘

پولیس کے مطابق اس دوران وہی ایکو کار دوبارہ دکھائی دی اور اس میں سوار افراد نے ایک کین میں پٹرول خریدا تھا۔

’دوسری جانب ہسپتالوں سے حاصل ہونے والی معلومات سے پتا چلا کہ چٹھوڑا پولیس سٹیشن کی ہیڈ کانسٹیبل الفا کلاسوا نے ابتدائی طبی امداد حاصل کی تھی اور بعد میں مزید علاج کے لیے ہمت نگر کے ایک ہسپتال میں داخل ہوئی تھیں۔ جب اس ایکو کار کے بارے میں تحقیقات کی گئیں تو معلوم ہوا کہ یہ گاڑی ہیڈ کانسٹیبل الفا نے اپنے والد اشوک بھائی کے نام پر خریدی تھی۔‘

ایس پی منوہر سنگھ کے کے مطابق اس طرح ایک کے بعد ایک شواہد سامنے آتے گئے اور ملزمان پر شبہ مضبوط ہوتا گیا۔

انھوں نے بتایا اس کے بعد پولیس نے الفا کے بھائی کلپیش کلاسوا، کزن پنکج اور ان کے دوست منوج کو حراست میں لیا۔ اس کے علاوہ ہمت نگر کے ہسپتال میں زیر علاج الفا کو بھی تحویل میں لے لیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدا میں چاروں افراد نے تفتیش میں تعاون نہیں کیا، تاہم بعد میں پوچھ گچھ کے دوران انھوں نے مبینہ طور پر جرم کا اعتراف کر لیا۔

منوہر سنگھ کا دعویٰ ہے کہ چاروں افراد نے بیان دیا ہے کہ الفا اور اشون کا رومانوی تعلق تھا۔ بیان کے مطابق الفا یہ تعلق ختم کرنا چاہتی تھیں جبکہ اشون اسے برقرار رکھنے کے لیے دباؤ ڈال رہے تھے۔

پولیس افسر کے مطابق آٹھ نومبر کو الفا نے اشون کو اپنے گھر بلایا جہاں انھیں قتل کر دیا گیا۔ بعد ازاں الفا نے دیگر ملزمان کے ساتھ مل کر اشون کی لاش ایک بوری میں بند کرکے اسے دریائے ہاتھمتی کے کنارے کھڑی ان کی گاڑی میں رکھ دی اور پھر گاڑی پر پٹرول چھڑک کر اسے آگ لگا دی گئی۔

منوہر سنگھ کا کہنا ہے کہ ’آگ بھڑکنے سے اچانک زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں الفا کے ہاتھ اور جسم کا کچھ حصہ جھلس گیا۔‘

’فی الحال ہم نے چاروں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ جبکہ لاش کو مزید فرانزک جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے، جس سے یہ معلوم ہو سکے گا کہ قتل کس طریقے سے کیا گیا تھا۔‘

الفا کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے؟

الفا کے قریبی رشتہ دار اور سومیا گاؤں میں ڈونگری گراسیا برادری کے رہنما رمیش کلاسوا نے بی بی سی گجراتی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ الفا نے پولیس میں ملازمت ملنے کے بعد خاندان کی مدد کے لیے ایک ایکو کار خریدی تھی۔ لیکن ہمیں اس بات کی کوئی اطلاع نہیں تھی کہ اس کا کسی کے ساتھ کوئی رومانوی تعلق بھی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہم کبھی یہ تصور بھی نہیں کر سکتے تھے کہ وہ قتل جیسا کوئی قدم اٹھا سکتی ہے۔ ’پولیس کی تفتیش میں جو باتیں سامنے آئی ہیں، انھیں جان کر ہمیں شدید صدمہ پہنچا ہے۔‘

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔