آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
گجرات میں مبینہ زہریلے نوڈلز سے بڑی بہن کی موت کے بعد چھوٹی بہن کی گرفتاری: پولیس ملزمان تک کیسے پہنچی؟
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اُردو، اسلام آباد
- وقت اشاعت
- مطالعے کا وقت: 6 منٹ
اس رپورٹ میں مبینہ جرم کی تفصیلات شامل ہیں، جو قارئین کے لیے تکلیف کا باعث ہو سکتی ہیں۔
صوبہ پنجاب کے وسطی شہر گجرات کی پولیس نے ایک 21 سالہ خاتون کو اپنی ہی بڑی بہن کے قتل کے الزام میں گرفتار کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمہ نے اپنے ’تعلقات چھپانے‘ کی غرض سے بڑی بہن کو زہر آلود نوڈلز کھلانے کے بعد گلہ گھونٹ کر مارا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انھوں نے ابتدائی تفتیش کے بعد 21 سالہ ملزمہ کے ایک دوست کو بھی گرفتار کیا ہے۔
پولیس کا مزید دعویٰ ہے کہ اس واقعے کو چھپانے اور حادثے کا رنگ دینے کے لیے مبینہ طور پر خاتون نے اپنی بڑی کے ہمراہ خود بھی تھوڑی سی مقدار میں نوڈلز کھائیں تاکہ کسی کو شک نہ گزرے۔
خاتون کے اہلخانہ کے مطابق انھوں نے تاحال اس کیس کی پیروی کے لیے کسی وکیل کی خدمات حاصل نہیں کی ہیں۔
پولیس کے مطابق اس معاملے میں گرفتار دونوں ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اس واقعے کی ایف آئی آر میں اب قتل کی دفعہ بھی شامل کر لی گئی ہے۔
ابتدائی طور پر واقعے کے بارے میں کیا بتایا گیا؟
گجرات پولیس کی جانب سے درج ایف آئی آر کے مطابق یہ واقعہ 17 نومبر کو دن دو بجے کے لگ بھگ پیش آیا تھا۔
لڑکیوں کے والد کی مدعیت میں درج ایف آئی آر میں بتایا گیا وہ 17 نومبر کو اپنی اہلیہ کو علاج کی غرض سے ہسپتال لے کر گئے ہوئے تھے جبکہ اُن کی 22 اور 21 سالہ دو بیٹیاں گھر پر ہی موجود تھیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
والد کے مطابق جب وہ اہلیہ کے معائنے کے بعد دن دو بجے گھر واپس پہنچے تو پتہ چلا کہ اُن کی دونوں بیٹیوں نے گھر میں نوڈلز تیار کر کے کھائے، جو کہ زہریلے تھے جس کے باعث اُن کی دونوں بیٹیوں کی حالت خراب تھی جنھیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
والد کے مطابق اُن کی بڑی بیٹی ہسپتال منتقلی کے دوران ہی دم توڑ گئیں جبکہ چھوٹی بیٹی زیر علاج ہے۔ والد نے پولیس سے استدعا کی کہ اُن کی بیٹیوں کی حالت زہر آلود نوڈلز کھانے سے خراب ہوئی، جس پر ذمہ داران افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔
ہلاک ہونے والی لڑکی کی گردن پر مبینہ نشانات اور تفتیش
گجرات پولیس کے مطابق 17 نومبر کو پولیس کو خدمت مرکز کے ذریعے اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ایک شخص مبینہ زہر خورانی کی بنیاد پر اپنی دو بیٹوں کو طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے مقامی ہسپتال لے کر آئے ہیں۔
پولیس کے مطابق ڈاکٹروں نے اس ضمن میں جو رپورٹ دی، اس میں بتایا گیا کہ بڑی بہن ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ چکی تھیں جبکہ دوسری بہن کا علاج جاری ہے۔
اس مقدمے کے تفتیشی افسر ثاقب حمید کے مطابق بچیوں کے والد اس واقعے کو ایک حادثہ قرار دے کر ہلاک ہونے والی اپنی بیٹی کی جلد تدفین کرنا چاہتے تھے مگر لاش کی ابتدائی معائنے پر پولیس کو کچھ شک ہوا کیونکہ مقتولہ کی گردن پر کچھ مبینہ نشانات موجود تھے، جس پر شبہ تھا کہ شاید اُس کا گلہ دبایا گیا تھا۔
تفتیشی افسر کے مطابق پولیس نے اس معاملے کی چھان بین کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی خدمات بھی حاصل کیں جنھوں نے نہ صرف متعلقہ دکان سے نوڈلز کے پیکٹ کے نمونے حاصل کیے بلکہ نوڈلز بنانے والی کمپنی کی فیکٹری کا بھی معائنہ کیا جہاں یہ نوڈلز تیار ہوئی تھیں۔
پولیس افسر ثاقب حمید کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے 48 گھنٹوں میں مطلوبہ ٹیسٹ کروانے کے بعد پولیس کو رپورٹ دی کہ انھیں نوڈلز کے دستیاب نمونوں میں کسی ایسی چیز کی موجودگی کے شواہد نہیں ملے جو کہ مضر صحت ہوں۔ ثاقب حمید کے مطابق محکمہ فوڈ نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا کہ ممکن ہے کہ نوڈلز کی تیاری کے دوران کوئی زہر آلودہ شے ان میں شامل ہوئی ہو۔
تفتیشی افسر کے مطابق ہلاک ہونے والی بچی کے والد اپنی بیٹی کا پوسٹ مارٹم کروانے کے حق میں بھی نہیں تھے تاہم پولیس نے پوسٹ مارٹم کروایا جس میں سامنے آیا کہ بچی کی موت زہر آلود شے کھانے اور گلہ دبانے کے باعث ہوئی تھی۔
اُن کے مطابق پولیس نے زیر علاج بہن کو اُس وقت تک شامل تفتیش نہیں کیا جب تک کہ وہ صحتیاب نہیں ہوئی اور گھر واپس نہیں آئی۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ ہلاک ہونے والی بیٹی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ اور دیگر شواہد والد کے سامنے رکھے گئے تو پہلے تو انھوں نے اس پر اعتبار نہیں کیا مگر معاملات مزید سامنے آنے پر انھوں نے نہ صرف اس واقعے کا مقدمہ اپنی ہی دوسری بیٹی کے خلاف اپنی مدعیت میں درج کروایا بلکہ اسے شامل تفتیش کرنے کی بھی اجازت دی۔
ایف آئی آر میں والد نے کن مبینہ وجوہات کا ذکر کیا؟
والد کی مدعیت میں اس ابتدائی رپورٹ پر باقاعدہ ایف آئی آر 25 نومبر کو درج کی گئی۔
اس ایف آئی آر میں والد نے دعویٰ کیا کہ اُن کی بچ جانے والی بیٹی نے انھیں گواہان اور پولیس کے روبرو بتایا کہ اُس کی ایک شخص سے دوستی تھی، جس نے اُسے موبائل لے کر دے رکھا تھا، مگر اس کے بارے میں بڑی بہن کو معلوم ہو گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق چھوٹی بیٹی نے والد کو بتایا کہ اس معاملے کو چھپانے کے لیے انھوں نے نوڈلز میں گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں ملا دیں تھیں مگر مبینہ طور پر ذائقہ خراب ہونے پر اُن کی بہن نے ایک چمچ کھا کر ہی انھیں چھوڑ دیا۔
ایف آئی آر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اِسی دوران ملزمہ نے اپنے دوست کو اس بابت بتایا جو تھوڑی دیر میں گھر داخل ہو گیا جس کے بعد ان دونوں ملزمان نے مل کر زبردستی بڑی بہن کو نوڈلز کھلائے اور اس کی قوت مدافعت کم ہونے پر موت کو یقینی بنانے کے لیے گلا دبا دیا۔
ایف آئی آر میں والد نے دعویٰ کیا کہ اُن کی بیٹی اور اُس کے دوست نے اُن کی بڑی بیٹی کو زبردستی زہریلے نوڈلز کھلا کر اور گلا دبا کر قتل کیا ہے جس پر کارروائی کی جائے۔
گجرات پولیس کے تفتیش افسر کے مطابق ہلاک ہونے والی بہن نے اپنی چھوٹی بہن کو اپنا تعلق ختم کرنے کا کہا تھا اور اسے بتایا تھا کہ اگر اس نے ایسا نہ کیا تو وہ والدین کو اس بارے میں بتا دے گی۔
تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان کے فونز کی جیو فینسنگ سے بھی مرد ملزم کی وقوعے کے وقت اس علاقے میں موجودگی کے شواہد ملے۔
اُن کے مطابق مرد ملزم اس واقعے کے بعد فرار ہو گیا تھا جسے بعدازاں گرفتار کیا گیا۔