یہ صفحہ مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا۔
پیر 23 نومبر کی خبروں کے لیے یہاں کلک کریں۔
یمن میں حوثیوں کے خلاف برسرِپیکار سعودی زیرِقیادت فوجی اتحاد کا کہنا ہے کہ اس نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے مغربی علاقے کی طرف داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل مار گرایا ہے، جبکہ حوثی حکام کے مطابق یمنی دارالحکومت صنعا میں ایک فضائی حملے کے نتیجے میں چھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
یہ صفحہ مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا۔
پیر 23 نومبر کی خبروں کے لیے یہاں کلک کریں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
جرمنی کی پارلیمان نے ملک کے انٹیلی جنس اداروں کے اختیارات میں دوسری عالمی جنگ کے خاتمے کے بعد کی سب سے بڑی اصلاحات کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت خفیہ ادارے صرف معلومات اکٹھی کرنے تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ بعض حالات میں خفیہ کارروائیاں بھی کر سکیں گے۔
جرمنی کے وزیرِ داخلہ الیگزینڈر ڈوبرنڈٹ نے اس قانون کو ’صدی کی اصلاحات‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بڑھتے ہوئے سائبر حملوں، تخریب کاری اور دیگر ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے لیے نئے اختیارات ضروری ہیں۔
13 نومبر کو جرمن پارلیمان کے ایوانِ زیریں نے 308 ووٹوں کے مقابلے میں 190 ووٹوں سے اس قانون کی منظوری دی، جبکہ 71 ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ حکمران جماعتوں نے قانون کی حمایت کی، جبکہ انتہائی دائیں اور بائیں بازو کی جماعتوں نے اس کی مخالفت کی۔ قانون کے نافذ ہونے سے قبل ایوانِ بالا کی منظوری بھی درکار ہے۔
نئے قانون کے تحت جرمنی کے داخلی انٹیلی جنس ادارے کو مخصوص خطرات کی صورت میں خفیہ اقدامات کا اختیار حاصل ہو جائے گا۔ ان میں چوری شدہ ڈیٹا حذف کرنا، دھماکہ خیز مواد یا ہتھیاروں کو غیر مؤثر بنانا اور سائبر حملوں کے دوران ڈیٹا کے بہاؤ کو روکنا شامل ہے۔
قانون کے مطابق سخت شرائط اور پیشگی منظوری کی صورت میں انٹیلی جنس اہلکار خفیہ طور پر گھروں میں داخل بھی ہو سکیں گے۔ بعض محدود حالات میں 16 اور 17 سال کے نوجوانوں کو مخبر کے طور پر استعمال کرنے کی بھی اجازت دی گئی ہے۔
اسی طرح جرمنی کے بیرونی انٹیلی جنس ادارے کو بیرونِ ملک خفیہ کارروائیوں کے اختیارات دیے گئے ہیں، جن میں ہیکرز کے سرورز کو غیر فعال بنانا اور غلط معلومات پھیلانے والے نیٹ ورکس کو متاثر کرنا شامل ہے۔ تاہم ان اداروں کو گرفتاری یا کھلی تلاشی کا اختیار حاصل نہیں ہو گا۔
جرمن حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اصلاحات روسی تخریب کاری، سائبر حملوں اور دیگر سکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے ضروری ہیں۔ وزیرِ داخلہ کے مطابق جرمنی دہشت گردی، انتہا پسندی اور غیر ملکی طاقتوں کی سرگرمیوں کا ایک اہم ہدف بن چکا ہے۔
ماہرین کے مطابق جرمنی میں انٹیلی جنس اداروں پر عائد سخت پابندیوں کی جڑیں ملک کی تاریخ میں پیوست ہیں۔ نازی دور کی خفیہ پولیس کے تجربے کے بعد جنگ کے بعد ایسے قوانین بنائے گئے تھے جن کا مقصد پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کے اختیارات کو الگ رکھنا تھا تاکہ کسی ایک ادارے میں طاقت کا ارتکاز نہ ہو سکے۔
تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ نئے قانون سے انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان موجود حدِ فاصل کمزور ہو سکتی ہے اور نگرانی کے اختیارات میں غیر معمولی اضافہ ہو گا۔ ان کے مطابق زیادہ اختیارات کے ساتھ زیادہ مؤثر نگرانی اور حفاظتی ضمانتیں بھی ضروری ہیں۔
دوسری جانب قانون کے حامیوں کا مؤقف ہے کہ بدلتے ہوئے سکیورٹی خطرات کے پیشِ نظر جرمنی کے انٹیلی جنس اداروں کو ایسے اختیارات دینا ناگزیر ہے جو پہلے ہی کئی مغربی ممالک کے خفیہ اداروں کو حاصل ہیں۔
ایران کی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں دو سپر ٹینکر سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد دھماکوں کا شکار ہوئے اور ان کی نقل و حرکت رک گئی۔
پاسداران انقلاب کے مطابق یہ دونوں ٹینکر آبنائے ہرمز میں ’غیر مجاز‘ راستوں پر سفر کر رہے تھے جب جزیرہ غنم کے شمال اور آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں حادثے کا شکار ہوئے۔
پاسدارانِ انقلاب نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے متعین کردہ بحری راستوں کے علاوہ آبنائے ہرمز سے گزرنا غیر محفوظ ہے۔
ایرانی حکام اس سے قبل بھی خبردار کرتے رہے ہیں کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کو صرف مقررہ محفوظ راستوں کا استعمال کرنا چاہیے۔
مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور ایران کے خلاف امریکی جنگ کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان کا تیل درآمد کرنے کا بل رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں نمایاں طور پر بڑھ گیا ہے۔
پاکستان ادارۂ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے اکتوبر 2026 کے دوران پاکستان نے تیل اور متعلقہ مصنوعات کی درآمد پر پانچ ارب 63 کروڑ ڈالر خرچ کیے، جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے پانچ ارب 14 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 9.34 فیصد زیادہ ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق خام تیل کی درآمدی مالیت میں 33.07 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ درآمدی مقدار میں 8.37 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کے مطابق اس فرق کی بڑی وجہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہے، جو ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ کے بعد بلند سطح پر پہنچ چکی ہیں۔
اسی طرح پٹرولیم مصنوعات کی درآمدی مالیت میں 10.62 فیصد اضافہ ہوا، حالانکہ ان کی درآمدی مقدار گذشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 24.02 فیصد کم رہی۔
دوسری جانب مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی درآمد میں 47.19 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی درآمد 18.88 فیصد بڑھ گئی۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ درآمدی حجم میں کمی کے باوجود عالمی منڈی میں توانائی کی بلند قیمتوں نے پاکستان کے درآمدی اخراجات میں اضافہ کیا ہے۔
روس کے بالٹک علاقے کیلینن گراڈ جانے والے ایک روسی مال بردار جہاز پر ڈرون حملہ کیا گیا ہے، جس کے بعد جہاز میں لگنے والی آگ بجھانے اور اسے ڈوبنے سے بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔
حکام کے مطابق سپارٹا 2 نامی یہ جہاز سنیچر کی صبح کیلینن گراڈ جا رہا تھا جب اسے ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے بعد جہاز فن لینڈ کے پانیوں میں داخل ہو گیا۔
فن لینڈ کی دفاعی افواج نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ حملے کے پیچھے یوکرین کا ہاتھ ہو سکتا ہے، تاہم یوکرین کی جانب سے تاحال اس بارے میں کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
فن لینڈ کے بارڈر گارڈ کا کہنا ہے کہ جہاز کو ڈوبنے سے بچانے کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ قریب سے گزرنے والے دیگر جہازوں کو فی الحال کوئی خطرہ لاحق نہیں۔
کیلینن گراڈ کے گورنر الیکسی بیسپروزوانیخ نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق حملے میں دو ڈرون استعمال کیے گئے، تاہم خطے کو ضروری سامان کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ نہیں۔
فن لینڈ کے وزیر اعظم پیٹری اورپو نے کہا کہ جنگ اب فن لینڈ کے قریب آ رہی ہے، تاہم ان کے مطابق یوکرین کو جوابی کارروائی کا حق حاصل ہے۔
کیلینن گراڈ روس کا ایک علاقہ ہے جو مرکزی روس سے الگ واقع ہے اور پولینڈ اور لتھوانیا کے درمیان بحیرۂ بالٹک کے ساحل پر واقع ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
انڈیا کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے نیپال کے وزیر اعظم بلن شاہ سے ملاقات کی ہے، جو اِن دنوں انڈیا کے دورے پر ہیں۔
ملاقات کے بعد ایس جے شنکر نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں کہا کہ نیپال کے وزیر اعظم بلن شاہ سے ملاقات اُن کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ انڈیا نیپال کے ساتھ اپنے خصوصی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور وہ کل وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ بلن شاہ کی ملاقات اور بات چیت کے منتظر ہیں۔
نیپال کے وزیر اعظم بلن شاہ اتوار کو دو روزہ سرکاری دورے پر نئی دہلی پہنچے تھے، جہاں وہ 22 اور 23 نومبر کو مختلف مصروفیات میں حصہ لیں گے۔ نئی دہلی ہوائی اڈے پر مرکزی وزیر جتن پرساد نے اُن کا استقبال کیا۔
مارچ 2026 میں وزارتِ عظمیٰ سنبھالنے کے بعد یہ بلن شاہ کا انڈیا کا پہلا سرکاری دورہ ہے، جو وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
انڈیا کی وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے باقاعدہ رابطوں کی روایت کا تسلسل ہے اور انڈیا کی ’پڑوسی پہلے‘ پالیسی کے تحت نیپال کے ساتھ تعلقات کو دی جانے والی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔
یمن میں حوثیوں کے خلاف برسرِپیکار سعودی زیرِقیادت فوجی اتحاد کا کہنا ہے کہ اس نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے مغربی علاقے کی طرف داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل مار گرایا ہے، جبکہ حوثی حکام کے مطابق یمنی دارالحکومت صنعا میں ایک فضائی حملے کے نتیجے میں چھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے ایک بیان میں کہا کہ فضائی دفاعی نظام نے حوثیوں کی جانب سے داغے گئے بیلسٹک میزائل کو روک کر تباہ کر دیا۔ اتحاد نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس نے ریاض کے علاقے کی طرف بھیجا گیا ایک ڈرون بھی مار گرایا ہے۔
دوسری جانب حوثیوں کے زیرِ انتظام وزارتِ صحت کے ترجمان انیس الاصباحی نے کہا کہ صنعا میں سرکاری تیل کمپنی کے ایک گیس سٹیشن کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا، جس سے کمپنی کے چھ ملازمین زخمی ہوئے جبکہ عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سعودی عرب اور ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروپ کے درمیان حملوں کا تبادلہ بڑھتا دکھائی دے رہا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے۔
پاکستانی دفترِ خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے کثیرالجہتی فورمز پر تعاون اور باہمی دلچسپی کے معاملات میں رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا۔
گفتگو کے دوران علاقائی صورتحال پر مشاورت جاری رکھنے کے لیے آر فور (R4) ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے ممکنہ انعقاد پر بھی بات ہوئی۔ فریقین نے سفارتی روابط کی رفتار برقرار رکھنے کے لیے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
دفترِ خارجہ کے بیان کے مطابق یہ رابطہ خطے میں جاری پیش رفت اور باہمی تعاون کے فروغ کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
بحرین کی وزارتِ داخلہ نے کہا ہے کہ سنیچر کی شب ایران کے حملوں کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔
وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ زخمیوں میں ایک بحرینی شہری جبکہ دوسرا بحرین میں مقیم ایک پاکستانی شہری شامل ہے۔
وزارتِ داخلہ نے مزید تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
خیال رہے کہ بحرین کی وزارتِ داخلہ نے بتایا تھا کہ دارالحکومت منامہ کے قریب شہری صنعتی تنصیب پر ایرانی حملے کی وجہ سے وہاں آگ بھڑک اُٹھی تھی۔ تاہم ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ بحرین میں امریکی فضائی دفاعی ریڈار کو نشانہ بنایا گیا۔

،تصویر کا ذریعہIRNA
ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے کہا ہے کہ 2026 کا ایران 1943 کی تہران کانفرنس اور 1945 کی یالٹا کانفرنس والا ایران نہیں ہے۔ جس طرح 2026 کا امریکہ بھی اُس دور کا امریکہ نہیں رہا، بلکہ اب وہ ایک ایسا ملک بن چکا ہے جو جنگ میں فاتح نہیں بلکہ شکست خوردہ رہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ دنیا بدل چکی ہے۔ پرانی تصویریں موجودہ عالمی نظام کو ماضی کی طرف واپس نہیں لے جا سکتیں۔
یہ بیان صدر ٹرمپ کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک ایسی تصویر شیئر کرنے کے بعد سامنے آیا جس میں وہ ولادیمیر پوتن اور شی جن پنگ کے ساتھ دکھائی دے رہے تھے، جبکہ ساتھ ہی 1943 کی تاریخی تہران کانفرنس کی تصویر بھی شامل تھی۔ اس کانفرنس میں امریکی صدر فرینکلن ڈی روزویلٹ، برطانوی وزیرِاعظم ونسٹن چرچل اور سوویت رہنما جوزف سٹالن نے دوسری عالمی جنگ کے دوران اتحادی حکمت عملی پر تبادلۂ خیال کیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ایران کی نیم فوجی تنظیم بسیج کے نائب سربراہ قاسم قریشی نے کہا ہے کہ ایران کے میزائلوں کی رینج دو ہزار کلومیٹر سے زیادہ ہے، تاہم اُنھوں نے اس کی درست حد بتانے سے گریز کیا۔
تہران میں ایک تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے قاسم قریشی نے ایران کے میزائل پروگرام کے بارے میں سوال کے جواب میں کہا: ’میں میزائلوں کی رینج کے بارے میں درست اعداد و شمار نہیں بتا سکتا، لیکن رہبرِ اعلیٰ کی جانب سے ہتھیاروں اور دفاعی سازوسامان کی طاقت اور صلاحیت کے بارے میں جو باتیں کہی گئی تھیں، وہ پوری ہو چکی ہیں۔‘
اُنھوں نے مزید کہا کہ ایران کے پاس امریکی بحری ناکہ بندی کو ناکام بنانے یا اس سے بچنے کا منصوبہ بھی موجود ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
فارس نیوز ایجنسی کے مطابق قاسم قریشی نے کہا: ’ہمارے پاس بحری ناکہ بندی کو بائی پاس کرنے کا منصوبہ موجود ہے‘، لیکن اُنھوں نے یہ نہیں بتایا کہ اس منصوبے پر کب اور کیسے عمل کیا جا سکتا ہے۔
ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں میں ایرانی سوشل میڈیا اور بعض مقامی ذرائع ابلاغ میں امریکی بحری ناکہ بندی اور اسے توڑنے کے ممکنہ ایرانی اقدامات کے حوالے سے قیاس آرائیاں جاری ہیں۔
متحدہ عرب امارات نے بحرین پر ایرانی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے بحرین کی خود مختاری کی ’کھلی خلاف ورزی‘ قرار دیا ہے۔
اماراتی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات برادر ملک بحرین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
خیال رہے کہ بحرین کی وزارتِ داخلہ نے بتایا تھا کہ دارالحکومت منامہ کے قریب شہری صنعتی تنصیب پر ایرانی حملے کی وجہ سے وہاں آگ بھڑک اُٹھی تھی۔ تاہم ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ بحرین میں امریکی فضائی دفاعی ریڈار کو نشانہ بنایا گیا۔

،تصویر کا ذریعہAnadolu via Getty Images
گذشتہ شب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس اور پاسدارانِ انقلاب کے قریب سمجھے جانے والے ٹیلیگرام چینلز، جن میں صابرین نیوز بھی شامل ہے، پر یہ دعویٰ کیا گیا کہ جہازوں کے خودکار شناختی نظام (AIS) کا ڈیٹا ہیک کر لیا گیا ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایک بڑا ایرانی آئل ٹینکر ’لائن بریکر‘ بحیرۂ عمان کی جانب رواں دواں ہے۔
صابرین نیوز نے دعویٰ کیا کہ یہ جہاز اپریل سے ایران کے خلاف نافذ امریکی بحری ناکہ بندی کو توڑنے کے لیے روانہ کیا گیا ہے۔ تاہم بی بی سی فارسی کی آزادانہ جانچ پڑتال میں اس دعوے کے حق میں کوئی ثبوت نہیں ملا۔
جہازوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ میرین ٹریفک اب بھی ’لائن بریکر‘ نامی ٹینکر کو آج ایک غیر متعین بندرگاہ سے، جو ہنگام جزیرے کے قریب بتائی گئی ہے، منسلک دکھا رہی ہے۔ تاہم گذشتہ چند روز کی سینٹینل/کوپرنیکس سیٹلائٹ تصاویر میں اس جہاز کی کسی قسم کی نقل و حرکت کے آثار نہیں ملے۔
چونکہ آئل ٹینکر عموماً کم رفتار سے سفر کرتے ہیں، اس لیے وہ اکثر سیٹلائٹ تصاویر میں آسانی سے نظر آ جاتے ہیں۔ بی بی سی فارسی کو یہ ثبوت بھی نہیں ملے کہ جہازوں کے خودکار شناختی نظام کو ہیک کیا گیا تھا۔
دوسری جانب ٹینکرز کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے والی کمپنی ٹینکر ٹریکرز نے بھی ان خبروں کی تردید کی ہے کہ ’لائن بریکر‘ نامی کوئی ایرانی آئل ٹینکر بحیرۂ عمان کی جانب امریکی ناکہ بندی توڑنے کے لیے جا رہا ہے۔
کمپنی نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ اس نام کا کوئی آئل ٹینکر موجود ہی نہیں، خودکار شناختی نظام کے ذریعے نشر ہونے والی معلومات غلط ہیں اور سیٹلائٹ تصاویر بھی ایسے کسی جہاز کی نقل و حرکت کی تصدیق نہیں کرتیں۔
حالیہ دنوں میں ایران کی جانب سے امریکی بحری ناکہ بندی توڑنے اور خارگ جزیرے کے قریب آئل ٹینکروں میں تیل کی منتقلی سے متعلق متضاد اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
یہ بحث اس وقت شروع ہوئی جب پاسدارانِ انقلاب کے قریب سمجھی جانے والی فارس نیوز ایجنسی نے 17 نومبر کو تجویز پیش کی کہ ایران ناکہ بندی توڑنے کے لیے آئل ٹینکروں کا ایک قافلہ روانہ کرے اور خبردار کرے کہ اگر امریکہ نے ان جہازوں کو روکنے کی کوشش کی تو خطے میں دشمن کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے، خصوصاً متحدہ عرب امارات کی تیل تنصیبات، کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
کیپلر انسٹیٹیوٹ میں خام تیل کے ڈیٹا تجزیے کے سربراہ ہمایوں فلکشاہی نے بی بی سی فارسی کو بتایا کہ گذشتہ ہفتے خلیج فارس میں ایرانی خام تیل ایک ٹینکر سے دوسرے ٹینکر میں منتقل کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق دوسرا جہاز ماضی میں روسی فیول آئل منتقل کر چکا ہے اور اس وقت امریکی پابندیوں کی فہرست میں شامل نہیں۔
ادھر ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے بھی امریکی بحری ناکہ بندی توڑنے کے لیے ایرانی ٹینکروں کی مبینہ نقل و حرکت سے متعلق خبروں پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے بہت زیادہ قیاس آرائیاں اور افواہیں گردش کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ یہ مسئلہ ’ایک معقول راستے‘ سے حل ہو جائے گا۔
سعودی عرب نے بحرین میں ایک شہری صنعتی تنصیب پر ہونے والے ایرانی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے بحرین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت بحرین کی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے اٹھائے جانے والے ہر اقدام میں اس کے ساتھ کھڑی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سعودی عرب ایران کی ان مسلسل کارروائیوں کو یکسر مسترد کرتا ہے جو خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے، علاقائی ممالک اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے، بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے منشور اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے منشور کی خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔
سعودی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ ایران ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کے اصولوں کو نظر انداز کر رہا ہے اور مملکت خطے میں جاری جارحانہ اقدامات کے نتائج کا ذمہ دار ایران کو سمجھتی ہے۔

،تصویر کا ذریعہMore
ایرانی میڈیا کے مطابق اسلامی مشاورتی اسمبلی (پارلیمان) کا آن لائن اجلاس بعض اراکین کے احتجاج کے باعث منعقد نہ ہو سکا۔
سرکاری خبر رساں ادارے اسنا کے مطابق پارلیمان کا اجلاس ہفتہ وار شیڈول کے تحت ویبینار کی صورت میں نائب سپیکر علی نیکزاد کی سربراہی میں ہونا تھا، تاہم اجلاس شروع ہونے سے پہلے ہنگامہ آرائی کے باعث کارروائی آگے نہ بڑھ سکی۔
رپورٹس کے مطابق تہران سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمان حمید رسائی، مہدی کوچکزادہ، علی خزریان اور اصفہان سے منتخب رکن حامد یزدیان نے اس بات پر احتجاج کیا کہ حمید رسائی کا ٹیبلٹ فعال نہیں تھا جس کی وجہ سے وہ اجلاس میں مؤثر طور پر شریک نہیں ہو پا رہے تھے۔
اسنا کے مطابق اس احتجاج کے نتیجے میں شور شرابہ ہوا اور اجلاس کی کارروائی متاثر ہوئی، جس کے بعد آن لائن اجلاس منعقد نہیں کیا جا سکا۔
دوسری جانب خبر رساں ادارے النا کے مطابق رکن پارلیمان حسین علی حاجی دلیگانی نے کہا کہ حمید رسائی اب جیل میں نہیں ہیں، اس لیے اُن کا پارلیمانی ووٹ کا حق بحال کیا جانا چاہیے تاکہ وہ اپنے نمائندہ فرائض انجام دے سکیں۔
یاد رہے کہ حمید رسائی کو ایک نجی شکایت کے بعد قید کی سزا سنائی گئی تھی اور تقریباً 50 روز جیل میں رہنے کے بعد گذشتہ ہفتے انھیں رہا کر دیا گیا تھا۔
ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے مشرق میں ایک امریکی MQ-1 جنگی ڈرون مار گرایا گیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ چوتھا امریکی جاسوس اور جنگی ڈرون ہے جسے نشانہ بنایا گیا ہے۔
حالیہ دنوں میں پاسدارانِ انقلاب اور ایرانی فوج متعدد بار یہ دعویٰ کر چکی ہیں کہ انھوں نے امریکی فوج کے ڈرونز کو تباہ کیا ہے، تاہم امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے اب تک ان دعوؤں کی نہ تو تصدیق کی ہے اور نہ ہی تردید۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ترکی کے وزیر خارجہ حقان فیدان کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کسی ممکنہ معاہدے کے اثرات ’صرف آبنائے ہرمز کے کھلنے تک محدود نہیں ہوں گے۔‘
انھوں نے کہا کہ یہ ممکنہ معاہدہ ’آبنائے ہرمز سے آگے عالمی معیشت کو سہولت فراہم کرنے میں ایک اہم عنصر ثابت ہوگا۔‘
فیدان نے سعودی قیادت میں قائم عسکری اتحاد اور یمن کے حوثیوں کے درمیان جھڑپوں کے بارے میں بھی کہا کہ انقرہ کی ترجیح ’سعودی عرب کا دفاع‘ ہے، تاہم انھوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ترک حکومت نے ابھی تک ’یمن میں فوج بھیجنے کا فیصلہ نہیں کیا۔‘
ترکی، سعودی عرب اور پاکستان مکہ دفاعی اتحاد کا حصہ ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
انڈونیشیا کے مغربی جاوا میں واقع ایک کنفیکشنری فیکٹری میں سنیچر کے روز لگنے والی آگ کے نتیجے میں کم از کم تین افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ 36 افراد اب بھی لاپتا ہیں۔
اتوار کو فائر فائٹرز آگ کے بعض حصوں پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف رہے، جبکہ امدادی کارکن تباہ شدہ عمارت کے ان حصوں کی تلاشی لے رہے تھے جہاں کارکنوں کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔
انڈونیشیا کی نیشنل سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی نے اتوار کو بتایا کہ 15 افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے، جبکہ چار دیگر کو نامعلوم نوعیت کی چوٹوں کے باعث ہسپتال اور ایک مقامی کلینک منتقل کیا گیا۔
یہ فیکٹری صوبہ بانتن کے سیرانگ ضلع میں واقع ہے، جو جکارتہ سے تقریباً 50 کلومیٹر مغرب میں ہے۔ حکام ابھی تک آگ لگنے کی وجہ کا تعین نہیں کر سکے ہیں۔
صوبہ بانتن کے گورنر اندرا سونی نے میڈٰا کو بتایا کہ فیکٹری میں آگ لگنے کے وقت تقریباً 60 افراد کے اندر موجود ہونے کا خدشہ ہے۔
جائے وقوعہ سے سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رات کے وقت وسیع فیکٹری شعلوں کی لپیٹ میں تھی، فائر فائٹرز آگ بجھانے کی کوشش کر رہے تھے، جبکہ اتوار کی صبح امدادی کارکن ملبے سے کم از کم ایک لاش نکالتے دکھائی دیے۔
نیشنل سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی کے مطابق ’مشترکہ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کے تمام ارکان لاپتا افراد کو تلاش کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، جبکہ زمینی عملے کی سلامتی کو بھی ترجیح دی جا رہی ہے۔‘
اے ایف پی کے مطابق مقامی نشریات میں بتایا گیا ہے کہ لاپتا کارکنوں کے اہل خانہ فیکٹری کے باہر جمع ہیں اور تازہ معلومات کے منتظر ہیں۔
فائر بریگیڈ کو مقامی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 30 منٹ (09:30 جی ایم ٹی) پر عمارت میں آگ لگنے کی اطلاع دی گئی تھی، تاہم کمپاس ٹی وی کے مطابق جب امدادی عملہ موقع پر پہنچا تو عمارت پہلے ہی شعلوں کی لپیٹ میں آ چکی تھی۔
فائر بریگیڈ کے اہلکار توباگس مخفوظ کا کہنا ہے کہ ’جب ہم موقع پر پہنچے تو عمارت کا ایک بڑا حصہ آگ کی لپیٹ میں تھا۔ اس لیے ہم یہ تعین نہیں کر سکے کہ کمپنی کا حفاظتی نظام درست طور پر کام کر رہا تھا یا نہیں۔‘
سرچ اینڈ ریسکیور حکام کے مطابق یہ فیکٹری پی ٹی فونوسا آگونگ مولیا کی ملکیت ہے۔
کمپنی نے لنکڈ اِن پر اپنا تعارف یونی فیم کے ذیلی ادارے کے طور پر کرایا ہے، جس کا شمار انڈونیشیا کی خوراک اور مشروبات تیار کرنے والی بڑی کمپنیوں میں ہوتا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
روس کی سرکاری جوہری توانائی کمپنی روس ایٹم کے سربراہ الیکسی لیخاچیف نے کہا ہے کہ ایران میں بوشہر جوہری بجلی گھر کا منصوبہ رواں سال ہونے والے فوجی حملوں کے دوران ’کڑے امتحان‘ سے گزرا اور یہ کہ ایران اور روس کے تعلقات بیرونی دباؤ کا مقابلہ کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
روسی خبر رساں ادارے ویستی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں لیخاچیف نے بتایا کہ روسی ماہرین کی اکثریت نے ایرانی حکام کے ساتھ رابطے اور ہم آہنگی کے بعد بوشہر جوہری بجلی گھر کے مقام سے واپسی اختیار کر لی ہے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن بجلی گھر کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے تھے اور انھوں نے اپنے بین الاقوامی رابطوں کے ذریعے اس تنصیب اور وہاں موجود روسی عملے کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے۔
روس ایٹم کے سربراہ نے اس بات پر زور دیا کہ بوشہر منصوبہ اب بھی کمپنی کی ترجیحات میں شامل ہے اور یہ کہ بیرونی دباؤ کے باوجود تہران اور ماسکو کے درمیان جوہری تعاون جاری رہے گا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی مسلسل 130ویں روز بھی جاری ہے۔
سینٹ کام نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے فارسی اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ امریکی فوجی دستے اس ناکہ بندی پر عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہیں، جس کے ذریعے پاسداان انقلاب کو خام تیل کی برآمدات سے اربوں ڈالر حاصل کرنے سے روکا جا رہا ہے۔
ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی کا خاتمہ اور تیل سے متعلق پابندیوں کو اٹھایا جانا، امریکہ کے ساتھ جنگ کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے جاری مذاکرات میں تہران کے اہم مطالبات میں شامل ہیں۔