’اگر فیصلہ میرے ہاتھ میں ہوتا؟‘ وینس نے ایران پر حملے سے متعلق سوال کا براہِ راست جواب نہ دیا

،تصویر کا ذریعہEPA
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے جمعے کو وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بتانے سے گریز کیا کہ اگر ایران پر فوجی حملے کا فیصلہ ان کے اختیار میں ہوتا تو کیا وہ بھی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرح یہی فیصلہ کرتے۔
صدر ٹرمپ کے ہمراہ موجود وینس نے کہا کہ ایران پر حملے کا فیصلہ صدر نے کیا تھا اور ’میرا کام امریکہ کے صدر کی حمایت کرنا ہے۔‘
ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب صدر ٹرمپ ایک بار پھر ایران پر حملے کے اپنے فیصلے کا دفاع کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انھیں دوبارہ یہی صورتحال درپیش ہوتی تو وہ وہی فیصلہ کرتے۔
حال ہی میں ہونے والے وسط مدتی کانگریسی انتخابات میں ریپبلکنز کی شکست کے بعد جے ڈی وینس نے ایران کے ساتھ جنگ کو انتخابی ناکامی کی ایک بڑی وجہ قرار دیا تھا۔ انھوں نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’ہماری شکست کی وجہ جنگ تھی۔‘
صدر ٹرمپ نے جمعے کو کہا کہ وہ اپنے نائب صدر کے مؤقف سے ناخوش نہیں، تاہم ان کے خیال میں جے ڈی وینس کو ایران پر حملے کی ضرورت کی زیادہ واضح حمایت کرنی چاہیے تھی اور یہ کہنا چاہیے تھا کہ وہ بھی ایسا ہی فیصلہ کرتے۔
جب جے ڈی وینس سے پوچھا گیا کہ آیا ایران کے خلاف جنگ ریپبلکنز کی انتخابی شکست کے باوجود درست فیصلہ تھی، تو انھوں نے براہِ راست فوجی کارروائی کی حمایت یا مخالفت سے گریز کیا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا امریکہ کا ایک اہم مقصد ہے۔
انھوں نے ایک بار پھر زور دیا کہ جنگ شروع کرنے کا اختیار صدر کے پاس ہوتا ہے اور نائب صدر کی ذمہ داری صدر کے فیصلوں کی حمایت کرنا ہے۔
جے ڈی وینس حالیہ مہینوں میں ایران کے ساتھ تنازع ختم کرنے کی امریکی سفارتی کوششوں میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں، تاہم انتخابی تنقید کے بعد صدر ٹرمپ نے انہیں زیادہ توجہ اندرونِ ملک امور پر مرکوز کرنے کی ہدایت کی ہے۔













