لائیو, پاسداران انقلاب کا امریکی بحریہ کے پانچویں فلیٹ بیس پر حملے کا دعویٰ، امریکی فورسز نے متعدد ایرانی بیلسٹک میزائل اور ڈرونز کو تباہ کردیا: سینٹکام

امریکی سینٹرل کمانڈ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے کئی ایرانی بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کو روک کر تباہ کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ امریکہ کی جانب سے ایرانی جزیرے قشم میں فوجی تنصیبات پر حملوں کا بیان سامنے آیا جس کے بعد پاسداران انقلاب نے جوابی کارروائی میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔

خلاصہ

  • امریکی فورسز نے متعدد ایرانی بیلسٹک میزائل اور ڈرونز کو تباہ کر دیا: سینٹکام
  • دوسری جانب ایران کی پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
  • ایران کے ساتھ معاہدہ ممکنہ طور پر اگلے ہفتے طے پا جائے گا: ٹرمپ
  • اسرائیل اور حزب اللہ کی جانب سے امریکہ کا جزوی جنگ بندی منصوبہ قبول کرنے کے باوجود لبنان میں جھڑپیں جاری
  • اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا اجلاس، لبنان میں اسرائیلی فوج کی پیش قدمی پر اظہار تشویش

لائیو کوریج

  1. خیبرپختونخواہ میں بارش کے دوران مکان کی چھت گرنے سے چھ بچے ہلاک، این ڈی ایم اے کا پہاڑی علاقوں میں ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری

    rain

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو: این ڈی ایم اے نے بارشوں، لینڈ سلائیڈ اور بعض مقامات پر ژالہ باری کے امکان کے پیش نظر سیاحوں کو خباردار کر دیا

    پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سمیت صوبہ خیبرپختون خوا اورصوبہ پنجاب کے بعض علاقوں میں گزشتہ روز شدید گرمی کے بعد آندھی، طوفانی بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کے باعث متعدد افراد کے زخمی ہونے اور بارش کے باعث محتلف حادثات کی خبریں سامنے آئی ہیں۔

    پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے این ڈی ایم اے نے دو تا چھ جون پہاڑی علاقوں میں ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا۔

    ادارے کے مطابق دو تا پانچ جون خیبر پختونخوامیں جاری بارشوں اور پگھلتے گلیشئیرز کے باعث لینڈ سلائیڈ کے خطرات میں اضافہ ہو گا جس کے سبب چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پورکے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ ہے۔

    پی ڈی ایم اے پنجاب نے بدھ سے سے 5 جون 2026 تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں، آندھی اور بعض مقامات پر ژالہ باری کے امکان کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔ ہے۔

    بارش سے حادثات، چھت گرنے سے چھ بچے ہلاک

    ور خیبر پختونخوا میں خراب موسم کے باعث مختلف حادثات رپورٹ ہوئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقے کوزہ الپوری، رحیم آباد میں ایک گھر کا کمرہ گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کمرے کے ملبے تلے سات بچے دب گئے تھے۔

    ریسکیو 1122 شانگلہ کی ٹیمیوں نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے ملبے تلے دبے بچوں نکال لیا۔ اس حادثے میں چھ بچے ہلاک گئے جبکہ ایک بچی کو زندہ نکال لیا گیا، جسے طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    ادھر شدید موسمی صورتحال اور تیز ہواؤں کے باعث ضلع بنوں کے مختلف علاقوں میں عمارتوں اور دیواروں کے گرنے کے تین واقعات پیش آئے، جن میں مجموعی طور پر پانچ افراد زخمی ہوئے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق ضلع بنوں میں جاری خراب موسم کے باعث اب تک 20 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں جنھیں طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

    د مردان میں شیرگڑھ شگو ناکہ کے مقام پر ایک پٹرول پمپ کے سائن بورڈ پر لگا فلیکس بجلی کی تاروں سے ٹکرانے کے باعث آگ لگ گئی۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز موقع پر پہنچ گئے اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا کر اسے پمپ تک پھیلنے سے روک دیا۔

    ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال احمد فیضی کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں آندھی، تیز ہواؤں اور ہلکی بارش کے باعث متعدد ہنگامی واقعات پیش آئے ہیں۔ مردان، پشاور اور دیگر اضلاع میں بھی آندھی اور تیز ہواؤں کے نتیجے میں مختلف ایمرجنسی صورتحال رپورٹ ہوئی ہے۔

    اسلام آباد میں درخت گاڑی پر گرنے سے ایک شخص زخمی

    حادثہ

    ،تصویر کا ذریعہRescue 1122

    اسلام آباد سیکٹر جی ٹین تھری ابن سینا روڈ پر حادثہ تیز ہواؤں کے باعث درخت گاڑی پر گرگیا جس سے ایک شخص امجد اعجاز زخمی ہو گیا جنھیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

    ریسکیو حکام کے مطابق درخت اور گاڑی کو سڑک سے ہٹا دیا گیا ہے۔

    لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات، شمالی علاقوں کا سفر کرنے والے سیاحوں کے لیے انتباہ

    این ڈی ایم اے کے مطابق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں دو تا چھ جون ن لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار ہے۔

    ادارے کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر شاہی، شاردا، آٹھ مقام اوراڑنگ کیل کی رابطہ سٹرکیں حساس قرار جبکہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور سفری مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔

    سیاح شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔

  2. امریکی فورسز نے متعدد ایرانی بیلسٹک میزائل اور ڈرونز کو تباہ کر دیا: سینٹکام

    سینٹکام

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی فورسز نے ایرانی بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملے مار گرائے۔ دوسری جانب ایران کی پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

    کویت اور بحرین میں مختلف مقامات پر میزائل حملوں کی متعدد اطلاعات کے بعد پاسدارانِ انقلاب نے باضابطہ طور پر امریکی بحریہ کے پانچویں فلیٹ کے اڈے پر حملے کا اعلان کیا ہے۔

    پاسداران انقلاب کا یہ بیان امریکہ کی جانب سے ایرانی جزیرے قشم میں فوجی تنصیبات پر حملے کے بعد سامنے آیا۔

    واضح رہے کہ سینٹرل کمانڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس نے ایرانی بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کی متعدد کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے انھیں تباہ کر دیا اور جزیرہ قشم پر اہداف کے خلاف اپنے دفاع میں حملے کیے ہیں، جنھیں اس نے ’خطے میں ایرانی حملوں کی کوششوں‘ کے ردعمل کے طور پر بیان کیا ہے۔

    بیان کے مطابق ایران کی جانب سے خطے کے ممالک کی طرف کئی بیلسٹک میزائل داغے گئے، تاہم کوئی بھی میزائل اپنے مطلوبہ ہدف تک نہیں پہنچا۔

    بی بی سی فارسی کے مطابق یہ صورت حال ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایرانی ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ کویت میں کم از کم تین دھماکے ہوئے اور امریکی پیٹریاٹ نظام کو ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔

    امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا کہ امریکی افواج نے اپنے دفاع میں جزیرہ قشم پر ایک ایرانی فوجی گراؤنڈ کنٹرول سٹیشن کو نشانہ بنایا۔

    امریکی حکام کے مطابق ان جھڑپوں میں کوئی امریکی فوجی زخمی نہیں ہوا۔

  3. ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات مسلسل جاری، اب وقت آ گیا ہے کہ کسی نہ کسی طریقے سے معاہدہ کیا جائے: ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

    ،تصویر کا ذریعہGetty

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات معطل ہونے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انھیں ’غلط اور بے بنیاد‘ قرار دیا۔

    ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان بات چیت مسلسل جاری ہے اور گذشتہ چند دنوں کے دوران بھی مذاکرات کا سلسلہ نہیں رکا۔ ان کے مطابق چار دن پہلے، تین دن پہلے، دو دن پہلے، ایک دن پہلے اور آج بھی دونوں ممالک کے درمیان گفتگو ہوئی ہے۔

    ٹرمپ نے کہا کہ مذاکرات کا نتیجہ کیا نکلے گا، اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے، تاہم انھوں نے معاہدے تک پہنچنے کے لیے ایران پر زور دیا ہے۔

    انھوں نے کہا، ’اب وقت آ گیا ہے کہ کسی نہ کسی طریقے سے معاہدہ کیا جائے۔ آپ یہ معاملہ 47 سال سے جاری رکھے ہوئے ہیں اور اسے مزید جاری رہنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔‘

  4. ابراہم لنکن کی بحیرہ عرب میں کارروائیاں جاری، 122 تجارتی جہازوں کا رخ موڑ دیا گیا: سینٹکام

    امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے کہا ہے کہ طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن (سی وی این 72) بحیرہ عرب میں اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور ایران کے خلاف امریکی بحری پابندی کے نفاذ میں حصہ لے رہا ہے۔

    بیان کے مطابق امریکی فورسز نے 122 تجارتی بحری جہازوں کو ان کے راستوں سے ہٹا کر قواعد کی تعمیل یقینی بنائی ہے، جبکہ کیریئر سٹرائیک گروپ خطے میں گشت اور نگرانی جاری رکھے ہوئے ہے۔

  5. گزشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ

    بی بی سی اردو کی لائیو کوریج میں بدھ کے روز خبروں کا سلسلہ آگے بڑھانے سے قبل ایک نظر گزشتہ روز کی اہم خبروں پر ڈال لیتے ہیں۔

    • امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسلامی جمہوریہ کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نہ صرف زندہ ہیں بلکہ بظاہر تیزی سے سرگرم بھی ہو رہے ہیں۔ مارکو روبیو نے سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کو بتایا کہ ’میرے خیال میں اس بات کے آثار ہیں کہ وہ کسی نہ کسی سطح پر بڑھتا ہوا کردار ادا کر رہے ہیں۔‘
    • پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے 24 مئی کو کوئٹہ میں ہونے والے ٹرین حملے کے بعد بلوچستان کے مختلف اضلاع میں متعدد کارروائیوں کے دوران 17 شدت پسندوں کو ہلاک کیا ہے۔
    • ایران کے سابق رہبرِ اعلیٰ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور آخری رسومات ’ذوالحج کے مہینے کے آخر یا محرم کی ابتدا‘ میں ادا کیے جانے کا امکان ہے۔ خیال رہے علی خامنہ ای 28 فروری کو ایران اور امریکہ کے حملوں میں ہلاک ہوئے تھے۔
    • لبنان اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات کا چوتھا دور امریکہ میں شروع ہو گیا ہے۔
    • انڈیا نے پاکستان اور یورپی یونین کے مشترکہ اعلامیے میں جموں و کشمیر کے ذکر کو ’مسترد‘ کرتے ہوئے اسے اپنے ملک کا ’اندرونی معاملہ‘ قرار دیا ہے۔
    • پاکستان کے صوبے بلوچستان میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی کے خلاف بغاوت اور لوگوں کو ریاستی اداروں کے خلاف اکسانے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
    • امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی کو انٹرویو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے ایک معاہدہ ’اگلے ہفتے‘ تک طے پا جائے گا۔
    • روس نے یوکرین کے کئی شہروں پر بڑے حملے کیے ہیں جن میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہوئے۔ ان میں سے چھ دنیپرو میں اور چار دار الحکومت کیئو میں مارے گئے۔
  6. بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید

    بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    اس نئے صفحے پر ہم آپ کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر سے تازہ ترین خبریں اور اہم تجزیے شامل کریں گے۔

    اگر آپ دو جون کی خبریں پڑھنا چاہیں تو اس لنک پر کلک کریں۔