ربوہ میں ’نامعلوم افراد‘ کی ایک گاڑی پر فائرنگ، احمدی برادری کے تین افراد زخمی, شہزاد ملک، بی بی سی اردو
پنجاب کے شہر چنیوٹ کے علاقے چناب نگر میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ربوہ میں ایک گاڑی پر فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں تین افراز زخمی ہو گئے ہیں اور ان میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔
تھانہ چناب نگر میں تعینات ایک پولیس اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ ربوہ، جو کہ احمدی برادری کا ایک مقدس مقام ہے، کی حفاظت کے لیے کچھ مقامی افراد گاڑی پر علاقے کا گشت کر رہے تھے۔
انھوں نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق اس دوران ایک موٹر سائیکل، جس پر دو افراد سوار تھے، نے پیٹرولنگ کرنے والی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔
پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں موجود تین افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس اہلکار کے مطابق نامعلوم افراد نے ’اندھا دھند اس گاڑی پر فائرنگ کی‘ جس میں پولیس کے بقول پانچ افراد سوار تھے اور ان سب کا تعلق احمدی برادری سے ہے۔
اس واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کہ تمام علاقے کو ’گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔‘ پولیس کے مطابق شہر کی ناکہ بندی بھی شروع کر دی گئی ہے تاہم ابھی تک کوئی شخص گرفتار نہیں ہوا۔
مقامی پولیس کے مطابق زخمیوں کو مقامی ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے جہاں پر ایک زخمی شخص کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل ربوہ میں ایک حملے کی کوشش ناکام بنائی گئی تھی۔ پولیس کے مطابق حملہ آور احمدیوں کی عبادت گاہ کو نشانہ بنانا چاہتا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔





















