فی الحال ایران پر نئے حملے کا کوئی منصوبہ نہیں: ٹرمپ

،تصویر کا ذریعہAndrew Harnik/Getty Images
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ واشنگٹن کے پاس اس وقت ایران پر کسی نئے حملے کا کوئی فوری منصوبہ نہیں۔
برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کو منگل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایران کے ساتھ جاری صورتحال سے مطمئن ہیں، تاہم انھوں نے یہ بھی اشارہ دیا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ جنگ جاری رکھنے کے لیے تیار ہیں۔
چھ منٹ دورانیے کے اس ٹیلی فونک انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا: ’ایسا لگتا ہے کہ ہم وہ سب کچھ حاصل کر رہے ہیں جو ہم چاہتے ہیں۔‘
دوسری جانب امریکہ میں وسط مدتی انتخابات کے فوری بعد ایران کے خلاف کسی نئی فوجی کارروائی کے امکان پر خدشات برقرار ہیں، خصوصاً اس کے بعد جب ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے کہا کہ تہران اپنے مجوزہ منصوبے پر واشنگٹن کے ردعمل سے مطمئن نہیں۔
منگل کو مصر اور ایران کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کو بھی ان خدشات کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ اس گفتگو میں مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے تہران پر زور دیا کہ وہ مذاکرات میں مزید لچک کا مظاہرہ کرے۔








