ریاض میں تجارتی ٹاور پر پروجیکٹائل حملہ، ملحقہ عمارتوں کو بھی نقصان: سعودی سول ڈیفینس

،تصویر کا ذریعہReuters
سعودی عرب کے محکمہ سول ڈیفنس نے جمعرات کو تصدیق کی ہے کہ دارالحکومت ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں واقع ایک ٹاور کو انصار اللہ (حوثی) گروپ کے حملے کے نتیجے میں نقصان پہنچا ہے، تاہم اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
سرکاری سعودی پریس ایجنسی کے مطابق محکمہ سول ڈیفنس کا کہنا ہے کہ حملے سے عمارت کی کئی منزلوں اور ملحقہ عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ ادارے کی جانب سے جاری کی گئی تصویر میں بظاہر پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) کو ٹاور دکھایا گیا، تاہم حملے کا نشانہ بننے والی عمارت کا نام نہیں بتایا گیا۔
دوسری جانب عینی شاہدین نے خبر رساں اداروں روئٹرز اور اے ایف پی کو بتایا کہ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے ٹاور کے شیشے کے بیرونی حصے اور وہاں مختلف منزلوں پر واقع متعدد دفاتر کو اس حملے میں نقصان پہنچا ہے۔
ایک عینی شاہد نے اے ایف پی کو بتایا کہ نقصان ٹاور کے اطراف موجود عمارتوں تک بھی پھیلا، جن میں رہائشی عمارتیں شامل ہیں، جبکہ متعدد شیشے ٹوٹ گئے۔
یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا جب جمعرات کی علی الصبح ریاض میں ایک زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی۔ اس دوران محکمہ سول ڈیفنس نے ممکنہ خطرے سے متعلق انتباہ بھی جاری کیا تھا، تاہم چند منٹ بعد اعلان کیا کہ صورتحال معمول پر آ گئی ہے۔
یمن میں سعودی قیادت میں یمنی حوثیوں کے خلاف لڑنے والے عسکری اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی کہتے ہیں کہ اتحادی افواج نے ریاض کی جانب داغے گئے ایک ’میزائل‘ کو تباہ کیا ہے۔ ان کے مطابق میزائل کے ٹکڑے گرنے کے باعث عمارتوں کو نقصان ہوا، جس کا جائزہ متعلقہ ادارے لے رہے ہیں۔
عسکری اتحاد کے ترجمان نے نقصان کی درست جگہ کی نشاندہی نہیں کی، جبکہ حوثیوں نے فوری طور پر اس حملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
دو ہفتوں سے بھی کم عرصے میں یہ دوسرا موقع ہے کہ ریاض کے مالیاتی مرکز میں واقع کسی نمایاں عمارت کو نقصان پہنچا ہو۔ اس سے قبل آٹھ نومبر کو حوثیوں کے ایک حملے میں ارامکو سے وابستہ ایک عمارت کو نقصان پہنچا تھا۔
پبلک انویسٹمنٹ فنڈ ٹاور 385 میٹر بلند اور 80 منزلوں پر مشتمل ہے۔ یہ ریاض کی بلند ترین عمارت ہے اور کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں واقع ہے، جہاں سعودی سٹاک ایکسچینج سمیت متعدد مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے دفاتر موجود ہیں، جن میں گولڈمین ساکس بھی شامل ہے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی سربراہی میں کام کرنے والے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کا شمار دنیا کے بڑے خودمختار سرمایہ کاری فنڈز میں ہوتا ہے۔ یہ 900 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے اثاثوں مالک ہے اور معیشت کو تیل پر انحصار سے دور لے جانے کے سعودی منصوبوں میں کلیدی کردار رکھتا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق ستمبر کے آغاز سے جاری حملوں کے باعث ٹاور کے بیشتر ملازمین پہلے ہی گھروں سے کام کر رہے تھے۔
روئٹرز نے باخبر ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ ٹاور کو حوثیوں کی جانب سے داغے گئے ایک میزائل نے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں سات سے آٹھ منزلوں کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کے داخلی راستے بند کر دیے گئے ہیں اور لوگوں کو وہاں سے نکال لیا گیا، جبکہ جائے وقوعہ پر ایمبولینسیں اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں تعینات کی گئی ہیں۔
















