کرینہ کا مومی مجسمہ اور را - ٹو کا انتظار

    • مصنف, ثمرہ فاطمہ
    • عہدہ, بی بی سی، دلّی
  • وقت اشاعت

جیکولن فرنانڈس ریس 2 میں

فلم مرڈر 2 کے بعد سے اپنی ایک الگ پہچان بنانے والی بالی وڈ اداکارہ جیکولن فرنانڈس فلم ’ریس‘ کے دوسرے حصّے میں دکھائی دیں گی۔

پچھلے دنوں جیکولن کے فلم ’کرش تھری‘ سے الگ کر دیے جانے کی باتیں گردش کر رہی تھیں لیکن جیکولن کا ’ریس 2‘ میں شامل ہونا فی الحال ان کے ہندی فلموں کی ہیروئنوں کے درمیان جاری ریس میں اپنی جگہ قائم رکھنے کی طرف اشارہ کرتا ہے۔

را - ون کا دوسرا حصّہ

اداکار شاہ رخ خان کی اسی ہفتے ریلیز ہوئی فلم را - ون کے پردے پر آنے کے ساتھ ہی یہ باتیں بھی شروع ہوگئی ہیں کہ کیا را - ون کا دوسرا حصّہ بھی آئے گا۔ شاہ رخ خان کی یہ فلم عموماً لوگوں کو پسند آ رہی ہے اور فلم کی کہانی جس مقام پر ختم ہوتی ہے وہ کافی کچھ اس طرف اشارہ کرتا ہے کہ شاہ رخ نے فلم کا نام جان بوجھ کر را - ون رکھا ہے تاکہ جب دوسرا حصہ آئے تو وہ اسے را - ٹو کا نام دے سکیں۔

فلم کے آخری سین میں دیکھنے کو ملتا ہے کہ کیسے فلم میں شاہ رخ کے بیٹے کا کردار ویڈیو گیم ہیرو جی - ون کو دوبارہ زندہ کرنے کی کوشش کرتا ہے جو کہ فلم کے سیکوئل کی طرف واضح اشارہ ہے۔

کرینہ کا موم کا پُتلا

مومی مجسموں کے لیے عالمی شہرت رکھنے والے لندن کے میڈم ٹساڈ میوزیم میں کرینہ کپور کا موم کا پتلا بن کر تیار ہو گیا ہے۔ کافی عرصے سے ان کے اس پتلے کا چرچا ہو رہا تھا۔ کرینہ کا یہ پتلا چار مہینے میں بن کر تیار ہوا ہے اور اس پر تقریباً ایک کروڑ بیس لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔

کرینہ اپنی ماں ببیتا کے ساتھ ستائیس اکتوبر کو یہ پتلا دیکھنےلندن پہنچیں جہاں عجائب گھر کے باہر ان کے مداحوں کی بھیڑ جمع تھی۔

یوفوریا کی نئی البم

اپنی میوزیک البم دھوم اور اس کے بعد کئی اور مشہور البمز کی کامیابی کے بعد بھارت کے غیر فلمی میوزک بینڈ ’یوفوریا‘ نے اپنی نئی البم پیش کی ہے جس کا نام ہے ’آئٹم‘۔

بینڈ کے سب سے پرانے رکن پلاش سن نے بی بی سی کو بتایا کہ اس البم کا ایک گانا جو انہیں سب سے زیادہ پسند ہے وہ ہے ’رام الی‘ جس میں انہوں نے ان سب لوگوں پر طنز کیا ہے جو مذہب کے نام پر غیر ضروری باتوں کو ہوا دیتے ہیں اور ماحول خراب کرتے ہیں۔