پہلے ون ڈے میں آسٹریلوی ٹیم 200 رنز پر آؤٹ: ’ایسا محسوس ہوا جیسے آسٹریلیا ٹیسٹ جبکہ پاکستان ٹی20 کھیل رہا ہو‘

،تصویر کا ذریعہPCB
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی میں جاری پہلے ایک روزہ میچ میں آسٹریلوی ٹیم 200 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور یوں پاکستان کو جیت کے لیے ایک معتدل ہدف ملا ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا اور ابتدا سے ہی پاکستانی بولرز نے مہمان ٹیم کی بیٹنگ لائن آرڈ کو دباؤ میں رکھا۔
میچ کے ابتدائی اوورز میں آسٹریلوی اوپنرز نے قدرے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا لیکن جلد ہی پاکستانی سپنرز نے میچ کا رخ اپنی جانب موڑ دیا۔
پاکستان کی جانب سے خاص طور پر سپن بؤلنگ نے آسٹریلیا کے مڈل آرڈر کو مشکلات میں ڈالے رکھا۔
پاکستان کی جانب سے نوجوان سپنر عرفات منہاس نے نمایاں کارکردگی دکھائی اور ابتدائی مراحل میں ہی اہم وکٹیں حاصل کرتے ہوئے آسٹریلیا کی بیٹنگ کو جھٹکے دیے۔ انھوں نےچار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ان کے علاوہ ابرار احمد نے بھی دو وکٹیں لے کر دباؤ برقرار رکھا۔
شاہین شاہ آفریدی نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تو نسیم شاہ اور محمد وسیم جونیئر نے بھی ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔

،تصویر کا ذریعہPCB
آسٹریلوی بیٹنگ کا احوال
اس میچ میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 44.1 اوورز میں 200 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، جہاں اننگز کی بنیاد اوپنر میتھیو شارٹ نے 55 رنز بنا کر رکھی، جبکہ میٹ رینشا نے 61 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم دیگر بلے باز نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایلکس کیری 19، جوش انگلس 13 اور میتھیو کوہنیمن 24 رنز بنا سکے جبکہ مارنس لبوشین، کیمرون گرین اور تنویئر سنگھا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کے بلے باز زیادہ مزاحمت نہ کر سکے، جس کے باعث وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں اور ٹیم بڑا سکور کھڑا کرنے میں ناکام رہی۔
مڈل آرڈر میں مختصر مزاحمت کے باوجود ٹیم ایک بڑے مجموعے تک نہ پہنچ سکی اور پوری اننگز 200 رنز پر سمٹ گئی۔

،تصویر کا ذریعہPCB
’پاکستانی سپنرز نے آسٹریلیا کو گوگل میپس کے بغیر گھما دیا‘
سوشل میڈیا پر اس میچ کے حوالے سے صارفین کی جانب سے دلچسپ اور بعض مزاحیہ تبصرے دیکھنے میں آ رہے ہیں۔ ایکس پر بعض صارفین نے پاکستانی بولنگ، خاص طور پر سپنرز کی کارکردگی کو سراہا۔
کرکٹر لوور نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’آج آسٹریلوی بلے بازوں کو ایسے گھمایا گیا جیسے گوگل میپس کے بغیر راستہ ڈھونڈ رہے ہوں۔‘
کچھ صارفین نے آسٹریلیا کی سست بیٹنگ پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے وہ ون ڈے کے بجائے ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہوں جبکہ پاکستانی ٹیم ٹی ٹوئنٹی کے انداز میں کھیل رہی ہو۔
عرفات منہاس کی باؤلنگ بھی شائقین کی توجہ کا مرکز بنی رہی اور کئی صارفین نے ان کی کارکردگی کو نہایت مہارت سے تعبیر کیا۔
دوسری جانب کچھ مداحوں نے مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جب پاکستانی ٹیم اپنے ردھم میں ہوتی ہے تو پھر کسی بھی بڑی ٹیم کے لیے اسے روکنا مشکل ہو جاتا ہے۔
ایک صارف نے مشورہ دے ڈالا کہ ’اگر پاکستان نے یہی تسلسل برقرار رکھا تو وہ نہ صرف یہ میچ بلکہ پوری سیریز اپنے نام کر سکتا ہے۔‘



























