سعودی عرب اور قطر کی مذمت اور تہران کی دھمکی: امریکی فوج نے ایران پر نئے حملوں میں کن اہداف کو نشانہ بنایا؟

ایران

،تصویر کا ذریعہReuters

    • مصنف, ایمی والکر
    • عہدہ, بی بی سی نیوز
  • وقت اشاعت
  • مطالعے کا وقت: 6 منٹ

امریکہ نے آبنائے ہرمز میں تین تجارتی جہازوں کے خلاف کارروائی کے جواب میں ایران پر نئے حملوں کا آغاز کرتے ہوئے 80 سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

امریکی سینٹ کام کے مطابق ’بین الاقوامی آبی گزرگاہ میں معصوم افراد پر مشتمل تجارتی عملے کو نشانہ بنانے کی ایران کو بھاری قیمت چکانی ہوگی۔‘

کارروائی مکمل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے سینٹ کام نے کہا کہ امریکی فوج نے ’ایرانی فضائی دفاعی نظام سمیت کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز، ساحلی ریڈار تنصیبات اور پاسداران انقلاب کی 60 سے زیادہ چھوٹی کشتیوں کو نشانہ بنایا۔‘

دوسری جانب ایران کے نائب وزیر خارجہ نے امریکی حملے کو گزشتہ ماہ ہونے والے معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ تہران ’فیصلہ کن اقدامات اٹھائے گا۔‘

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق امریکی حملوں کے دوران قشم جزیرے سمیت بندر عباس اور سرک پر حملے ہوئے جن میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیں تاہم ہلاکتوں کی اطلاع نہیں ہے۔

یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب گزشتہ روز، منگل کے دن، امریکہ کی جانب سے سینٹ کام نے ایک بیان میں آبنائے ہرمز میں تجارتی ٹینکرز کو ایران کی جانب سے مبینہ طور پر نشانہ بنائے جانے کے بعد جوابی کارروائی کا عندیہ دیا۔

منگل کی رات سینٹ کام کے بیان میں کہا گیا کہ ’ایران نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی اور خطرناک جارحانہ انداز اپنایا۔‘

سینٹ کام

،تصویر کا ذریعہX/CENTCOM

،تصویر کا کیپشنسینٹ کام نے کہا کہ امریکی فوج نے ’ایرانی فضائی دفاعی نظام سمیت کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز، ساحلی ریڈار تنصیبات اور پاسداران انقلاب کی 60 سے زیادہ چھوٹی کشتیوں کو نشانہ بنایا‘

سعودی عرب کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں ایران کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’ایک سعودی اور قطری ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا۔‘ بیان میں کہا گیا کہ ’ایران نے ان ٹینکروں کو نشانہ بنا کر عالمی توانائی رسد کی سکیورٹی اور بین الاقوامی راستے کی حفاظت پر حملہ کیا۔‘

امریکہ نے ایران کی جانب سے تیل کی فروخت پر عارضی پابندیاں دوبارہ سے عائد کرنے کا اعلان بھی کیا ہے جو معاہدے کے بعد ہٹا دی گئی تھیں۔ ایران نے اس قدم کو معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ’امریکی حکومت پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا۔‘

ایران کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ’تہران وہ تمام اقدامات اٹھائے گا جو قومی مفادات اور سکیورٹی کی ضمانت کے لیے ضروری ہوں گے۔‘

لیکن کیا ایران اور امریکہ کے درمیان اب معاہدہ ختم ہو جائے گا؟

ایران

،تصویر کا ذریعہX/@KSAmofaEN

،تصویر کا کیپشنسعودی بیان میں کہا گیا کہ ’ایران نے ان ٹینکروں کو نشانہ بنا کر عالمی توانائی رسد کی سکیورٹی اور بین الاقوامی راستے کی حفاظت پر حملہ کیا‘
مواد پر جائیں
بی بی سی اردو اب واٹس ایپ پر

بی بی سی اردو کی خبروں اور فیچرز کو اپنے فون پر حاصل کریں اور سب سے پہلے جانیں پاکستان اور دنیا بھر سے ان کہانیوں کے بارے میں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں

سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں

مواد پر جائیں

امریکی حملوں کے آغاز سے قبل نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر امریکی حکام نے کہا تھا کہ ان حملوں کے باوجود مذاکراتی ٹیم حتمی معاہدے کے لیے ایران سے رابطے جاری رکھے گی۔

قطر کی جانب سے بھی ایران کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایران قطری ٹینکر پر حملے کا ذمہ دار ہے۔ قطر نے مطالبہ کیا کہ ’ایران ان تمام اقدامات کو روکے جو خطے میں امن کو خطرے میں ڈال رہے ہیں اور عالمی توانائی کی رسد میں رکاوٹ بننے سے گریز کرے۔‘

ایران کی وزرات خارجہ کے ترجمان نے قطر کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’یہ اچھے ہمسائیوں کے اصولوں کے خلاف ہے۔‘

ٹیلی گرام پر جاری ہونے والے ایک بیان میں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ’تجارتی جہازوں نے ایران کے ساتھ اپنے راستوں کے حوالے سے رابطہ نہیں کیا تھا یا پھر ٹریکنگ سے چھیڑ چھاڑ کی تھی اور اسی وجہ سے یہ جہاز کسی سے ٹکرا سکتے تھے اور آبنائے ہرمز میں محفوظ سفر کی کوششوں کو متاثر کر سکتے تھے۔‘

یاد رہے کہ سوموار کو برطانوی ادارے یو کے ایم ٹی او نے کہا تھا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ایک ٹینکر کی جانب سے اطلاع موصول ہوئی تھی کہ اس کے انجن روم میں آگ بھڑک اٹھی ہے جبکہ منگل کے دن ایک ٹینکر نے اس وقت حملے کی اطلاع دی جب وہ آبنائے ہرمز سے نکلنے والا تھا۔

امریکہ

،تصویر کا ذریعہX/CENTCOM

،تصویر کا کیپشنامریکی سینٹ کام نے ایران پر حملوں کی فوٹیج بھی جاری کی ہے جس کی تصدیق نہیں ہو سکی

امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے مطابق تہران اور عمان کو مل کر مستقبل میں آبنائے ہرمز کی انتظامیہ اور تجارتی راستے کے حوالے سے بات چیت کرنا تھی۔

اس سے پہلے ایران نے امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے جواب میں آبنائے ہرمز سے تجارتی جہازوں کا سفر تقریبا بند کر دیا تھا جہاں سے دنیا بھر کو تیل اور گیس فراہم ہوتا ہے۔

ایران کی فارس نیوز ایجنسی کے مطابق امریکہ سے معاہدے کے تحت آبنائے ہرمز سے جہازوں کو گزرنے کے لیے ممکنہ طور پر ایک فیس ادا کرنا پڑ سکتی ہے جس کو ایران اور عمان مل کر چلائیں گے۔