کیا آپ اپنی آواز کے بارے میں سات چیزیں سننا پسند کریں گے؟

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ہر شخص اپنی منفرد آواز کے ساتھ پیدا ہوا ہے۔
آپ باتونی ہو سکتے، گلوکار ہو سکتے ہیں، چھٹے ہوئے گنگنا والے ہو سکتے ہیں لیکن آپ اس شاندار انسانی صوتی آلے کے بارے میں کتنا جانتے ہیں؟
بی بی سی کے سائنس پروگرام 'دی کیوریئس کیس آف ردرفورڈ اینڈ فرائی' میں اس کے متعلق خاصی تحقیق کی گئی ہے اور انھیں چند حیرت انگیز معلومات حاصل ہوئی ہیں۔ ان میں سے چند یہاں پیش کی جا رہی ہیں۔
1. آپ کا پیدائش کے ساتھ اپنا مخصوص لہجہ ہوتا ہے

،تصویر کا ذریعہGetty Images
بچے شکمِ مادر میں ہی اپنے والدین کے لہجے کو پکڑنا شروع کر دیتے ہیں۔
محققین نے فرانس اور جرمنی کے نوزائیدہ بچوں پر تحقیق کی ہے اور یہ پایا کہ ان کے رونے کی لے میں ان کی مقامی زبان کا لہجہ شامل ہے۔
انھوں نے بتایا کہ بچوں کے رونے سے یہ پتہ لگایا جا سکتا ہے کہ وہ کن ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔
2. آپ کی آواز کا صندوق اندر سے کیسا ہوتا ہے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
جب آپ اپنے صوتی صندوق سے ہوا کو کنٹرول کے ساتھ ہلکے انداز میں باہر نکالتے ہیں تو اس آواز کی ابتدا آپ کی پسلیوں سے ہوتی ہے۔
جب نسیج یا ٹشو کے دو حصے جنھیں ووکل کورڈز یا اوتار صوت کہتے ہیں وہ ہوا کے گزرنے سے آگے پیچھے ہلتے ہیں تو ایک عجیب قسم کی بھنبھناہٹ والی آواز نکلتی ہے۔
پھر آپ اپنے باقی تکلمی یا صوتی آلے جیسے ہونٹ، جبڑے، زبان، حلق اور نرم تالو کے ہنرمند استعمال سے اپنی آواز بناتے ہیں۔
3. یہ بھاری کیوں ہوتی جاتی ہے

،تصویر کا ذریعہGetty Images
بلوغت پر مردوں کی آواز پھٹنے لگتی ہے۔ مردوں کی آواز کا صندوق حلق سے نیچے جانے لگتا ہے اور وہ اس سے باہر نکلنا چاہتا ہے۔ اسے عرف عام میں 'ایڈم ایپل' کہا جاتا ہے۔
منھ اور آواز کے صندوق کے درمیان کا فاصلہ جسے ہم صوتی قطعہ کہتے ہیں وہ طویل ہو جاتا ہے۔
ایک لمبے پائپ سے دھیمی آواز نکلتی ہے اس لیے مردوں کا لہجہ بھاری ہو جاتا ہے۔
خواتین مینوپاز یا حیض کے بند ہونے کے دوران اسی قسم کی تبدیلیوں سے گزرتی ہیں لیکن ان میں بہت زیادہ تبدیلی رونما نہیں ہوتی ہے تاہم ان کی آواز کی پچ کم ہو جاتی ہے۔
4. آپ ان کی نقل کرتے ہیں آپ جن کی طرح ہونا چاہتے ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty Images
آپ جس کو جتنا چاہتے ہیں آپ اپنی آواز کو اس سے زیادہ سے زیادہ ہم آہنگ کرنا چاہتے ہیں۔
یعنی اگر کوئی مرد کسی خاتون کو چاہتا ہے تو وہ اکثر اس سے باتیں کرتے ہوئے اپنی آواز کی پچ کو بڑھا دیتا ہے۔
5. جب آپ کے پیچ و خم کند ہو جاتے ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty Images
عمر کے ساتھ آپ کے اوتارِ صوت کند پڑ جاتے ہیں اور جب آپ بات کرتے ہیں تو ان سے ہوا خارج ہو جاتی ہے جس سے آپ کی آواز میں سانس کی آواز شامل ہو جاتی ہے۔
اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ آپ لمبے لمبے جملوں میں گفتگو نہیں کر سکتے کیونکہ آپ کی سانس چھوٹ جاتی ہے۔
اس کے ساتھ آپ کی پٹھے کے کمزور ہونے سے بڑھاپے میں آپ کی آواز کی پچ بڑھ سکتی ہے۔
6. آپ کی آواز زیادہ عرصے تک جوان رہتی ہے

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اچھی خبر یہ ہے کہ آپ کی آواز آپ کے جسم کے دوسرے حصوں کے مقابلے میں دیر سے بوڑھی ہوتی ہے۔
اگر آپ کسی کی عمر کا اندازہ صرف اس کی آواز سن کر لگائیں تو عموماً آپ اسے اس کی عمر سے کم ہی بتائیں گے۔
7. اپنی آواز کو تندرست کیسے رکھیں؟

،تصویر کا ذریعہGetty Images
جب آپ بوڑھے ہوتے ہیں تو آپ کے جسم کی طرح آپ کی آواز کے پٹھوں کو تندرست رکھنے کے لیے مستقل ٹریننگ کی ضرورت ہوتی ہے۔
اپنے اوتار صوت کو پھیلانے کے لیے یہ صوتی مشق کریں اور انھیں عمدہ ترین حالت میں رکھیں۔ (مشق کو عوامی مقامات پر نہ کریں):
- مثال کے طور پر لفظ 'کنول' لیں اور اسے اس کی آخری حد تک کھینچیں۔ آپ اسے بہت ہی لمبے سیلیبل کے طور پر ادا کریں۔
- اونچی آواز میں ک ۔ ن ۔ و۔و۔و کہتے ہوئے ابتدا کریں
- اس وقت تک کہتے جائيں جب تک کہ آپ کی آواز کی پچ گرنے نہ لگے
- اور پھر جتنی دیر ممکن ہو و۔و۔و۔و۔و۔ ل۔ ل کہتے ہوئے کھینچتے رہیں
- جب تک آپ اس کے اخیر تک پہنچیں گے آپ کی آواز ٹوٹنے لگے گی یا پھر آپ کی سانس پھول جائے گی
- اس کو بار بار دہرائیں
یا پھر آپ گویوں کے کسی گروپ میں شامل ہو جائیں۔ اس سے آپ کی آواز تندرست رہے گی اور آپ گروپ میں گانے کا لطف لیں گے اور نئے لوگوں سے تعلق پیدا ہوگا۔
























