سعودی عرب کا ریاض کی سب سے بلند عمارت پر حوثیوں کے حملے میں 11 افراد کے زخمی ہونے کا دعویٰ

سعودی حکام کے مطابق ریاض کی سب سے بلند عمارت پر حوثیوں کے حملے کے نتیجے میں 11 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ ایک ہفتے کے دوران دوسرا موقع ہے جب سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (PIF) ٹاور کو حوثیوں نے نشانہ بنایا ہے۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں متعدد غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔

خلاصہ

لائیو کوریج

  1. سعودی عرب کا ریاض کی سب سے بلند عمارت پر حوثیوں کے حملے میں 11 افراد کے زخمی ہونے کا دعویٰ

    سعودی حکام کے مطابق ریاض کی سب سے بلند عمارت پر حوثیوں کے حملے میں 11 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    یہ ایک ہفتے کے دوران دوسرا موقع ہے جب سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (PIF) ٹاور کو حوثیوں نے نشانہ بنایا ہے۔

    سعودی حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں متعدد غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔

    اسی 80 منزلہ فلک بوس عمارت کو گذشتہ جمعرات بھی حوثیوں کے ایک میزائل حملے میں نقصان پہنچا تھا۔

  2. ایران کا امریکہ پر کیمیائی ہتھیاروں کی ممانعت کے ادارے کو مفلوج کرنے کا الزام، نگرانی متاثر ہونے کا خدشہ

    ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے امریکہ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ کیمیائی ہتھیاروں کی ممانعت کے عالمی ادارے (او پی سی ڈبلیو) کی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈال کر عالمی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔

    عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ: ’امریکہ کیمیائی ہتھیاروں کے بارے میں اتنا فکرمند ہے کہ وہ ان کی نگرانی کرنے والے عالمی ادارے کو ہی مفلوج کر رہا ہے۔‘

    انھوں نے او پی سی ڈبلیو کی سرگرمیوں میں ممکنہ تعطل اور اہم پروگراموں میں کمی کے خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے امریکی اقدامات کو’شرمناک‘ قرار دیا۔

    یہ ردِعمل اس وقت سامنے آیا جب خبر رساں ادارے روئٹرز نے رپورٹ کیا کہ او پی سی ڈبلیو کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے۔ ادارے کے 8 کروڑ 30 لاکھ یورو کے سالانہ بجٹ میں تقریباً ایک چوتھائی کمی واقع ہوئی ہے، جس کی ایک بڑی وجہ امریکہ کی جانب سے اپنی مالی شراکت کا خاطر خواہ حصہ ادا نہ کرنا بتائی جا رہی ہے۔

    ادارے کے ڈائریکٹر جنرل نے خبردار کیا ہے کہ مالی قلت کے باعث بعض سرگرمیاں متاثر ہو سکتی ہیں، جن میں شام میں کیمیائی ہتھیاروں کی شناخت اور تلفی سے متعلق پروگرام بھی شامل ہیں، اور ان پروگراموں کو معطل یا محدود کیا جا سکتا ہے۔

  3. امریکی فوجی اڈے خطے میں کہیں بھی ہوں، ایرانی افواج کی پہنچ میں ہوں گے: ایرانی فوج کے سربراہ

    IRNA
    ،تصویر کا کیپشنایرانی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف اور خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹر کے کمانڈر علی عبداللہی

    ایرانی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف اور خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹر کے کمانڈر علی عبداللہی کا کہنا ہے کہ ’خطے میں امریکی فوجی اڈوں کو کہیں اور منتقل کرنے سے وہ ایرانی مسلح افواج کی پہنچ سے باہر نہیں ہوں گے۔‘

    بسیج تنظیم کے سربراہ سے ملاقات میں میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا کہ ’جنگ کے دوران امریکی فوجی اڈوں کو شدید نقصان پہنچا اور ان کا ایک بڑا حصہ غیر فعال ہو گیا تھا، جبکہ بعض اڈے اب تک اپنی سابقہ آپریشنل حالت میں واپس نہیں آ سکے۔‘

    ان کے مطابق امریکہ اپنے فوجی اڈوں کو خطے میں مزید دور دراز مقامات پر منتقل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم انھوں نے کہا کہ ’یہ اڈے جہاں بھی ہوں گے، ضرورت پڑنے پر ایرانی مسلح افواج کی پہنچ میں ہوں گے۔‘

    ایرانی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف نے یہ بھی کہا کہ ’اسلامی جمہوریہ ایران سمندر میں اپنے مطلوبہ اہداف کو نشانہ بنانے اور مخالف فریق کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کرنے میں کامیاب رہا۔‘

    علی عبداللہی نے مزید کہا کہ ’امریکہ کو ایران کے حقوق اور مفادات کا احترام کرنے اور اپنا رویہ تبدیل کرنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔‘

  4. اسرائیلی فضائی حملے میں غزہ میں حماس کے داخلی سکیورٹی کے سربراہ ہلاک

    Getty Images
    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    اسرائیلی فضائی حملے میں غزہ میں حماس کے داخلی سکیورٹی ادارے کے سربراہ نعیم ابو نہل ہلاک ہو گئے ہیں۔

    غزہ میں حماس کے زیرِ انتظام وزارتِ داخلہ کے مطابق نعیم ابو نہل کو غزہ شہر کے مغربی علاقے میں ایک فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا۔ 50 سالہ نعیم ابو نہل رواں سال ستمبر میں اس عہدے پر تعینات ہوئے تھے، جب ان کے پیشرو کو اسرائیلی فوج کے خصوصی دستوں نے ایک کارروائی کے دوران گرفتار کر لیا تھا۔

    اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نتن یاہو اور وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے بھی نعیم ابو نہل کو اسرائیلی فوج کی کارروائی میں ہلاک کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    اس سے قبل فلسطینی امدادی کارکنوں اور طبی حکام نے منگل کو غزہ میں دو دیگر اسرائیلی فضائی حملوں میں چھ افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی تھی۔

    حکام کے مطابق غزہ شہر کے جنوب میں وادی غزہ کے علاقے میں ایک حملے میں تین افراد ہلاک ہوئے، جن میں ایک نوجوان بھی شامل تھا۔ جبکہ خان یونس کے مغرب میں المواصی کے علاقے میں پولیس سٹیشن پر ایک دوسرے حملے میں تین افراد ہلاک ہوئے، جن میں دو پولیس اہلکار شامل تھے۔

    غزہ کی پولیس، جو وزارتِ داخلہ کے ماتحت کام کرتی ہے، نے دوسرے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ پولیس ادارے کو نشانہ بنانے کی جاری مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد علاقے میں افراتفری پھیلانا ہے۔

    اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے علاقے میں ’دہشت گردوں‘ کو نشانہ بنایا ہے۔

  5. محمود اچکزئی کا لاہور ہائی کورٹ بار سے خطاب: ’مائنس عمران خان کا منصوبہ کامیاب ہونے نہیں دیں گے‘

    اچکزئی

    پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کو توڑنے اور تنہا کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاہم وہ اور علامہ راجہ ناصر عباس ’ایسی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔‘

    لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن میں آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ملک کو درپیش سیاسی، معاشی اور امن و امان کے بحرانوں کے حل کے لیے ضروری ہے کہ فیصلے چند افراد کے بجائے عوام کے منتخب نمائندوں اور تمام سیاسی و جمہوری قوتوں کی مشاورت سے کیے جائیں۔

    خیال رہے کہ اس تقریب سے مولانا فضل الرحمان نے بھی خطاب کرنا تھا مگر ان کے بقول جے یو آئی ایف کے سربراہ کو ’ریاستی حصار‘ میں رکھا گیا ہے اور اس تقریب میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی۔

    اچکزئی کا کہنا تھا کہ آئین کی بالادستی، پارلیمان کی خودمختاری اور جمہوریت کی بحالی کے لیے فوری آئینی اور سیاسی اصلاحات ناگزیر ہیں۔

    خطاب کے اختتام پر محمود خان اچکزئی نے مولانا فضل الرحمٰن کو لاہور میں نظر بند کیے جانے اور آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی اجازت نہ دینے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کو اپنی رائے کے اظہار اور سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے روکنا جمہوری اصولوں کے منافی ہے۔

    ’عمران خان کو تنہا کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے‘

    عمران خان کے حوالے سے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ عوام نے عمران خان کو ’اکثریتی مینڈیٹ دیا‘ لیکن ان سے یہ مینڈیٹ ’چھین لیا گیا۔‘

    انھوں نے زور دیا کہ عمران خان کی سیاسی صورت حال اور صحت کے حوالے سے پوری طرح بیدار اور متوجہ رہنے کی ضرورت ہے۔ ’کوششیں کی جا رہی ہیں کہ عمران خان کو توڑا جائے اور تنہا کیا جائے، جن میں بعض بیرونی اور بعض اندرونی عناصر بھی شامل ہیں۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کی پارٹی کو الرٹ ہونا ہوگا، ہم سب الرٹ ہیں۔‘

    ’مائنس عمران خان کی پلاننگ ہے۔ میں اپنی طرف سے اور علامہ ناصر عباس کی طرف سے آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم ان دونوں سازشوں میں کسی صورت شامل نہیں ہوں گے، کسی صورت نہیں۔‘

  6. سعودی دارالحکومت ریاض کی بلند ترین عمارت پر ایک ہفتے میں دوسری بار حملہ

    Saudi Press Agency
    ،تصویر کا کیپشنگذشتہ جمعرات ریاض میں سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی عمارت پر حوثی جنگجوؤں کے حملے سے ہونے والے نقصان کی تصویر۔

    سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے مالیاتی مرکز میں واقع بلند ترین عمارت کو ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں دوسری بار نشانہ بنایا گیا ہے۔

    سعودی قیادت میں یمن میں حوثی جنگجوؤں کے خلاف کارروائیاں کرنے والے اتحاد نے تصدیق کی ہے کہ ریاض کے مالیاتی مرکز میں ایک عمارت پر حملہ ہوا ہے۔ اس سے قبل خبر رساں ادارے اے ایف پی نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا تھا کہ سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔

    اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ ریاض کے مالیاتی مرکز میں واقع ایک عمارت کو ’بزدلانہ دہشت گرد حملے‘ میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ ان کے مطابق حکام جائے وقوعہ کا جائزہ لے رہے ہیں اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

    اس سے قبل گذشتہ جمعرات کو بھی اس عمارت کو میزائل حملے میں نقصان پہنچا تھا، جس کا الزام حوثی جنگجوؤں پر عائد کیا گیا تھا۔

  7. ایرانی گلوکارہ پرستو احمدی کی کوڑوں کی سزا پر عمل درآمد، موسیقاروں اور فنکاروں کا احتجاج

    @ParastooAhmadii

    ایران کے میوزک ہاؤس اور متعدد فنکاروں نے گلوکارہ پرستو احمدی اور ان کے ساتھیوں کو کوڑے مارنے کی سزا پر عمل درآمد کے خلاف احتجاج کیا ہے اور مقدمے کی شفافیت، فنکاروں کی بریت اور کیس بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    میوزک ہاؤس نے کہا ہے کہ اس نے عدلیہ کے میڈیا سینٹر کے سربراہ سے خط و کتابت کے ذریعے عدالتی فیصلوں کی وضاحت طلب کی تھی۔ جواب میں بتایا گیا کہ سزا کا حتمی فیصلہ ابھی نہیں ہوا اور حتمی ہونے کی صورت میں اس کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

    تنظیم نے موسیقی کے شعبے میں خواتین کو پیشہ ورانہ سرگرمیوں، بشمول گلوکاری، کا حق دینے پر بھی زور دیا ہے۔

    اس معاملے پر سوشل میڈیا پر بھی بڑے پیمانے پر ردعمل سامنے آیا ہے۔ گلوکارہ اور موسیقار ہانا کامکار نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو میں اس سزا کو ’غیر انسانی اور ظالمانہ‘ قرار دیا، جبکہ گلوکار مہدی یراحی، جنھیں اس سے قبل خود بھی 74 کوڑے مارے جا چکے ہیں، نے پرستو احمدی کی پرفارمنس کی ویڈیو دوبارہ شیئر کرکے ان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

    انسانی حقوق کی کارکن زینب زمان نے ایکس پر لکھا کہ ’ان کا کنسرٹ آن لائن تھا، لیکن کوڑے مارنے کی سزا حقیقی تھی۔‘

    رپورٹ کے مطابق پرستو احمدی اور ان کے چار ساتھیوں کو پیر کو ’کاروان سرائے کنسرٹ‘ کی ویڈیو جاری کرنے کے معاملے میں کوڑے مارنے کی سزا دی گئی۔

    یہ ویڈیو دسمبر 2024 میں پرستو احمدی کے یوٹیوب چینل پر شائع ہوئی تھی، جس میں وہ لازمی حجاب کے بغیر گانا گاتی دکھائی دی تھیں۔

    ویڈیو سامنے آنے کے بعد قم کی فوجداری عدالت نے پرستو احمدی اور ’کاروان سرائے کنسرٹ‘ گروپ کے چار ارکان کے خلاف مقدمہ چلایا تھا۔ ان پر الزام تھا کہ انھوں نے انٹرنیٹ پر ’فحش اور غیر اخلاقی مواد تیار اور شائع کرکے عوامی عفت کو مجروح کیا‘۔

  8. چھ دن کے خلائی مشن کے لیے زیشان علی کی چین میں تیاریوں کی جھلکیاں

    SUPARCO
    ،تصویر کا کیپشنپاکستان کے پہلے خلاباز محمد ذیشان علی کی تربیت کے دوران لی جانے والی ایک تصویر

    پاکستان کے پہلے خلاباز محمد ذیشان علی چین کے خلائی سٹیشن تیانگونگ کے لیے ایک تاریخی خلائی مشن پر روانہ ہونے والے ہیں۔ اس مشن کے ساتھ پاکستان انسانی خلائی پرواز اور تحقیق کے شعبے میں ایک نئے دور میں داخل ہو گا۔

    سپارکو کی جانب سے 24 نومبر کو جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق مشن کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔ یہ مشن چائنا مینڈ سپیس ایجنسی (سی ایم ایس اے) کی قیادت اور پاکستان کے خلائی ادارے سپارکو کے اشتراک سے مکمل کیا جا رہا ہے۔

    محمد ذیشان علی اس مشن میں پے لوڈ سپیشلسٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔ ان کی بنیادی ذمہ داری چین کے خلائی سٹیشن پر بے وزنی کی کیفیت میں پاکستانی محققین کے تیار کردہ سائنسی تجربات کرنا ہو گی۔

    CGTN
    ،تصویر کا کیپشنوہ لمحہ کے جب چین کے ٹی وی چینل پر پاکستانی خلاباز زیشان علی کی چینی خلابازوں کی ٹیم میں شمولیت کا اعلان کیا گیا۔

    ان تجربات کا تعلق میٹریل سائنس، سیال مادوں کی طبیعیات، حیاتیاتی علوم اور بائیوٹیکنالوجی سے ہے۔ ان کے نتائج موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، غذائی تحفظ اور صنعتی ترقی میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

    ان تجربات میں ایک اہم تحقیق مائیکرو الجی (خوردبینی کائی) کی افزائش سے متعلق ہے۔ اس کا مقصد یہ جانچنا ہے کہ مستقبل کے طویل خلائی مشنز میں اسے خوراک اور آکسیجن کی فراہمی کے لیے کس طرح استعمال کیا جا سکتا ہے۔

    یہ سائنسی پروگرام چین کے مختلف تحقیقی اداروں اور جامعات کے تعاون سے مکمل کیا جا رہا ہے۔

    سپارکو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس مشن کو پاکستان اور چین کے خلائی تعاون میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے پاکستانی محققین کو خلائی ماحول میں سائنسی تجربات کرنے کا موقع ملے گا۔

    SUPARCO
    ،تصویر کا کیپشنپاکستان کے پہلے خلاباز محمد ذیشان علی کی تربیت کے دوران لی جانے والی ایک تصویر
    SUPARCO
    SUPARCO
    SUPARCO
    CGTN
  9. غزہ میں گردن توڑ بخار کے کیسز میں اضافہ، ’وبا سے متعلق ہنگامی الرٹ‘ جاری

    Getty Images

    غزہ کی وزارتِ صحت نے علاقے کے تمام اضلاع میں ’گردن توڑ بخار‘ کے کیسز میں تیزی سے اضافے کے بعد ’وبا سے متعلق ہنگامی الرٹ‘ جاری کر دیا ہے۔

    وزارت نے خبردار کیا ہے کہ بیماری کے پھیلاؤ سے صحت کا بحران مزید سنگین ہو سکتا ہے اور بالخصوص بچوں میں اموات اور مستقل پیچیدگیوں کا خدشہ ہے۔

    غزہ شہر کے الرنتیسی چلڈرن ہسپتال کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے صحتِ عامہ کے امور کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر نضال غنیم نے بتایا کہ ’گذشتہ اکتوبر میں گردن توڑ بخار کے 272 کیسز سامنے آئے، جو معمول کے ماہانہ 30 سے 50 کیسز کے مقابلے میں آٹھ گنا سے بھی زیادہ ہیں۔‘

    ان کے مطابق رواں سال کے آغاز سے اب تک اس بیماری سے متعلق 15 اموات ہو چکی ہیں، جن میں سے پانچ اگست، ستمبر اور اکتوبر میں ہوئیں۔ بیکٹیریا سے ہونے والے انفیکشن کے کیسز بھی بڑھ کر اکتوبر میں 108 ہو گئے جبکہ نومبر کے آغاز سے اب تک مزید 100 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    ڈاکٹر غنیم نے خبردار کیا کہ انفیکشن میں اضافے سے اموات اور متاثرہ افراد میں دماغ اور اعصابی نظام کو مستقل نقصان پہنچنے کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔

    وزارت نے بیماری کے پھیلاؤ کی وجہ غزہ میں ماحولیاتی اور صحت کی صورتِ حال کی خرابی کو قرار دیا ہے۔ اس کے مطابق بنیادی ڈھانچے کی تباہی، بے گھر افراد کے مراکز میں گنجائش سے زیادہ لوگوں کی موجودگی، پینے کے پانی میں سیوریج کے پانی کی آمیزش اور رہائشی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہونے سے انفیکشن بڑھ رہے ہیں۔

    وزارت نے پانی اور نکاسیِ آب کے نظام کو پہنچنے والے نقصان اور مرمت و صفائی کے سامان اور ایندھن کی فراہمی پر عائد پابندیوں کا ذمہ دار اسرائیل کو قرار دیتے ہوئے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔

    وزارتِ صحت نے شہریوں کو ہاتھ دھونے، محفوظ پانی استعمال کرنے اور اچانک تیز بخار، شدید سر درد، گردن میں اکڑاؤ یا بار بار قے آنے کی صورت میں فوری ہسپتال پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔ اس نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ صورتِ حال میں بچوں، خصوصاً شیر خوار بچوں کو زیادہ خطرات لاحق ہیں۔

  10. برطانیہ کا حوثی گروپ اور اس کے چار رہنماؤں پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان

    SOPA Images/LightRocket via Getty Images

    برطانیہ نے حوثی گروپ انصار اللہ اور اس کے چار رہنماؤں پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ برطانوی دفتر خارجہ کے مطابق حوثی گروپ پر الزام ہے کہ وہ ’جان بوجھ کر مشرقِ وسطیٰ کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔‘

    برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے ایک بیان میں کہا کہ ’حوثیوں کی جانب سے برطانیہ کے اتحادیوں اور عام شہریوں کو نشانہ بنانے کے نئے حملے ناقابلِ قبول ہیں اور اس کے لیے انھیں جواب دہ ہونا چاہیے۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’برطانوی حکومت نے اسی مقصد کے لیے آج اقدامات کیے ہیں اور وہ خاموش تماشائی نہیں بنے گی جب حوثیوں جیسے گروہ ایسے اقدامات کریں گے جن سے برطانوی عوام کے لیے زندگی گزارنے کے اخراجات بڑھیں اور وہ جان بوجھ کر مشرقِ وسطیٰ کے استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کریں۔‘

    برطانوی دفتر خارجہ کے مطابق نئی پابندیوں کا مقصد ان افراد کو بھی نشانہ بنانا ہے جو سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں، جن میں یمن میں قیدیوں کے ساتھ ظالمانہ، غیر انسانی اور توہین آمیز سلوک بھی شامل ہے۔

    پابندیوں میں اثاثے منجمد کرنے، انتظامی عہدے رکھنے سے نااہل قرار دینے اور برطانیہ میں داخلے پر پابندی جیسے اقدامات شامل ہیں۔

    دفتر خارجہ کے مطابق پابندیوں کی زد میں آنے والوں میں حوثی وزیر داخلہ عبدالکریم الحوثی، گروپ کے سکیورٹی اور انٹیلیجنس ادارے کے سربراہ عبدالحمک الخیوانی، حوثیوں کے مقرر کردہ جج محمد مفلح اور گروپ کے اعلیٰ پراسیکیوٹر سریم الدین مفضل شامل ہیں۔

  11. بریکنگ, لاہور ہائیکورٹ میں مولانا فضل الرحمان سے متعلق درخواست سماعت کے لیے مقرر

    لاہور ہائیکورٹ نے جے یو آئی ایف کے رہنما مولانا فضل الرحمان کو حبسِ بیجا میں رکھنے کے دعوے سے متعلق درخواست ‏سماعت کے لیے مقرر کر دی ہے۔

    جسٹس جواد ظفر بدھ کی صبح درخواست پر سماعت کریں گے۔ درخواست میں ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

  12. شہباز شریف کا وزرا کی ایک دوسرے پر بیان بازی کا نوٹس، سیاسی اختلافات پارلیمنٹ میں طے کرنے کی ہدایت

    Getty Images
    ،تصویر کا کیپشنپاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف

    پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزرا کی ایک دوسرے کے خلاف حالیہ بیان بازی کا نوٹس لیتے ہوئے کابینہ ارکان کو سیاسی تنقید سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    وزیراعظم نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی تمام تر توجہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر مرکوز ہے اور وزرا کے ایک دوسرے کے خلاف بیانات سے منفی تاثر پیدا ہوتا ہے اور تعمیر و ترقی کے کاموں سے توجہ ہٹتی ہے۔

    وزیراعظم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کابینہ ارکان کے درمیان معاملات افہام و تفہیم اور اتفاق رائے سے آگے بڑھنے چاہییں اور ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی مکمل طور پر بند ہونی چاہیے۔

    انھوں نے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کو بھی ایسی بیان بازی سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    محسن نقوی اور رانا ثنا اللہ کے درمیان لفظی جنگ

    وزیراعظم کی یہ ہدایت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کے درمیان گذشتہ دنوں ایک دوسرے پر تنقید کا سلسلہ جاری رہا۔

    Getty Images
    ،تصویر کا کیپشنوفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی

    محسن نقوی نے جیو نیوز سے غیر رسمی گفتگو میں کہا تھا کہ ’ایک وزیر آج کل روز ٹی وی پر آنے کے لیے میرے اوپر تبصرے کر رہا ہے، جس دن میں نے اس وزیر کے خلاف تبصرہ کر دیا وہ منہ چھپانے کے قابل نہیں رہے گا۔‘ انھوں نے کہا کہ وہ ڈھائی سال سے اس وزیر کے تبصرے صبر سے سن رہے ہیں۔

    انھوں نے کاروباری شخصیات پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ پاکستان کے عزت دار شہری ہیں، جو ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والوں میں شامل ہیں۔ انھوں نے سوال کیا کہ اگر یہ کاروباری افراد اتنے ہی برے ہیں تو سیاسی جماعتیں ہر انتخاب میں ان سے پارٹی فنڈ کے نام پر اربوں روپے کیوں لیتی ہیں؟

    رانا ثنا اللہ کا جواب اور نئے صوبوں کا معاملہ

    محسن نقوی کے بیان کے جواب میں رانا ثنا اللہ نے جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں کہا کہ ’ہم نے تو ہمیشہ منہ اور سینہ کھلا رکھا ہے، آپ اپنی فکر کریں۔‘

    رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ انھوں نے کبھی محسن نقوی کی ذات پر تبصرہ نہیں کیا اور نہ کریں گے، تاہم بطور کولیگ اور سیاسی کارکن ان کی کارگزاری پر بات کرنا ان کا حق ہے۔

    انھوں نے کہا کہ دھمکی آمیز بیانات سے ان جیسے لوگوں کو خاموش نہیں کیا جا سکتا اور اختلاف کا جواب دلیل سے دینا چاہیے۔

    Getty Images
    ،تصویر کا کیپشنوزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ

    ان کی تنقید کا ایک اہم نکتہ نئے صوبوں کے معاملے پر حکومتی حکمت عملی تھا۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ’یہ معاملہ پارلیمنٹ میں لانا اور سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر آگے بڑھنا چاہیے تھا۔ ان کے مطابق محسن نقوی نے اس معاملے کو درست انداز میں نہیں سنبھالا۔‘

    انھوں نے صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’اگر انھیں اعتماد میں نہیں لیا گیا تو یہ حکومتی ناکامی ہے۔‘ رانا ثنا اللہ کے مطابق نئے صوبوں کے معاملے پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے پارلیمنٹ میں بات چیت کی جا سکتی ہے، جس میں مسلم لیگ ن اور وزیراعظم اپنا کردار ادا کریں گے۔

    حکومتی وزرا کے درمیان اختلافات پہلے بھی منظر عام پر آئے

    محسن نقوی اور رانا ثنا اللہ کے درمیان حالیہ لفظی جنگ حکومتی اتحاد میں سامنے آنے والا واحد اختلاف نہیں۔

    گذشتہ دنوں وزیر دفاع خواجہ آصف اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے درمیان بیانات کے تبادلے کے بعد دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی ایک دوسرے پر تنقید کی۔

    خواجہ آصف نے بلاول بھٹو زرداری کے سیاسی بیانات پر سوشل میڈیا کے ذریعے تنقید کی تھی، جس پر پیپلز پارٹی کی رہنماؤں شیری رحمان اور شرمیلا فاروقی نے ردعمل دیتے ہوئے ان کے تبصروں کو نامناسب قرار دیا تھا۔ پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ وزیر دفاع نے پارٹی قیادت کے بارے میں بیانات دے کر ایک حد عبور کی ہے۔

    اس سے قبل ستمبر 2025 میں قومی اسمبلی میں سیلاب سے متعلق بحث کے دوران وفاقی وزیر حنیف عباسی نے بھی خواجہ آصف کی حکومتی اقدامات اور بیوروکریسی پر تنقید کے جواب میں ان کے طرزِ بیان پر اعتراض کیا تھا اور انھیں مستعفی ہونے کا مشورہ دیا تھا۔

  13. میں اس وقت ریاستی حصار میں ہوں، مجھے لاہور میں وکلا سے خطاب کرنے نہیں دیا گیا: مولانا فضل الرحمان

    مولانا فضل الرحمان

    جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت ’ریاستی حصار‘ میں ہیں اور پورا لاہور شہر ریاستی رکاوٹوں سے بھرا ہوا ہے۔

    ایک ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ لاہور بار کونسل نے ایک تقریب میں انھیں مدعو کیا تھا تاہم ’مجھے افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ میں اس وقت ریاستی حصار میں ہوں۔ پورا لاہور شہر ریاستی رکاوٹوں سے بھرا ہوا ہے۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’ایک پُرامن شہری کو دانشوروں کے ماحول میں جانے سے روکا جا رہا ہے۔‘

    مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وہ کسی حکمران یا ریاستی ادارے سے وطن سے وفا کا سرٹیفکیٹ لینے نہیں آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ان کی وفاداریاں مشکوک ہیں، ہماری وفاداریاں شک و شبہے سے بالاتر ہیں۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’ان شا اللہ ان کی سازشیں بے نقاب ہوں گی‘ اور دعویٰ کیا کہ جمعیت علمائے اسلام کا ہر کارکن استقامت کے ساتھ کھڑا ہے اور جبر کے سامنے سر جھکانے کو تیار نہیں۔

    مولانا فضل الرحمان کے مطابق ان کی جماعت نے وطن سے محبت اور وفاداری کی ہے اور کسی طاقتور کی غلامی قبول نہیں کی۔

    انھوں نے اعلان کیا کہ 26 نومبر کو سرگودھا میں جمعیت علمائے اسلام ایک بڑی کانفرنس منعقد کرے گی۔

    مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا کہ سرگودھا ڈویژن میں ان کی جماعت کے کارکن ریاستی جبر کا نشانہ بن رہے ہیں، مقامی قائدین کے کاروبار بند کیے جا رہے ہیں اور دکانیں سیل کی جا رہی ہیں۔

    ان کے مطابق بھکر، میانوالی، خوشاب اور سرگودھا میں کارکنوں کی گرفتاریاں اور تعاقب کیا جا رہا ہے، تاہم ان کا عزم ہے کہ سرگودھا کانفرنس ہر صورت منعقد کی جائے گی۔

    انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس اجتماع کو کامیاب بنائیں اور اپنی آزادی و حریت کا مظاہرہ کریں۔

    مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ان کی جماعت عوام، پاکستان اور ریاست کا مقدمہ لڑ رہی ہے اور آج قومی و ملی وحدت کا وقت ہے، اس لیے ہر پاکستانی شہری کو اپنا فرض ادا کرنا چاہیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف ریاستی قوتوں کے رویوں میں شدت اس وقت آئی جب انھوں نے قبائلی علاقوں میں معدنی ذخائر کے حوالے سے ان کے کردار کو بے نقاب کیا۔

    مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وہ خیبر پختونخوا، بلوچستان، گوادر، سندھ، ساحلی علاقوں اور پنجاب کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

    انھوں نے مؤقف اختیار کیا کہ معدنی ذخائر عوام کی ملکیت ہیں، وفاق یا کسی ایک طاقتور ادارے کی ملکیت نہیں، اور عوام کے وسائل لوٹنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جا سکتی۔

    مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ ان کی جماعت صبر کا دامن تھامے ہوئے ہے، تاہم استقامت کے ساتھ اپنے مؤقف پر قائم ہے۔

    انھوں نے الزام عائد کیا کہ وہ ’ریاستی جبر اور رکاوٹوں کے باعث‘ لاہور ہائی کورٹ بار کے وکلا سے براہِ راست خطاب نہیں کر سکے۔

  14. بنگلہ دیش کی سابق وزیرِاعظم شیخ حسینہ کا 16 دسمبر کو وطن واپسی کا اعلان

    Getty Images
    ،تصویر کا کیپشنبنگلہ دیش کی سابق وزیرِاعظم شیخ حسینہ (فائل فوٹو)

    بنگلہ دیش کی سابق وزیرِاعظم شیخ حسینہ نے 16 دسمبر کو وطن واپس آنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ وہ اگست سنہ 2024 میں اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد سے انڈیا کے دارالحکومت دہلی میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہی ہیں۔

    ان کے ترجمان کے مطابق شیخ حسینہ نے بنگلہ دیشی حکومت سے انھیں ڈھاکہ واپس لانے کے لیے پرواز کا انتظام کرنے کو کہا ہے۔

    یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بنگلہ دیش میں ایک بار پھر بدامنی جاری ہے اور شیخ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ کے حامیوں نے اس کی سرگرمیوں پر پابندی کے باوجود مظاہرے کیے ہیں۔

    تاہم ان کی واپسی کا طریقہ واضح نہیں۔ گذشتہ سال بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے طلبہ کے احتجاج کے دوران مہلک کریک ڈاؤن سے متعلق انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام میں شیخ حسینہ کو غیرحاضری میں سزائے موت سنائی تھی۔ وہ ان الزامات کی تردید کرتی ہیں۔

    بنگلہ دیش کے وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے کہا ہے کہ شیخ حسینہ عام مسافر کی حیثیت سے وطن واپس نہیں آ سکیں گی بلکہ انھیں ’ہتھکڑیوں میں واپس لایا جائے گا‘۔

    انھوں نے شیخ حسینہ اور دہلی پر بنگلہ دیش میں حالیہ بدامنی کو ہوا دینے اور ’دہشت گردانہ سرگرمیوں‘ کی حمایت کا الزام بھی عائد کیا۔

    انڈیا کی وزارتِ خارجہ نے اس الزام پر تبصرے کی درخواست کا فوری جواب نہیں دیا۔ وزارت نے اپریل میں کہا تھا کہ وہ شیخ حسینہ کی حوالگی سے متعلق بنگلہ دیش کی درخواست کا جائزہ لے رہی ہے اور نئی حکومت کے ساتھ تعمیری رابطے اور دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کی خواہش رکھتی ہے۔

  15. ایرانی تاریخ میں پہلی بار امریکی ڈالر 2 لاکھ 80 ہزار تومان کی حد عبور کر گیا

    Iran

    ایران کی فری مارکیٹ (آزاد منڈی) میں امریکی ڈالر کی قیمت نے آج ایک اور تاریخی ریکارڈ قائم کر لیا ہے اور ملک کی تاریخ میں پہلی بار ایک ڈالر 2 لاکھ 80 ہزار تومان کی حد عبور کر گیا ہے۔

    گذشتہ تین ماہ کے دوران ایرانی ریال کی قدر میں مسلسل کمی دیکھی گئی ہے، جس کی بڑی وجہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ایران پر امریکہ کے مسلسل اقتصادی دباؤ کو قرار دیا جا رہا ہے۔

    ستمبر 2026 میں پہلی بار ڈالر کی قیمت 2 لاکھ تومان سے تجاوز کر گئی تھی، جس کے بعد اِسی ماہ اس میں مزید اضافہ ہوا اور یہ 2 لاکھ 37 ہزار تومان کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی۔ اکتوبر 2026 میں ڈالر نے ایک اور ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 2 لاکھ 72 ہزار تومان کی سطح کو چھو لیا تھا۔

    اور آج پہلی مرتبہ امریکی ڈالر کی قیمت 2 لاکھ 80 ہزار تومان ہو گئی، جو ایرانی کرنسی کی مسلسل گرتی ہوئی قدر کی عکاسی کرتی ہے۔

    دوسری جانب امریکی وزیرِ خزانہ، جو ایران کے خلاف ’اقتصادی تنہائی‘ کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، نے ایرانی معیشت کو ’ڈوبتی ہوئی معیشت‘ قرار دیا ہے۔

  16. تہران کے مطالبات پورے ہونے تک مذاکرات نہیں ہوں گے: باقر قالیباف

    Iranian Parliament Speaker Mohammad Baqer Qalibaf

    ایران کی پارلیمان کے سپیکر اور امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے لیے ملک کے چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ تہران کے مطالبات پورے ہونے تک کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔

    منگل کے روز پارلیمان میں خطاب کرتے ہوئے قالیباف کا کہنا تھا کہ ’ہم وہی بات کر رہے ہیں جو پہلے بھی کرتے آئے ہیں، ایران کی جانب سے عائد کردہ سات شرائط پر عمل درآمد سے پہلے نہ کوئی اقدام ہو گا اور نہ ہی مذاکرات۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’اگر دشمن نے کوئی غلطی کی تو ہم اس کی کارروائیوں کا فیصلہ کن جواب دینے اور جنگ کے جغرافیے کو تبدیل کرنے کے لیے تیار ہیں۔‘

    ایران کا کہنا ہے کہ اس نے امریکہ کو ایک منصوبہ پیش کیا ہے جس میں سات مطالبات شامل ہیں۔

    تہران کے مطابق اگر ان شرائط کو پورا کر دیا گیا تو اس مدت کے اختتام پر آبنائے ہرمز کھول دی جائے گی اور مستقل معاہدے کے لیے امریکہ کے ساتھ مذاکرات شروع کیے جائیں گے۔

    ایران کی شرائط میں ’تمام محاذوں‘ پر جنگ کا خاتمہ، لبنان پر اسرائیلی حملے بند کرنے، ایران کی بحری ناکہ بندی کا خاتمہ، اور ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کا اٹھایا جانا شامل ہے۔

    ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے حال ہی میں کہا تھا کہ اگر امریکہ تہران کے مطالبات مان لے تو آبنائے ہرمز کو دو دن کے اندر دوبارہ کھولا جا سکتا ہے۔

    ایران اور امریکہ دونوں کا دعویٰ ہے کہ آبنائے ہرمز پر ان کا مکمل کنٹرول ہے۔

  17. لاہور میں مولانا فضل الرحمان کے گھر کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات، جے یو آئی ف نے حبس بیجا کی درخواست دائر کر دی

    Maulana Fazlur Rehman

    جمعیت علمائے اسلام (ف) کا دعویٰ ہے کہ پولیس کی بھاری نفری اِس وقت مولانا فضل الرحمان کی لاہور میں واقع رہائش گاہ کے باہر موجود ہے اور کسی شخص کو اِس گھر سے باہر نکلنے یا داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔

    لاہور پولیس نے تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ وضاحت جاری نہیں کی ہے۔ بی بی سی اُردو کی جانب سے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی اور اُن کو تحریری سوالات بھی بھیجے گئے، تاہم اُن کی جانب سے تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

    جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما سینیٹر کامران مرتضیٰ نے بی بی سی اردو کے عمیر محمود کو بتایا کہ مولانا فضل الرحمان کو منگل (24 نومبر) کی صبح 11 بجے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام آل پارٹیز کنونشن سے خطاب کرنا تھا، اور اسی سلسلے میں مولانا فضل الرحمان لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ (پارک ویو سٹی) میں واقع اپنے گھر میں موجود تھے جہاں سے انھیں اس تقریب میں شرکت کے لیے روانہ ہونا تھا۔

    کامران مرتضیٰ کے مطابق پنجاب حکومت نے فضل الرحمان کو کانفرنس میں شرکت سے روکنے کے لیے ’جان بوجھ کر نظربند کر لیا ہے۔‘

    ان کے مطابق جے یو آئی ف نے اس غیرقانونی اقدام کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں حبس بیجا کی پٹیشن بھی دائر کی اور اس پر فی الفور سماعت کی درخواست کی مگر اسے درخواست کو بھی ’بغیر کسی معقول وجہ کے کل تک کے لیے مؤخر کر دیا گیا ہے۔‘

    لاہور ہائیکورٹ میں دائر کردہ حبس بیجا کی پٹیشن میں جے یو آئی ف نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پارٹی کے متعلقہ افراد جب مولانا فضل الرحمان کی لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن میں کی جانے والی تقریر کے قانونی پہلوؤں پر مشاورت کے لیے اُن کے گھر منگل کی صبح نو بجے پہنچے تو وہاں گھر کے اطراف میں سینکڑوں پولیس اہلکار اور جیل کی گاڑیاں موجود تھیں۔

    پٹیشن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جب لیگل ٹیم نے وہاں موجود پولیس افسران سے مولانا فضل الرحمٰن کی حراست کے لیے کسی مجاز اتھارٹی کا کوئی قانونی دستاویز یا حکم نامہ دکھانے کا مطالبہ کیا اور اندر جانے کی اجازت مانگی تو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی اور نہ ہی کوئی قانونی دستاویز دکھائی گئی۔

    درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ کو حبس بیجا میں رکھا گیا ہے جس کے خلاف فوری طور پر قانونی اقدام کیا جائے۔

  18. بلوچستان حکومت کا بی ایل اے کے سربراہ رحمان گل کی معلومات فراہم کرنے پر 25 کروڑ روپے دینے کا اعلان

    کالعدم علیحدگی پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے رحمان گل عرف مرید بلوچ کو تنظیم کا نیا کمانڈر ان چیف ’منتخب‘ کرنے کا اعلان کیا ہے

    پاکستان کے صوبہ بلوچستان کی حکومت نے عسکریت پسندوں کے متعلق مستند معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے کروڑوں روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔

    صوبائی حکومت کی جانب سے جاری اعلان کے مطابق کالعدم علیحدگی پسند تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (بی اایل اے) کے نو منتخب سربراہ رحمان گل اور بی ایل اے کے سابق سربراہ بشیر زیب کے بارے میں مستند معلومات فراہم کرنے پر 25، 25 کروڑ روپے کا انعام مقرر کیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ دیگر انتہائی مطلوب افراد کے سروں پر پانچ لاکھ روپے سے لے کر کروڑوں روپے تک کے انعام مقرر کیے گئے ہیں۔

    بلوچستان حکومت کے معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی کا کہنا ہے کہ اطلاع فراہم کرنے والوں کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی جبکہ انعامات کی ادائیگی حکومت بلوچستان کے مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ بلوچ لبریشن آرمی نے رحمان گل عرف مرید بلوچ کو تنظیم کا نیا کمانڈر ان چیف ’منتخب‘ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    ان کی تقرری بشیر زیب بلوچ کی جگہ عمل میں آئی ہے جنھیں عہدے سے ہٹائے جانے کے بارے میں نومبر کے اوائل میں شدت پسند تنظیم کی جانب سے بتایا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ نئے کمانڈر ان چیف کے انتخاب تک تمام انتظامی، عسکری اور پالیسی ساز اختیارات باضابطہ طور پر بی ایل اے کے اعلیٰ ترین ادارے سینیئر کمانڈ کونسل کے سپرد کر دیے گئے ہیں۔

    رحمان گل کے انتخاب کے حوالے سے کالعدم تنظیم کے ترجمان کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک مختصر بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ ’وہ تنظیم کے اندر اہم عہدوں کی کمان کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں‘ اور کمانڈر ان چیف کی ذمہ داریاں سنبھالنے سے قبل، بی ایل اے کی سینیئر کمانڈ کونسل کے رکن اور مجید بریگیڈ کے کمانڈر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے تھے۔

    حکومتِ بلوچستان کو مطلوب ’پاکستانی فوج کا حصہ رہنے والے‘ بی ایل اے کے نئے کمانڈر رحمان گل کون ہیں؟ جاننے کے لیے پڑھیے بی بی سی کی مکمل تحریر

  19. بسوں اور ٹرکوں پر سعودی حملے میں 25 افراد ہلاک یا لاپتا ہیں: حوثیوں کا الزام

    یمن کے حوثیوں نے الزام لگایا ہے کہ ملک کے جنوب مغربی حصے میں بسوں اور ٹرکوں پر سعودی عرب کے ایک حملے کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک یا لاپتا ہو گئے ہیں۔

    ایران کی حمایت یافتہ حوثی تحریک سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد کے خلاف برسرِ پیکار ہے، جو بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کی حمایت کرتا ہے۔ یمن کے بعض علاقوں پر حوثیوں کا کنٹرول ہے۔

    بی بی سی فارسی کے مطابق حوثی تحریک سے وابستہ ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ علاقے میں سعودی طیاروں کی مسلسل پروازوں کے سبب امدادی کارروائیوں اور لاپتا افراد کی تلاش میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

    حوثیوں کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے گذشتہ روز اس حملے کی اطلاع دی تھی، تاہم انھوں نے جانی نقصانات کے بارے میں کوئی اعداد و شمار فراہم نہیں کیے تھے۔

  20. قطری وزیرِ اعظم کی امریکی نائب صدر سے ملاقات

    اس سے پہلے بی بی سی نے خبر دی تھی کہ قطر کے وزیرِ اعظم اور امریکہ کے وزیر خارجہ کی واشنگٹن میں ملاقات ہوئی ہے۔

    بی بی سی فارسی کے مطابق اب اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی علیحدہ سے قطر کے وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی سے ملاقات کی ہے۔

    تاہم جے ڈی وینس کے دفتر نے اس ملاقات کی تفصیلات جاری نہیں کیں۔

    گذشتہ ایک ماہ کے دوران قطر، تہران اور واشنگٹن کے درمیان اہم ثالث کے طور پر ابھرا ہے۔ تاہم یہ ملاقاتیں ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب امریکہ اور ایران کے درمیان بالواسطہ مذاکرات تعطل کا شکار ہیں اور اس بات کے بارے میں غیر یقینی صورتحال موجود ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ فوجی کارروائیاں جاری رکھنے یا روکنے کے حوالے سے کیا فیصلہ کریں گے۔

    خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق قطر نے ایک تجویز پیش کی ہے جس کے تحت آبنائے ہرمز میں جہاز رانی میں رکاوٹیں کم کرنے اور ایران کے جوہری پروگرام سمیت وسیع تر مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے بدلے ایران پر عائد پابندیوں میں محدود نرمی کی جائے۔

    امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ قطر کی ثالثی کی کوششوں کو سراہتا ہے۔